All posts by Faisal Khan

نواز شریف سے ڈیل کی باتیں بے بنیاد ہیں، ڈی جی آئی ایس پی آر بابر افتخار

راولپنڈی: ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل بابر افتخار نے سابق وزیراعظم نوازشریف سے ڈیل کی باتوں کو بے بنیاد اور قیاس آرائیاں قرار دےدیا۔

راولپنڈی میں پریس کانفرنس کے دوران سابق وزیراعظم نوازشریف سے ڈیل سے متعلق سوال پر میجر جنرل بابر افتخار نے کہا کہ ’یہ سب قیاس آرائیاں ہیں، اگر کوئی اس طرح کی ڈیل کی بات کرتا ہے تو اسی سے بات کریں کہ کون ڈیل کررہا ہے ؟ اس کے محرکات کیا ہیں؟ ایسی کوئی چیز نہیں، کوئی ایسی بات کرتا ہے تو اس کی تفصیلات اس سے ہی پوچھیں، ڈیل کی باتیں بے بنیاد ہیں، اس پر جتنی کم بحث کی جائے اتنا ملک کے مفاد میں اچھا ہے‘۔

ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ ’کچھ عرصے سے پاکستان کے مختلف اداروں کے خلاف منظم مہم چلائی جارہی ہے جس کا مقصد حکومت، عوام اور اداروں کےدرمیان خلیج پیدا کرنا اور اداروں پر عوام کے اعتماد کو ٹھیس پہنچانا ہے، ایسی تمام سرگرمیوں سے نہ صرف آگاہ ہیں بلکہ ان کے لنکس سے بھی آگاہ ہیں، یہ لوگ پہلے بھی ناکام ہوئے اب بھی ناکام ہوں گے‘۔

ترجمان نے مزید کہا کہ شام کوپروگرامزمیں کہا جاتا ہےکہ اسٹیبلشمنٹ نے یہ کردیا وہ کردیا، سول ملٹری تعلقات میں کوئی مسئلہ نہیں ہے، اسٹیبلشمنٹ کو اس مسئلے سے باہر رکھیں۔

شادیوں کا سیزن ہے جس کی وجہ سے وائرس پھیلتا ہے: وزیر صحت سندھ

کراچی: وزیر صحت سندھ عذرا پیچوہو نے کہا ہےکہ شادیوں کے سیزن کی وجہ سے وائرس پھیل رہا ہے۔

 عذرا پیچوہو نے کہا کہ ہمارے یہاں ڈیلٹا وائرس موجود ہے اور اومی کرون امپورٹڈ ہے جب کہ اومی کرون کا پھیلاؤ زیادہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ شادیوں کا سیزن ہے جس کی وجہ سے وائرس پھیل رہا ہے۔

وزیر صحت کا کہنا تھا کہ ہم نے شروع میں ویکسین کی خریداری کے لیے ڈریپ سے درخواست کی تھی، ڈریپ نے ویکسین خریداری کی اب تک اجازت نہیں دی، وفاقی حکومت ویکسین فراہم کررہی ہے اس لیے ابھی ہمیں امپورٹ کرنے کی ضرورت نہیں۔

قرآن شریف مکمل پڑھا ہے، اپنا اسلام بہت اچھے سے جانتی ہوں: بھارتی اداکارہ

بالی وڈ کی مسلمان اداکارہ زرین خان کی ایک ویڈیو ان دنوں سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر زیرِ گردش ہے۔

ویڈیو میں زرین خان سے ان کے مداحوں کی جانب سے کی جانے والی تنقید سے متعلق پوچھا گیا جس پر اداکارہ نے کہا ’میں مسلمان ہوں اس لیے شاید لوگ مجھے زیادہ نشانہ بناتے ہیں اور کہتے ہیں کہ یہ ایسا کررہی ہے‘۔

