لاہور (نیوز ایجنسیاں) صوبائی دارالحکومت میں فضائی آلودگی کی شرح بدستور بلند، شہر کا اوسط ایئر کوالٹی انڈیکس 330 ریکارڈ کیا گیا، جبکہ دنیا کے آلودہ ترین شہروں کی فہرست میں لاہور پہلے نمبر پر جبکہ پاکستان میں گوجرانوالہ سرفہرست ہے۔تفصیل کے مطابق گوجرانوالہ کا ایئر کوالٹی انڈیکس 417 ریکارڈ کیا گیا، جبکہ لاہور ملک بھر میں دوسرے نمبر پر ہے، لاہور کے مختلف علاقوں میں علامہ اقبال ٹائو ن 392 اے کیو آئی کے ساتھ سب سے زیادہ آلودہ علاقہ رہا، برکی روڈ میں 330، ماڈل ٹان میں 314 جبکہ کینٹ کے علاقے میں اے کیو آئی 312 ریکارڈ کیا گیا۔دوسری جانب شہر کا موسم خشک اور سرد ہے، موجودہ درجہ حرارت 14 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق کم سے کم درجہ حرارت 12 جبکہ زیادہ سے زیادہ 26 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہنے کا امکان ہے۔شہر میں ہوا کی رفتار 5 کلومیٹر فی گھنٹہ جبکہ نمی کا تناسب 80 فیصد ریکارڈ کیا گیا ہے، محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران موسم خشک اور سرد رہنے کا امکان ہے۔ ادھر پنجاب اور خیبرپختونخوا کے میدانی علاقوں میں دھند کے ڈیرے ہونے کی وجہ سے موٹر وے ایم ون پشاور سے رشکئی تک بند کردی گئی۔موٹروے ایم 4 پر فیصل آباد سے پنڈی بھٹیاں تک ٹریفک کا داخلہ ممنوع قرار دے دیا گیا، قومی شاہراں پر بھی حد نگاہ کم ہوگئی، ٹریفک کی روانی متاثر ہوگئی۔ترجمان موٹر وے پولیس کا کہنا ہے موٹرویز کی بندش عوام کی جان و مال کے تحفظ کے لئے ہے، شہری دھند میں غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔
آلودہ شہر
