All posts by Muhammad Saqib

پاکستانی نوجوان پیدل فریضہ حج کی ادائیگی کیلئے کوئٹہ سے روانہ

کوئٹہ : (ویب ڈیسک) اوکاڑہ سے تعلق رکھنے والا نوجوان پیدل فریضہ حج کی ادائیگی کے لیےکوئٹہ سے روانہ ہوگیا۔
عثمان ارشد پیدل فریضہ حج کی ادائیگی کےلیے اپنے سفر کا آغاز کوئٹہ سے کرتے ہوئے پہلے مستونگ، نوشکی، نوکنڈی، دالبندین اور تفتان سے ہوتے ہوئے ایران جائیں گے۔بعد ازاں عثمان ارشد ایران سے عراق اور کویت سے ہوتے ہوئے سعوی عرب پہنچیں گے، اس دوران عثمان ارشد کو 5400 کلومیٹر سفر پیدل طے کرنا ہوگا اور وہ تقریباً 6 ماہ میں مکہ مکرمہ پہنچیں گے۔
واضح رہے پیدل فریضہ حج کی ادائیگی کے لیے عثمان ارشد یکم اکتوبر کو اوکاڑہ سے روانہ ہوئے تھے، ویزے کےحصول کےلیےعثمان ارشد کو تقریباً ایک ماہ کوئٹہ میں قیام کرنا پڑا۔

پاکستان میں زائد المیعاد ویزوں پر مقیم غیرملکیوں کے قانونی ایگزیکٹ کیلئے آخری موقع

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزارت داخلہ نے ملک میں زائدالمعیاد ویزوں کے باوجود قیام پذیر غیر ملکیوں کے لیے عام اور رعایت کا اعلان کرتے ہوئے قانونی ایگزیٹ کا آخری موقع فراہم کیا ہے۔
وزارت داخلہ کے ذرائع کے مطابق فارنرز ایکٹ 1946 کے تحت زائد از مدت ویزے والے غیر ملکیوں کی سزا 3 سال قید ہے، ایسے غیر ملکیوں کو خبردار کیا گیا ہے کہ 31 دسمبر 2022 کے بعد ایک سال سے زائد مدت ویزا رکھنے والے غیر ملکیوں کے خلاف قانونی کارروائی شروع کر دی جائے گی اور پاکستان میں آئندہ انٹری کے لیے ایسے غیر ملکیوں کو بلیک لسٹ کر دیا جائے گا۔
وزارت داخلہ کی جانب سے ایسے غیر ملکیوں کو 31 دسمبر 2022 سے پہلے پہلے پاکستانی حکام سے ایگزیکٹ پرمٹ حاصل کرنے کی پیشکش کی گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق ایسے غیر ملکی پاکستان آن لائن ویزا سسٹم کے ذریعے (POVS) کے ذریعے اپنی درخواست دے سکتے ہیں تاہم بھارت اور صومالیہ سے تعلق رکھنے والے زائد المیعاد ویزے والے شہریوں کو ایگزیکٹ پرمٹ کے حصول کے لیے وزارت داخلہ کے متعلقہ سیکشن میں جاکر درخواست کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ تمام غیر ملکیوں کو ایگزیکٹ پرمٹ کے حصول کے لیے کوئی اضافی چارجز نہیں دینا ہوں گے اور نہ ہی ان کے خلاف کسی قسم کی کوئی قانونی کارروائی کی جائے گی۔

حارث رؤف انگلینڈ کیخلاف دوسری اننگز میں باولنگ نہیں کریں گے

راولپنڈی : (ویب ڈیسک) فاسٹ بولر حارث رؤف انگلینڈ کے خلاف پہلے ٹیسٹ کی دوسری اننگز میں باولنگ کے لیے دستیاب نہیں ہوں گے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے ایک بیان میں بتایا گیا ہے کہ حارث رؤف راولپنڈی ٹیسٹ کی دوسری اننگز میں باولنگ نہیں کروا سکیں گے۔
پی سی بی کے مطابق حارث رؤف کی دائیں ٹانگ میں کھچاؤ ہے۔ حارث رؤف راولپنڈی ٹیسٹ میں بیٹنگ کے لیے دستیاب ہوں گے۔
واضح رہے کہ حارث رؤف انگلینڈ کے خلاف پہلی اننگز کے پہلے روز فیلڈنگ کے دوران گر گئے تھے جس کے باعث ان کی ٹانگ میں کھچاؤ پیدا ہوا۔ حارث رؤف نے میچ کے دوسرے روز بھی باولنگ نہیں کی تھی۔

‘سندھ کا یوم ثقافت پاکستان میں وفاق کی اکائی کی خوبصورتی اجاگر کرنے کا دن ہے’

