All posts by Khabrain News

مقامی میچ کے دوران امپائر چہرے پر گیند لگنے سے شدید زخمی

آسٹریلیا کے مقامی میچ کے دوران امپائر چہرے پر گیند لگنے سے شدید زخمی ہوگئے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق پرتھ میں کھیلے گئے ایک مقامی میچ کے دوران آسٹریلوی امپائر ٹونی ڈی نوبریگا کے چہرے پر گیند لگ گئی، جس کے باعث وہ شدید زخمی ہوگئے۔

میچ میں بیٹر نے اسٹریٹ ڈرائیو شاٹ کھیلا جس کے بعد گیند سیدھی ان کے چہرے پر لگی جس سے ان کے چہرے پر شدید چوٹیں آئیں، امپائر کو فوری طور پر طبی امداد کیلئے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

آسٹریلوی امپائر اسپتال میں داخل ہیں، ان کی کوئی ہڈی نہیں ٹوٹی تاہم چہرے کا حلیہ بری طرح بگڑ گیا ہے جس کے باعث انکا آپریشن کیے جانے کا امکان ہے۔

سوشل میڈیا پر امپائر کی تصویر سامنے آنے کے بعد ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا جا رہا ہے۔

حمزہ شہباز کو وزیراعلیٰ کے عہدے سے ہٹانے کے معاملے پر ایڈیشنل اٹارنی جنرل کو نوٹس

آئینی بینچ نے حمزہ شہباز کو وزیراعلیٰ کے عہدے سے ہٹانے سے متعلق نظرثانی کیس میں ایڈیشنل اٹارنی جنرل و دیگر فریقین کو نوٹس جاری کر دیا۔

جسٹس امین الدین خان کی سربراہی میں سات رکنی آئینی بینچ نے نظر ثانی پر سماعت کی۔

وکیل صفائی حارث عظمت نے دلائل میں کہا کہ آرٹیکل 63 اے نظرثانی فیصلے میں کہا گیا تین رکنی بینچ نے 17 رکنی بینچ کے فیصلے کو نظر انداز کیا، اب بھی کیس میں سوال موجود ہے، ہم پارلیمانی پارٹی کی ہدایات کے بجائے پارٹی ہیڈ کی ہدایات پر نظر ثانی چاہتے ہیں۔

جسٹس امین الدین خان نے کہا کہ ہم اٹارنی جنرل کو نوٹس کر رہے ہیں، جس پر اٹارنی جنرل منصور عثمان اعوان نے کہا کہ میں اس کیس میں وکیل رہ چکا ہوں۔ جسٹس امین الدین خان نے کہا کہ ٹھیک ہے ہم ایڈیشنل اٹارنی جنرل عامر رحمان کو نوٹس کر دیتے ہیں۔

وکیل صفائی حارث عظمت نے کہا کہ آئینی بینچ قرار دے پارلیمنٹ میں ووٹنگ کے لیے پارٹی ہیڈ کی ہدایات ہوں گی۔ جسٹس محمد علی مظہر نے ریمارکس دیے کہ یہ اتنا آسان نہیں، سن کر فیصلہ کریں گے۔

توشہ خانہ ٹو کیس؛ عمران خان اور بشریٰ بی بی پر آج فرد جرم عائد ہونیکا امکان

توشہ خانہ ٹو کیس میں بانی پی ٹی آئی عمران خان اور بشریٰ بی بی پر آج فرد جرم عائد ہونے کا امکان ہے۔

اڈیالہ جیل میں بانی پی ٹی اور بشریٰ بی بی کے خلاف توشہ خانہ 2 کیس کی سماعت اسپیشل جج سینٹرل شاہ رخ ارجمند کریں گے۔

گزشتہ سماعت پر بشریٰ بی بی عدالت پیش نہیں ہوئی تھیں اور عدم حاضری پر ضمانت خارج ہونے کا نوٹس جاری ہوا تھا۔ عدالت نے قرار دیا تھا کہ ملزمہ کی عدم حاضری پر ضمانت خارج اور ضمانتی مچلکے ضبط کر لیے جائیں گے۔

چیمپئینز ٹرافی؛ سمیر احمد ٹورنامنٹ کے ڈائریکٹر مقرر

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے چیف آپریٹنگ آفیسر سمیر احمد سید کو پاکستان میں شیڈول آئی سی سی چیمپئینز ٹرافی 2025 کیلئے ٹورنامنٹ ڈائریکٹر مقرر کردیا۔


بورڈ کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ سمیر احمد ایک غیر معمولی منظم پروفیشنل ہیں جن میں انتظامی مہارت کے ساتھ ساتھ کرکٹ کیلئے غیر متزلزل جذبہ موجود ہے اور ہمیں یقین ہے کہ وہ کھلاڑیوں، آفیشلز اور شائقین کے لیے ناقابل فراموش آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کا انعقاد ممکن بنائیں گے۔

