All posts by Faisal Khan

مائکرو ویو اوون، ایک حادثاتی ایجاد

تقریباً ہر گھر میں استعمال ہونے والی اس عام مشین کا طریقہ کار ایک انجینئر پرسی اسپینسر نے حادثاتی طور پر دریافت کیا تھا۔

ریتھیون کارپوریشن نامی کمپنی میں پرسی بحیثیت انجینئر کے طور پر ملازم تھے۔ ایک دن وہ میگنیٹرون نامی ریڈار ڈیوائس پر  کام کررہے تھے کہ ان کی جیب میں رکھی چاکلیٹ پگھلنا شروع ہوگئی۔ وہ سمجھ گئے کہ ایسا مائیکرو ویوز شعاعوں کی وجہ سے ہورہا ہے جو ڈیوائس سے خارج ہورہی ہیں۔

پرسی نے پھر مائکرو ویو میں میں رکھی گئی دنیا کی پہلی غذا پاپ کارن پر تجربہ کیا اور وہ بھی کامیاب رہا۔ نتائج کو سامنے رکھ کر مائیکرو ویوز شعاعوں کو ایک محفوظ ڈبے میں بند کرنے کا سوچا گیا۔

8 آکتوبر 1945 میں پرسی نے سند ایجاد کیلئے درخواست دائر کردی۔ جس کے بعد پرسی نے پہلے مائکروویو اوون کی نمائش کی جسے ریڈار رینج نام دیا گیا اور جس کا سائز ایک ریفرجیریٹر کے برابر تھا۔

تاہم ایجاد کے بعد دہائیوں تک اسے عام گھریلو استعمال کیلئے نہیں پیش کیا گیا۔ 1967 میں جاکر پھر مائکرو ویو مارکیٹ میں فروخت کیلئے آیا۔

عالمی طاقتوں کا جوہری عدم پھیلاؤ کو یقینی بنانے کا عہد

امریکا اور روس سمیت دنیا کی پانچ بڑی ایٹمی قوتوں نے ایٹمی ہتھیاروں کے پھیلاؤ کو روکنے اور کسی ایٹمی تصادم سے بچنے کا عہد کیا ہے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے  کے مطابق اقوام متحدہ کے 5 مستقل ممالک یعنی امریکا، روس، چین، برطانیہ اور فرانس نے مشرق اور مغرب کے درمیان تناؤ کو ایک جانب رکھتے ہوئے مشترکہ بیان میں دنیا کو جوہری ہتھیاروں سے پاک کرنے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔

اپنے مشترکہ بیان میں ان ممالک کا کہنا تھا کہ ’ہم سمجھتے ہیں کہ ان ہتھیاروں کے مزید پھیلاؤ کو روکنا چاہیے‘ اور یہ کہ ’ایک ایٹمی جنگ کبھی جیتی نہیں جاسکتی اور اسے کبھی لڑا بھی نہیں جانا چاہیے‘۔

یہ مشترکہ بیان ایٹمی ہتھیاروں کے عدم پھیلاؤ کے معاہدے پر ہونے والی نظر ثانی کے بعد جاری ہوا، اس اجلاس کی مقرہ تاریخ 4 جنوری تھی تاہم کورونا وائرس کی وجہ سے اسے ملتوی کردیا گیا۔

روس، چین اور مغربی ممالک کے ساتھ ان کے اختلافات کو ایک جانب رکھتے ہوئے ان 5 بڑی طاقتوں نے کہا ہے کہ وہ ’ایٹمی قوتوں کے درمیان جنگ سے بچنے اور اسٹریٹجک خطرات کم کرنے کو اپنی سب سے اہم ذمہ داری سمجھتے ہیں‘۔

وائٹ ہاؤس کی جانب سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق ’ایٹمی ہتھیاروں کے استعمال کے دور رس اثرات ہوتے ہیں، اس وجہ سے ہم اس عزم کا اعادہ کرتے ہیں کہ جب تک یہ ہتھیار موجود رہیں گے ان کا استعمال صرف دفاعی مقاصد اور جنگ کو روکنے کے لیے کیا جائے گا‘۔