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیراعظم شہبازشریف نے سندھ کے ثقافتی دن پرتمام سندھی بہن بھائیوں کو مبارکباد دی ہے ۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر پیغام میں وزیراعظم شہبازشریف نے کہا کہ ہزارہا برس سےسندھ کی تہذیب نہ صرف اس خطے بلکہ انسانیت کی تہذیب میں اپنی تقافت سےخوبصورتی کا رنگ بھرتی آرہی ہے.
ان کا کہنا تھا کہ آج باب الاسلام سندھ کا تقافتی دن،پاکستان میں وفاق کی ایک اکائی کی خوبصورتی اجاگر کرنے کا دن ہے. میں تمام سندھی بھائیوں اور بہنوں کو اس دن پر بے حد مبارکباد پیش کرتا ہوں.
واضح رہے کہ آج سندھ کی ثقافت کو اجاگر کرنے کا دن منایا جا رہا ہے، صوبہ سندھ میں ہر سال دسمبر کے پہلے اتوار کو “ثقافتی دن ” کے طور پر منایا جاتا ہے اور اس موقع پر خصوصی تقاریب کا انعقاد بھی کیا جاتا ہے۔

فیصل واوڈا نا اہلی کیس: سپریم کورٹ نے مختصر تحریری فیصلہ جاری کر دیا

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) سپریم کورٹ آف پاکستان نے فیصل واوڈا نااہلی کیس کا مختصر تحریری فیصلہ جاری کر دیا، 4 صفحات پر مشتمل فیصلہ چیف جسٹس پاکستان عمر عطاء بندیال نے تحریر کیا۔
سپریم کورٹ کی جانب سے جاری تحریری فیصلے میں کہا گیا ہے کہ فیصل واوڈا نے بتایا کہ 25 جون 2018 کو شہریت ترک کرنے کا سرٹیفکیٹ ملا، فیصل واوڈا نے تسلیم کیا کہ ان سے غلط بیانی ہوئی، فیصل واوڈا 2018 میں ممبر اسمبلی بننے کیلئے اہل نہیں تھے۔
عدالتی فیصلے میں مزید کہا گیا ہے کہ فیصل واوڈا کی جانب سے غلطی تسلیم کرنے پر آرٹیکل 63 ون سی کا اطلاق ہوتا ہے، فیصل واوڈا موجودہ اسمبلی کی مدت تک نااہل تصور ہوں گے، فیصل واوڈا آئندہ انتخابات لڑنے کیلئے اہل ہوں گے، سینیٹ کی نشست سے اپنا استعفیٰ ٰفوری چیئرمین سینیٹ کو بھجوائیں۔
سپریم کورٹ نے فیصلے میں مزیدکہا کہ الیکشن کمیشن کے پاس امیدوار کو الیکشن سے قبل نااہل کرنے کا اختیار نہیں، اسلام آباد ہائیکورٹ کا فیصلہ بھی قانون کی نظر میں برقرار نہیں رکھا جا سکتا، الیکشن کمیشن اور ہائی کورٹ کا تاحیات نااہلی کا فیصلہ کالعدم قرار دیا جاتا ہے۔

سیلاب سے متاثرہ ریلوے سیکشن کوٹری دادو ٹریک کی مرمت کا کام مکمل

کراچی: (ویب ڈیسک) سیلاب سے متاثرہ پاکستان ریلویزکے لئے بڑا ریلیف، ریلوے سیکشن کوٹری دادو ریلوے ٹریک کی مرمت کا کام مکمل کر لیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق ساڑھے تین ماہ کی کوششوں کے بعد ٹریک کی مرمت سے آپریشنز کے قابل بنایا گیا، سیلاب اور شدید بارشوں کے بعد متاثرہ ٹریک پر ریلوے آپریشنز معطل تھے۔
ریلوے ذرائع کا کہنا ہے کہ ٹرائل ڈرائیو کے بعد جلد باقاعدہ آپریشنز بحال کئے جائیں گے، جام شورو، کوٹری اور سیہون اسٹیشن کے درمیان 100 کلومیٹر تک ریلوے ٹریک متاثر تھا، سیلابی پانی نے ٹریک پر جگہ جگہ شگاف ڈال دیئے تھے۔
ذرائع کے مطابق ٹریک کی بحالی کے بعد کراچی سے اندرون ملک مکمل ٹرین آپریشنز جلد بحال ہوں گے۔

