اسلام آباد(ویب ڈیسک) سابق وزیراعظم میاں نوازشریف لندن سے وطن واپس پہنچ گئے اور وہ اسلام آباد کے پنجاب ہاؤس میں موجود ہیں۔میاں نوازشریف گزشتہ کئی دنوں سے اپنی اہلیہ کلثوم نواز کی تیمارداری کے لیے لندن میں موجود تھے تاہم کل نیب ریفرنس کی سماعت کے موقع پر اسلام آباد کی احتساب عدالت میں پیش ہونے کے لیے آج وطن واپس پہنچے ہیں۔نوازشریف کے طیارے نے اسلام آباد کے بے نظیر ایئرپورٹ پر لینڈ کیا اور اس موقع پر ایئرپورٹ پر سیکیورٹی ہائی الرٹ تھی۔نوازشریف کی وطن واپسی پر راجہ ظفر، الحق، پرویز رشید، سعد رفیق، مشاہد اللہ خان، چوہدری تنویر، امیر مقام، طارق فضل چوہدری اور میئر اسلام آباد شیخ انصر سمیت دیگر رہنماؤں نے ایئرپورٹ پر ان کا استقبال کیا۔سابق وزیراعظم نے ایئرپورٹ کے راول لاؤنج میں مختصر قیام کیا جہاں انہوں نے پارٹی رہنماؤں سے مشاورت کی اور پھر گاڑیوں کے قافلے میں ایئرپورٹ سے روانہ ہوگئے۔
نوازشریف اپنی ذاتی گاڑی اور ذاتی سیکیورٹی میں اسلام آباد کے پنجاب ہاؤس پہنچے۔
پنجاب ہاؤس پہنچنے پر کارکنان اور پارٹی رہنماؤں نے میاں نوازشریف کا استقبال کیا۔
سابق وزیراعظم سے پنجاب ہاؤس میں گورنر پنجاب رفیق رجوانہ نے ملاقات کی جب کہ ملاقات میں پرویز رشید، سعدرفیق، زاہد حامد، انوشہ رحمان بھی موجود تھیں۔
نوازشریف پنجاب ہاؤس میں پارٹی رہنماؤں کے اہم مشاورتی اجلاس کی صدارت کریں گے اور دن بھر ان سے پارٹی رہنماؤں کی ملاقاتیں جاری رہیں گی۔
مسلم لیگ کے رہنماؤں کی بڑی تعداد پنجاب ہاؤس میں موجود ہیں جن میں طلال چوہدری، امیر مقام، مرتضیٰ جاوید عباسی اور دیگر بھی پنجاب ہاؤس میں ہیں۔