All posts by Khabrain News

بارڈر گواسکر ٹرافی؛ بھارتی کھلاڑی کو نظر انداز کیوں کیا گیا؟

سابق بھارتی کرکٹر و کمنٹیٹر سنیل گواسکر نے انکشاف کیا ہے کہ منتظمین نے دوٹوک الفاظ میں آگاہ کردیا تھا کہ اگر آسٹریلیا سیریز جیت جاتا ہے تو بارڈر- گواسکر ٹرافی کی پریزنٹیشن تقریب میں انہیں نہیں بلایا جائے گا۔

سیریز میں بھارتی ٹیم کی شکست کے بعد سنیل گواسکر نے اپنے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ سڈنی ٹیسٹ میچ کے آغاز سے قبل منتظمین نے انہیں بتادیا تھا کہ اگر ٹیسٹ سیریز ڈرا ہوئی تو انہیں اسٹیج پر مدعو کیا جائے گا اور اگر آسٹریلیا نے فتح پائی تو انہیں آنے کی ضرورت نہیں ہوگی۔

بھارت آسٹریلیا ٹیسٹ سیریز کیلئے ٹرافی کا نام سنیل گواسکر اور ایلن بارڈر کی شاندار جوڑی کے نام پر رکھا گیا ہے۔

تاہم گواسکر نے شکوہ کیا کہ انہیں ٹرافی وصول کرنے کے لیے مدعو نہیں کیا گیا کیونکہ وہ ہندوستانی ہیں، اگر بارڈر اور میں دونوں ملکر ٹرافی آسٹریلیا کو دیتے تو زیادہ اچھا ہوتا کیونکہ ٹرافی پر میرا بھی نام ہے۔

میں یہاں گراؤنڈ پر ہوں، میرے نزدیک اس بات سے کوئی فرق نہیں پڑتا کہ جب پریزنٹیشن میں بلایا جاتا ہے یا نہیں لیکن صرف اس لیے کہ میں ہندوستانی ہوں، اس لیے ٹرافی دینے کیلئے شاید نہیں بلایا گیا۔

پاک فوج کا گلگت بلتستان کے عوام کے لیے نایاب تحفہ

گلگت بلتستان کے علاقے طاوس میں پاک فوج اور ایس سی او کی جانب سے فری لانسنگ ہب کا قیام عمل میں لایا گیا ہے۔

ایس سی او کی جانب سے گورنمنٹ بوائز ہائی اسکول طاوس میں فری لانسنگ ہب قائم کیا گیا۔ اسکول کے پرنسپل شاہین بیگ نے پاک فوج کے احسن اقدام کو سراہا۔

شاہین بیگ نے کہا کہ نوجوانوں کی ضروریات کو مد نظر رکھتے ہوئے ایک بہترین فری لانسنگ ہب بنایا گیا، اس فری لانسنگ ہب سے نہ صرف اسکول کے بچوں کو فائدہ ہوگا بلکہ باہر کے لوگ بھی اس سے مستفید ہوں گے۔ اس فری لانسنگ ہب سے بچے آن لائن بزنس، فری لانسنگ اور ڈیجیٹل مارکیٹنگ سیکھیں گے۔

اسکول کے پرنسپل کا کہنا تھا کہ ایسے فری لانسنگ ہبز وقت کی اہم ضرورت ہیں، اس ہب کے ذریعے نوجوانوں کے لیے روزگار کے مواقع قائم ہوں گے، اسکول کے بچوں کو اس ہب سے بہت کچھ سیکھنے کو ملے گا۔

بھارتی فوج کا ایک اور ہیلی کاپٹر گر کر تباہ، 3 ہلاک اور 2 زخمی

ریاست گجرات میں بھارتی کوسٹ گارڈ کا ہیلی کاپٹر ہچکولے کھاتے ہوئے زمین بوس ہوگیا اور اس میں آگ بھڑک اُٹھی۔

بھارتی میڈیا کے مطابق ریاست گجرات کے علاقے پوربندر میں انڈین کوسٹ گارڈ کے ایڈوانسڈ لائٹ ہیلی کاپٹر نے معمول کی تربیتی پرواز بھری تھی۔

ہیلی کاپٹر میں 5 افراد موجود تھے۔ پرواز بھرنے کے کچھ ہی دیر بعد ہیلی کاپٹر کا کنٹرول ٹاور سے رابطہ منقطع ہوگیا تھا۔