اس موقع پر ٹورنامنٹ ڈائریکٹر سمیر احمد سید کا کہنا تھا کہ میں اس ٹورنامنٹ کیلئے اہم ذمہ داری سنبھالنے کو اعزاز سمجھتا ہوں جو پاکستان کرکٹ بورڈ نے مجھے دی ہے، اسٹیڈیم کی اَپ گریڈیشن تکمیل کے قریب ہے اور آئی سی سی کے ساتھ اہم بات چیت جاری ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہماری تجربہ کار ٹیم نے کامیابی کے ساتھ پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی منصوبہ بندی سمیت کئی اہم ایونٹس پر عمل درآمد کیا۔

علیزے شاہ کی بولڈ ویڈیو نے انٹرنیٹ پر تہلکہ مچا دیا

پاکستان شوبز کی اداکارہ و ماڈل علیزے شاہ ان دنوں تنازعات کی زد میں ہیں جس کی وجہ ان کی بولڈ تصاویر اور ویڈیوز ہیں جس کی وجہ سے انہیں سوشل میڈیا پر کڑی تنقید کا سامنا کرنا پڑتا ہے جبکہ اداکارہ اس تنقید پر جواب دیتی بھی دکھائی دیتی ہیں۔

تاہم اب علیزے کی جانب سے سوشل میڈیا پر ایک اور بولڈ ویڈیو پوسٹ کی گئی ہے جس نے سوشل میڈیا صارفین اور ان کے مداحوں کو حیرت میں ڈال دیا ہے۔

اس ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ اداکارہ نے انتہائی چھوٹا اسکرٹ اور ٹاپ پہن رکھا ہے اور وہ گھٹنوں کے بل بیٹھی ڈانس کر رہی ہیں۔

اس ویڈیو کے سامنے آنے کے بعد سوشل میڈیا پر اداکارہ کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا جارہا ہے اور ناقدین اس ویڈیو کو اداکارہ کی اب تک کی سب سے بدترین بولڈ ویڈیو قرار دیتے ہوئے ان پر سخت جملے استعمال کر رہے ہیں۔

کچھ افراد کا کہنا ہے کہ علیزے شاہ کو والدین کی مناسب رہنمائی کی ضرورت ہے، جبکہ دیگر افراد ان کے رویے پر مایوسی کا اظہار کر رہے ہیں۔

مداحوں کے مطابق اداکارہ کا حالیہ رویہ ان کی شخصیت کو متاثر کر رہا ہے، اور ان کو اصلاح کی ضرورت ہے، اداکارہ کی یہ ویڈیو انٹرنیٹ پر آگ کی طرح پھیل رہی ہے۔

Alizeh Shah's Recent Bold Dance Video Heavily CriticizedAlizeh Shah's Recent Bold Dance Video Heavily CriticizedAlizeh Shah's Recent Bold Dance Video Heavily CriticizedAlizeh Shah's Recent Bold Dance Video Heavily CriticizedAlizeh Shah's Recent Bold Dance Video Heavily Criticized

یاد رہے کہ پاکستانی اداکارہ علیزے شاہ اپنی خوبصورتی اور اداکاری کی وجہ سے بے حد مقبول ہیں اور انسٹاگرام پر ان کے  4.3 ملین سے زائد فالوورز ہیں۔

 انہوں نے کئی ڈراموں میں اداکاری کے جوہر دکھائے ہیں جن میں عشق تمنا، عہدِ وفا، میرا دل میرا دشمن، دل موم کا دیا، محبت کی آخری کہانی، کھیل، تقدیر، اور جو تُو چاہے شامل ہیں۔ حالیہ دنوں میں علیزے شاہ کو عفان وحید کے ساتھ ایک ڈرامے میں بہت سراہا جا رہا ہے۔

آڈیوز لیک کیس؛ نیا کمیشن بنا تو یہ مقدمہ غیر مؤثر ہو جائے گا، جسٹس امین الدین

سپریم کورٹ کے آئینی بینچ نے آڈیوز لیک کمیشن پر وفاقی حکومت کی رپورٹ طلب کرتے ہوئے اٹارنی جنرل کو حکومت سے ہدایت لے کر آگاہ کرنے کا حکم دے دیا۔

جسٹس امین الدین ک سربراہی میں 7 رکنی آئینی بینچ نے آڈیوز لیک کمیشن کیس کی سماعت کی۔

جسٹس امین الدین خان نے ریمارکس میں کہا کہ کیا آڈیو لیک کمیشن لائیو ایشو ہے، کمیشن کے چیئرمین ریٹائرڈ ہو چکے ہیں جبکہ کمیشن کے ایک اور رکن سپریم کورٹ کے جج بن چکے ہیں۔

اٹارنی جنرل نے کہا کہ مجھے حکومت سے ہدایات کے لیے مہلت دے دیں، معلوم کرنے دیں کیا حکومت نیا کمیشن بنانا چاہتی ہے، آڈیو لیک کے معاملے پر قانونی نقطہ تو موجود ہے۔ جسٹس امین الدین خان نے کہا کہ اگر نیا کمیشن بنتا ہے تو یہ مقدمہ تو غیر مؤثر ہو جائے گا۔

جسٹس محمد علی مظہر نے کہا کہ کمیشن کی تشکیل کا کابینہ کا فیصلہ آج بھی موجود ہے۔ جسٹس جمال خان مندوخیل نے کہا کہ کیا حکومت کمیشن کے لیے ججز کی نامزدگیاں چیف جسٹس کی مشاورت سے کرے گی۔