زرین خان نے کہا کہ ’میں نے قرآن شریف دو مرتبہ مکمل پڑھا ہے، اپنا اسلام بہت اچھی طرح سے جانتی ہوں‘۔

اداکارہ نے مزید کہا کہ ’اسلام میں یہ بھی ہے کہ کسی پر دباؤ ڈال کر کوئی چیز سکھا نہیں سکتے، جب خدا کے پاس جائیں گے تو آپ اپنے لیے جوابدہ ہوں گے اور میں اپنے لیے، تو کیا ضرورت ہے کسی کو کچھ سکھانے کی‘۔

پی سی بی حکام کی بھاری بھرکم تنخواہوں کی تفصیلات سامنے آگئیں

کراچی: 

پاکستان کرکٹ بورڈ حکام کی بھاری بھرکم تنخواہوں کی تفصیلات سامنے آ گئیں۔

5 لاکھ روپے سے زائد ماہانہ تنخواہ لینے والوں کی فہرست قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے بین الصوبائی  رابطہ کے سامنے پیش کردی گئی، ڈائریکٹر میڈیا سمیع الحسن برنی سی ای او سے زیادہ ماہانہ 13 لاکھ59 ہزار651 روپے وصول کرتے ہیں۔

غیرملکی فزیو تھراپسٹ کلف ڈیکن کی ماہانہ تنخواہ21 لاکھ 15 ہزار910 روپے ہے، ڈائریکٹر ہائی پرفارمنس ندیم خان کے اکاؤنٹ میں ماہانہ13 لاکھ 15 ہزار روپے منتقل ہوتے ہیں۔

ہیڈ انٹرنیشنل پلیئرز ڈیولپمنٹ ثقلین مشتاق کو12 لاکھ77 ہزار711 روپے دیے جاتے ہیں، چیف ایگزیکٹیو آفیسر (قائم مقام) سلمان نصیر کو ماہانہ12 لاکھ 45 ہزار روپے ملتے ہیں۔

چیف سلیکٹر محمد وسیم ہر ماہ  10 لاکھ روپے وصول کرتے ہیں، ڈائریکٹر انٹرنیشنل کرکٹ آپریشنز ذاکرخان8 لاکھ 44 ہزار708 پاتے ہیں۔

فرحان اختر اور شبانی ڈنڈیکر مارچ میں شادی کریں گے، بھارتی میڈیا

بھارتی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ اداکار و فلم ساز 47 سالہ فرحان اختر اور ماڈل و گلوکارہ 41 سالہ شبانی ڈنڈیکر رواں برس مارچ میں شادی کے بندھن میں بندھ جائیں گے۔

دونوں شوبز شخصیات کے درمیان 2018 سے تعلقات ہیں اور دونوں کم از کم تین سال سے ایک ساتھ رہ رہے ہیں۔

تین سال قبل 2019 میں بھی خبریں تھیں کہ وہ جلد شادی کے بندھن میں بندھ جائیں گے، تاہم کورونا کی وبا سمیت دیگر وجوہات کی وجہ سے ایسا ممکن نہیں ہوسکا اور اب بھارتی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ دونوں دو ماہ کے اندر شادی کے بندھن میں بندھ جائیں گے۔

رپورٹ میں ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے دعویٰ کیا گیا کہ فرحان اختر اور شبانی ڈنڈیکر نے شادی کی تقریبات کے لیے فائیو اسٹار کی بکنگ تک کروالی ہے اور قریبی دوستوں کو دعوت نامے بھی بھجوائے جا چکے ہیں۔

رپورٹ کے مطابق ابتدائی طور پر دونوں کی شادی کی تقریبات پرتعیش انداز میں کی جانی تھیں اور تقریبات میں شوبز شخصیات سمیت دونوں خاندانوں کے قریبی رشتے دار بھی شریک ہونے تھے مگر اب ایسا نہیں ہوگا۔

ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ بھارت میں کورونا کی نئی قسم ’اومیکرون‘ کے کیسز بڑھنے کی وجہ سے اب شادی کی تقریبات سادگی سے منعقد کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