سرچ آپریشن کے لیے بھیجی گئی ٹیم کو کچھ ہی دوری پر ہیلی کاپٹر کا ملبہ مل گیا۔ ملبے سے تین لاشیں اور دو زخمیوں کو نکالا گیا۔

بھارتی کوسٹ گارڈ کے ترجمان نے بتایا کہ واقعے کی تحقیقات کی جا رہی ہیں تاہم ابتدائی طور پر لگتا ہے کہ ہیلی کاپٹر کو حادثہ فنی خرابی کے باعث پیش آیا۔

یاد رہے کہ 2021 میں ایسے ہی ایک حادثے میں بھارتی چیف آف ڈیفنس اسٹاف جنرل بپن راوت سمیت 13 افسران ہلاک ہوگئے تھے۔

نااہلی، غفلت اور کرپشن کے باعث بھارتی فوج کے طیاروں اور ہیلی کاپٹرز کے خزاں رسیدہ پتوں کی طرح بکھرنے کے درجنوں واقعات کے بعد گزشتہ برس ایک اہم حفاظتی اپ گریڈ کا آغاز کیا گیا تھا۔

یہ اپ گریڈیشن مکمل ہوچکی ہے اور مقامی طور پر بنائے گئے ہیلی کاپٹرز پر نصب اپ گریڈ شدہ کنٹرول سسٹم سے ان کی فضائی صلاحیت میں بہتری کی توقع بھی کی جا رہی تھی لیکن حادثات پھر بھی نہ رک سکے۔

صائم ایوب کو علاج کیلئے فوری لندن بھیجنے کا فیصلہ

چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) محسن نقوی نے صائم ایوب کو فوری طور پر علاج کیلئے لندن بھیجنے کا فیصلہ کرلیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے اوپنر صائم ایوب کو فون کرکے خیریت دریافت کی اور علاج میں ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

محسن نقوی کا کہنا ہے کہ لندن کے اسپورٹس آرتھو کے ماہر ڈاکٹرز صائم ایوب کا چیک اَپ کریں گے،جن کا اوپنر کیساتھ اپوائمنٹ طے کردیا گیا ہے۔

ڈاکٹر ممریز نے صائم ایوب کی تمام میڈیکل رپورٹس لندن بھجوا دی ہیں۔

پی سی بی سربراہ کا کہنا تھا کہ صائم ایوب اسٹائلش زبردست بیٹر اور پاکستان کرکٹ کا اثاثہ ہیں، اوپنر کو پہلی دستیاب فلائٹ سے کیپ ٹاؤن سے لندن بھجوایا جائے گا جبکہ اسٹنٹ کوچ اظہر محمود بھی صائم ایوب کے ساتھ لندن جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ صائم ایوب کی انجری پر بہت تشویش ہے، انکا دنیا کے بہترین اسپتال میں چیک اپ اور علاج کرائیں گے۔ امید ہے کہ صائم ایوب چیمپئینز ٹرافی سے قبل مکمل صحتیاب ہو جائیں گے۔

خیال رہے کہ اوپنر صائم ایوب چیمپئینز ٹرافی سے قبل جنوبی افریقا کیخلاف دوسرے ٹیسٹ میچ کے پہلے روز انجری کا شکار ہونیوالے صائم ایوب کو ٹھیک ہونے میں کم از کم 4 سے 6 ہفتے کا لگ سکتے ہیں۔

میچ میں شارٹ تھرڈ مین باؤنڈری پر گیند کا پیچھا کرنے کی کوشش کی، اس دوران باؤنڈری لائن کے قریب قومی ٹیم کے اوپنر صائم کا دائیں ٹخنہ مڑ جانے سبب انجری کا شکار ہوئے تھے۔

انجری کے باعث اوپنر کو فوری طور پر دوسرے ٹیسٹ میچ سے باہر کردیا گیا ہے جبکہ انہیں فوری اسپتال منتقل کرکے اسکین کروایا گیا ہے۔

اوپنر کی رپورٹس پر مزید مشاورت کیلئے برطانوی ماہرین کی خدمات لی جائیں گی تاہم انہیں کرکٹ سے کتنا عرصہ دور رہنا پڑے گا اس پر کوئی بورڈ کا کوئی بیان سامنے نہیں آیا۔

کراچی: نرسری کے قریب لین دین کے تنازع پر فائرنگ سے بزنس مین زخمی

شاہراہ فیصل نرسری کے قریب موٹر سائیکل سوار مسلح ملزمان نے گاڑی پرفائرنگ کرکے شہری کو زخمی کردیا۔

