مظفرآباد(این این آئی)چیف جسٹس آزاد جموں و کشمیر جسٹس راجہ سعید اکرم خان کی ہاؤس آف لارڈز لندن میں بین الاقوامی انسانی حقوق سیمینار میں شرکت، مصنوعی ذہانت کے جنگی استعمال پر مؤثر قانون سازی اور انسانی نگرانی پر زورلندن: چیف جسٹس آزاد جموں و کشمیر جسٹس راجہ سعید اکرم خان نے گزشتہ روز برطانوی پارلیمنٹ کے ایوانِ بالا (ہاؤس آف لارڈز)، لندن میں منعقدہ بین الاقوامی انسانی حقوق سیمینار میں شرکت کی۔ سیمینار کا موضوع ”مصنوعی ذہانت کی جنگیں اور انسانی حقوق” تھا، جس کا اہتمام دی وزڈم ٹرسٹ نے کیا، جبکہ میزبانی لارڈ برینن کے سی نے کی۔ سیمینار میں دنیا کے مختلف ممالک سے تعلق رکھنے والے لارڈز، اراکینِ برطانوی پارلیمنٹ، ممتاز بیرسٹرز، قانونی ماہرین، جامعات کے پروفیسرز، انسانی حقوق کے اسکالرز اور بین الاقوامی تنظیموں کے نمائندگان نے شرکت کی۔ اس موقع پر چیف جسٹس آزاد جموں و کشمیر جسٹس راجہ سعید اکرم خان نے کہا کہ مصنوعی ذہانت نے جنگوں کی نوعیت تبدیل کر دی ہے اور انسانی تاریخ میں پہلی مرتبہ مشینیں یہ فیصلہ کرنے کی صلاحیت حاصل کر رہی ہیں کہ کون زندہ رہے گا اور کون اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھے گا۔ انہوں نے کہا کہ مصنوعی ذہانت کے مثبت اور تعمیری استعمال کے وسیع امکانات موجود ہیں، تاہم اس کے منفی اثرات، بالخصوص جنگی استعمال اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی روک تھام کے لیے مؤثر بین الاقوامی قانون سازی ناگزیر ہے۔ انہوں نے غزہ، یوکرین اور ایران میں جنگی کارروائیوں کے دوران مصنوعی ذہانت کے استعمال کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے اہداف کے تعین اور خودکار ہتھیاروں کا استعمال عام شہریوں، خواتین اور بچوں کی زندگیوں کے لیے سنگین خطرات پیدا کر رہا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ جنگی قوانین کے بنیادی اصول، جن میں امتیاز، تناسب اور جوابدہی شامل ہیں، مصنوعی ذہانت کے غیر ذمہ دارانہ استعمال سے متاثر ہو سکتے ہیں۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ اگر کسی خودکار نظام کے نتیجے میں کسی بے گناہ شہری کی جان چلی جائے تو اس کی ذمہ داری کس پر عائد ہوگی؟