کورونا کی تازہ صورتحال کے پیش نظر اب صرف قریبی دوستوں اور رشتے داروں کو شادی کی تقریبات میں مدعو کیا جائے گا۔

ابھی یہ واضح نہیں ہے کہ دونوں کی شادی مارچ کے آغاز میں ہوں گی یا اختتام پر اور ان کی شادی کی رسومات کس مذہب کے تحت ادا کی جائیں گی؟

شبانی ڈنڈیکر مراٹھی نسل کی ہندو خاتون ہیں جب کہ فرحان اختر مسلمان ہیں اور وہ معروف لکھاری جاوید اختر کے بیٹے ہیں۔

اگر ان دونوں کی شادی ہوئی تو یہ فرحان اختر کی دوسری جب کہ شبانی ڈنڈیکر کی پہلی شادی ہوگی۔

47 سالہ فرحان اختر نے اس سے قبل 2000 میں 54 سالہ ہیئر اسٹالسٹ ادھونا بھابانی سے شادی کی تھی اور ان سے انہیں 2 بچیاں بھی ہیں، ان کے درمیان شادی کے 16 سال بعد 2016 میں طلاق ہوگئی تھی۔

اومی کرون کا پھیلاؤ تیز،یورپ میں ریکارڈ کیسز رپورٹ

دنیا بھر میں کرونا کے نئے ویرینٹ کی وجہ سے وبا کے پھیلاؤ میں مزید تیزی آئی ہے جس کے باعث امریکہ، برطانیہ، فرانس اور آسٹریلیا میں کورونا کے ریکارڈ کیسز سامنے آئے ہیں۔

فرانسیسی خبر رساں ادارے ‘اے ایف پی ‘ کی رپورٹ کے مطابق عالمی ادارہ صحت(ڈبلیو ایچ او) نے خبردار کیا ہے کہ تیزی سے بڑھتے اومی کرون کے کیسز سے وائرس کے مزید نئے اور خطرناک ویریئنٹس سامنے آنے کے خدشات بڑھ گئے ہیں۔

منگل کو برطانیہ میں پہلی بار یومیہ کیسز کی تعداد دو لاکھ سے تجاوز کر گئی، آسٹریلیا میں 50 ہزار جب کہ فرانس میں دو لاکھ 70 ہزار سے زائد کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جو ایک ریکارڈ تعداد ہے۔

یہ انتہائی بلند اعداد و شمار امریکہ میں پیر کے روز سامنے آنے والے کیسز کی تعداد کے مقابلے میں بہت کم ہیں کیونکہ 3 جنوری کو 10 لاکھ 80 ہزار 211 کیسز رپورٹ ہوئے جو کہ ایک عالمی ریکارڈ ہے۔

تیزی سے ساخت تبدیل کرنے والا اومی کرون ویرینٹ اس وقت کرونا کی سب سے تیزی سے پھیلنے والی قسم ہے اور امریکہ میں سال کے آخر میں رپورٹ ہونے والے کیسز کے 59 فیصد کی وجہ یہی ہے۔

دنیا بھر میں اومی کرون کے باعث اموات اور ہسپتال میں داخل ہونے والے مریضوں کی کم شرح کے باعث یہ امید ظاہر کی جا رہی تھی کہ وئرس موسمی بیماری میں تبدیل ہو سکتا ہے تاہم عالمی ادارہ صحت نے خبردار کیا ہے کہ صورت حال اس کے برعکس ہے۔

عالمی ادارہ صحت کی سینئر ایمرجنسیز آفسیر کیتھرائن اسمال وڈ نے بتایا کہ ‘اومی کرون جتنا زیادہ پھیلتا ہے اتنی ہی تیزی سے شکل تبدیل کرتا جاتا ہے، جس سے عین ممکن ہے کہ کوئی نیا ویرینٹ سامنے آ جائے’۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ ’اب اومی کرون مہلک ہو رہا ہے، یہ اموات کا باعث بن سکتاہے جو ڈیلٹا کے مقابلے میں شاید کم ہوں، لیکن نجانے اگلی قسم کیا کچھ کرے۔‘