ان ممالک کا یہ بھی کہنا تھا کہ ’ہم میں سے ہر ملک ایٹمی ہتھیاروں کے بلا اجازت اور غیر ارادی استعمال کو روکنے کے حوالے سے قومی اقدامات کو برقرار رکھنے اور مزید مضبوط بنانے کا ارادہ رکھتا ہے‘۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ ’ہم جوہری عدم پھیلاؤ کے معاہدے بشمول اس کے آرٹیکل 6 کے پابند ہیں‘، یہ آرٹیکل مستقبل میں ایٹمی ہتھیاروں کی مکمل تخفیف کے حوالے سے ہے۔

اقوام متحدہ کے مطابق 191 ممالک نے اس معاہدے پر دستخط کیے ہیں اور اس معاہدے کے مطابق اس پر ہر 5 سال بعد نظر ثانی کرنی ہوتی ہے۔

یہ بیان ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب امریکا اور روس کے درمیان تعلقات سرد جنگ کے بعد سب سے زیادہ کشیدہ ہیں اور اس کی وجہ روس کی جانب سے یوکرین کی سرحد کے نزدیک فوج جمع کرنا ہے۔

اس حوالے سے یورپی سیکیورٹی پر روس اور امریکا کے درمیان بات چیت 10 جنوری کو جنیوا میں شروع ہونے کا امکان ہے۔

اس کے علاوہ صدر شی جن پنگ کی قیادت میں چین کا ابھرنا بھی اس حوالے سے خدشات کا باعث ہے کہ امریکا اور چین کے مابین تناؤ خاص طور پر تائیوان کے معاملے پر ان کے آمنے سامنے آنے سے کوئی بحران کھڑا ہوسکتا ہے۔

چین، تائیوان کو اپنا حصہ سمجھتا ہے اور ضرورت پڑنے پر اس کے بزور قوت الحاق کے لیے بھی تیار ہے۔

روس نے ایٹمی ممالک کی جانب سے آنے والے اس بیان کا خیر مقدم کرتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ اس سے تناؤ کم کرنے میں مدد ملے گی۔

روسی وزارت خارجہ نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ ’ہم امید کرتے ہیں کہ عالمی سیکیورٹی کے حوالے سے اس مشکل صورتحال میں اس قسم کے سیاسی بیان کی منظوری بین الاقوامی تناؤ کو کم کرنے میں مدد کرے گی‘۔

کریملن کے ترجمان دیمتری پیسکوف کا کہنا تھا کہ روس اب بھی ایٹمی ممالک کے اجلاس کو ’ضروری‘ سمجھتا ہے۔

شیر کو گود میں اٹھا کر لے جانیوالی لڑکی کی ویڈیو وائرل ہوگئی

کویت میں شیر کو گود میں اٹھا کر لے جانے والی لڑکی کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔

رپورٹس کے مطابق کویت کے دارالحکومت کویت سٹی کے علاقے میں شیر کے گھومنے کی اطلاعات سامنے آئی تھیں جس کے بعد خوف و ہراس پھیل گیا تھا۔

کئی افراد نے پالتو شیر کے علاقے میں گھومنے کی ویڈیوز بھی بنائی اور اس دوران لڑکی کی شیر کو گود میں اٹھا کر لے جانے کی ویڈیو بھی سامنے آئی تھی۔

شیر کو گود میں اٹھا کر لے جانے والی لڑکی کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔ وائرل ویڈیو میں شیر کی دھاڑ بھی سنی جاسکتی ہے۔

دوسری جانب حکام کا کہنا ہے کہ شیر کے ساتھ دیکھی جانے والی لڑکی ہی اس کی مالکن ہے۔

اسکروٹنی کمیٹی نے جو رپورٹ پیش کی وہ (ن) لیگ کے دور کی ہے، فواد چوہدری

 اسلام آباد: 