پولیس کے مطابق اتوارکی صبح ٹیپوسلطان تھانے کے علاقے شاہراہ فیصل نرسری کے قریب شیل پیٹرول پمپ والی گلی میں 2 موٹرسائیکلوں پرسوارنامعلوم مسلح ملزمان نے گاڑی پرفائرنگ کردی اورفرارہوگئے، فائرنگ کے نتیجے میں گاڑی میں سوارشخص زخمی ہوگیا جسے پہلے نجی اسپتال اوربعدازاں جناح اسپتال منتقل کیا گیا جہاں زخمی شہری کی شناخت 40 سالہ محمد فراز خان ولد محمد خان کے نام سے کی گئی۔

زخمی شہری پی ای سی ایچ ایس سوسائٹی بلاک 6 کا رہائشی اور ہوٹل کا کاروبار کرتا ہے، ایس ایس ایچ اوٹیپو سلطان انسپکٹر طارق محممود نے ایکسپریس کو بتایا کہ فائرنگ کا واقعہ لین دین کے تنازع پرپیش آیا، زخمی شہری کوکسی سے 8 سے 9 کروڑ روپے لینے ہیں اور زخمی شہری رقم کی واپسی کا تقاضہ کررہا تھا، زخمی شہری کو موبائل فون پر دھکمی آمیز پیغامات بھی موصول ہوئے ہیں۔

ایس ایچ اونے بتایا کہ فائرنگ دو موٹر سائیکلوں پر سوار چار نامعلوم مسلح ملزمان کی جانب سے کی گئی، زخمی شہری کو ایک گولی گال پر لگی، پولیس نے جائے وقوعہ سے 30 بور پستول کے تین خول برآمد کرلئے، اطراف میں موجود سی سی ٹی وی فوٹیجز بھی حاصل کی جا رہی ہیں، پولیس نے زخمی شہری کا بیان بھی قملبند کرلیا ہے، زخمی شہری مقدمے میں 3 ملزمان کو نامزد کرانا چاہتا ہے۔

خواجہ معین الدین چشتی کے عرس کی تقریبات، 100 پاکستانیوں کو ویزے جاری

اسلام آ باد ( رانا غلام قادر) بھارتی ہائی کمیشن نےحضرت خواجہ معین الدین چشتی اجمیری ر حمت اللہ علیہ کے عرس میں شرکت کیلئے ایک سو پاکستانی زائرین کو ویزے جاری کردیے۔ خواجہ معین الدین چشتی کے عرس میں شرکت کے لیے 5 سو پاکستانی زائرین کا کوٹہ مقرر ہے،،ایک دن تاخیر سے زائرین آج براستہ واہگہ انڈیا جا ئیں گے ۔ ایک سو پاکستانی زائرین آج واہگہ کے راستے اجمیر شریف روانہ ہونگے۔ وزارت مذہبی امور کے ترجمان نے تصدیق کی کہ وزارت نے 502 پاسپورٹ 2 دسمبر کو جمع کروائے تھے۔ ان میں سے دو پاسپورٹ وزارت کے متعلقہ افسران کے ہیں ۔

شام کی تعمیرِ نو کے حامی ہیں لیکن کسی نئے اسلامی ڈھانچے کی حوصلہ افزائی نہیں کریں گے؛ یورپی ممالک

شام میں بشار الاسد کے 24 سالہ آمرانہ دورِ حکومت کا خاتمہ کرکے ملک میں عبوری حکومت قائم کرنے والے احمد الشرع المعروف ابو محمد الجولانی سے دمشق میں عالمی رہنماؤں کی ملاقات کا سلسلہ جاری ہے۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق مشرق وسطیٰ میں قیام امن اور شام میں بدلتی صورت حال پر فرانس اور جرمنی کے وزرائے خارجہ دمشق پہنچے ہیں اور احمد الشرع سے ملاقات کی۔

دونوں رہنماؤں نے احمد الشرع پر ملک میں اقتدار کی پُرامن اور جامع منتقلی کے لیے انتخابات کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے حکومت میں تمام طبقات، اقلیتوں اور بالخصوص خواتین کی نمائندگی کا مطالبہ کیا۔

