بالی وڈ انڈسٹری پر راج کرنے والے خانز عامر خان، سلمان خان اور شاہ رخ خان نے نئے سال کے آغاز میں ہی تہواروں پر قبضہ جمالیا ہے۔یہ تینوں خان بھارتی فلم نگری کے حکمران تصور کیے جاتے ہیں اور ان کی فلموں کا مداح شدت سے انتظار کرتے ہیں۔تینوں خانز کی فلموں کی نمائش کے موقع پر دیگر بڑے بڑے اداکار ناکامی کے خوف سے اپنی فلمیں ریلیز کرنے سے کتراتے ہیں۔رواں برس بالی وڈ کے تینوں خانز کی میگا بجٹ فلمیں ریلیز ہونے والی ہیں اور خانز نے 2018 میں عید، دیوالی اور کرسمس کے موقع پر اپنی فلموں کی نمائش کا اعلان کرکے دیگر اداکاروں کے لیے خطرے کی گھنٹی بجادی ہے۔بالی وڈ اسٹار سلمان خان کی فلم ’ریس 3‘ عید الفطر کے موقع پر ریلیز کی جائے گی، جس میں انیل کپور، بوبی دیول، جیکولین فرنینڈز اور ڈیزی شاہ مرکزی کرداروں میں نظر آئیں گی۔سلمان خان نے فلم کی ریلیز کا اعلان گزشتہ سال نومبر میں ہی کردیا تھا جس کے بعد سے اب تک کسی اداکار نے سلو بھائی کی ’ریس 3‘ کے ساتھ باکس آفس پر دوڑ لگانے کی کوشش نہیں کی ہے۔عامر خان 6 ستمبر 2016 کو ہی فلم ’ٹھگ آف ہندوستان‘ کی دیوالی 2018 کے موقع پر ریلیز کی بکنگ کرواچکے ہیں اور یہی وجہ ہے کہ کنگ خان نے اپنی فلم کی ریلیز کرسمس کے موقع پر رکھی ہے۔شاہ رخ خان نے بھی اپنی فلم ’زیرو‘ کو کرسمس کے موقع پر ریلیز کرنے کا اعلان کیا ہے، یہ فلم 21 دسمبر کو نمائش کے لیے پیش کی جائے گی، جس میں انہوں نے ایک بونے کا روپ دھارا ہے۔واضح رہے کہ سلمان خان کی حالیہ فلم ’ٹائیگر زندہ ہے‘ نے بھارتی باکس آفس اور عامر خان کی ’دنگل‘ نے چینی باکس آفس پر ریکارڈ توڑ کمائی کی ہے۔