اسلام آباد( خصوصی رپورٹ)وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے وزارت خزانہ کے قلمدان سے استعفیٰ د یدیا ہے تاہم وزیرا عظم شاہد خاقان عباسی نے ابھی تک ان کا استعفیٰ قبول نہیں کیا ہے اسحاق ڈار نے فوری طور پر وطن واپس آنے کا پروگرام بھی ملتوی کر دیا ہے اور ان کے ضامن احمد قدوسی بھی اچانک بیرون ملک چلے گئے ہیں اور جو جائیداد انہوں نے بطور ضامن ظاہر کی تھی اس کی مالیت بھی پچاس لاکھ کی بجائے صرف آٹھ لاکھ روپے نکلی ہے۔ذرائع نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے اپنا استعفیٰوزیر اعظم شاہدخاقان عباسی کو بھجوا دیا ہے تاہم وزیرا عظم اس حوالے سے مسلم لیگ ن کے صدر نواز شریف کے حکم کے منتظر ہیں اور انہوں نے ابھی تک انھیں کوئی حکم نہیں دیا تاہم اس وقت وزارت خزانہ کے معاملات کو وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی خود دیکھ رہے ہیں اور نئے وزیر خزانہ کے لئے احسن اقبال کے ساتھ ساتھ مفتاح اسماعیل کا نام لیا جا رہا ہے اس حوالے سے متعدد بار وزیر اعظم کے ترجمان مصدق ملک سے رابطے کی کوشش کی گئی مگر انہوں نے فون اٹینڈ نہیں کیا ۔