لاہور (صباح نیوز) سابق وزیراعظم محمد خان جونیجو کے صاحبزادے اسد جونیجو نے رائیونڈ جاتی امرا میں سابق وزیراعظم میاں محمد نوازشریف سے ملاقات کی اور مسلم لیگ (ن) میں شمولیت کا اعلان کر دیا، اس دوران سابق وزیراعظم میاں محمد نوازشریف نے کہا کہ (ن) لیگ 2018ءکے انتخابات میں سندھ میں بڑی کامیابی حاصل کرے گی، جلد سندھ کا دورہ کروں گا اس حوالے سے پارٹی تنظیموں کو متحرک ہونے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں، سندھ پاکستان کی دیگر اکائیوں کی طرح بہت عزیز ہے، سندھ صوفیوں اور قلندروں کی سرزمین ہے جب بھی گیا عوام نے بہت پیار دیا ہے۔ اسد جونیجو کی نوازشریف سے ملاقات کے موقع پر وزیراعلیٰ پنجاب میاں محمد شہباز شریف، گورنر سندھ محمد زبیر، وفاقی وزیر برائے ریلوے خواجہ محمد سعد رفیق اور سینیٹر آصف کرمانی بھی موجود تھے۔ اسد جونیجو نے میاں نوازشریف کو سندھ کی سیاسی صورتحال سے آگاہ کیا اور بتایا کہ سندھ میں مسلم لیگ (ن) کے لئے بہت سے مواقع ہیں اور لوگ نوازشریف کے منتظر ہیں۔ اسد خان جونیجو کا کہنا تھا کہ سندھ کے شہری علاقوں میں بھی مسلم لیگ (ن) کے لئے بہترین مواقع موجود ہیں لیکن ماضی میں وہاں پر توجہ نہیں دی گئی۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کا استحکام (ن) لیگ کے استحکام سے وابستہ ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ نوازشریف ہی پاکستان کی ترقی، خوشحالی اور سالمیت کے ضامن ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ سندھ کے عوام مسائل کے حل کے لئے نوازشریف کی جانب دیکھ رہے ہیں۔ اسد جونیجو نے میاں نوازشریف کو دورہ سندھ کی دعوت بھی دی جسے میاں نوازشریف نے قبول کر لیا۔ نوازشریف کا کہنا تھا کہ وہ جلد سندھ کا دورہ کریں گے اس حوالے سے پارٹی تنظیموں کو متحرک ہونے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔ نواز شریف کا کہنا تھا کہ انہوں نے سندھ میں پارٹی کی شہری تنظیموں کو بھی کہا ہے کہ وہ وہاں متحرک ہوں اور آنے والے انتخابات میں مسلم لیگ (ن) سندھ میں بھرپور کردار ادا کرے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ سندھ پاکستان کی دیگر اکائیوں کی طرح بہت عزیز ہے۔ سندھ صوفیوں اور قلندروں کی سرزمین ہے جب بھی سندھ گیا عوام نے بہت پیار دیا ہے۔ (ن) لیگ 2018ءکے انتخابات میں سندھ میں بڑی کامیابی حاصل کرے گی۔ میاں نوازشریف سابق وزیراعظم محمد خان جونیجو کی سیاسی خدمات کو بھی سراہا۔ سابق وزیراعظم نوازشریف کی صدارت جاتی امرا میں مشاورتی اجلاس ہوا۔ اجلاس میں وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف، گورنر سندھ محمد زبیر، خواجہ سعد رفیق، پرویز رشید، پرویز ملک اور عمران نذیر شریک تھے جبکہ اجلاس میں حلقہ این اے 120 میں آنے والے صوبائی اسمبلی کے حلقوں کے ایم پی ایز بھی موجود تھے۔ اجلاس میں کلثوم نواز کی بیماری کے باعث خود انتخابی مہم میں شریک نہ ہونے پر مہم چلانے کی حکمت عملی طے کی گئی۔ واضح رہے کہ این اے 120 کے ضمنی انتخاب میں بیگم کلثوم نواز مسلم لیگ (ن) کی امیدوار ہیں تاہم علاج کے لیے لندن میں موجود ہونے کی وجہ سے وہ خود مہم نہیں چلا سکیں گی۔






































