All posts by Khabrain News

سری دیوی، جس کی آمد پر بالی ووڈ کے اسٹارز احترام میں کھڑے ہو گئے

سری دیوی، جنہیں بھارتی سینما کی ملکہ کا درجہ حاصل تھا، اپنی غیر معمولی اداکاری اور وقار کے باعث فلم انڈسٹری میں بے حد عزت کی حامل تھیں۔

بالی ووڈ کے معروف ہدایت کار پنکج پراشر جنہوں نے سری دیوی کے ساتھ دو فلموں چال باز (1989) اور میری بیوی کا جواب نہیں (2004) میں کام کیا، نے حالیہ انٹرویو میں ان سے جڑی یادوں کو شیئر کیا۔

پراشر نے ماضی کا ایک واقعہ یاد کرتے ہوئے بتایا کہ ایک دن فلم سٹی میں ونود کھنہ، رشی کپور، رنجیت، اور شکتی کپور شوٹنگ میں وقفے کے دوران مٹن بریانی سے لطف اندوز ہو رہے تھے کہ اچانک کمرے میں سری دیوی داخل ہوئیں، ادکارہ پر نظر پڑتے ہی چاروں سینئر اداکار احترام میں کھڑے ہو گئے۔ انہوں نے کہا کہ ایسا لگا جیسے کوئی اعلیٰ فوجی جنرل اندر داخل ہوا ہو۔ یہ سری دیوی کی شخصیت اور مقام کا ثبوت تھا۔

پراشر نے مزید بتایا کہ ابتدا میں سری دیوی اپنے کام کے دوران پروفیشنل اور الگ تھلگ رہتی تھیں، لیکن جیسے ہی وہ ان کے وژن کو سمجھیں، ان کے رویے میں نمایاں تبدیلی آ گئی۔

چال باز میں ان کے دوہرے کرداروں نے انہیں بہترین اداکارہ کا فلم فیئر ایوارڈ دلایا، اور یہ فلم ان کی فنی عظمت کا ایک اور مظہر بن گئی۔

ٹرمپ نے پاناما نہر پر دوبارہ کنٹرول حاصل کرنے کی دھمکی دے دی

امریکہ کے سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے پاناما نہر پر امریکہ کا کنٹرول دوبارہ حاصل کرنے کی دھمکی دیتے ہوئے پاناما پر الزام عائد کیا ہے کہ وہ نہر کے استعمال پر حد سے زیادہ راہداری فیس وصول کر رہا ہے۔

ایریزونا میں اپنے حامیوں سے خطاب کرتے ہوئے، ٹرمپ نے کہا کہ وہ پاناما نہر کو غلط ہاتھوں میں جانے نہیں دیں گے اور اس معاملے پر امریکی موقف کو سخت کرنے کا عندیہ دیا۔

ٹرمپ نے اپنے خطاب میں کہا کہ کیا کبھی کسی نے پاناما نہر کے بارے میں سنا ہے؟ ہمیں ہر جگہ لوٹا جا رہا ہے، اور پاناما نہر بھی اس سے مستثنیٰ نہیں۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ نہر کو دہائیوں پہلے پاناما کے حوالے کرتے وقت کچھ شرائط رکھی گئی تھیں جن پر عمل درآمد ضروری ہے۔

ٹرمپ نے مزید کہا یہ نہر پاناما اور اس کے عوام کو دی گئی تھی، لیکن اس میں قانونی شقیں موجود ہیں۔ اگر ان اصولوں پر عمل نہیں کیا گیا، تو ہم مطالبہ کریں گے کہ یہ نہر مکمل طور پر اور بلا شبہ امریکہ کو واپس کی جائے۔

ٹرمپ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم “ٹروتھ سوشل” پر ایک تصویر بھی پوسٹ کی، جس میں امریکی پرچم کو پاناما نہر پر لہراتے ہوئے دکھایا گیا، تصویر کے ساتھ کیپشن دیا گیا: ’ریاستہائے متحدہ امریکہ کی نہر میں خوش آمدید‘

پاناما کے صدر جوز راؤل مولینو نے ٹرمپ کے بیان کو سختی سے مسترد کرتے ہوئے ایک ریکارڈ شدہ پیغام میں کہا کہ پاناما کی آزادی اور خود مختاری پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا۔

