لاہور ( این این آئی) صوبائی وزیر قانون و پارلیمانی امور رانا ثناءاللہ خاں نے کہا ہے کہ عائشہ گلا لئی کی باتیں ہزار فیصد درست ہیں ، ریحام خان کے ساتھ شادی بھی ایسا ہی سلسلہ تھا ، عمران خان ان الزامات سے بھاگ نہیں سکتے ، لندن میں بھی ایک ایسی لڑکی ہے جس کا معاملہ جلد سامنے آنے والا ہے ۔ گفتگو کرتے ہوئے رانا ثناءاللہ نے کہا کہ اخلاقی بے راہ روی کا معالہ پرانا ہے ، عائشہ گلالئی نے جو باتیں کیں وہ ہزار فیصد درست ہیں،دھرنا ون اور کنٹینر کے دنوں سے ایسی باتیں سنتے آرہے ہیں ، عمران خان کوتحقیقات کے لئے اپنا بلیک بیری پیش کرنا ہو گا ۔ انہوں نے کہا کہ ریحام خان کے ساتھ شادی بھی ایسا ہی سلسلہ تھا،لندن میں بھی ایک ایسی لڑکی ہے جس کا معاملہ جلد سامنے آنے والا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ورلڈ الیون کے دورہ پاکستان کے حوالے سے اہم اجلاس آج ہو گاجس میں پی سی بی کے عہدیدار اور پنجاب حکومت کے نمائندے شریک ہونگے، اجلاس میں پی سی بی اپنا پروگرام بتائے گااور اجلاس میں میچز کے حوالے سے فیصلہ کیا جائے گا۔ رانا ثناءاللہ نے کہا کہ ہماری بھی خواہش اور کوشش ہے کہ ورلڈ الیون کا دورہ ہو، وزیر اعلی پنجاب شہباز شریف کی ہدایت ہے کہ سیریز کو ممکن بنایا جائے۔