کابل سفارتخانے پر حملہ، کالعدم تنظیم کے دعوے کی تصدیق کر رہے ہیں، دفتر خارجہ

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ کالعدم تنظیم کی جانب سے کابل میں پاکستانی سفارتخانے پر حملے کی ذمہ داری قبول کرنے کی رپورٹس کا جائزہ لے رہے ہیں۔
موجودہ صورتحال پر اپنا رد عمل دیتے ہوئے ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ افغان حکام کے ساتھ مشاورت سے رپورٹس کی سچائی کی تصدیق کر رہے ہیں۔
دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ حملہ ظاہر کرتا ہے کہ دہشت گردی سے افغانستان اور خطے میں امن کو خطرات لاحق ہیں، دہشت گردی کی لعنت کو شکست دینے کیلئے سب کو مل کر طاقت کے ساتھ کام کرنا ہوگا۔
دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان دہشت گردی سے نمٹنے کے اپنے عزم پر ثابت قدم ہے۔

متنازع ٹوئٹس کیس : اعظم سواتی 5 روزہ جسمانی ریمانڈ پر کوئٹہ پولیس کے حوالے

کوئٹہ: (ویب ڈیسک) متنازع ٹوئٹس کیس میں کوئٹہ کی جوڈیشل مجسٹریٹ عدالت نے تحریک انصاف کے سیینٹر اعظم سواتی کا پانچ روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرلیا۔
تحریک انصاف کے سینیٹر اعظم سواتی کو ضلع کچہری میں جوڈیشل مجسٹریٹ دہم کی عدالت میں پیش کیا گیا۔
عدالت میں پیشی کے وقت قاسم سوری سمیت دیگر قائدین بھی عدالت آئے جبکہ پی ٹی آئی کی جانب سے اقبال شاہ ایڈووکیٹ اور دیگر پیش ہوئے۔
پولیس کی جانب سے اعظم سواتی کے دس روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی گئی تھی تاہم عدالت نے پانچ روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرتے ہوئے انہیں پولیس کے حوالے کر دیا۔
واضح رہے کہ سینیٹر اعظم سواتی کو تین روز قبل اسلام آباد سے گرفتار کر کے راہداری ریمانڈ پر کوئٹہ منتقل کیا گیا تھا۔

عمران نے ارکان اسمبلی کو انتخابات کی تیاری کی ہدایت کر دی، فواد چودھری

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما فواد چودھری نے کہا کہ عمران خان نے پارٹی ارکان اسمبلی کو فوری طور پر انتخابات کی تیاری کرنے کی ہدایت کر دی ہے۔
فواد چودھری کا کہنا تھا کہ چیئرمین پاکستان تحریک انصاف نے پارٹی ارکان اسمبلی کو ہدایات میں کہا کہ وہ حلقوں میں فوری واپس پہنچیں اور عوامی رابطوں میں تیزی لائیں۔
مرکزی رہنما تحریک انصاف نے کہا کہ پی ڈی ایم انتخابات سےایسے ہی بھاگتی رہی جیسے اب بھاگ رہی ہے تو ہم مزید وقت ضائع نہیں کریں گے۔
پی ٹی آئی وقت ضائع کئے بغیر پنجاب اور پختونخوا کےصوبائی انتخابات کیلئے جائے گی، قومی اسمبلی کے انتخابات بعد میں ہوں گے۔

راولپنڈی ٹیسٹ: پاکستان پہلی اننگز میں 579 رنز پر آؤٹ

راولپنڈی: (ویب ڈیسک) راولپنڈی ٹیسٹ کے چوتھے روز پاکستان ٹیم انگلینڈ کے خلاف پہلی اننگز میں 579 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔
چوتھے روز قومی ٹیم کی جانب سے اننگز کا آغاز قومی کھلاڑی آغا سلمان اور زاہد محمود نے 499 نامکمل رنز سے کیا۔
آغا سلمان 63 گیندوں پر 53 رنز کے ساتھ ول جیکس کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوگئے جبکہ زاہد محمود 17 رنز بنا کر اسٹمپڈ آؤٹ ہوئے، اس کے بعد حارث رؤف بھی 12 رنز بنا کر ول جیکس کا شکار ہوگئے۔
انگلینڈ کی جانب سے ول جیکس نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 6 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ 2 وکٹیں جیک لیچ کے حصے میں آئیں، انگلینڈ کو پاکستان پر پہلی اننگز میں 78 رنز کی سبقت حاصل ہوگئی ہے۔
انگلینڈ نے پنڈی ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں 657 رنز بنائے تھے، انگلینڈ کی جانب سے ہیری بروک نے 153، اولی پوپ نے 108، بین ڈکٹ نے 107 اور ریک کرالی نے 122 رنز کی اننگز کھیلی تھیں جبکہ پاکستان کی جانب سے زاہد محمود نے 4 اور نسیم شاہ نے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا تھا۔