All posts by Khabrain News

سائنسدانوں نے انڈوں کو طویل عرصے تک محفوظ کرنے کا طریقہ ڈھونڈ نکالا

سائنسدانوں نے انڈوں کو زیادہ دیر تک ذخیرہ کرنے کا نیا طریقہ متعارف کرایا ہے۔

لوزیانا اسٹیٹ یونیورسٹی (ایل ایس یو) کے محققین نے دعویٰ کیا ہے کہ انہوں نے انڈوں کی شیلف لائف کو بڑھانے کا طریقہ دریافت کرلیا ہے۔

ایل ایس یو کے زرعی مرکز کی طرف سے فراہم کردہ معلومات کے مطابق پیٹنٹ شدہ اس عمل میں نمی کی کمی اور بیکٹیریل افزائش کے خلاف حفاظتی رکاوٹ پیدا کرنے کے لیے کرسٹیشین شیلز سے حاصل کردہ چٹوسن کا استعمال کیا جاتا ہے۔

واضح رہے کہ نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ہیلتھ کے مطابق، چٹوسن پہلے سے ہی پھلوں اور سبزیوں پر مبنی خوراک کے تحفظ کے طور پر اور بعض ادویات میں استعمال ہوتا ہے۔

ایل ایس یو کے فوڈ سائنسدان یوپینگ گاؤ نے کہا کہ جن انڈے میں یہ حفاظتی کوٹنگ ہوتی ہے وہ کمرے کے درجہ حرارت پر سات ہفتوں تک محفوظ اور کھانے کے قابل رہ سکتے ہیں۔

یوپینگ اور ان کی ٹیم نے ایل ایس یو زرعی مرکز کے فوڈ سائنسدانوں کے ساتھ مل کر اس طریقے پر کام کیا ہے۔

چیمپئینز ٹرافی؛ انگلینڈ نے اسکواڈ کا اعلان کردیا! بین اسٹوکس کی چھٹی

انگلینڈ نے دورہ بھارت اور پاکستان میں شیڈول آئی سی سی چیمپئینز ٹرافی کیلئے اسکواڈ کا اعلان کردیا۔

انگلش ٹیم کے کپتان بین اسٹوکس اگلے برس پاکستان میں شیڈول چیمپیئینز ٹرافی ون ڈے انٹرنیشنل ٹورنامنٹ اور بھارت کیخلاف وائٹ بال دورے سے باہر ہوگئے ہیں۔

ٹیم مینجمنٹ کی جانب سے اعلان ایسے وقت میں کیا گیا ہے کہ جب انگلش ٹیم کو کیویز کے ہاتھوں سیریز کے تیسرے ٹیسٹ میچ میں شکست کا منہ دیکھنا پڑا تھا۔

بین اسٹوکس تیسرے ٹیسٹ میچ کی دوسری اننگز میں بیٹنگ کیلئے بھی نہیں آسکے تھے کیونکہ وہ ہیمسٹرنگ کا شکار تھے جس کے باعث انہیں سلیکشن کیلئے زیر غور نہیں لایا گیا۔

بھارت کیخلاف وائٹ بال سیریز اور چیمپئینز ٹرافی ٹورنامنٹ کیلئے انگلش ٹیم کی کپتانی جوز بٹلر کے سپرد کی گئی ہے جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں جوفرا آرچر، گس اٹکنسن، جیکب بیتھل، ہیری بروک، برائیڈن کارس، بین ڈکٹ، جیمی اوورٹن، جیمی اسمتھ، لیام لیونگسٹون، عادل رشید، جو روٹ ، ثاقب محمود، فل سالٹ، مارک ووڈ شامل ہیں۔

سائبیریا سے چلنے والی تیز ہواؤں کا آج بلوچستان میں داخل ہونے کا امکان

بلوچستان کے اکثر اضلاع میں خشک سردی بڑھنے کا امکان ہے جبکہ سائبیریا سے چلنے والی تیز ہوائیں آج بلوچستان میں داخل ہوں گی۔

محکمہ موسمیات کے مطابق سائبیریا کی ہواؤں کے سبب آئندہ چند روز تک سردی میں مزید اضافہ کا امکان ہے۔

