اسلام آباد: پی ٹی آئی چیرمین عمران خان کا کہنا ہے کہ سب سے زیادہ تبدیلی کی ضرورت سندھ کے لوگوں کو ہے جن کا سب سے زیادہ پیسہ چوری کیا گیا۔اپنے ویڈیوپیغام میں تحریک انصاف کے چیرمین عمران خان کا کہنا تھا کہ صوبہ سندھ میں ظلم اور لاقانونیت ہے چھوٹے کسانوں کو پانی نہیں ملتا، سب سے زیادہ لوٹ مار بھی سندھ کے لوگوں کے ساتھ ہوئی اور صوبے کے عوام کا پیسا چوری کرکے بیرون ملک منتقل کیا گیا۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ اس وقت سب سے زیادہ تبدیلی کی ضرورت سندھ کے لوگوں کو ہے عوام کو اس دلدل سے کس طرح نکالنا ہے سیہون جلسے میں اہم اعلان کروں گا۔ اس لیے لوگ زیادہ سے زیادہ جلسے میں شرکت کریں۔
اسلام آباد (خبر نگار خصوصی) چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ اب تحریک نہیں طوفان نظر آ رہا ہے، ملک میں جمہوریت میں بندربانٹ ہے، نااہل ہوا تو پارٹی صدر نہیں رہوں گا۔ 2018ءمیں تحریک انصاف کی حکومت بنے گی۔ تمام صوبوں سے جیتیں گے۔ نواز اور زرداری نے ملک کے ساتھ جو سلوک کیا دشمن بھی نہیں کر سکتا تھا۔ اپنی چوری چھپانے کیلئے ادارے تباہ کر دیئے پیسہ باہر بھجوا دیا۔ اپوزیشن نہ کرتا تو یہ ایسے ہی مک مکا کر کے چلتے رہتے۔ نجی ٹی وی کو خصوصی انٹرویو دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عوام ساتھ نہ ہوں تو مافیا کو شکست نہیں دی جا سکتی۔ واحد سیاستدان جو اپنے زوربازو پر سیاست کر رہا ہے۔ میرے خلاف مقدمات کا مقصد صرف مجھے اپنے ٹارگٹ سے ہٹانا ہے۔ شفاف الیکشن کیلئے جدوجہد کرتا ہوں تو دہشت گرد بنا دیتے ہیں۔ الیکشن دھاندلی کی بات کرتا ہوں تو توہین عدالت کہہ کر بلاتے ہیں۔ لاہور اور میانوالی سے الیکشن لڑوں گا۔ زرداری کے ہوتے ہوئے پیپلزپارٹی سے سیٹ ایڈجسٹمنٹ نہیں ہو سکتی۔ 4 سال کے پی کے حکومت میں یہ سیکھا ہے کہ اگر ادارے مضبوط بنا دیئے جائیں تو سارا نظام درست ہو سکتا ہے۔ سربراہ کرپٹ نہ ہوتے تو ادارہ کرپشن نہیں کر سکتا۔ جمہوریت کیلئے ن لیگ ضروری ہے شریف خاندان ضروری نہیں۔ ملک میں اب عام انتخابات کرانے کی ضرورت ہے حکومت نے اگر الیکشن کو کھینچنے کی کوشش کی تو ن لیگ ٹوٹ جائے گی۔