اسلام آباد (نامہ نگار خصوصی) سرکاری دستاویزات کے مطابق امان اللہ ولد محمد یونس، شناختی کارڈ نمبر 42301ـ8671001ـ5، کو نادرا اور سپیشل برانچ کی تصدیق کے بعد غیر ملکی شہری قرار دیا گیا اور اس کا پاکستانی شناختی کارڈ منسوخ کر دیا گیا۔ یہ وہی امان اللہ ہے جس کی اسلام آباد میں جائیدادیں ہیں جن میں گلبرگ گرینز کا مکان نمبر 318 اور سیکٹر جیـ6/4 کا 1200 مربع گز کا مکان نمبر 7 شامل ہیں، اور یہی وہ جائیدادیں ہیں جو مولانا فضل الرحمن کے استعمال میں رہتی ہیں۔ ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ اسلام آباد نے 25 نومبر کو باقاعدہ حکم جاری کر کے ان جائیدادوں کی چھان بین اور غیر قانونی حصول کی صورت میں قانونی کارروائی کا حکم دیا ہے۔ اصل سوال یہ ہے کہ ایک غیر ملکی شہری، جس کا شناختی کارڈ ہی جعلی بنیادوں پر بنا ہو، پاکستان میں اربوں روپے کی جائیدادیں کیسے خریدتا رہا؟ فارنرز ایکٹ 1946 کے تحت کوئی غیر ملکی حکومت کی پیشگی تحریری اجازت کے بغیر پاکستان میں زمین یا جائیداد نہیں خرید سکتا۔ لیکن یہاں قانون کو روندا گیا، جعلی شناختی کارڈ بنوایا گیا، اور پھر اسی جعلی شناخت کی آڑ میں جائیدادیں اپنے نام کروائی گئیں۔ یہ صرف قانون کی خلاف ورزی نہیں، یہ ریاست کے ساتھ کھلا فراڈ ہے، نادرا کے نظام کے ساتھ دھوکہ ہے، اور پاکستان کی خودمختاری کے ساتھ مذاق ہے اور یہ فراڈ کسی عام آدمی کا نہیں، یہ مولانا فضل الرحمان کے فرنٹ مین کا فراڈ ہے۔ امان اللہ وہ شخص ہے جسے پورے پاکستان میں اور اس سے باہر بھی جائیدادیں خریدنے کیلئے استعمال کیا جاتا ہے۔ نام کسی اور کا، پیسہ کسی اور کا، اور استعمال کسی اور کا۔ یہی وہ طریقہ ہے جس سے بے نامی جائیدادیں بنائی جاتی ہیں، اثاثے چھپائے جاتے ہیں، اور احتساب سے بچا جاتا ہے۔ جو شخص خود کو دین کا محافظ کہتا ہے، وہ اپنے اثاثے چھپانے کے لیے ایک غیر ملکی فرنٹ مین کا سہارا کیوں لیتا ہے؟ جس کی سیاست صاف ہے، اسے جعلی شناختی کارڈ والے فرنٹ مین کی کیا ضرورت ہے؟ یہی وہ دوغلا پن ہے جو جے یو آئی کے پورے کردار کو بے نقاب کرتا ہے۔ ایک طرف مدارس ہیں، جہاں بچوں کو سچائی، امانت، دیانت اور حلال و حرام کا درس دیا جاتا ہے۔ دوسری طرف امان اللہ ہے، جہاں جھوٹ، فراڈ، جعلی سازی اور بے نامی کا عملی نصاب پڑھایا جاتا ہے۔ ایک طرف منبر پر تقریریں ہیں کہ چوروں کا احتساب ہونا چاہیے، دوسری طرف خود جعلی شناختی کارڈ اور غیر قانونی جائیدادوں کا نیٹ ورک چل رہا ہے۔ یہ مذہب نہیں، یہ مذہب کی آڑ میں کاروبار ہے۔ یہ دین کی خدمت نہیں، یہ دین کو ڈھال بنا کر مال بنانے کی سیاست ہے۔ قانونی پہلو سے یہ معاملہ انتہائی سنگین ہے۔ جعلی شناختی کارڈ بنوانا، غیر ملکی ہو کر پاکستانی شہری ظاہر کرنا، بغیر اجازت جائیدادیں خریدنا، بے نامی اثاثے رکھنا، یہ سب الگ الگ جرائم ہیں، اور ہر جرم پر الگ سزا بنتی ہے۔ اور اخلاقی پہلو اس سے بھی زیادہ شرمناک ہے۔ ایک نام نہاد مذہبی رہنما جو روز ریاست کو بدعنوانی کے طعنے دیتا ہے، وہ خود اسی بدعنوانی کا سب سے بڑا کردار نکلا۔ جو شخص دوسروں کے کردار پر فتوے لگاتا ہے، اس کا اپنا کردار جعلی شناختی کارڈ، جعلی شہریت اور جعلی ملکیت کے گرد گھوم رہا ہے۔ اب سوال یہ ہے کہ اگر ایک غیر ملکی کا شناختی کارڈ منسوخ ہو چکا ہے تو اس کے نام پر موجود تمام جائیدادیں کس کی ہیں؟ ان جائیدادوں کا پیسہ کہاں سے آیا؟ ان میں کون رہتا ہے، کون استعمال کرتا ہے، اور اصل مالک کون ہے؟ گلبرگ گرینز ہو یا جیـ6/4، لاہور ہو یا کراچی، ہر جائیداد کا حساب ہونا چاہیے۔ کیونکہ یہ صرف امان اللہ کا فراڈ نہیں، یہ اس نظام کا فراڈ ہے جس میں ایک مذہبی جماعت نے مدارس کو تقدس کا لبادہ اور فرنٹ مینوں کو دولت چھپانے کا ذریعہ بنا رکھا ہے۔ اب سمجھ آیا کہ مولانا فضل الرحمان کو افغانوں سے اتنی محبت کیوں ہے۔ یہ محبت کسی دینی ہمدردی یا انسانی درد کی وجہ سے نہیں تھی، یہ محبت اپنے کاروبار کی وجہ سے تھی۔ کیونکہ جس امان اللہ کے نام پر اسلام آباد کی قیمتی جائیدادیں بنائی گئیں، وہی امان اللہ افغان نکلا۔ جس کا شناختی کارڈ منسوخ ہوا، وہی شخص مولانا کے گھروں کا مالک بنا ہوا تھا۔ یعنی محبت افغان قوم سے نہیں تھی، محبت اپنے فرنٹ مین سے تھی، اپنے بے نامی اثاثوں سے تھی، اپنے چھپے ہوئے مال سے تھی۔ اور یہ تو صرف ایک نام سامنے آیا ہے۔ اصل کہانی ابھی باقی ہے۔ مشتبہ نیٹ ورک کے باقی فرنٹ مین بھی اسی سلسلے کی کڑیاں ہیں، اور اطلاعات کے مطابق یہ پورا نیٹ ورک افغان افراد پر مشتمل ہے۔ ایک کے بعد ایک نام سامنے آئے گا، ایک کے بعد ایک جائیداد کھلے گی، ایک کے بعد ایک شہر کا راز فاش ہوگا۔ مولانا نے افغان محبت کے نام پر جو پردہ ڈال رکھا تھا، وہ اب پھٹنے لگا ہے۔ مزید تفصیلات آ رہی ہیں، اور جب وہ آئیں گی تو سب کو پتا چلے گا کہ یہ محبت نہیں تھی، یہ ایک منظم فراڈ کا نیٹ ورک تھا۔