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ اسکروٹنی کمیٹی نے اسٹیٹ بینک کی جو رپورٹ پیش کی وہ مسلم لیگ (ن) کے دور کی ہے۔

وزیراعظم عمران خان کی زیرِ صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا۔ اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے کہا کہ 18 اکاؤنٹس میں سے پاکستان تحریک انصاف کے 8 اکاؤنٹس غیر فعال ہیں جبکہ 10 اکاؤنٹس میں سے 6 کو سبسڈری کے طور پر ڈیل کیا جاتا ہے، بعض جگہ رقم کو دو بار کاونٹ کیا گیا۔

فواد چوہدری نے کہا کہ رپورٹ میں 56 اکاؤنٹس کا کہیں ذکر نہیں، پی ٹی آئی نے 40 ہزار افراد کا ریکارڈ الیکشن کمیشن میں پیش کردیا۔

وزیر مملکت برائے اطلاعات فرخ حبیب نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے ماہرین کے مطابق مسلم لیگ (ن) کے 9 اکاؤنٹس ایسے ہیں جو الیکشن کمیشن کو نہیں بتائے گئے، ان میں کروڑوں کی ٹرانزیکشن ہوئی ہے، پیپلز پارٹی نے 2013 میں 9 اکاؤنٹس، 2014 میں 11 اور 2015 میں 10 اکاؤنٹس چھپائے۔

دوسری جانب وفاقی کابینہ نے ملزم عبدالقادر احسان کو برطانیہ کے حوالے کرنے اور نادر ممتاز کو چیئرمین کراچی پورٹ ٹرسٹ تعینات کرنے کی منظوری دی۔

کابینہ نے وزارت سائنس و ٹیکنالوجی کو الیکشن کمیشن کو الیکٹرانک ووٹنگ مشینیں فراہم کرنے کی ہدایت کی۔

علیزے شاہ کی ہمشکل قطری ٹک ٹاکر کی سوشل میڈیا پر دھوم

کراچی: 

سوشل میڈیا پر اداکارہ علیزے شاہ کی ہمشکل قطری ٹک ٹاکر کی دھوم مچی ہوئی ہے۔

پاکستانی سوشل میڈیا پر قطر سے تعلق رکھنے والی ٹک ٹاکر اور ماڈل رانیہ کی ویڈیو وائرل ہورہی ہے جس میں وہ حیرت انگیز طور پر اداکارہ علیزے شاہ سے مشابہہ نظر آرہی ہیں۔

تاہم کچھ سوشل میڈیا صارفین کا خیال ہے کہ اداکارہ علیزے شاہ ٹک ٹاکر رانیہ سے زیادہ خوبصورت ہے جب کہ کچھ لوگوں کا کہنا ہے کہ رانیہ علیزے شاہ سے زیادہ پیاری ہے۔ کچھ لوگوں نے دونوں میں بے انتہامشابہت پر حیرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انہیں لگا یہ علیزے شاہ کی ویڈیو ہی ہے۔

کراچی کے صارفین کے لیے بجلی ایک روپے 7 پیسے فی یونٹ مہنگی

نیشنل الیکٹرک پاور ریگیولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے اکتوبر2021 کے فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں کراچی کے صارفین کے لیے بجلی فی یونٹ ایک روپے 7 پیسے مہنگی کردی۔

نیپرا نے کے-الیکٹرکے صارفین کے لیے بجلی کی قیمت میں اضافے کا نوٹیفیکیشن جاری کردیا، جس کے مطابق مذکورہ اضافہ اکتوبر2021 کی فیول ایڈ جسٹمنٹ کی میں کی گئی ہے۔

اس اضافے سے کراچی کے صارفین پر ایک ارب 91 کروڑ روپے کا اضافی بوجھ پڑے گا۔

نیپرا نے کہا کہ صارفین سے اضافہ جنوری 2022 کے بلوں کے ساتھ وصول کیا جائے گا۔

نوٹیفکیشن کے مطابق کے بجلی کی قیمت میں اضافے کا اطلاق لائف لائن کے سوا کے-الیکٹرک کے تمام صارفین پر ہوگا-

واضح رہے کہ اکتوبر2021 کی ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں نیپرا نے کے-الیکٹرک کی درخواست پر دسمبر میں سماعت کی تھی، جس کے بعد نیپرا نے فیصلہ محفوظ کرلیا تھا-

کے-الیکٹرک نے اکتوبر 2021 کی فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی ایک روپے 38 پیسے فی یونٹ مہنگی کرنے کی درخواست کی تھی۔

یاد رہے کہ نیپرا نے گزشتہ ماہ ستمبر کی ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں کراچی کے شہریوں کے لیے ایک ماہ کے لیے بجلی 3 روپے 75 پیسے فی یونٹ مہنگی کردی تھی، جس کے نتیجے میں صارفین پر دسمبر کے بجلی کے بلوں میں 7 ارب روپے اضافی ادا کرنا ہوگا۔

کے الیکٹرک نے ستمبر کی ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی 3 روپے 45 پیسے فی یونٹ مہنگی کرنے کی درخواست کی تھی۔

اس سے چند روز قبل ہی نیپرا نے کے-الیکٹرک کو اکتوبر میں استعمال شدہ بجلی پر 1.08 روپے فی یونٹ ایندھن کی اضافی لاگت وصول کرنے کی اجازت دے دی تھی، اس اضافے سے کے-الیکٹرک کے صارفین پر 2 ارب 46 کروڑ روپے کا بوجھ پڑنے کا تخمینہ لگایا گیا تھا۔

کے-الیکٹرک نے نیپرا کو جولائی سے ستمبر کے لیے 5 روپے 18 پیسے اور نومبر کے لیے 32 پیسے اضافے کی درخواست بھی دی تھی، جس پر نیپرا نے کے-الیکٹرک کی جانب سے رواں مالی سال کی پہلی سہہ ماہی اور نومبر 2021 کی ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹس کی مد میں مجموعی طور پر بجلی 5 روپے 50 پیسے فی یونٹ مہنگی کرنے کی دو مختلف درخواستوں پر سماعت کی تھی۔

کے-الیکڑک نے سہ ماہی ایڈجسٹمنٹس کی مد میں بجلی کی قیمت میں 5 روپے 18 پیسے فی یونٹ اضافے کی درخواست کی تھی تاہم نیپرا حکام کا کہنا تھا کہ اس مد بجلی کی قیمت میں 4 روپے 80 پیسے فی یونٹ اضافہ بنتا ہے۔

دوران سماعت کے-الیکٹرک حکام نے بتایا تھا کہ وفاق سے بجلی کی خریداری کے حوالے سے تین معاہدوں پر کام شروع کیا گیا ہے جس کے مطابق سینٹرل پاور پرچیزنگ کمپنی سے 2 ہزار 50 میگاواٹ بجلی خریداری کا معاہدہ کرنے جارہے ہیں اور ٹیرف ڈیفرنشیئل سبسڈی کے حوالے سے مسودہ وزرات خزانہ کو بھجوایا دیا گیا ہے۔

کے الیکٹرک حکام نے کہا تھا کہ گیس کی خرید وفروخت کا معاہدہ نہ ہونے سے صارف پر کوئی بوجھ نہیں پڑرہا، جس پر وائس چیئرمین نیپرا نے کہا تھا کہ آپ نے عجیب بات کی ہے کہ معاہدہ نہ ہونے سے صارف پر بوجھ نہیں پڑرہا-

ان کا کہنا تھا کہ اگست سے اب تک گیس پریشر میں کمی سے صارفین پر 3 ارب 25 کروڑ روپے کا بوجھ پڑے گا۔