انہوں نے کہا کہ پاناما نہر کی انتظامیہ پر کسی بیرونی قوت کا اثر و رسوخ نہیں ہے، اور ہم اپنے قومی مفادات کا دفاع کرتے رہیں گے۔

صدر مولینو نے ٹرمپ کے الزامات کے جواب میں کہا کہ نہر کے استعمال پر عائد فیسوں کا تعین شفاف طریقے سے کیا جاتا ہے اور یہ عالمی تجارت کے معیارات کے مطابق ہیں۔ انہوں نے ٹرمپ کے بیان کو غیر ذمہ دارانہ اور بین الاقوامی تعلقات کے اصولوں کے خلاف قرار دیا۔

پاناما نہر جو بحر اوقیانوس اور بحر الکاہل کو جوڑتی ہے، ابتدائی طور پر امریکہ کی ملکیت تھی اور 1999 میں ایک معاہدے کے تحت پاناما کو منتقل کی گئی تھی۔ یہ نہر عالمی تجارت کے لیے ایک اہم راستہ ہے اور اس کی اہمیت اقتصادی اور اسٹریٹجک لحاظ سے بہت زیادہ ہے۔

ٹرمپ کے بیان نے عالمی برادری میں تشویش پیدا کر دی ہے۔ تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ یہ بیان امریکی سفارت کاری میں ممکنہ جارحانہ تبدیلی کی نشاندہی کرتا ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ ایسی دھمکیاں خطے میں کشیدگی کو بڑھا سکتی ہیں اور امریکہ کی ساکھ کو نقصان پہنچا سکتی ہیں۔

پاناما نہر پر کسی ممکنہ تنازعے کے اثرات عالمی تجارت پر بھی پڑ سکتے ہیں، جس کے باعث خطے کی معیشت متاثر ہو سکتی ہے۔

زیمبیا، صدر پر کالا جادو کرنے کے الزام میں 2 افراد گرفتار

افریقی ملک کے زیمبیا  صدر پر کالا جادو کرنے کے الزام میں پولیس نے 2 افراد گرفتارکر لیا گیا۔

غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق پولیس حکام نے بتایا ہے کہ ملزمان سے 2 زندہ گرگٹ سمیت دیگر سامان بھی بر آمد ہوا ہے۔

زیمبیا پولیس نے کہا کہ انھوں نے دونوں ملزمان کو جادو ٹونے کے ذریعے جنوبی افریقی ملک کے صدر کو نقصان پہنچانے کی کوشش کے الزام میں گرفتار کیا ہے۔

پولیس بیان میں کہا گیا ہے کہ موزمبیق کے شہری جسٹن میبولیسی اور زیمبیا کے گاؤں سے لیونارڈ فیری کو دارالحکومت لوساکا سے گرفتار کیا گیا۔

پولیس حکام کے مطابق  مشتبہ افراد سے زندہ گرگٹ سمیت کالا جادو کے لیے استعمال ہونے والا مختلف سامان بر آمد ہوا، ملزمان پر الزام ہے کہ یہ جادوگری کی مشقوں میں مصروف تھے۔

زیمبیا پولیس حکام کے مطابق گرفتار ملزمان کا مقصد مشن ریاست کے سربراہ صدر ہیکنڈے ہیچل ما کو نقصان پہنچانا تھا، ملزمان سے مزید تفتیش کی جارہی ہے۔

پولیس نے الزام لگایا کہ اس جوڑے کو مخالف رکن پارلیمنٹ کے بھائی نے اپنے پاس رکھا ہوا تھا، جسے ڈکیتی، قتل اور پولیس حراست سے فرار کے مقدمہ کا سامنا ہے۔

پاور شیئرنگ فارمولا، پیپلزپارٹی کو پنجاب میں کچھ نہ مل سکا

8 فروری 2024 کے عام انتخابات کے بعد پیپلزپارٹی اور مسلم لیگ ن کا اتحاد اقتدار میں موجود ہے لیکن راستے جدا جدا ہیں، پیپلزپارٹی کو آئینی عہدوں کے سوا کچھ نہیں ملا۔

پاور شیئرنگ، قانونی معاملات میں بلاول بھٹو زرداری اور گورنر پنجاب سلیم حیدر کے تخفظات بھی کام نہ آئے۔