اس وقت برطانوی حکومت کی جانب سے کہا گیا ہے کہ ہسپتالوں میں عملےکی کمی کے باعث ہنگامی صورت حال نافذ کر دی گئی ہے۔

برطانیہ میں 24 گھنٹے کے دوران دو لاکھ 18 ہزار 724 کیسز سامنے آنے کے بعد وزیراعظم بورس جانسن نے عزم ظاہر کیا  کہ خراب صورت حال والے علاقوں میں فوج اور طبی رضاکاروں کی مدد سے عملے کی کمی کو پورا کیا جائے گا۔

علاوہ ازیں آسٹریلیا جس نے کامیابی سے کیسز پر قابو پا لیا تھا وہاں بھی ایک روز میں 47 ہزار سات سو 38 کیسز کا پچھلا ریکارڈ ٹوٹ گیا ہے۔

لاہور:2روزتک بارش کاسلسلہ وقفےوقفے سےجاری رہےگا

محکمہ موسمیات کےمطابق لاہور میں آئندہ 48 گھنٹوں تک بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری رہے گا۔

لاہورمیں بادل کھل کے برسے تو لاہوریوں نے فوڈ پوائنٹس کا رخ کرلیا اور کھانے پینے کی دکانوں پر رش بڑھ گیا۔

گرم جلیبی اور چٹ پٹے سموسے کی دکانوں پر طویل قطاریں دکھائی دیں۔صبح میں حلوہ پوری کے ناشتے نے شہریوں کےمزے کروا دئیے۔

بارش سے ہر طرف کھلے کھلے نظارے لاہور کے حسن کو نکھار گئے۔محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 48 گھنٹوں تک بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری رہے گا۔

توقع ہے الیکشن کمیشن پی پی اور ن لیگ کی بھی پی ٹی آئی جیسی اسکروٹنی کرے گا،وزیراعظم

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کی طرح ن لیگ اور پی پی کی فنڈنگ پر بھی الیکشن کمیشن کی تحقیقات کا منتظر ہوں۔

وزیراعظم عمران خان نے ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ میں الیکشن کمیشن کی جانب سے سمندرپار پاکستانیوں کی پی ٹی آئی کو کی گئی فنڈنگ کی جانچ پڑتال کا خیرمقدم کرتا ہوں، ہمارے اکاؤنٹس کی جتنی زیادہ جانچ پڑتال کی جائے گی، قوم کے لیے اتنی ہی حقائق کی وضاحت سامنے آئے گی۔

وزیراعظم نے کہا کہ پی ٹی آئی واحد سیاسی جماعت ہے جس کی بنیاد مناسب سیاسی فنڈ ریزنگ پر مبنی ہے، میں مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی کی فنڈنگ پر الیکشن کمیشن کی اسی طرح کی جانچ پڑتال کا منتظر ہوں، جس کے نتیجے میں قوم کو سیاسی فنڈ ریزنگ اور سرمایہ داروں کے مفادات اور احسانات کے بدلے پیسے کی بھتہ خوری کے درمیان فرق دیکھنے کو ملے گا۔

برطانوی شہری محمد ملک نے رشتے کی تلاش کیلئے بِل بورڈز لگادیے

29 سالہ محمد ملک نے رشتے کی تلاش کے لیے انگلینڈ میں بِل بورڈز لگادیے۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق محمد ملک انگلینڈ کے شہر برمنگھم کے رہائشی ہیں جو ایک انوویشن کنسلٹنٹ ہونے کے ساتھ اپنا کاروبار بھی کرتے ہیں، انہوں نے مختلف مقامات پر بل بورڈز لگائے ہیں جس پر ان کی تصویر موجود ہے۔