چیئرمین نیپرا کا کہنا تھا کہ ہم پاکستان کی مارکیٹ کو اوپن کرنے جارہے ہیں،کاروباری طبقے کو کسی ایک بجلی کمپنی پر انحصار نہیں کرنا ہوگا، ملک میں بجلی کے شعبے میں ایک انقلاب لارہے ہیں۔

سابق شوہر کبھی کسی چیز پر راضی ہی نہیں ہوئے، نادیہ خان

اداکارہ و میزبان نادیہ خان نے کہا ہے کہ ان کے سابق شوہر ان کی کسی بات پر راضی ہی نہیں ہوتے تھے، کیوں کہ ان کی ترجیحات اور پسند الگ الگ تھیں جب کہ فیصل راؤ اور ان کی پسند ایک جیسی ہے، جس وجہ سے وہ پرسکون زندگی گزار رہے ہیں۔

نادیہ خان نے خوشگوار ازدواجی زندگی کی کامیابی پر بات کرتے ہوئے کہا کہ اچھی زندگی گزارنے کے لیے ایک جیسی پسند ہونا ضروری ہے، پسند الگ ہو تو ہر بات میں اختلاف رہتا ہے۔

اداکارہ نے اعتراف کیا کہ انہوں نے فیصل راؤ سے ان کے شعبے سے متاثر ہوکر شادی کی، کیوں کہ وہ بچپن سے ہی فائٹر پائلیٹ کو خاصا پسند کیا کرتی تھیں۔

شادی کے ایک سال بعد نعمان اعجاز کے شو میں آنے والے فیصل راؤ بھی اپنی زوجہ نادیہ خان سے بہت خوش دکھائی دیے اور انہوں نے نادیہ خان جیسی خاتون کو ہمسفر بننے کو اپنی خوش قسمتی قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ ’آئیڈیل‘ خاتون ہیں۔

نعمان اعجاز کے ایک سوال پر نادیہ خان کے شوہر نے کہا کہ’ ان سے متعلق نادیہ کسی کی نہیں سنتی‘۔

انہوں نے کہا کہ جیسا وہ چاہتے تھے نادیہ بالکل ویسی کی خاتون ہیں اللہ پاک ان پر خاص کرم کیا ہے، وہ ایک اچھی بیوی اور بہترین والدہ ہیں۔

پروگرام میں بات کرتے ہوئے نادیہ خان نے کہا کہ ان کے یوٹیوب چینل کو بحال کرنے میں ان کے شوہر نے بہت تعاون کیا، اور یہ ان کے لیے ایک بونس ہے، میرے شوہر میرے فینز کا مجھ سے زیادہ خیال ہے۔

نادیہ حسین اور فیصل راؤ نے اپنے فینز سے شکوہ کیا کہ ایک ہزار چیزیں اچھی بولنے پر کوئی حوصلہ افزائی نہیں کرتا لیکن ایک غلط بولنے پر سب جمپ کردیتے ہیں۔

فیصل راؤ نے کہا کہ جو لوگ تبصرے کرتے ہیں وہ منفی سوچ کی عکاسی کرتے ہیں، ہمیں بس لوگوں کی دعاؤں کی ضرورت ہے۔

نادیہ کے شوہر اپنی اہلیہ کی تعریف کرتے ہوئے کہا وہ تمام تر خوبیوں کے ساتھ ایک اچھی فیصلہ بھی ہیں، اور ان دونوں کے فیصلوں میں بہت یکسانیت ہوتی ہے۔

فیصل راؤ نے کہا کہ ان میں اور نادیہ میں صرف ایک چیز یکساں نہیں ہے وہ یہ ہے کہ فیصل ہر چیز منظم انداز میں رکھتے ہیں جبکہ نادیہ ایسا نہیں کرتی، لیکن اب وہ سمجھ چکے ہیں کہ نادیہ کو کس طرح ہینڈل کرنا ہے۔

