بیجنگ(ویب ڈیسک) چین میں پیغام رسانی کی معروف سروس واٹس ایپ کے استعمال پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔خبروں کے مطابق چین نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹس فیس بک اور انسٹاگرام کے بعد واٹس ایپ کو بھی بلاک کردیا ہے۔ چین میں موجود بعض صارفین نے ٹوئٹر پر اپنے پیغامات میں لکھا ہے کہ گزشتہ ہفتے سے وہ واٹس ایپ تک رسائی حاصل نہیں کر پارہے اور غیر اعلانیہ بندش سے انہیں پریشانی کا سامنا ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ 19ستمبر سے واٹس ایپ صارفیں کی بڑی تعداد پیغام رسانی کی اس سہولت سے محروم ہے جب کہ چینی حکومت نے ایک ہفتہ گزرجانے کے باوجود باضابطہ طور پر واٹس ایپ کو بند کرنے کا اعلان نہیں کیا ہے۔واضح رہے کہ 2014 میں فیس بک نے واٹس ایپ کو خریدلیا تھا جب کہ انسٹاگرام بھی فیس ب±ک ہی کی ملکیت ہے۔ قبل ازیں چین میں امریکی سوشل میڈیا ویب سائٹس کے علاوہ انٹرنیٹ سرچ انجن گوگل اور اس کی تمام سروسز بھی معطل کی جاچکی ہیں۔