حکومت پنجاب کیساتھ دونوں جماعتوں کے درمیان کوآرڈنیشن نہیں ہے، نئے سال 2025ء میں بھی پاور شیئرنگ کے معاملے میں مسلم لیگ ن کے حوالے سے پرامید نہیں۔

8 فروری کے جنرل الیکشن کے بعد پیپلزپارٹی اور ن لیگ نے وفاق میں اتحاد کیا جس کے تحت پیپلزپارٹی نے صدر، چیئرمین سینیٹ اوردیگر آئینی عہدے حاصل کیے جبکہ ن لیگ نے وزارتِ عظمیٰ کی ذمہ داری سنبھالی۔

یہ شراکتِ اقتدار پیپلزپارٹی کیلیے عہدوں کی سطح پر کامیاب رہی لیکن عملی طور پر حکومتی پالیسیوں پر ان کا اثرمحدود رہا پارٹی رہنماؤں کا کہنا ہے کہ ن لیگ کے ساتھ پاور شیئرنگ قانون سازی کیلیے اعتماد نہیں لیا جاتا۔

بلاول بھٹو زرداری نے اس کا اظہار وزیر اعظم شہبازشریف سے بھی کیا کہ ن لیگ ان کی توقعات پر پورا نہیں اتری، منصب سنبھالنے کے بعد صدر مملکت آصف علی زرداری دو بار جبکہ بلاول بھٹو پانچ بار لاہور آئے۔

پاور شیئرنگ کے حوالے سے ن لیگ اور پیپلزپارٹی کے کئی اجلاس بے سود رہے، گورنر پنجاب سلیم حیدرنے صوبہ میں پیپلزپارٹی کی لڑائی لڑتے ہوئے پاور شیئرنگ حوالے سے ن لیگ سے علیحدگی کا بھی کہہ دیا اور بلاول بھٹو زرداری کو بھی حالات سے آگاہ کردیا۔

بلاول بھٹو زرداری کے کہنے پر وزیراعظم شہبازشریف نے کمیٹی بنادی لیکن تاحال رزلٹ نہ آسکا۔

حکومت تحریک انصاف مذاکرات، خدشات کے ساتھ محتاط امیدیں

کئی ماہ کی تلخیوں اور تعطل کے بعد وفاقی حکومت اور تحریک انصاف ملک کو عدم استحکام کا شکار کرنیوالے اختلافات کو ختم کرنے کیلیے مذاکرات کی میز پر بیٹھنے کے لیے تیار ہوگئے۔

دونوں اطراف سے کمیٹیوں کی تشکیل اور آج پیر کی صبح ان کی ملاقات کے اعلان نے ملک بھر میں خدشات کے ساتھ ساتھ محتاط امیدیں جگا دی ہیں۔

شکوک و شبہات اور امیدوں کے درمیان سیاسی ماہرین نے پیش رفت کا خیرمقدم کیا اور کہا ہے کہ دونوں فریقوں کو فوری طور پر اعتماد سازی کے کچھ اقدامات بھی کرنے چاہئیں۔

اسی تناظر میں پلڈاٹ کے صدر احمد بلال محبوب اور نمل یونیورسٹی کے پروفیسر طاہر نعیم ملک جیسے سیاسی ماہرین نے کچھ نکات پیش کیے ہیں جن پر حکومت اور پی ٹی آئی عمل کر سکتے ہیں۔ پلڈاٹ سربراہ احمد بلال نے کہا میرے خیال میں اعتماد سازی کے لیے فوری طور پر کچھ اقدامات کرنے چاہییں۔

ان اقدامات میں غیر مہذب زبان کا استعمال روکنا، بیرون ملک بیٹھے عناصر سے مکمل علیحدگی کا اعلان کرنا اور فوجی قیادت پر سخت اور فحش زبان میں تنقید کو ختم کرنا شامل ہوسکتے ہیں۔

احمد بلال نے نشاندہی کی کہ پی ٹی آئی کے کئی رہنما یہ تجویز کرتے ہیں کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کو ایک یا زیادہ سے زیادہ دو افراد کو بولنے کا اختیار دینا چاہیے۔ پروفیسر طاہر نعیم ملک نے اس حوالے سے کہا کہ پی ٹی آئی کے بدلتے رویے کو دیکھ کر ان سزاؤں کو آرمی چیف اور صدر مملکت دونوں معاف کرسکتے ہیں۔

