لاہور(کورٹ رپورٹر) لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس طارق سلیم شیخ نے کم عمر لڑکیوں کو دارالامان
بھجوانے کے مجسٹریٹ کے احکامات کالعدم قرار دیتے ہوئے قرار دیا ہے کہ ضابطہ فوجداری کی دفعہ 164 کے تحت بیان ریکارڈ کرنے والا مجسٹریٹ لڑکیوں کی تحویل کا فیصلہ نہیں کر سکتا، عدالت نے دونوں لڑکیوں کو دو روز میں سیشن جج ملتان کے روبرو پیش کرنے کا حکم دے دیا، فیصلے کے مطابق مجسٹریٹ نے لڑکیوں کے والدین کی جانب سے ب فارم پیش کئے جانے پر انہیں نابالغ قرار دیا اور مزید عدالتی احکامات یا قانونی عمر کو پہنچنے تک دارالامان میں رکھنے کا حکم دیا تاہم مجسٹریٹ کو لڑکیوں کو دارالامان میں رکھنے کا قانونی اختیار حاصل نہیں تھا، عدالت نے قرار دیا کہ کم عمر لڑکیوں کو غیر معینہ مدت تک دارالامان میں رکھنا ان کی آزادی محدود کرنے کے مترادف ہے، پنجاب چائلڈ میرج ریسٹرینٹ ایکٹ 2026 کے تحت 18 سال سے کم عمر لڑکی سے ازدواجی تعلق قائم کرنا بچوں سے زیادتی کے زمرے میں آتا ہے اور کم عمری میں ازدواجی تعلق قائم کرنے پر پانچ سے سات سال قید کی سزا مقرر ہے،فیصلے میں قرار دیا گیا کہ کم عمر لڑکی کی رضامندی بھی 18 سال سے پہلے ازدواجی تعلق قائم کرنے کی قانونی ممانعت ختم نہیں کرتی۔ شادی کا دعوی کرنے والا شخص محض شوہر ہونے کی بنیاد پر کم عمر لڑکی کی تحویل کا حق دار نہیں، عدالت نے سیشن جج ملتان کو ہدایت کی کہ دونوں لڑکیوں کی عمروں، تحفظ اور رہائش کے متبادل انتظامات سے متعلق الگ الگ رپورٹ پیش کی جائے، عدالت نے دونوں لڑکیوں کو آئندہ سماعت تک عارضی طور پر دارالامان میں رکھنے کا حکم بھی دیا۔