دوسری جانب، کوئٹہ شہر اور اطراف میں آج صبح سے مطلع ابر آلود ہے تاہم صوبے کے مختلف اضلاع میں ہلکی بوندا باندی کا امکان ہے۔

کوئٹہ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی پانچ اور قلات میں منفی سات ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ زیارت، کان مہترزئی اور خانوزئی میں منفی چھ ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

اس کے ساتھ، جھل مگسی، نصیر آباد، نوکنڈی اور سبی میں بھی موسم سرد رہنے کا امکان ہے۔

بھارتی اسکولوں کو بم سے اڑانے کی دھمکی میں طبا ملوث نکلے؛ امتحان ملتوی کرانا چاہتے تھے

بھارت میں آئے دن ہوائی اڈوں اور اسکولوں کو بم سے اڑانے کی دھمکیاں مل رہی ہیں جسے اسکول کے طلبا نے ’موقع غنیمت‘ جان کر ایک کھیل رچایا۔

 بھارتی میڈیا کے مطابق نئی دہلی کے تین اسکولوں کو بم سے اُڑانے کی دھمکیاں ملی تھیں۔ یہ دھمکیاں اسکول کے ای میل ایڈریس پر بھیجی گئی تھیں۔

پولیس نے تین اسکولوں میں ایک ساتھ بم سے اُڑانے کی دھمکیوں پر سائبر سیل سے مدد حاصل کی اور جلد ہی واقعے میں ملوث شرپسندوں تک پہنچ گئی۔

اسکولوں کو بم دھماکے سے اُڑانے کی دھمکیاں دینے والے وی پی این کا استعمال کر رہے تھے اس لیے سائبر سیل کو ان تک پہنچنے میں وقت لگا۔

وینکٹیشور گلوبل اسکول کو بھیجی گئی دھمکی اسکول میں پڑھنے والے دو بہن بھائیوں نے کی تھیں تاکہ امحانات ملتوی کرا سکیں۔

اسی طرح دیگر دواسکولوں کو بھیجی گئی دھمکیوں میں بھی اسکول کے طلبا ہی ملوث پائے گئے تھے۔

طلبا کا کہنا تھا کہ آئے دن ہوائی اڈوں کو بم دھماکے سے اُڑانے کی دھمکی آمیز ای میلز کا سُن کر یہ آئیڈیا آیا تاکہ امتحان کی تیاری میں مزید وقت مل جائے۔

ملزمان کی عمریں 18 سال سے کم ہونے اور والدین کی جانب سے آئندہ ایسی حرکت نہ ہونے کا یقین دہانی کے بعد طلبا کو رہا کردیا گیا۔

مطالبات نہ مانے گئے تو سول نا فرمانی تحریک میں زرمبادلہ بند کرنے کا کہیں گے، عمر ایوب

قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر عمر ایوب نے کہا ہے کہ اگر ہمارے مطالبات نہ مانے گئے تو سول نا فرمانی کی تحریک شروع کریں گے، بیرون ملک سے آنے والے زرمبادلہ بند کرنے کا کہیں گے۔

ہری پور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی نے مذاکراتی کمیٹی نیک نیتی سے بنائی تھی، اب حکومت نے بھی مذاکراتی کمیٹی بنا دی ہے۔

عمر ایوب حان نے کہا کہ ہمارامطالبہ ہے 9 مئی اور 26 نومبر کے واقعات کی تحقیقات کے لیے جوڈیشنل کمیشن بنایا جائے، اگر ہمارے مطالبات نہ مانے گئے تو سول نا فرمانی کی تحریک شروع کریں گے۔

اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ ہم بیرون ملک سے آنے والے زرمبادلہ بند کرنے کا کہیں گے، فوجی عدالتوں سے ہمارے ورکرز کو غیر آئینی طور پر سزا دی گئی، فوجی عدالتوں سے سزا کی اجازت سپریم کورٹ کے اختیارات سے تجاوز ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ غیرآئینی کاموں کی وجہ سے ملک میں سرمایہ کاری نہیں ہو رہی، انہی اقدامات کی وجہ سے پی آئی اے کی بولی 85 ارب  کے بجائے 10 ارب روپے لگی۔