ان دونوں کے پاس سزاؤں کو معاف کرنے کا اختیار ہے۔ انہوں نے کہا اس حوالے سے قومی اسمبلی کے اسپیکر بھی اپنا کردار ادا کر سکتے ہیں اور جذبہ خیر سگالی کے طور پر پی ٹی آئی کو مخصوص نشستیں دینے میں مدد کر سکتے ہیں۔

سابق پاکستانی سفیر حسین حقانی نے کہا حقیقت یہ ہے کہ پی ٹی آئی نے دو سال تک حکومت سے مذاکرات کرنے سے انکار کرنے کے بعد اب اس پر آمادگی ظاہر کی ہے۔ یہ عمران خان کے اس سابق موقف کہ وہ جیل کی کوٹھری سے انقلاب برپا کر سکتے ہیں سے بہت دور کی بات ہے۔

انہوں نے تجویز دی پی ٹی آئی کو دوسری جماعتوں کو بدمعاش اور غدار قرار دینے کے بجائے ان کی قانونی حیثیت کو قبول کرنا ہو گا۔

یورپی یونین کا 9 مئی کے مقدمات میں فوجی عدالتوں کے فیصلوں پر تشویش کا اظہار

یورپی یونین نے 9 مئی کے مقدمات میں شہریوں کے خلاف فوجی عدالتوں کے فیصلے پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کی خبر کے مطابق21 دسمبر کو یورپی ایکسٹرنل ایکشن سروس کی جانب سے جاری کردہ ایک اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ شہریوں کی سزاؤں کے یہ فیصلے پاکستان کی شہری اور سیاسی حقوق کے بین الاقوامی معاہدے (ICCPR) سے متصادم ہیں، جسے پاکستان نے اپنی بین الاقوامی ذمہ داریوں کے تحت تسلیم کیا ہے۔

یورپی یونین کا کہنا ہے کہ آئی سی سی پی آر کے آرٹیکل 14 کے تحت ہر فرد کو منصفانہ اور عوامی مقدمے کی سماعت کا حق حاصل ہے، جس میں آزاد، غیر جانبدار اور اہل شامل ہیں۔

مزید برآں، آرٹیکل 14 میں یہ بھی وضاحت کی گئی ہے کہ فوجداری مقدمات کے فیصلے عوامی سطح پر دیے جائیں گے۔

اعلامیے میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ پاکستان نے یورپی یونین کی جنرلائزڈ اسکیم آف پریفرنسز (GSP+) کے تحت 27 بین الاقوامی کنونشنز کی پاسداری کی ہے، جن میں ICCPR بھی شامل ہے۔ اس اسکیم کے تحت پاکستان کو تجارتی مراعات حاصل ہیں۔

یاد رہے کہ 20 دسمبر کو پاکستان میں سانحہ 9 مئی میں ملوث 25 افراد کو فوجی عدالتوں کی جانب سے 2 سے 10 سال تک قید بامشقت کی سزائیں سنائی گئی تھیں۔

ان افراد پر الزام تھا کہ انہوں نے ریاستی اداروں کے خلاف کارروائی کی تھی، جس کے نتیجے میں فوجی عدالتوں نے ان کے خلاف مقدمات کی سماعت کی اور سزائیں سنائیں۔

کراچی؛ محسن نقوی کا نادرا، پاسپورٹ دفتر کا اچانک دورہ، شہریوں سے بات چیت

وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے شہر کے 24/7 پاسپورٹ آفس عوامی مرکز اور نادرا ڈیفنس میگا سینٹرکے اچانک دورے کیے۔

وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے کراچی میں پاسپورٹ آفس عوامی مرکز اور ڈیفنس میں نادرا میگا سینٹر کا اچانک دورہ کیا، پاسپورٹ اور شناختی کارڈز بنوانے کے لیے آئے شہریوں سے ملاقات کی اور ان سے پاسپورٹ اور شناختی کارڈز بنوانے کے عمل کے بارے میں پوچھا۔