بل بورڈز پر ناصرف شہری نے اپنی تصویر لگوائی بلکہ اس خواہش کا اظہار بھی کیا کہ انہیں ارینج میریج سے بچایا جائے۔

محمد ملک نے رشتے کی تلاش کیلئے ویب سائٹ بھی بنائی ہے:

محمد ملک نے معقول رشتے کی تلاش کے لیے ویب سائٹ بھی بنائی ہے جس میں انہوں نے ویب سائٹ کو تشکیل دینے کا مقصد واضح کیا۔

جسٹس عائشہ ملک کی تعیناتی: ’سینیارٹی قانونی تقاضہ نہیں‘، ویمن ان لا پاکستان

’دی ویمن ان لا پاکستان‘ نے اپنے جاری کردہ بیان میں کہا ہے کہ ’آئین یا قانون میں سینیئر ترین جج کو ہی سپریم کورٹ میں تعینات کرنے کی کوئی شرط موجود نہیں ہے‘۔

لاہور ہائی کورٹ کی جج جسٹس عائشہ ملک کی سپریم کورٹ میں تقرری کے حوالے سے جاری ہونے والے اس بیان میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ ’کم از کم 41 مرتبہ ایسا ہوا ہے کہ کسی جج کو سینیئر ترین نہ ہونے کے باوجود سپریم کورٹ میں تعینات کیا گیا ہو، اس وجہ سے سینیئر ترین جج کی تعیناتی کوئی روایت بھی نہیں ہے، ’سینیارٹی بار کے کچھ ممبران کا مطالبہ ہے تاہم اس کی کوئی قانونی بنیاد نہیں ہے‘۔

بیان میں آئینِ پاکستان کے آرٹیکل 175 اے (3) کا حوالے دیا گیا ہے ’جس میں صرف چیف جسٹس آف پاکستان کی تقرری کے لیے سینیارٹی کی بات کی گئی ہے‘۔

بیان میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ آرٹیکل (2)177 کے مطابق سپریم کورٹ کا جج بننے کے لیے پاکستان کا شہری اور 5 سال تک ہائی کورٹ کا جج یا 15 سال تک ہائی کورٹ کا ایڈووکیٹ ہونا ضروری ہے۔

بیان کے مطابق ’آرٹیکل 177 میں سپریم کورٹ میں تعیناتی کی شرائط میں ’سینیئر ترین‘ کے الفاظ نہ ہونے کا مطلب ہے کہ سپریم کورٹ میں تعیناتی کے لیے ہائی کورٹ کے جج کا سینیئر ترین ہونا ضروری نہیں ہے‘۔

ویمن ان لا پاکستان نے اپنے بیان میں مزید کہا کہ ’سینیارٹی کو ایک عبوری اقدام کے طور پر اختیار کرنے سے مزید شفافیت اور بہتر نمائندگی کے لیے ضروری مجموعی اصلاحات کی بحث میں رکاوٹ آئے گی‘۔

یہ بیان اس وقت سامنے آیا ہے جب وکلا برادری کے ایک حصے نے چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس گلزار احمد سے جسٹس عائشہ کی ترقی پر غور کرنے کے لیے 6 جنوری کو ہونے والے جوڈیشل کمیشن آف پاکستان کے اجلاس کو ملتوی کرنے کا مطالبہ کیا۔

پیر کے روز ایک نمائندہ اجلاس میں پاکستان بار کونسل کے چیئرمین خوش دل خان اور ایگزیکٹو کمیٹی کے چیئرمین محمد مسعود چشتی اور دیگر نے اعلان کیا تھا کہ اگر ان کا مطالبہ تسلیم نہ کیا گیا تو پاکستان بار کونسل اور تمام بار ایسوسی ایشنز ہر سطح پر عدالتی کارروائیوں کا بائیکاٹ کریں گی۔