نو مئی کے سربراہ کو سزا ضرور ہوگی، وفاقی وزیر اطلاعات

وزیراطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ نو مئی کے سربراہ کو سزا ضرور ہوگی، یہ ناقابل معافی جرم ہے۔

لاہور میں عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ  مسلم لیگ ن کے دو رحکومت میں ہمیشہ ملک میں ترقی ہوئی، دوست ممالک کے سرمایہ کار پاکستان آ رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ملکی معیشت آج بہتری کی جانب گامزن ہے اور مہنگائی میں نمایاں کمی آئی ہے، روپیہ مستحکم ہے اور اسٹاک مارکیٹ اوپر جارہی ہے۔

وزیراطلاعات نے کہا کہ نومئی ملکی تاریخ کا سیاہ ترین دن ہے، پی ٹی آئی والوں نے ملک کے دفاع اورسالمیت کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی، شہداء کی یادگاروں کی بے حرمتی کی گئی۔

انہوں نے کہا کہ سیاست کی آڑمیں ملک پر حملے کئے گئے، پاکستان ہے تو ہم سب ہیں، سیاسی دہشت گردی نہیں چلے گی، سیاست تہذیب و تمدن کے دائرے میں رہ کرکی جائے۔

ہالی ووڈ اداکارہ بلیک لائیولی نے ہدایتکار پر جنسی ہراسانی کا مقدمہ دائر کردیا

ہالی ووڈ اداکارہ اور مشہور اداکارہ ریان رینالڈ کی اہلیہ بلیک لائیولی نے اپنے ساتھی اداکار اور ہدایت کار جسٹن بیلڈونی پر جنسی ہراسانی کا مقدمہ دائر کیا ہے۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق اداکارہ کی جانب سے فلم کے ہدایتکار پر جنسی طور پر ہراساں کیے جانے کے الزامات عاید کیے گئے ہیں۔

اداکارہ نے مقدمے میں فلم پروڈکشن کے دوران ہدایت کار جسٹن بیلڈونی کے مبینہ رویے اور حرکات سے متعلق کئی سنگین الزامات لگائے ہیں۔

واضح رہے کہ بلیک لائیولی رواں سال ریلیز ہونے والی ہالی ووڈ فلم (It Ends with Us) میں کام کررہی تھی، جس کی شوٹنگ کے دوران تعلقات خراب ہونے کے کچھ ماہ بعد اب اس مقدمے کی خبر سامنے آئی ہے۔

دوسری جانب جسٹن بیلڈونی کے وکیل نے مقدمے کے جواب میں الزامات کو جھوٹا اور قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اداکارہ نے فلم کی شوٹنگ چھوڑنے اور پروموشن نہ کرنے کی دھمکی دی تھی، جس کی وجہ سے فلم کی ریلیز پر بھی اثر پڑا۔

اے آئی ٹیکنالوجی نے رونالڈو کو اہلیہ کے ہمراہ زیارت کروادی

اے آئی ٹیکنالوجی نے پرتگال کے اسٹار فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو کو اہلیہ کے ہمراہ مقدس مقامات زیارت کروادی۔

سعودی فٹبال کلب الںصر کے معروف فٹبالر آرٹیفیشل انٹیلیجنس (اے آئی) کے ذریعے سعودی عرب کی انتہائی مقدس مقام کی زیارت کروانے کی تصاویر سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہورہی ہے۔

رونالڈو کو اہلیہ کے ہمراہ زیارت کرتے دکھایا گیا ہے جس پر کئی صارفین تنقید کا نشانہ بنارہے ہیں جبکہ کچھ نے تصویر کو حقیقت کے قریب تر قرار دیا ہے۔

یہ تصاویر النصر فٹبال کلب کے سابق گول کیپر ولید عبداللہ کے بیان کے بعد وائرل ہوئی ہیں جس میں انکا کہنا تھا کہ کرسٹیانو رونالڈو اسلام قبول کرنا چاہتے ہیں۔

