All posts by Muhammad Saqib

17 دسمبر کو عمران خان فروری یا مارچ کی تاریخ نہ دے دیں، رانا ثنا اللہ

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ ڈر ہے 17 دسمبر کو عمران خان فروری یا مارچ کی تاریخ نہ دے دیں۔
وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اگر اسمبلیوں سے استعفے دیئے تو پھر ضمنی انتخابات ہوں گے اور جو اسمبلی یہ توڑیں گے وہاں انتخابات کروا دیا جائے گا۔ عمران خان نے راولپنڈی میں ناکامی کے بعد اعلان کر دیا کہ اسمبلیاں توڑ رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ڈر ہے کہیں 17 دسمبر کو عمران خان فروری یا مارچ کی تاریخ نہ دے دیں اور یہ جو مرضی کر لیں انہیں وہ سہولت حاصل نہیں ہو گی جو 2018 میں تھی اور وہ سہولت بھی حاصل نہیں ہو گی جو ضمنی انتخابات میں رہی۔ ہمیں پورا یقین ہے کہ ہم پنجاب میں اکثریت حاصل کر جائیں گے۔
رانا ثنا اللہ نے کہا کہ یہ استعفےٰ دے کر بلیک میلنگ کا طریقہ کار استعمال کرنا چاہتے ہیں۔ قومی اسمبلی کا ضمنی الیکشن نہیں ہو گا بلکہ صرف صوبائی اسمبلیوں کے ضمنی الیکشن کروائے جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ نواز شریف ن لیگ کی انتخابی مہم کو لیڈ کریں گے اور اگر ہم پنجاب میں الیکشن جیت گئے تو پھر اکتوبر کا الیکشن بھی مشکل نہیں رہے گا۔ یہ اسمبلیاں توڑیں ہم الیکشن کے لیے تیار ہیں۔
عمران خان پر تنقید کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عمران خان نے جس حالت میں ملک چھوڑا وہ ڈیفالٹ ہو جاتا اور ان کے ہر حربے اور ہتھکنڈے کا ایک ہی مقصد ہے کہ ملک ڈیفالٹ کر جائے۔ یہ ملک کو ڈیفالٹ کرنے کی تحریک چلا رہا ہے۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ عمران خان کا اسٹیبلشمنٹ اور حکومت پر کوئی دباؤ نہیں اور اب عمران خان کا بیانیہ دفن ہو چکا ہے۔ چڑھائی سے مطالبات منوانے کا عمران خان کا فارمولا ناکام ہوا اور عمران خان ملک کو کسی حادثے سے دوچار کر دے گا۔ صدر سے ملاقات کا مطلب زیرو پلس زیرو ہے۔

صدر مملکت کی عمران خان سے ملاقات، وفاقی وزرا سے ہونے والی ملاقاتوں پر تبادلہ خیال

لاہور: (ویب ڈیسک) صدر مملکت عارف علوی نے چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان سے ملاقات کی اور اسحاق ڈار سمیت دیگر وفاقی وزرا سے ہونے والی ملاقاتوں پر تبادلہ خیال کیا۔
صدر مملکت عمران خان سے ملنے کے لیے زمان پارک ان کی رہائش گاہ پہنچے۔
عارف علوی نے عمران خان کو اسحاق ڈار اور دیگر وزرا سے ہونے والی ملاقاتوں کے بارے میں آگاہ کیا جب کہ عمران خان نے سینیئر لیڈر شپ کے ساتھ اجلاس کے حوالے سے آگاہ کیا۔
عمران خان نے مسلم لیگ ق کے حوالے سے بھی صدر مملکت سے تبادلہ خیال کیا۔