جرمنی کی وزیرخارجہ اینالینا بیئربوک نے احمد الشرع کو آگاہ کیا کہ یورپ کسی بھی نئے اسلامی ڈھانچے کو معاونت فراہم نہیں کرے گا اور ایسا کرنا نہ صرف ہمارے بلکہ پورے خطے کے مفاد میں ہے۔

انھوں نے مزید کہا کہ شام کی تعمیر نو میں یورپی یونین اور ممالک مکمل تعاون کریں گے لیکن کسی نئے اسلامی ڈھانچے کی حوصلہ افزائی نہیں کرسکتے۔

فرانس کے وزیر خارجہ جین نوئل باروٹ نے جرمنی کی ہم منصب سے اتفاق کرتے ہوئے شام میں کرد عسکریت پسندوں کے مستقبل سے متعلق بھی گفتگو کی جن کو شام میں داعش کے خلاف جنگ میں فرانس سپورٹ کرتا آیا ہے۔

اے ایف پی کے مطابق حیات تحریر الشام کے سپریم کمانڈر اور شامی حکومت کے سربراہ احمد الشرع نے دونوں وزرائے خارجہ کو اقلیتوں کے تحفظ کی یقین دہانی کروائی ہے۔

شام کے دورے پر آئے فرانس اور جرمنی کے وزرائے خارجہ نے دمشق میں سول سائیٹی اور اقلیتوں کے رہنماؤں سے بھی ملاقات کی۔

ہیٹر کے استعمال میں کن احتیاطی تدابیر کا خیال ضروری ہے؟

ریسکیو 1122 نے عوام کو گیس سے متعلقہ آلات کے استعمال میں احتیاط کا مشورہ دیا ہے۔

ریسکیو 1122 کی ایڈوازئری میں کہا گیا ہے کہ سردیوں میں گیس اور الیکٹرک ہیٹر کا استعمال زیادہ ہونے کی وجہ سے آگ لگنے کے واقعات بڑھ جاتے ہیں جس میں زیادہ تر حادثات گیس لیکج کے باعث پیش آتے ہیں۔

شہری رات کو سونے سے پہلے گیس ہیٹر، چولہے وغیرہ لازمی بند کریں اور گھر میں گیس لیکج محسوس ہونے پر بجلی کا بٹن اور آگ ہرگز نہ جلائیں، گیس لیکج کی صورت میں بجلی کا بٹن یا آگ جلانے سے دھماکہ ہو سکتا ہے۔

ایڈوائزری میں مزید کہا گیا ہے کہ گھر میں گیس لیکج محسوس ہونے پر تمام دروازے اور کھڑکیاں کھول دیں اور تمام افراد گھر سے باہر چلے جائیں۔

واضح رہے کہ سردیوں اور عام طور پر کمرے کو گرم کرنے کے لیے گیس سے چلنے والے ہیٹر یا گیزر استعمال کیے جاتے ہیں۔

بعض اوقات رات کے دوران لوڈ شیڈنگ یا کسی بھی وجہ سے گیس کی ترسیل بند ہو جاتی ہے اور ہیٹر بجھ جاتا ہے۔

گیس کی ترسیل بحال ہونے پر آگ نہیں جلتی لیکن گیس کا اخراج جاری رہتا ہے جو حادثے کی وجہ بنتا ہے۔

بجلی سے چلنے والے ہیٹر بھی رات کو بھی سونے سے پہلے لازماً بند کیا جانا چاہئے کیونکہ بجلی کی تار زیادہ گرم ہونے پر آگ پکڑ سکتی ہیں جو حادثے کا باعث بن سکتی ہے۔

خواتین کو لوٹنے والے ملزم کی شہریوں کے ہاتھوں درگت، ویڈیو وائرل

تھانہ ریس کورس کے علاقے میں ڈکیتی و چوری کی وارداتوں میں ملوث ملزم دھر لیا گیا۔

پولیس کو ریس کورس کے رہائشی محمد قدیر نے بتایا کہ اسکی اہلیہ اپنی ہمشیرہ کے ہمراہ دودھ لیکر واپس آرہی تھی کہ گھر کے قریب 28 سالہ ملزم نے ڈکیتی کی کوشش کی لیکن شور کرنے پر کامیاب نہ ہوسکا۔

سی سی ٹی وی فوٹیج میں دیکھا گیا کہ ملزم بھاگتے ہوئے گھر کے اندر آنے کی کوشش کر رہا تھا لیکن شہریوں نے ملزم کو قابو کرلیا اور درگت بھی بنائی جبکہ اس دوران ملزم نے فرار ہونے کی کوشش کی۔