محسن نقوی کو شہریوں نے بتایا کہ پاسپورٹ کی تجدید کے لیے آئے ہیں اور چند منٹ میں کام ہو بھی گیا ہے۔

اس موقع پر وفاقی وزیرداخلہ کا کہنا تھا کہ شہریوں کو پاسپورٹ ملنے میں تاخیر کا ازالہ کیا جا رہا ہے، اب مقررہ مدت کے اندر پاسپورٹس مل جائیں گے۔

وزیر داخلہ محسن نقوی نے بعض شہریوں کے شناختی کارڈز کے مسائل کو موقع پر ہی حل کرنے کے لیے احکامات دیے اور انہوں نے پاسپورٹ اور نادرا سینٹرز کے عملے سے بھی ملاقات کی۔

انہوں نے کہا کہ شہریوں کی سہولت کے لیے پاسپورٹ آفس اور نادرا سینٹرز کے دورے کر رہا ہوں، کراچی میں شہریوں نے پاسپورٹ اور نادرا سینٹرز میں نظام کو سراہا جو اطمینان کی بات ہے۔

محسن نقوی نے نادرا سینٹر ڈیفنس میں صفائی کا نظام بہتر بنانے کے احکامات بھی دیے۔

ریاست مخالف سرگرمیوں میں ملوث افراد اور اُن کے سہولت کاروں کا خاتمہ کیا جائے گا، آرمی چیف

چیف آف آرمی اسٹاف سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ ریاست کے خلاف مذموم سرگرمیوں میں ملوث افراد، اُن کے سہولت کاروں اور مالی معاونت کرنے والوں کا خاتمہ کیا جائے گا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق چیف آف آرمی اسٹاف نے آج جنوبی وزیرستان کے علاقے وانا کا دورہ کیا جہاں انہیں موجودہ سیکیورٹی صورت حال اور انسداد دہشت گردی کیخلاف جاری کارروائیوں پر جامع بریفنگ دی گئی۔

آرمی چیف نے افسران اور جوانوں کے ساتھ بات چیت کی اور دہشت گردی کے مقابلے میں ان کی غیر متزلزل لچک و ثابت قدمی کو سراہتے ہوئے سیکیورٹی فورسز کے جوانوں کو قوم کا حقیقی ہیرو قرار دیا۔

انہوں نے کہا کہ قوم کو دہشت گردی سے نبردآزما جوانوں پر فخر ہے، شہداء پاکستان کا فخر ہیں اور ان کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کیا جائے گا۔

چیف آف آرمی اسٹاف نے کہا کہ قوم کی پرعزم حمایت پاک فوج، قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ مل کر ملک بھر میں پائیدار امن و استحکام کی بحالی کو یقینی بنایا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ انشا اللہ! دہشت گردی اور انتہا پسندی اور اس کی تمام شکلوں کو ختم کیا جائے گا جس کے لیے ہم پُرعزم ہیں۔ پاکستان کی مسلح افواج کی جرات، لچک اور غیرمتزلزل عزم ملک کی خودمختاری کا سنگ بنیاد ہے۔

آرمی چیف نے مسلح افواج اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے جوانوں کو قوم کا حقیقی ہیرو قرار دیا اور کہا کہ ان کی بہادری اور بے لوث لگن پورے ملک کے لیے قابل فخر ہے۔

آرمی چیف  نے فتنہ الخوارج کے تعاقب کے لیے پاک فوج کے عزم کا اعادہ کیا اور کہا کہ  ریاست کے خلاف ان کی مذموم سرگرمیوں، سہولت کار کے ساتھ ساتھ ان کی مالی معاونت کرنے والوں کا بھی خاتمہ کیا جائے گا۔

قبل ازیں وانا پہنچنے پر کور کمانڈر پشاور نے آرمی چیف کا استقبال کیا۔

نیٹ فلکس فائٹ نے مائیک ٹائسن کو قانونی جنگ میں پھنسا دیا

باکسنگ لیجنڈ مائیک ٹائسن کو برطانیہ میں ایک کیسینو اور بیٹنگ کمپنی “میڈیئر” کی جانب سے 1.59 ملین ڈالر ہرجانے کے مقدمے کا سامنا ہے۔

