کراچی (این این آئی)کراچی کے علاقے ویسٹ، تھانہ اقبال مارکیٹ کی حدود یعقوب آباد میں علاقہ پولیس اور شاہین فورس کا مسلح ملزمان سے مبینہ مقابلہ ہوا، جس کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں ایک ملزم زخمی ہوگیا جبکہ دو ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا۔ ان کا ایک ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔ایس ایس پی ویسٹ طارق الٰہی مستوئی کے مطابق گرفتار ملزمان کی شناخت عاشق خان ولد عباس خان (زخمی) اور ارسلان خان ولد محمد صابر کے نام سے ہوئی ہے۔ پولیس نے ملزمان کے قبضے سے غیر قانونی اسلحہ بمعہ ایمونیشن، چلیدہ خول اور نقدی رقم برآمد کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔پولیس حکام کے مطابق زخمی حالت میں گرفتار ملزم عاشق خان کو طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کیا جا رہا ہے، جبکہ دوسرے ملزم ارسلان خان کو مزید قانونی کارروائی کے لیے تھانے منتقل کردیا گیا ہے۔ایس ایس پی ویسٹ نے کہا کہ گرفتار ملزمان کے خلاف ضابطے کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جا رہی ہے، جبکہ فرار ہونے والے تیسرے ساتھی کی گرفتاری کے لیے تلاش جاری ہے۔ ملزمان کا سابقہ کرمنل ریکارڈ بھی حاصل کیا جا رہا ہے۔
