نئی دہلی، ڈھاکہ (نیوز ایجنسیاں ) بھارت میں پناہ لینے والی بنگلادیش کی معزول وزیراعظم شیخ حسینہ واجد نے 16دسمبر کو وطن واپسی کا اعلان کر دیا۔شیخ حسینہ واجد کے ترجمان نے برطانوی خبرایجنسی سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ حسینہ واجد کا 16دسمبر کو بنگلا دیش واپسی کا پروگرام ہے، شیخ حسینہ نے واپسی کے لئے بنگلا دیشی حکومت سے فضائی سفر کا بندوبست کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ترجمان نے مزید بتایا کہ حسینہ واجد کی واپسی ممکن بنانا انہیں غیرآئینی طور پر ملک بدر کرنے والی حکومت کی ہی ذمہ داری ہے۔ رپورٹ کے مطابق بنگلادیشی حکومت نے معاملے پر فوری کوئی ردعمل نہیں دیا۔شیخ حسینہ واجد طلبہ کے حکومت مخالف احتجاج پر اقتدار چھوڑ کر 2024میں بھارت فرار ہوگئی تھیں۔ادھر بنگلہ دیش کے ضلع ناریل میں بنگلہ دیش نیشنلسٹ پارٹی (بی این پی) کے دو کارکنوں کے قتل کے بعد عوامی لیگ کے رہنمائو ں اور کارکنوں کے تقریباً 30مکانات کو آگ لگا دی گئی۔غیرملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ واقعات ضلع ناریل کے علاقے کالیہ کے گائو ں بیندار چار میں پیش آئے، جہاں جمعے توڑ پھوڑ، لوٹ مار اور آتش زنی کا سلسلہ جاری رہاہے ۔اطلاعات کے مطابق 18نومبر کو بی این پی کے ایک جلوس پر حملے میں دو مقامی رہنما شاہین شیخ اور سہیل شیخ ہلاک ہوگئے تھے۔ بی این پی رہنمائوں نے اس حملے کا الزام عوامی لیگ کے کارکنوں پر عائد کیا تھا۔واقعے کے بعد مقتولین کے رشتہ داروں اور حامیوں نے مبینہ طور پر عوامی لیگ سے وابستہ افراد کی املاک کو نشانہ بنایا۔ فائر بریگیڈ کے عملے نے موقع پر پہنچ کر آگ بجھانے کی کوشش کی۔
شیخ حسینہ واجد