نادیہ نے خدا کا شکر ادا کیا کہ فیصل راؤ ان کے ساتھ ہیں انہوں نے کہا کہ 20 سال پہلے ان کے والد تھےجو ہر چیز میں انہیں تحفظ فراہم کیا کرتے تھے اب مجھے لگتا ہے فیصل سب سنبھال لیں گے۔

بھارتی طیارہ مار گرانے اور ابھی نندن سے متعلق پاک فضائیہ کی کارکردگی کو دہراتے ہوئے نادیہ خان کے شوہر ریٹائرڈ وینگ کمانڈر فیصل راؤ نے کہا کہ ایسا کچھ نہیں ہوا جس پر ابھی نندن کو اعزازات سے نوازہ جائے۔

نادیہ خان نے بتایا کہ فیصل انہیں اکثر مضبوط خاتون ہونے کا اعزاز دیتے ہیں، اورکہتے ہیں انہیں ان کی خوبی پسند ہے۔

ریٹائرڈ ونگ کمانڈر فیصل راؤ نے اپنی زندگی کا تجربہ شیئر کرتے ہوئے کہا کہ جب آپ کسی سے پیار کرتے ہیں تو آپ اس کی ہر چیز پسند کرنے لگ جاتے ہیں، ہر انسان اچھا اور برا کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے یہ بات آپ کے ہاتھ میں ہے کہ آپ اسے اچھا کیسے سمجھتے ہیں۔

نادیہ خان کہتی ہیں کہ وہ خوبصورت نظر آنے کے لیے خوش رہتی ہیں، کسی سے نفرت نہیں کرتیں۔

ایک سوال کے جواب میں نادیہ خان نے کہا کہ جب آپ کے جیون ساتھی کی پسند آپ سے یکساں ہو تو اچھا وقت گزرتا ہے۔

اسی معاملے کو آگے بڑھاتے ہوئے انہوں نے سابقہ شوہر کے ساتھ گزرنے والے تلخ لمحات کو یاد کرتے ہوئے بتایا کہ ’ان کی پسند مختلف تھی وہ ان سے کبھی کسی چیز پر راضی ہی نہیں ہوئے۔

یاد رہے کہ نادیہ خان کی فیصل راؤ سے تیسری شادی ہے، دونوں نے جنوری 2021 کے آغاز میں شادی کی تھی، اس سے قبل اداکارہ کی پہلی 2 شادیاں طلاق پر ختم ہوئیں اور انہیں 3 بچے ہیں۔

نادیہ خان کی بیٹی کا نام علیزے بڑے بیٹے کا نام اذان اور چھوٹے کا نام کیان ہے۔

 

کراچی میں موسم سرما کی دوسری بارش کا آغاز

کراچی میں موسم سرما کی دوسری بارش کا آغاز ہوگیا، شہر کے مختلف علاقوں میں ہلکی بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے، موسم مزید سرد ہوگیا۔

محکمہ موسميات نے بلوچستان میں نیا سسٹم آنے کے باعث 4 سے 7 جنوری تک کراچی سميت سندھ بھر ميں بارشوں کی پيشگوئی کی تھی۔

شہر قائد میں آج (منگل کی) شام بارش کا سلسلہ شروع ہوا، شہر کے مختلف علاقوں صدر، آئی آئی چندريگر روڈ، نیٹی جیٹی پل، اولڈ سٹی ايريا، شارع فيصل، لياقت آباد، گرومندر، ايم اے جناح روڈ، بفر زون، نارتھ ناظم آباد، ایف بی ایریا سمیت اطراف کے علاقوں میں ہلکی بارش وقفے وقفے سے جاری ہے۔

کراچی میں موسم سرما کی دوسری بارش کے باعث سردی کی شدت ميں بھی اضافہ ہوگیا، اس سے قبل گزشتہ رات سے ہی شہر میں تیز ہواؤں کا سلسلہ شروع ہوگیا تھا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق بارش کا نیا مغربی سلسلہ سابقہ سسٹم سے زیادہ طاقتور ہے، جس کے تحت کراچی سمیت سندھ بھر میں 7 جنوری تک بارش کا سلسلہ جاری رہنے کا امکان ہے۔

