اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) چیئرمین نیب آج پاکستان پہنچ جائینگے، آتے ہی نواز خاندان کےخلاف ریفرنسز دائر کردئیے جائینگے۔ توہین عدالت پر تین چار وزراءگرفتار ہونگے۔ نااہل بھی قرار دئیے جا سکتے ہیں۔ وزیراعظم شاہد خاقان عباسی بھی توہین عدالت کی زد میں آ سکتے ہیں، نواز شریف رضا ربانی کو صدر بنانے کے خواہشمند ہیں۔ یہ انکشافات سینئر تجزیہ کار نے ٹی وی پروگرام میں گفتگو کے دوران کئے۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف اور دیگر لیگی رہنماﺅں نے سنگین توہین عدالت کی ہے اب گرفتاریاں ہونگی۔ نواز شریف ملک میں رہیں یا باہر جائیں اب اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا وہ غیر متعلق ہو چکے ہیں۔ رضا ربانی کے بیانات سے نواز شریف خوش ہیں اور چاہتے ہیں کہ انہیں صدر بنا دیا جائے۔ انسداد دہشتگردی عدالت میں محترمہ بینظیر بھٹو قتل کیس روزانہ سنا جا رہا ہے۔ 39 گواہوں کے بیانات ریکارڈ کر لئے گئے۔ محترمہ کا غائب ہونے والا بلیک بیری بھی طلب کر لیا گیا ہے۔ امریکہ ٹرمپ کے بیان کے بعد پھنس گیا ہے۔ چین اور روس پاکستان کے ساتھ کھڑے ہوگئے ہیں۔ پاکستان میں اگلا الیکشن قانون ساز اسمبلی کا نہیں بلکہ آئین ساز اسمبلی کا ہوگا۔ عدالتیں پوری طرح فعال ہو چکی ہیں۔ ادارے ان کے ساتھ کھڑے ہیں قانون کی حکمرانی صحیح معنوں میں قائم ہونے والی ہے بدمعاشیہ کا یوم حساب آ چکا ہے۔