مزید ملکوں کو ویٹو پاور دینے سے عالمی سطح پر خلیج بڑھے گی: بلاول

نیویارک: (ویب ڈیسک) وزیرخارجہ بلاول بھٹو زرداری نے نیویارک میں اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے زیر اہتمام ایک مباحثے سے خطاب کیا، اس مباحثے کا عنوان پائیدار امن اور سکیورٹی تھا۔
بلاول نے اپنے خطاب میں کہا کہ کسی بھی تنازعے کے فریق دوطرفہ معاملہ کہہ کر توجہ نہیں ہٹاسکتے، سلامتی کونسل تسلیم شدہ تنازعات کے حل میں مؤثر کردار ادا کرے، دیرینہ تنازعات کو سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق حل ہونا چاہیے۔
وزیرخارجہ نے کہا کہ سلامتی کونسل میں توسیع بالادستی کے بجائے برابری کی بنیاد پر ہونی چاہیے، مزید ملکوں کو ویٹو پاور دینے سے عالمی سطح پر خلیج بڑھے گی، قراردادوں پر عمل نہ کرنے والے ملک مستقل رکن کیسے بن سکتے ہیں؟
بلاول نے کہا کہ عالمی سطح پر قیام امن کے ساتھ سماجی اور معاشی ترقی کا چیلنج درپیش ہے، کوپ 27 میں لاس اینڈ ڈیمج فنڈ کا قیام بڑی پیش رفت ہے۔
انہوں نے کہا کہ عالمی سطح پر انصاف کیلئے اقوام متحدہ پر اہم ذمہ داری عائد ہوتی ہے، عالمی امن اور متعلقہ مسائل کاحل سلامتی کونسل کی ذمہ داری ہے۔

عمران کے کھلائے گل قوم کے سامنے آچکے ہیں، مریم اورنگزیب

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ عمران خان کا رونا، پیٹنا اور چیخنا این آر او کے لئے ہے، انہوں نے جو گل کھلائے وہ قوم کے سامنے آ چکےہیں۔
پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کے بیان پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ عمران صاحب! الزام ثابت کیوں نہیں کئے؟ ثبوت کیوں نہیں دیئے، چار سال آپ نے جو کیا ہے وہ ذرا عوام کو بتا دیں۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ عمران صاحب اتنی عجلت اور پریشانی کیوں ہے؟ عمران خان اب چور چور اور حقیقی آزادی کی گردان کرتے ہوئے ذہنی مریض لگتے ہیں، عمران صاحب کل کروں گا، آج کروں گا، کل تاریخ دوں گا، آج تاریخ دوں گا، پکی جھوٹی عادتیں نہیں جاتیں۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ کسی نے کوئی چوری کی تھی تو چار سال میں الزام ثابت کرتے، حقیقی آزادی اب صرف زہریلے اور سازشی فتنے سے آزادی ہے۔

مونس کی عمران خان سے ملاقات، آئندہ کے لائحہ عمل پرمشاورت

لاہور: (ویب ڈیسک) مسلم لیگ (ق) کے رہنما و وزیراعلیٰ پنجاب پرویز الٰہی کے بیٹے مونس الٰہی نے سابق وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کی ہے۔
زمان پارک لاہور میں ہونے والی ملاقات میں شاہ محمود قریشی، اسد عمر اوردیگررہنما شریک ہوئے۔
ملاقات میں ملکی سیاسی صورتحال اورآئندہ کے لائحہ عمل پرمشاورت کی گئی۔ ملاقات کے حوالے سے مونس الٰہی کا کہنا تھاکہ ملاقات میں آگے بڑھنے کے راستوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان اوران کی ٹیم کے ساتھ مل کر ہمیشہ خوشی ہوئی، فالو اپ میٹنگ جلد ہوگی۔
خیال رہے کہ سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ 17 دسمبر کو پنجاب اور خیبر پختونخوا کی صوبائی اسمبلیاں توڑنے کا اعلان کریں گے۔

پی ٹی آئی دور میں تحائف کو لنڈا بازار کا مال سمجھ کر بیچا گیا، عطا تارڑ

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) معاون خصوصی وزیر اعظم عطا تارڑ نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی دور میں توشہ خانہ کے تحائف کو لنڈا بازار کا مال سمجھ کر اوپن مارکیٹ میں بیچا گیا۔
عطا تارڑ نے کہا کہ عمران خان نے سیدھی سیدھی کرپشن کی، دوست ممالک سے ملنے والے قیمتی تحائف قوم کی امانت ہوتے ہیں، ایسا نہیں ہوسکتا عمران اربوں کی چوری کرے اور کوئی نہ پوچھے۔
معاون خصوصی وزیر اعظم عطا تارڑ کا کہنا تھا کہ ابھی تو اربوں روپے کے وہ تحفے ہیں جو ان ڈکلیئرڈ ہیں، یہ تو ٹپس آف دی آئس برگ ہے، 12 سے زائد دوروں پر وزرا کو تحفے ملے تو کیا عمران خان کو نہیں ملیں گے؟