میٹ آفس کا کہنا ہے کہ اس سسٹم سے ہوا اور گرج چمک کيساتھ کہیں درمیانی اور کہیں تیز بارش متوقع ہے۔

ڈی جی پی ڈی ایم اے سندھ نے بارشوں کی پیشگوئی پر ضلعی انتظامیہ کو الرٹ رہنے کی ہدایت کردی۔

محکمہ موسمیات کے مطابق آج (منگل کو) کراچی میں کم سے کم درجہ حرارت 17 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، رات کے اوقات میں درجہ حرارت مزید گرنے کا امکان ہے۔

میٹ آفس کے مطابق شہر قائد میں صبح کے اوقات میں شہر کا درجہ حرارت 18 ڈگری اور موسم ابر آلود رہا، جب کہ ہوائیں 15 کلومیٹر فی گھنٹے کی رفتار سے چلتی رہیں۔

شہر میں بارش کے باعث موٹر سائیکل سواروں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے، روڈ گیلے ہونے سے پھسلن پیدا ہوگئی جبکہ تیز ہواؤں کے باعث سردی کی شدت بڑھنے سے بھی موٹر سائیکل سواروں کیلئے گاڑی چلانا مشکل ہوگیا ہے۔

برطانوی شہزادہ اینڈریو پر جنسی زیادتی کا الزام لگانیوا لی ورجینیا سے متعلق اہم انکشاف

برطانوی شہزادہ اینڈریو  پر جنسی زیادتی کا الزام لگانے وا لی ورجینیا جیفری  کی جانب سے بھاری رقم کے عوض ڈیل کا انکشاف ہوا ہے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق نیو یارک کی عدالت نے ورجینیا کی جانب سے 2009 میں 5 لاکھ ڈالرکےعوض تصفیےکی خفیہ دستاویز افشا کر دی ہے جس میں بتایا گیا ہے کہ جیفری نے دیگر مدعہ علیہان پر مقدمہ نہ کرنے پر رضامندی ظاہرکی تھی۔

برطانوی شہزادہ اینڈریو کے خلاف جنسی زیادتی کیس کی سماعت آج نیویارک کی عدالت میں ہو گی جہاں پرنس اینڈریو کے وکلا ایپسٹن  ڈیل کا حوالہ دے کر کیس خارج کرنے کے حق میں دلائل دیں گے۔

خیال رہے کہ  ورجیناجیفری نے پرنس اینڈریوپر جنسی زیادتی کاالزام لگایاتھا جبکہ  کیس کےاہم ملزم ایپسٹن نے 2019 میں جیل میں خودکشی کر لی تھی۔

دو گرام وزن رکھنے والا دنیا کا چھوٹا ترین ممالیہ

سائنسی زبان میں اس چمکادڑ کو craseonycteris thonglongyai ۔ چمکادڑ کی یہ نسل ناپید ہونے کے قریب ہے اور صرف تھائی لینڈ اور میانمار کے غاروں میں پائی جاتی ہے۔

اس کی جسامت صرف 1.2 انچ لمبی ہے اور وزن لگ بھگ 2 گرام تک ہوتا ہے۔ چمکادڑوں کے محققین جنہیں chiropterologist کہا جاتا ہے میں ایک مشہور نام سوئسوک ہے جنہیں مختلف مقامات پر جاکر ان چمکادڑوں کا معائنہ کرنے کا موقع ملا ہے۔

سوئسوک نے بتایا کہ اگر کسی کو ان کے غار میں جانے کا اتفاق ہو تو وہ دیواروں پر بیٹھی چمکادڑوں کو بالکل بھی پہچان نہیں پائے گا۔ اسے لگے گا کہ دیواروں پر کالے دھبے ہیں۔ غاروں میں چمکادڑوں کو پہچاننا اُسی وقت ممکن ہوگا جب کوئی شخص قریب جاکر مشاہدہ کرے۔