دیر بالا: وزیراعظم نواز شریف کا کہنا ہے کہ عمران خان صبح اٹھتے ہی استعفے کی بھیک مانگتے ہیں جب کہ ہمارا احتساب نہیں استحصال ہورہا ہے میرے صبر کا امتحان نہ لیا جائے۔لواری ٹنل کے افتتاح کے موقع پر دیر بالا میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نواز شریف کا کہنا تھا کہ لواری ٹنل کی تکمیل پر دیر بالا و چترال کے عوام کو مبارک باد دیتا ہوں، ترقی کے دشمن 2002 سے 2013 سمیت تمام انتخابات میں مسترد شدہ ہیں جب کہ ملک و عوام کو ترقی سے محروم رکھنے والے سیاست کے قابل نہیں ہے۔وزیر اعظم نے کہا کہ جے آئی ٹی کے ممبران فرشتوں کی طرح صادق اورامین بنے بیٹھے ہیں، جے آئی ٹی اورپی ٹی آئی کا احتساب کوئی نہیں مانے گا، اس نوازشریف کے احتساب کی باتیں ہورہی ہیں جو اندھیرے ختم کررہاہے، ہمارا احتساب نہیں استحصال ہورہا ہے، مجھے سب سے زیادہ اپنی عزت پیاری ہے، اب یہ تماشا بند ہوجانا چاہیے، میرے صبر کا امتحان نہ لیاجائے، ہر روز صبح اٹھ کر استعفے کی بھیک مانگنے والوں شرم کرو، کیا ہم تمہارے ووٹوں سے اقتدار میں آئےہیں، کیا میں نے ٹمبر اور سنگ مرمر کے ٹھیکے لیے ہیں۔عمران خان کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے وزیر اعظم نے مزید کہا کہ نیا پاکستان کانعرہ لگانے والوں نے کچھ نہیں کیا، ہم نے ان سے کہا کہ نیا پاکستان چھوڑو، نیاخیبر پختونخوا ہی بنالو مگر وہ یہ بھی نہ کرسکے، نیا پختونخوابھی ہم ہی بنا رہےہیں، بجلی کے منصوبے بھی ہم بنا رہے ہیں اور،چترال میں خواتین یونیورسٹی بھی ہم بنائیں گے، ہمیں چترال کو کراچی، لاہوراور اسلام آباد کے برابر لانا ہے۔