، لاہور(اپنے سٹاف رپورٹر سے) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی کے 8ویں کانووکیشن میں خصوصی شرکت کی ۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی آمد پر طالبات نے مہمان خصوصی کا خیر مقدم کیا اور اکیڈیمک پروسیشن کی صورت میں تقریب میں لایا گیا۔ طالبات نے تالیاں بجا کر مہمان خصوصی وزیراعلیٰ مریم نواز شریف اور دیگر مہمانوں کا خیر مقدم کیا۔ وائس چانسلر ڈاکٹر طیبہ خانم نے اپنے خطاب میں کنونشن میں خوش آمدید کہا۔ پرنسپل فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر عبد الحمید نے ڈاکٹرزسے خدمت کا حلف لیا۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی میں نیا آڈیٹوریم بنانے کا اعلان کیا۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کا ڈاکٹرز کیلئے مراعات اور سہولیات مہیاکرنے کیلئے فوری اقدامات کا اعلان کیا۔ فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی کے 8 ویں کانووکیشن کی تقریب میں اپنے ہیلتھ مشن کا اعلان کیا اور ڈاکٹروں، نرسز اور پیرامیڈیکل سٹاف کو خراج تحسین بھی پیش کیا۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 12 کروڑ عوام کو بہترین علاج کی سہولت فراہم کرنا میراہیلتھ مشن ہے۔بچوں کی کامیابی پر والدین کی خوشی کا تصور کر سکتی ہوں اور خراج تحسین بھی پیش کرتی ہوں۔موقع ملے تو پاکستان کی بیٹیاں دنیا فتح کرنے کی صلاحیت رکھتی ہیں۔کانووکیشن میں شرکت میرے لیے فخر کا لمحہ ہے، بچوں کو گولڈ میڈل ملنے پر خوشی محسوس کررہی ہوں۔پاکستان کی پہلی ویمن میڈیکل یونیورسٹی میں پہلی خاتون وزیراعلیٰ اور پہلی خاتون وائس چانسلر ایک اعزاز ہے۔ فاطمہ میڈیکل یونیورسٹی میں صرف ہمارے بچے نہیں بلکہ دیگر ممالک سے آئے بچے بھی میڈیکل گرایجویشن کررہے ہیں۔ سب لوگ مراعات یافتہ نہیں ہوتے، ہر ایک کیلئے بچوں کی تعلیمی اخراجات پورے کرنا آسان نہیں۔بچیوں کی تعلیم میں معاشی نہیں بلکہ سماجی رکاوٹیں بھی پیش ہوتی ہیں۔کہا جاتا ہے بیٹی ہے شادی ہوجائے گی تو انہوں نے روٹیاں ہی پکانی ہیں۔ روٹیاں پکانے اور گھر کے کام کرنا بھی قابل تحسین ہے، میں بھی گھر کے کام کرتی ہوں۔بچیوں کو کسی کو نہ بتانا پڑے، کیا کرنا اور کیا نہیں کرنا، انہیں اچھے برے کا ادراک خود کرنا ہوگا۔وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہاکہ 51 فیصد ورک فورس اپنا کردار ادا نہیں کرے گی تو ملک کیسے ترقی کرے گا۔ آج بچوں کو حلف لیتے دیکھ کر ہزار دن پہلے مجھے اپنا حلف لینا یاد آگیا۔میڈیکل چھوڑ کر انگلش ادب پڑھا،جلد شادی ہونے کے باوجود تعلیم مکمل کی۔ڈاکٹرز کی طرح میں نے بھی ہر مریض کی جان بچانے کا حلف لیا ہے۔ وزیراعلیٰ ایک اچھے فیصلے کے ساتھ کروڑوں لوگوں کی زندگیوں میں بہتری لا سکتا ہے۔ اللہ نے اختیار دیا تاکہ جان بچانے اور خدمت کیلئے کام آسکیں۔ جس طرح ڈاکٹرز نے انسانی جان بچانے میں تاخیر نہ کرنے کا حلف لیا، میں نے بھی امیر غریب سب کی جان بچانے کا حلف لیا۔ انہوں نے کہا کہ بے وسیلہ اور غریب مریض میرے لیے بہت اہم ہیں۔ گولڈ آورز کا رول دماغ میں اٹک گیا، مریض کو گھر کے قریب علاج نہیں ملتا تو یہ ناکامی ہوگی۔ گھر کے قریب علاج کی سہولت نہ ہونے پر کوئی زندگی خطرے میں پڑنا افسوسناک ہے۔کسی بھی پرائیویٹ ہسپتال سے بہترین کیتھ لیب پنجاب کے ہر ضلع میں موجود ہونگی۔ لیہ، بھکر والوں کو علاج کیلئے لاہور نہیں جانے پڑے گا۔ 10 کروڑ لوگوں نے سرکاری ہسپتالوں میں علاج کرایا یہی 10 کروڑ لوگ ویسٹ کے کسی ملک میں ہوتے تووہ مصیبت میں پڑ جاتے۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ ایک دن میں سینکڑوں مریض دیکھنے والے ڈاکٹرز کو خراج تحسین پیش کرتی ہوں۔ سرگودھا میں سب سے بڑا کارڈیالوجی انسٹیٹیوٹ بنایا اور لاہور میں دنیا کا سب سے بڑا کینسر ہسپتال بنارہے ہیں۔ 80 کی دہائی میں نواز شریف نے پی آئی سی بنایا جو دل کے علاج کیلئے معیار بن چکا ہے۔ دو سال میں جناح انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی بنایاایسے اچھے ڈاکٹرز اور آلات کسی پرائیویٹ ہسپتال کے پاس بھی نہیں ہوں گے۔ بیرون ملک بیٹھے پاکستانی ڈاکٹر ز اب وطن واپس آرہے ہیں۔ نواز شریف کینسر ہسپتال کے ڈین امریکہ سے آئے۔جے آئی سی کے ڈین ڈاکٹر حسنات بھی برطانیہ سے وطن واپس آکر خدمات سرانجام دے رہے ہیں۔ ڈاکٹرز کو جتنی تنخواہ دی جائے کم ہے، 8سے 10 گھنٹے میں جو کام کر جاتے ہیں وہ کوئی نہیں کر سکتا۔ پورے پنجاب میں سٹروک سنٹر بنارہے ہیں، ٹی این کے انجکشن بروقت لگنے سے انسان معذوری اور موت سے بچ جاتا ہے۔ کینسر ہسپتال اب لاہور نہیں بلکہ ملتان میں بھی بن چکا ہے،18 ماہ میں ہر ڈسٹرکٹ میں کینسر ہسپتال ہوگا۔ کینسرکا علاج مہنگا ہی نہیں بلکہ صبر طلب اور مشکل بھی ہے۔انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر بننے والی بیٹیوں پر والدین اور ملک و قوم نے انویسٹ کیا، اب گھر نہیں بیٹھنا سپیشلائزیشن اور سپر سپیشلائزیشن کرنی ہے۔ پنجاب بھر میں نئے میڈیکل سنٹر اور ہسپتال بنارہے ہیں، سپیشلسٹ ڈاکٹرز کی بڑی ضرورت ہے۔ کارڈیک سرجن، نیورالوجسٹ اور دیگر سپیشلسٹ کی پنجاب کو ضرورت ہے۔نوا زشریف میڈیکل ڈسٹرکٹ میں سپر سپیشلسٹ ڈاکٹر درکار ہیں۔ نرسز کیلئے سنٹر آف ایکسی لینس بنارہے ہیں تا کہ پاکستان سمیت دنیا بھر میں اچھی جاب حاصل کرسکیں۔ ڈاکٹر کی حیثیت سے آپ کے آوپر بہت بڑی ذمہ داری عائد ہوتی ہے۔ میرا کام ڈاکٹرز کو جاب کیلئے بہتر ماحول فراہم کرنا ہے جو میں کروں گی۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ آج تک کسی کی سفارش نہیں کی جو اہل ہوگا وہ جاب پائے گا۔ نواز شریف کینسر ہسپتال میں کوئی بھی بھرتی میرٹ کے خلاف نہیں کی گئی۔ جب چارج سنبھالا تو مافیاز تھے، ڈاکٹرز ہڑتالیں کررہے تھے، یہ صورتحال قابل اور پروفیشنل ڈاکٹرز کیلئے بھی قابل قبول نہیں تھی۔ اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے اب وہ حکومت ہے جو ڈاکٹروں کے مسائل کو سمجھتی ہے۔ بچیوں کو آسانی اور اعتماد کے ساتھ سکوٹی چلاتے دیکھ کر بہت خوشی ہوتی ہے، کیونکہ پنجاب اب محفوظ ہے۔ بچی نے تقریب میں ہراسمنٹ پر کارروائی کے بارے میں بتایا تو میرے لیے یہ جذباتی لمحہ تھا۔ بیٹیوں سے کہتی ہوں کہ اگر کوئی ہراسانی یا بلیک میلنگ کا سامنا ہوں تو رپورٹ ضرور کریں۔ ہراسانی کی شکایت کرنے والی بچیوں کی شناخت اور نام خفیہ رکھنا کا سسٹم بنا دیا ہے۔ ہراسانی کا شکار بیٹیاں اور خواتین،والدین، بھائیوں اور شوہر کو بھی بتاتے ہوئے ڈرتی ہیں۔والدین، شوہر اور بھائیوں سے کہتی ہوں کہ اگر کوئی بیٹی، بیوی یا بہن شکایت لیکر آئے تو رپورٹ ضرور کریں۔کالج، یونیورسٹیوں، پبلک ٹرانسپورٹ اور عوامی مقامات پر پینک بٹن لگارہے ہیں۔ موبائل کو ہلکا سا ہلانے سے بھی موبائل ایپ سے منسلک پولیس اہلکار پہنچ جائیں گے۔وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ خواتین صلاحیتوں میں کسی سے کم نہیں، آگے بڑھنے کا پلیٹ فارم مہیا کررہے ہیں۔ خود مختار اور بااختیار عورت دوسری عورتوں کو بااختیار نہیں بنائے گی تو بات نہیں بنے گی۔ ملک نے ہمیں بہت کچھ دیا اب ملک کو لوٹانے کا وقت آگیا ہے۔ ملک محض زمین کا ٹکڑا نہیں بلکہ ہم سب بزعم خود ملک ہیں۔
دریں اثناء وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف کی زیر صدارت صوبائی کابینہ کا 38 واں اجلاس منعقد ہوا۔صوبائی کابینہ کے اجلاس میں وزیراعلیٰ مریم نوا زشریف کو صوبے کے مختلف شہروں میں کامیاب دوروں پر خراج تحسین پیش کیاگیا۔صوبائی کابینہ نے وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کے دوروں کے دوران عوام کے پرجوش رد عمل کو بھی سراہا۔وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے پنجاب میں پانچ ہزار الیکٹروبسیں چلانے کے عزم کا اعادہ کیا۔وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے صوبائی وزیر خوراک سلمیٰ بٹ کو آٹے کے نرخ میں کمی کا ٹارگٹ دے دیا۔وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عوام کی خدمت کے پراجیکٹس میں کامیابیوں پر اللہ تعالیٰ کا شکر بجالاتے ہیں۔ گزشتہ دور حکومت کا موازنہ کرے تو عوام گھر سے نکلنے کے قابل بھی نہیں تھے۔مالی مشکلات کا شکار لوگوں کیلئے بنیادی ضروریات زندگی کو پورا کرنا بھی کاردشوار ہے۔ڈھائی لاکھ گھر بنانے کے خواب کو اللہ تعالیٰ نے تعبیر دی۔ انہوں نے کہا کہ پرویز ملک مرحوم کے حلقے میں شکست کے خوف سے امیدوار دستبردار کرالیا گیا۔ ہم ڈھائی سال بعد سڑکوں پر نکلے تو لوگوں نے پھول برسائے۔ راولپنڈی میں لوگ اظہار تشکر کرتے ہوئے،قرآن پاک کا تحفہ پیش کرتے رہے۔ خدمت کے مشن کو قبول کرنے اور پذیرائی بخشنے پر عوام کو کریڈٹ دیں گے۔ وزیراعلیٰ مریم نوا زشریف نے کہا کہ کامیابیوں کا کریڈٹ صرف میرا نہیں، ہر منسٹر، ایڈوائزر اور معاون خصوصی کا بھی ہے۔ میں کامیابی تب سمجھتی ہوں جب ہر آنے والا دن پہلے سے بہترہو۔ سکھ یاتریوں کا پنجاب آمد پر دل کی اتھاہ گہرایوں سے خوش آمدید اور جی آیاں نوں کہتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ سامان سر پر اٹھائے سکھ بھائی دیکھ کر فوراً ٹرالی فراہم کرنے کی ہدایت کی۔ٹوٹی پھوٹی سڑکیں مجھے نظر آتی ہیں، تو محکمے کیوں نہیں دیکھتے، خود بخود مرمت کیوں نہیں کی جاتی؟۔وزیراعلیٰ مریم نوا زشریف نے اجلاس میں ارکان اسمبلی سے ملاقات میں منظورشدہ پراجیکٹ پرفوری کام شروع کرنے کا حکم دیا ہے۔ منشاء اللہ بٹ نے کہا کہ خلق خدا کی آواز،نقارہ خدا ہے جو نقارہ خدا کو نہیں سمجھتے انہیں اللہ تعالیٰ انہیں عقل دے۔مجتبیٰ شجاع الرحمن نے کہا کہ 40 سال کے بعد راولپنڈی میں ایسا عوامی اجتماع دیکھنے کو آیا۔ رمیش سنگھ اڑوڑا نے کہا کہ ننکانہ صاحب میں سکھ یاتریوں نے باباگورونانک کے جنم دن پر مٹھائی بھجنے پر وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کا شکریہ ادا کیا۔ پنجاب میں پہلی مرتبہ پولیس کو اے آئی ٹیکنالوجی بیسڈ الیکٹرک گاڑیاں ملے گی۔وزیراعلیٰ مریم نوا زشریف نے 50اے آئی بیسڈ الیکٹرک گاڑیاں پولیس کو دینے کی منظوری دے دی۔محکمہ جیل خانہ جات پنجاب میں 3080آسامیوں پر بھرتی کی منظوری دی دے۔چائلڈ پروٹیکشن اینڈ ویلفیئر بیورو پنجاب کی مختلف آسامیوں پر بھرتی کی منظوری دی گئی۔مری پولیس کیلئے 10 نئی آپریشنل گاڑیوں کی خریداری کی منظوری دی گئی۔وزیراعلیٰ مریم نوا زشریف کی ہدایت پر ٹوٹے پھوٹے بس سٹینڈ کی فوری ریپئر کے لئے فنڈز کی منظوری بھی دی گئی۔ ڈیرہ غازی خان کے لئے 62ڈویلپمنٹ پراجیکٹس سالانہ ترقیاتی پروگرام میں شامل کرنے کی منظوری دی گئی۔اوکاڑہ کے دوپراجیکٹ سالانہ ترقیاتی پروگرام میں شامل ہیں۔ضلع مظفر گڑھ کے 27 پروگرام سالانہ ترقیاتی پروگرام میں شامل کرنے کی منظوری دی گئی۔ ڈیرہ غازی خان، بہاولنگر،ضلع ملتان،ضلع سرگودھا،ضلع ڈیرہ غازی خان کے عوامی نمائندوں کی وزیراعلیٰ سے ملاقات سے متعلق امور کی منظوری دی گئی۔ ضلع اوکاڑہ، ضلع وہاڑی، ضلع چنیوٹ، ساہیوال کے عوامی نمائندوں کی سے ملاقات سے متعلق امور کی منظوری بھی دی گئی۔کابینہ کی قائمہ کمیٹی برائے غذائی تحفظ (SCCFS) کی ازسرِنو تشکیل کی منظوری دی گئی۔ وزیراعلیٰ پنجاب کا ڈیری سپلائی چین منصوبہ کی منظوری دی گئی۔کامران بارہ دری لاہور کا بحالی پراجیکٹ پارکس اینڈ ہارٹیکلچر اتھارٹی لاہور سے آثارِ قدیمہ پنجاب کو منتقل کرنے کی منظوری بھی دی گئی۔راولپنڈی کے قدیم شہر کی تاریخی عمارتوں اور بازاروں کو محفوظ ورثہ قرار دینے کی منظوری دی گئی۔ کنیئرڈ کالج برائے خواتین لاہور کی طالبات کے لیے 450 لیپ ٹاپس کی فراہمی کی منظوری دی گئی۔ کامن فیسیلٹی سینٹر فنانسنگ پراجیکٹ کے تحت اخراجات کی واپسی کے طریقہ کار کی منظوری بھی دی گئی۔