راولپنڈی(سٹی رپورٹر)سٹی پولیس آفیسر ڈاکٹر سردار غیاث گل خان کی نئی تعیناتی کے باوجود چوری اور ڈکیتی کی وارداتوں کا سلسلہ نہ تھم سکا، شہر کے حساس علاقے لال کرتی سے دن دیہاڑے محمد صدیق قریشی کی 2023 ماڈل اپلائیڈ فار موٹر سائیکل نامعلوم چور لے کر فرار ہوگئے، واردات کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی۔ واقعے نے راولپنڈی پولیس کی جرائم کی روک تھام، مثر گشت اور شہریوں کے جان و مال کے تحفظ سے متعلق حکمت عملی پر سوالات کھڑے کر دیے ہیں۔ نئے پولیس سربراہ کی تعیناتی کے بعد بھی شہریوں کو چوری اور ڈکیتی سے تحفظ نہ ملنا پولیس کے لیے لمحہ فکریہ ہے، ایک جانب جرائم پیشہ عناصر دن دیہاڑے شہریوں کی املاک کو نشانہ بنا رہے ہیں تو دوسری جانب پولیس کی عملی کارکردگی اور جرائم پر قابو پانے کے دعووں کی افادیت پر سوالات اٹھ رہے ہیں۔ شہری حلقوں کا کہنا ہے کہ محض کھلی کچہریوں کے انعقاد، اجلاسوں، احکامات اور اعلی افسران کو کارکردگی کی رپورٹس پیش کرنے سے جرائم کا خاتمہ ممکن نہیں، بلکہ اس کے لیے گلی محلوں میں مثر پولیس گشت، مشکوک عناصر کی نقل و حرکت پر کڑی نظر، جرائم پیشہ افراد کی مثر نگرانی اور وارداتوں میں ملوث ملزمان کی فوری گرفتاری یقینی بنانا ہوگی۔ شہریوں نے نئے سی پی او ڈاکٹر سردار غیاث گل خان سے مطالبہ کیا ہے کہ لال کرتی میں موٹر سائیکل چوری کی واردات کا فوری نوٹس لیتے ہوئے متاثرہ شہری کی درخواست پر قانونی کارروائی، ملزمان کی گرفتاری، موٹر سائیکل کی برآمدگی اور شہر بھر میں چوری و ڈکیتی کی وارداتوں کی روک تھام کے لیے مثر اور نتیجہ خیز اقدامات کیے جائیں۔ واضح رہے کہ متاثرہ شہری محمد صدیق قریشی کی جانب سے موٹر سائیکل چوری کی واردات کے خلاف پولیس کو درخواست دینے کے باوجود تاحال مقدمہ درج نہیں کیا جا سکا۔