فیفا ورلڈ کپ: فرانسیسی صدر سیمی فائنل دیکھنے قطر پہنچ گئے

دوحہ: (ویب ڈیسک) فرانسیسی صدر ایمانوئل میکرون فیفا ورلڈ کپ کا سیمی فائنل میچ دیکھنے قطر پہنچ گئے۔
عرب میڈیا کے مطابق فرانسیسی صدر ایمانوئل میکرون اسٹیڈیم میں فرانس اور مراکش کے درمیان ہونے والا سیمی فائنل میچ دیکھیں گے، فیفا ورلڈ کپ میں دوسرا سیمی فائنل مراکش اور فرانس کے درمیان رات 12 بجے شروع ہوگا۔
مراکش دنیا کے قدیم ترین اور تاریخی ممالک میں ایک ہے۔ مراکش پر کئی عرصے فرانس کی حکومت بھی رہی ہے۔
یاد رہے قطر ورلڈ کپ میں مراکش کی ٹیم الگ ہی روپ میں نظر آئی۔ گروپ میچز میں ناقابل شکست رہی۔ پری کوارٹڑ فائنل میں 2010 کی چیمپئن اسپین کو پینالٹی ککس پر شکست دی، پھر کوارٹر فائنل میں ایک اور فیورٹ ٹیم پرتگال کو ہرایا
دوسری جانب دفاعی چیمپئن فرانس ہے، جو ٹورنامنٹ میں اب تک بہترین کھیل پیش کر رہی ہے البتہ گروپ میچز میں اسے تیونس سے شکست ہوئی تھی۔
مراکش اور فرانس کی ٹیمیں اب تک پانچ مرتبہ انٹرنیشنل مقابلوں میں آمنے سامنے آئیں، چار بار فرانس جیتا جبکہ 2007 میں مقابلہ دو دو سے برابر رہا تھا۔

اربوں کے زیور کوڑیوں کے بھاؤ خریدے، عمران خان کا مبینہ نیا سکینڈل

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) سابق وزیر اعظم، چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی جانب سے توشہ خانہ سے اربوں کے زیورات کی کوڑیوں کے بھاؤ مبینہ خریداری کا نیا سکینڈل منظر عام پر آگیا۔
ذرائع کے مطابق سرکاری تحائف توشہ خانہ کے حوالے کرنے کے بجائے وزیراعظم ہاؤس میں ہی رکھے گئے، کم طے کی گئی قیمت بھی من و عن تسلیم کی، کسی نے اعتراض نہ اٹھایا۔
ستمبر 2020 میں سعودی ولی عہد نے سابق وزیراعظم عمران خان کو انتہائی قیمتی تحائف بھیجے، تحائف میں گراف کا انتہائی نایاب، پیلا اور سفید ڈائمنڈ جیولری سیٹ شامل تھا، سیٹ میں ہار، بریسلٹ، بالیاں اور 10 قیراط کی انگوٹھی شامل تھی۔
ذرائع کے مطابق معروف غیر ملکی جیولرز نے ان کی مالیت تقریباً 3 سے 4 ارب روپے بتائی، کیبنٹ ڈویژن نے پرائیویٹ ڈیلر سے ایک کروڑ 80 لاکھ روپے قیمت لگوائی، عمران خان نے مبینہ طور پر صرف 90 لاکھ روپے دے کر سیٹ اپنے پاس رکھ لیا۔
ایک ہیرے کی انگوٹھی اور کف لنکس کا جوڑا بھی عمران خان کو گفٹ کیا گیا، کیبنٹ ڈویژن نے ان کی قیمت 49 لاکھ روپے لگوائی، عمران خان نے مبینہ طورپر 24 لاکھ ادا کر کے حاصل کرلیا، غیر ملکی جیولرز نے ان کی قیمت تقریباً 100 ملین روپے بتائی۔
ذرائع نے مزید بتایا کہ قطر کے امیر نے بھی عمران خان کو زیورات کا تحفہ دیا، زیورات کا یہ سیٹ دوحہ کے مشہور جیولر نے بنایا تھا، سیٹ میں ہار، دو بریسلیٹ، دو انگوٹھیاں اور بالیاں شامل تھیں، کیبنٹ ڈویژن نے اس کی مالیت 11 لاکھ روپے بتائی، عمران خان نے مبینہ طور پر5 لاکھ 50 ہزار دے کر خرید لیا۔

