راولپنڈی(ویب ڈسک) پاک فوج جنرل قمر جاوید باجوہ کی زیرصدارت کورکمانڈر کانفرنس ہوئی ہے جس میں اہم دفاعی امور اور افغانستان اور امریکی حکام کے ساتھ حالیہ رابطے کا جائزہ لیا گیا۔ جنرل ہیڈ کوارٹرز راولپنڈی میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی سربراہی میں کور کمانڈرز کانفرنس ہوئی جس میں ملک کی اندرونی سیکیورٹی کی صورتحال، دہشت گردی کے خلاف جاری آپریشنز، جیو اسٹرٹیجک سیکیورٹی اور افغانستان اور امریکی حکام کے ساتھ حالیہ رابطوں کا جائزہ لیا گیا۔ کور کمانڈرز کانفرنس میں شہدا کے خاندانوں کی فلاح و بہبود سمیت دیگر مختلف اندرونی اور پیشہ وارانہ پہلوؤں پر بھی غور کیا گیا۔اجلاس کے دوران آرمی چیف نے کہا کہ آپریشنل کامیابیوں کو سماجی ترقی میں حکومت کی مدد کے ذریعے مستحکم بنایا جائے گا، اسی طرح بلوچستان میں بھی سماجی اقتصادی ترقی کی کوششوں پر فوکس کو بڑھایا جائے گا۔