All posts by Daily Khabrain

شیخ رشید، عمران خان، نواز شریف اور شہباز شریف بچے کی موت کے ذمہ دار ۔۔۔۔

راولپنڈی(مانیٹرنگ ڈیسک) سیاسی جنگ نے معصوم کی جان لے لی، والدہ غم سے نڈھال ہے، والد نے شیخ رشید، عمران خان، نواز شریف اور شہباز شریف کو ذمہ دار قرار دے دیا۔ راولپنڈی میں آج پورا دن سیاسی کارکنوں اور پولیس کے درمیان آنکھ مچولی چلتی رہی، سیاست کی جنگ نے ایک معصوم کی جان لے لی، لیاقت باغ کا 3 دن کا شیرخوار آنسو گیس شیلنگ کے باعث دم گھٹنے سے چل بسا۔ بچے کے والد کا کہنا ہے کہ مغرب کے وقت شدید شیلنگ ہوئی، بڑوں کیلئے بھی سانس لینا دشوار ہورہا تھا، میرا بچہ چھوٹا تھا برداشت نہ کرسکا ہسپتال پہنچا تو بتایا گیا کہ راستے میں ہی جان جاچکی تھی۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ بچے کی موت کے ذمہ دار شیخ رشید، عمران خان، وزیراعظم نواز شریف اور وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف ہیں، قوم کو کہنا چاہتا ہوں آج میں ہوں کل آپ ہوں گے، نہ میں پہلا ہوں نہ آخری، یہ مشکل وقت آپ پر بھی آسکتا ہے۔ تین دن کے شیر خوار کی ماں صدمے سے دوچار ہے، میں 9 مہینے اسپتال میں رہی، آپریشن سے بچہ پیدا ہوا، مجھے میرا بچہ واپس دلادیں۔ بچے کی نانی نے دلگرفتہ ہو کر سمائ کو بتایا کہ شدید گیس کے باعث سانس لینا دشوار تھا، بچے نے دو تین ہچکیاں لیں اور ختم ہوگیا، میں کیسے اس کی ماں کو بتاتی کہ تمہارا بچہ مر گیا۔

”یہ کون ہے؟ بیمار ہے جناب“ شیخ رشید کی کمیٹی چوک اینٹری کا ایک اور دلچسپ پہلو

راولپنڈی (بیورو رپورٹ) شیخ رشید نے حالیہ صورت حال میں کمیٹی چوک پر ڈرامائی اینٹری دے کر سب کو دنگ کر دیا لیکن اب ان کی ’یادگار‘ اینٹری کا ایک اور دلچسپ پہلو بھی سامنے آ گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق شیخ رشید ڈھوک کشمیریاں سے موٹر سائیکل پر بیٹھ کر چٹیاں ہٹیاں کی تنگ گلیوں سے ہوتے ہوئے کمیٹی چوک پہنچے جہاں راستے میں لوگ انہیں دیکھ کر دنگ رہ گئے۔ لیکن جب وہ ایک ایسی جگہ پہنچے جہاں پولیس کے ناکے موجود تھے تو انہوں نے منہ پر رومال باندھ لیا اور سر پر کشمیری ٹوپی تو پہلے سے ہی موجود تھی۔منہ پر رومال باندھے موٹر سائیکل کے پیچھے بیٹھے شیخ رشید جب پولیس ناکے پر پہنچے تو پولیس والوں نے موٹر سائیکل چلانے والوں سے پوچھا کہ یہ کون ہے تو اس نے کہا کہ یہ ”بیمار“ ہے۔ مریض کا سن کر پولیس والوں کے دل میں ”رحم“ آ گیا اور انہوں نے بغیر دیکھے ہی انہیں جانے کی اجازت دیدی۔

بنی گالہ پر ڈرون کیمرے کی پرواز، سکیورٹی سٹاف ہائی الرٹ

اسلام آباد (این این آئی) اسلام آباد میں پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی زیرصدارت صورتحال کا جائزہ لینے کےلئے اجلاس جاری تھا کہ اس دوران بنی گالہ میں ڈرون کیمرہ پرواز کرتاہواآگیا جس پر بنی گالہ کے سکیورٹی سٹاف میں ہلچل مچ گئی ۔نجی ٹی وی کے مطابق اسلام آباد میں پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی زیرصدارت صورتحال کا جائزہ لینے کےلئے اجلاس جاری تھا کہ اس دوران بنی گالہ میں ڈرون کیمرہ پرواز کرتاہواآگیا جس پر بنی گالہ کے سیکیورٹی سٹاف میں ہلچل مچ گئی دوسری جانب مری روڈ سے بنی گالہ جانیوالے راستے پر بھاری نفری تعینات کردی گئی ۔

تحریک انصاف کا دھرنے کی حکمت عملی تبدیل کرنیکا اعلان

اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) تحریک انصاف نے اسلام آباد دھرنے کی حکمت عملی میں تبدیلی کا فیصلہ کر لیا۔ خیبرپختونحوا صوبائی قیادت کو لاکو¿ھوں کارکنوں کو لے کر دھرنے میں پہنچنے کی ہدایت کارکنوں کیلئے موٹر وے پر صوابی انٹر چینج کے قریب خیمہ بستی قائم کی جائے گی۔ نجی ٹی وی کے مطابق تحریک انصاف نے اسلام آباد میں دھرنے کی حکمت عملی کو تبدیل کر کے دھرنے کی کامیابی کا ٹاسک کے پی کے قیادت کو سونپ دیا ہے صوبائی قیادت کو لاکھوں کارکنوں کی دھرنے میں شرکت یقینی بنانے کی ہدایت کر دی گئی ہے۔ کے پی کے سے آنے والے کارکنوں کیلئے صوابی انٹرچینج کے قریب خیمہ بستی قائم کی جائے گی۔ پارٹی کے اندرونی ذرائع کے مطابق عین ممکن ہے کہ عمران خان کے پی کے سے آنے والے قافلے کی قیادت کرتے ہوئے دھرنے میں پہنچیں۔