میڈیئر نے الزام لگایا ہے کہ ٹائسن نے ان کے ساتھ معاہدہ توڑ کر نیٹ فلکس اسپانسرڈ فائٹ میں شرکت کی، جس میں ان کا مقابلہ یوٹیوبر سے باکسر بننے والے جیک پال کے ساتھ ہوا۔

میڈیئر کا کہنا ہے کہ مائیک ٹائسن نے مارچ 2024 میں ان کے پروموشنل معاہدے کو غیر قانونی طور پر ختم کیا تاکہ نیٹ فلکس کے تحت منعقد ہونے والی فائٹ میں حصہ لے سکیں۔ یہ فائٹ اے ٹی اینڈ ٹی اسٹیڈیم، ٹیکساس میں ہوئی، جسے دنیا بھر میں 60 ملین سے زائد گھروں میں دیکھا گیا۔

اس فائٹ میں 58 سالہ مائیک ٹائسن جیک پال سے متفقہ فیصلے میں شکست کھا گئے (80-72، 79-73، 79-73)۔ میڈیئر کا دعویٰ ہے کہ ٹائسن نے زیادہ مالی فائدے کی وجہ سے نیٹ فلکس ایونٹ کو ترجیح دی، جس سے ان کے پہلے معاہدے کی خلاف ورزی ہوئی۔

جہاں ایک طرف ٹائسن قانونی مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں، وہیں دوسری طرف وہ 2025 میں نیٹ فلکس پر اپنی زندگی پر مبنی تین حصوں پر مشتمل ڈاکیومینٹری ریلیز کرنے کی تیاری کر رہے ہیں۔ دوسری جانب جیک پال، جنہوں نے اپنی گیارہویں جیت درج کرائی ہے، آئندہ سال کینیلو الواریز جیسے مشہور باکسرز کے ساتھ فائٹس کے اشارے دے رہے ہیں۔

یہ تنازعہ ظاہر کرتا ہے کہ روایتی کھیلوں اور انٹرٹینمنٹ کے امتزاج سے معاہدوں میں تنازعات جنم لے سکتے ہیں۔ مداحوں نے جیک پال کی مشہور شخصیات کے ساتھ فائٹس پر مزاحیہ میمز بنائی ہیں، لیکن جیک پال ان تنقیدوں کو نظرانداز کرتے ہوئے 2025 کے لیے بڑے اعلانات کا عندیہ دے رہے ہیں۔

بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کے خلاف 190 ملین پاؤنڈ ریفرنس، فیصلہ کل نہیں سنایا جائےگا

اسلام آباد کی احتساب عدالت نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے وکلا کو عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کے خلاف دائر 190 ملین پاؤنڈ ریفرنس کے حوالے سے آگاہ کیا ہے کہ فیصلہ کل نہیں سنایا جائے گا۔

احتساب عدالت اسلام آباد کے جج ناصر جاوید رانا نے 190 ملین پاونڈ ریفرنس کا فیصلہ 23 دسمبر تک محفوظ کیا تھا تاہم ذرائع نے بتایا کہ ریفرنس کا فیصلہ کل نہیں سنایا جائے گا۔

ذرائع کا کہنا تھا کہ احتساب عدالت اسلام آباد کے عملے نے بانی پی ٹی آئی اور بشری بی بی کے وکلا کو بذریعہ ٹیلی فون آگاہ کردیا ہے کہ کل ہونے والی سماعت اڈیالہ جیل کے بجائے جی 11 اسلام آباد احتساب عدالت میں ہوگی، جہاں عدالت فیصلہ سنانے کی نئی تاریخ مقرر کرے گی۔

ذرائع نے بتایا کہ اگلی تاریخ پر فیصلہ اڈیالہ جیل میں سنایا جائے گا، مزید کہا گیا کہ بانی پی ٹی آئی اور بشری بی بی کے وکلا کل اڈیالہ جیل کے بجائے اسلام آباد عدالت میں پیش ہوں گے۔

بانی پی ٹی آئی اور بشری بی بی کے خلاف 190 ملین پاوںڈ ریفرنس کا جیل ٹرائل 18 دسمبر کو مکمل ہوا تھا، جس پر جج نے فیصلہ محفوظ کرکے 23 دسمبر کو سنانے کا اعلان کیا تھا۔