مری میں پنجاب ہاؤس کی تعمیرِ نو و تزئین و آرائش اور اضافی نئے بلاکس کی منظوری دی گئی۔ منڈی ٹاؤن بھکر میں ٹی ڈی اے کوارٹرز کی الاٹمنٹس کے تصفیے اور مستقل کرنے کے لیے پالیسی فریم ورک کی منظوری بھی دی گئی۔ پنجاب کاؤنٹر نارکوٹکس فورس کے ڈائریکٹر جنرل کی تعیناتی کے قواعد و ضوابط اور شرائط کی منظوری دی گئی۔ پنجاب قرآن بورڈ کے اسپیشل سیل میں ڈائریکٹر جنرل (بی ایس 20) اور دیگر آسامیوں پر بھرتی پر پابندی میں نرمی اور اجازت کی منظوری بھی دی گئی۔مختلف مدات میں مزید فنڈز مختص کرنے کی منظوری دی گئی۔ پنجاب جوڈیشل اکیڈمی لاہور کے لیے 50 کروڑ روپے کی گرانٹ ان ایڈ کی منظوری بھی دی گئی۔محکمہ آبی زراعت و ماہی پروری کے لیے ٹرانسپورٹ کی خریداری کی منظوری دی گئی۔محفوظ جیلیں پنجاب منصوبے کے لیے اضافی فنڈز کی فراہمی کی منظوری دی گئی۔ ملتان ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے سالانہ بجٹ تخمینے کی منظوری دی گئی۔مالی سال 2026ـ27 کے دوران پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف نیورو سائنسز کے لیے 5 ارب روپے کے اضافی فنڈز کی فراہمی کی منظوری بھی دی گئی۔ پولیو کے خاتمے کے پروگرام کے لیے بیرونی قرضوں کی ادائیگی میں صوبائی حصے کی واپسی سے متعلق منظوری دی گئی۔ سیلاب سے متاثرہ بنیادی ڈھانچے کی ہنگامی بحالی، نہروں کی بھل صفائی اور لفٹ ایریگیشن اسکیموں کو فعال رکھنے کے لیے 9 ارب روپے کی ضمنی گرانٹ فراہم کرنے کی منظوری بھی گئی۔ عدلیہ کی نئی ترقیاتی اسکیموں کی شمولیت اور ضمنی گرانٹ کے ذریعے فنڈز مختص کرنے کی منظوری بھی دی گئی۔ ”پنجاب ٹیکسٹائل کمپلائنس اینڈ سرٹیفکیشن پروگرام” کے تحت سرٹیفکیشن سبسڈی کے طریقہ کار کی منظوری دی گئی۔ کمالیہ اور جھنگ کی لیبر کالونیوں کی مرمت و بحالی کی منظوری دی گئی۔ سالانہ ترقیاتی پروگرام2026ـ27 میں ضلع راولپنڈی کی سڑکوں سے متعلق ترقیاتی اسکیم کے نام (نومینکلیچر) میں تبدیلی کی منظوری بھی دی گئی۔ سالانہ ترقیاتی پروگرام2026ـ27 میں ”ضلعی لیبر دفاتر کی عمارتوں کی تزئین و آرائش” کے منصوبے میں تصحیح کی منظوری دی گئی۔ پنجاب ویمن ہاسٹلز اتھارٹی ایکٹ 2023 کے تحت پنجاب ویمن ہاسٹلز اتھارٹی رولز 2026 کی منظوری بھی دی گئی۔ ضلع خوشاب کے علاقے داؤال میں نئے سیمنٹ پلانٹ کے قیام کے لیے این او سی کے اجرائ کی منظوری بھی دی گئی۔”مصنوعات اور خام مال کی جانچ کے لیے سبسڈی پروگرام” کے تحت سبسڈی کے حصے کی منظوری سالانہ ترقیاتی پروگرام کی منظوری بھی دی گئی۔کاروبار میں آسانی کے اقدامات کے تحت پنجاب موٹر وہیکل ٹرانزیکشنز لائسنس رولز 2015 میں ترمیم کی منظوری دی گئی۔مجوزہ الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (ای پی آر اے) پنجاب بل 2026 کی منظوری دی گئی۔ پنجاب پولیس کے ڈپٹی سپرنٹنڈنٹس اور سپرنٹنڈنٹس (ترقی کے ذریعے تقرری) سروس رولز 2020 میں ترامیم کی منظوری دی گئی۔ پولیس اسٹیشن ریکارڈ مینجمنٹ سسٹم (پی ایس آر ایم ایس) کے ذریعے ایف آئی آر کی پرنٹنگ سے متعلق پنجاب پولیس رولز 1934 میں ترمیم کی منظوری بھی دی گئی۔ممنوعہ علاقوں میں سیمنٹ پلانٹس کے قیام اور موجودہ پلانٹس کی توسیع پر عائد پابندیوں کا جائزہ، وزیراعلیٰ مریم نوا زشریف نے ایک ہفتے کے اندر فیصلہ کرنے کا حکم دے دیا۔ قائداعظم بزنس پارک شیخوپورہ میں مزید 200 ایکڑ اراضی اضافے کے ذریعے توسیع کی منظوری دی گئی۔ محکمہ قانون کے مینوئل میں ترامیم کی منظوری دی گئی۔ پنجاب جوڈیشل اکیڈمی ایکٹ 2007 کی دفعہ 9 میں ترمیم کی منظوری دی گئی۔ محکمہ اوقاف کے ملازمین کے سروس رولز میں ترامیم کی منظوری دی گئی۔پھاٹا لینڈ یوز رولز 2017 میں مجوزہ ترامیم اور ملکیتی حقوق کے حامل کمرشل عمارتوں اور جائیدادوں کی غیر مجاز ذیلی تقسیم پر کنورڑن فیس کی وصولی کا معاملہ تین ماہ کیلئے عارضی اجازت دے دی گئی۔ایل ڈی اے لینڈ یوز رولز 2020 کے قاعدہ 30 میں مجوزہ ترمیم کی منظوری دی گئی۔قبل ازیں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ خواتین میری ریڈ لائن ہیں تشدد یا ظلم قطعاً برداشت نہیں۔ ماؤں،بہنوں، بیٹیوں کی عزت معاشرتی روایات اور مذہبی اقدار ہیں۔ دین اسلام میں پہلی مرتبہ عورت کو مکمل عزت و احترام اور حقوق دینے کے احکامات دئیے گئے۔بیٹیوں اور بہنوں سمیت خواتین کی عزت و احترام نبی کریمۖ کی سنت ہے۔قرآن وسنت میں عورت پر ہاتھ اٹھانے سے نہ صرف منع کیا گیا بلکہ نرمی برتنے کا بھی حکم دیا گیا۔ خواتین کے خلاف تشدد کے خاتمہ کے عالمی دن پراپنے پیغام میں وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ خواتین پر تشدد کرنے والے بزدل اورمجرم ہیں، آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔ خواتین کا تحفظ حکومت پنجاب کی اولین ترجیح ہے۔ پنجاب کو پہلی بار ورچوئل وویمن پولیس اسٹیشن قائم کرنے کا اعزاز حاصل ہے۔ مشکل کا شکار خواتین شکایات ورچوئل پولیس اسٹیشن درج کرا سکتی ہیں۔ خواتین کسی ہنگامی صورتحال میں پینک بٹن سے فوری پولیس ہیلپ حاصل کر سکتی ہیں۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ خواتین کے لیے پولیس وویمن ہیلپ لائن بھی مکمل فعال ہے۔ خواتین سے متعلق کیس کے جلد فیصلے کے لئے سپیڈی کورٹس کے قیام کے لئے اقدامات کررہے ہیں۔حکومت پنجاب خواتین کے تحفظ اور حقوق کی پاسداری کے لیے پر عزم ہے۔ خواتین کے لئے تشدد سے پاک، محفوظ اور مساوی معاشرہ ترقی کی ضمانت ہے۔علاوہ ازیں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف نے پہلے پاکستانی کی خلائی مشن پر روانگی پر اظہار تشکر کیا اور خلاباز ذیشان علی اور پوری قوم کو مبارکباد دی۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ ذیشان علی کی خلائی مشن پر روانگی دراصل نئے دور کا آغاز ہے۔ ذیشان علی کی خلا میں روانگی سے شروع ہونے والا بلندیوں کاسفر اب نہیں رکے گا۔
مریم نواز