برآمدات میں اضافے کیلئے ایکسپورٹرز کی بھرپور مدد کریں گے، وزیر اعظم

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ برآمدات میں اضافے کے لیے ایکسپورٹرز کی بھرپور مدد کریں گے۔
وزیر اعظم شہباز شریف کی زیرصدارت معاشی صورتحال پر اہم اجلاس ہوا۔ جس میں وزیر اعظم نے معاشی ٹیم کو واضح اہداف دے دیتے ہوئے کہا کہ حکومت عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) کے ساتھ موجودہ پروگرام پورا کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ برآمدات میں اضافے کے لیے ایکسپورٹرز کی بھرپور مدد کریں گے اور انہیں تمام ممکنہ سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ موجودہ حکومت کو تباہ حال اور بدحال معیشت ملی تھی جسے ہم نے استحکام دیا جبکہ بیرون ملک پاکستانی بینکنگ چینلز سے رقوم وطن کو ارسال کریں۔
شہباز شریف نے کہا کہ توانائی کے شعبے میں پوری توجہ اور تندہی کے ساتھ اصلاحات پر عمل کیا جائے جبکہ گردشی قرض میں کمی اولین ترجیح ہے۔ بجلی کی پیداوار میں اضافے کے ساتھ ہمیں گردشی قرض سے بھی نمٹنا ہے۔ ہمیں توانائی کی مقامی سطح پر پیداوار اور اضافے کے لیے کوششیں کرنا ہوں گی۔
انہوں نے کہا کہ مہنگے درآمدی ایندھن کی وجہ سے عام عوام پر بوجھ پڑتا ہے اور توانائی کی بچت، عمومی رویوں کو بہتر بنانے کے لیے بھی مہم شروع کی جائے کیونکہ عوام کو آگاہ کرنا ہے کہ توانائی کی بچت کرنا اس وقت قومی ضرورت ہے۔
وزیر اعظم نے کہا کہ 2018 میں جی ڈی پی کی شرح 6.1 فیصد تھی لیکن سابقہ حکومت کی بدترین گورننس اور بدانتظامی نے معیشت کو جمود کا شکار کیا۔ 2018 میں قرضہ 25 ٹریلین روپے تھا لیکن مارچ 2022 تک قرضہ 44.5 ٹریلین تک پہنچ گیا۔ معاشی اشاریے موجودہ حکومت کو انتہائی بری حالت میں ملے تاہم موجودہ حکومت نے انتہائی مشکل حالات میں صورتحال کو سنبھالا دیا۔
انہوں نے کہا کہ سیلاب کی صورتحال کی وجہ سے پاکستان کی معاشی بحالی کے عمل کو دھچکا لگا تاہم حکومت نے 3 کروڑ 30 لاکھ پاکستانیوں کی مدد میں معاشی مشکلات کو حائل نہیں ہونے دیا۔ ملک کو بتدریج معاشی مشکلات کے بھنور سے نکالا جائے گا۔ توانائی کی بچت کی جائے اور کفایت شعاری اختیار کرتے ہوئے اخراجات پر قابو پایا جائے۔

میں کمزور ہوں، ٹرک نہیں کھینچ سکتا: مارک ووڈ کا شعیب اختر کو جواب

کراچی: (ویب ڈیسک) انگلش باؤلر مارک ووڈ نے شعیب اختر کو دلچسب جواب دیتے ہوئے کہا کہ میں کمزور ہوں، ٹرک نہیں کھینچ سکتا۔
سابق پاکستانی باؤلر شعیب اختر نے ایک انٹرویو میں انگلش باؤلر مارک ووڈ کو باؤلنگ کی رفتار بڑھانے کیلئے ٹرک کھینچنے کا مشورہ دیا تھا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ اگر مارک وڈ سوچ رہے ہیں کہ وہ 155 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے گیند نہیں کرسکتے تو وہ بلکل غلط ہیں۔
یہاں شعیب اختر نے اپنی مثال دیتے ہوئے کہ میں گیند کو اس کے وزن سے چار گنا بھاری کر دیتا تھا اور وزن اٹھا کر ٹریننگ کیا کرتا تھا۔
انگلش باؤلر مارک ووڈ نے شعیب اختر کے بیان پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا انہیں (شعیب کو) نہیں پتہ کہ میں کتنا کمزور ہوں۔ میں ٹرک نہیں کھینچ سکتا۔ شعیب اختر کی تعریف کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مجھے ایک بڑے بولر کی نقل کرنا اچھا لگتا ہے۔
پاکستانی عوام کی تعریف کرتے ہوئے مارک ووڈ نے کہا کہ یہاں کا کراؤڈ بہترین رہا اور مجھے شعیب اختر کی طرح کی فاسٹ بولنگ سے محبت ہے۔ واضح رہے پاکستان اور انگلینڈ کی ٹیسٹ سیریز کا تیسرا میچ 17 دسمبر سے کراچی میں شروع ہو گا۔