ولید عبداللہ کا مزید کہنا تھا کہ اسلام قبول کرنے کے متعلق رونالڈو سے بات کی تھی اور انہیں اس میں دلچسپی تھی۔ ایک دفع انہوں نے گول کر کے میدان میں سجدہ کیا۔ جب رونالڈو نے سجدہ کیا تو تمام کھلاڑیوں نے ہم آواز ہوکر (اللہ اکبر) کا نعرہ لگایا۔ وہ جب بھی آذان سنتے ہیں تو کوچ سے ٹریننگ روکنے کا کہتے ہیں۔

اسپیکر قومی اسمبلی نے حکومت اور پی ٹی آئی کی مذاکراتی کمیٹیوں کا پہلا اجلاس کل طلب کرلیا

قومی اسمبلی کے اسپیکر سردار ایاز صادق نے حکومت اور پی ٹی آئی کی مذاکراتی کمیٹیوں کا پہلا اجلاس کل طلب کر لیا ہے۔

اسپیکر ایاز صادق نے کہا کہ مذاکرات کا عمل آگے بڑھانے کےلیے دونوں کمیٹیوں کے اراکین کو کل دن ساڑھے 11 بجے ملاقات کی دعوت دی ہے، کمیٹیوں کے اراکین سے پارلیمنٹ ہاؤس میں اپنے چیمبر میں ملاقات کروں گا۔

ایاز صادق نے اپوزیشن سے مذاکرات کے لیے وزیراعظم کی طرف سے کمیٹی تشکیل دینے کا خیر مقدم اور اظہار تشکر کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسائل کو مذاکرات سے حل کرنے کے حوالے سے وزیراعظم کا اقدام خوش آئند ہے۔

اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ نیک نیتی سے حکومت اور اپوزیشن کو مذاکرات کی دعوت دی ہے، اسپیکر افس کے دروازے ہمیشہ اراکین کے لیے کھلے ہیں، بات چیت اور مکالمے سے ہی آگے بڑھا جا سکتا ہے۔

واضح رہے کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف نے اسپیکر قومی اسمبلی کی تجویز پر حکومتی اتحاد کے ممبران پر مشتمل مذاکراتی کمیٹی تشکیل دے دی ہے۔

حکومتی کمیٹی میں نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، رانا ثنا اللہ خان، سینیٹر عرفان صدیقی، راجہ پرویز اشرف، نوید قمر، ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی، علیم خان اور چوہدری سالک حسین شامل ہیں۔

تحریک انصاف کی جانب سے عمر ایوب، اسد قیصر، سلمان اکرم راجہ، علی امین خان گنڈا پور اور صاحبزادہ حامد رضا کمیٹی میں شامل ہیں۔

گزشتہ رات چیئرمین تحریک انصاف بیرسٹر گوہر نے اسپیکر قومی اسمبلی سے مذاکرات کے لیے اپنا کردار ادا کرنے کی استدعا کی تھی۔ انہوں نے تحریک انصاف کے ساتھ مذاکرات کی پیشکش پر زور دیا تھا۔

مردان: جائیداد کے تنازع پر باپ کی فائرنگ سے بیٹا، پوتا اور بہو قتل

خیبر پختونخوا کے ضلع مردان کے علاقے تخت بائی میں جائیداد کے تنازع پر فائرنگ کرکے 3 افراد کو قتل کردیا گیا۔

پولیس کے مطابق تخت بھائی کے علاقے یخ کوہی میں جائیداد کے  تنازع پر باپ نے بیٹے کے ساتھ مل کر فائرنگ کی جس کے نتیجے میں دوسرا بیٹا، پوتا اور بہو جاں بحق ہوگئے۔

پولیس کے مطابق واردات کے بعد ملزمان جائے وقوعہ سے فرارہوگئے۔

پولیس نے بتایا کہ یخ کوہی میں ملزم شیر عالم او اس کے بیٹے عبدالرحمٰن نے کھیتوں میں کام کے دوران بیٹے، پوتے اور بہو پر فائرنگ کی۔