پولیس نے ملزم کو گرفتار کر لیا ہے۔ پولیس حکام کا کہنا تھا کہ ملزم کو گرفتار کرکے مقدمہ درج کرلیا گیا، مزید تفتیش جاری ہے۔

بھارت کی مقبوضہ علاقے میں تبدیلی کی سازش، وزیر اعظم

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ 5 اگست 2019 کے بعد سے کئے گئے غیر قانونی اور یکطرفہ اقدامات کے ایک سلسلے کے ذریعے بھارت، متنازع جموں و کشمیر  کی آبادی کی نوعیت اور سیاسی ڈھانچے کو تبدیل کرنے کی کوشش کر رہا ہے جس کا مقصد اکثریتی کشمیری عوام کو ان کے اپنے ہی وطن میں ایک بے اختیار اقلیتی برادری میں تبدیل کرنا ہے۔

سرکاری خبر رساں ادارے اے پی پی کی رپورٹ کے مطابق جموں و کشمیر کے عوام کے یوم حق خود ارادیت کے موقع پر اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ ہر سال 5 جنوری، کشمیریوں کے ’یومِ حق خود ارادیت‘ کے طور پر منایا جاتا ہے۔

1949 میں آج کے دن اقوام متحدہ کے کمیشن برائے ہندوستان اور پاکستان نے تاریخی قرارداد منظور کی جو جموں و کشمیر میں آزادانہ اور منصفانہ استصواب رائے کی ضمانت دیتی ہے تاکہ کشمیری عوام کے لیے ان کے ناقابل تنسیخ حق خودارادیت دیا جا سکے۔

حق خود ارادیت، اقوام متحدہ کے چارٹر اور بین الاقوامی قانون کا بنیادی اصول ہے، وزیراعظم نے کہا کہ ہر سال، اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی ایک قرارداد منظور کرتی ہے جو لوگوں کو اپنی تقدیر خود طے کرنے کے قانونی حق کی وکالت کرتی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ قرارداد غیر ملکی قبضے کے تحت لوگوں کے حق خود ارادیت کے حصول کے لیے واضح حمایت کا اظہار کرتی ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ یہ انتہائی قابل افسوس امر ہے کہ کشمیری عوام سات دہائیوں سے اس ناقابل تنسیخ حق کو استعمال نہیں کر سکی۔

وزیر اعظم نے کہا کہ آج وقت ہے کہ اقوام متحدہ سمیت عالمی برادری اپنے وعدوں پر عمل کرے اور ایسے بامعنی اقدامات اٹھائے، جن کی بدولت جموں و کشمیر کے عوام اپنے ناقابل تنسیخ حق خود ارادیت کا استعمال کرسکیں۔ عالمی برادری کو انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو فوری بند کرنے، سیاسی قیدیوں کی رہائی اور کشمیری عوام کے بنیادی حقوق اور آزادیوں کی بحالی کا بھی مطالبہ کرنا چاہئے۔

شہباز شریف نے کہا کہ بھارت، غیر قانونی طور پر مقبوضہ جموں و کشمیر پر اپنے قبضے کو مستحکم کرنے کے لیے ایسے متعدد اقدامات اٹھا رہا ہے، جن سے اس علاقے کی بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ متنازعہ نوعیت کو نقصان پہنچے ۔ 5 اگست 2019 کے بعد سے کئے گئے غیر قانونی اور یکطرفہ اقدامات کے ایک سلسلے کے ذریعے، بھارت، متنازع علاقے کی آبادی کی نوعیت اور سیاسی ڈھانچے کو تبدیل کرنے کی کوشش کر رہا ہے، جس کا مقصد اکثریتی کشمیری عوام کو ان کے اپنے ہی وطن میں ایک بے اختیار اقلیتی برادری میں تبدیل کرنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بھارت کشمیریوں کے حق خود ارادیت اور آزادی کی جائز جدوجہد کو کچلتے ہوئے کشمیری عوام کو وسیع پیمانے پر منظم طریقے سے انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا نشانہ بنا رہا ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کشمیری عوام کے حق خودارادیت، جو کہ اقوام متحدہ کے چارٹر اور متعلقہ قراردادوں کے عین مطابق ہے، کے حصول کے لیے ان کی منصفانہ جدوجہد میں، ان کی مکمل اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھنے کے اپنے پختہ عزم کا اعادہ کرتا ہے۔