اٹارنی جنرل نے کہا کہ یہ ایک قانونی سوال ہے، قانون مشاورت کا پابند نہیں کرتا۔

جسٹس جمال مندوخیل نے کہا کہ عدالت کی اتھارٹی کو انڈر مائین ہونے نہیں دیں گے، چیف جسٹس کمیشن کے لیے جج دینے سے انکار کر دیں تو پھر کیا ہوگا۔

آئینی بینچ نے کیس کی سماعت آئندہ ہفتہ تک کے لیے ملتوی کر دی۔

چیمپئینز ٹرافی؛ شیڈول کے اعلان میں مزید تاخیر متوقع

آئی سی سی چیمپئینز ٹرافی 2025 کے شیڈول کے اعلان میں مزید تاخیر کا امکان بڑھنے لگا۔

میڈیا رپورٹس میں دعویٰ کیا جارہا ہے کہ اگلے 24گھنٹے میں میگا ایونٹ کے شیڈول کا اعلان مشکل ہے تاہم اسٹیک ہولڈرز نے لچک دکھائی تو پھر 1، 2 روز میں شیڈول منظر عام پر آسکتا ہے۔

دورہ پاکستان سے بھارتی انکار نے آئندہ برس شیڈول چیمپئینز ٹرافی کو خطرے میں ڈال دیا ہے، پی سی بی نے وجوہات جاننے کیلئے 10 روز قبل آئی سی سی کو خط لکھا تھا مگر اس پر چپ سادھ لی گئی ہے، اگر کوئی ایک ملک کھیلنے سے انکار کرے تو ایونٹ میں نویں نمبر کی ٹیم کو شامل کر لیا جاتا ہے لیکن کونسل سمجھتی ہے کہ بھارت کے بغیر ٹورنامنٹ پھیکا پڑ جائے گا اور آمدنی بْری طرح متاثر ہوگی لہذا معاملات ابھی تک الجھے ہوئے ہیں۔

ہر گزرتے دن کے ساتھ آئی سی سی پر دباؤ بڑھ رہا ہے اور اب اس معاملے کو ووٹنگ کیلئے بورڈ ممبران کے پاس لے جانے کا امکان بڑھ چکا ہے، پاکستان نے آئی سی سی سے تحریری انکار کی کاپی مانگی تھی تاکہ وجوہات کا جائزہ لے سکے۔

پاکستان آنے سے انکار کی بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) نے ابھی تک کوئی تحریری وجہ ہی بیان نہیں کی، اس لیے پاکستان کا کیس مضبوط دکھائی دیتا ہے، ملک میں چیمپئنز ٹرافی کا ٹرافی ٹور بھی جاری ہے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ پہلے ہی واضح کرچکا کہ وہ کسی بھی صورت میں ہائبرڈ ماڈل کے تحت بھارت سے نیوٹرل وینو پر میچز کیلیے تیار نہیں ہوگا۔

دوسری جانب بھارتی بورڈ نے بھی ہائبرڈ ماڈل کیلئے دیگر بورڈز کو ملانے کی کوششیں تیز کردی ہیں تاکہ ایونٹ میں شریک ہوسکے یا پھر میزبانی ہتھیا لے۔

الو ارجن نے ’پشپا 2‘ کیلئے کتنا معاوضہ لیا؟

تامل فلموں کے سپر اسٹار الو ارجن نے اپنی نئی فلم ’پشپا 2‘ کیلئے کتنا معاوضہ وصول کیا ہے تفصیلات سامنے آگئیں۔

باہوبلی اور پشپا جیسی بلاک بسٹر فلموں نے نہ صرف باکس آفس کے ریکارڈز توڑے بلکہ ان میں کام کرنے والے اداکاروں نے بھی بھاری معاوضے وصول کیے جس میں الو ارجن سب سے زیادہ معاوضہ لینے والے اداکاروں میں شمار کئے جاتے ہیں۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق ٹالی ووڈ سپر اسٹار الو ارجن اس وقت بھارت کے سب سے زیادہ معاوضہ لینے والے اداکار بن چکے ہیں۔ فلم ’پشپا 2‘ کے لیے انہوں نے 300 کروڑ بھارتی روپے معاوضہ لیا ہے، جو بالی وڈ کے کئی فلموں کے کل بجٹ سے بھی زیادہ ہے۔

یاد رہے کہ اس سے پہلے تامل فلموں کے لیجنڈ رجنی کانتھ نے اپنی فلم ’جیلر‘ کے لیے 250 کروڑ روپے معاوضہ لیا تھا۔

17 نومبر کو الو ارجن کی فلم ’پشپا 2‘ کا ٹریلر ریلیز ہوا تھا، جو تیلگو، ہندی، اور تامل زبانوں میں یوٹیوب پر جاری کیا گیا اور چند گھنٹوں میں ہی کروڑوں ویوز حاصل کرنے میں کامیاب رہا۔

واضح رہے کہ ’پشپا 2: دی رول‘5 دسمبر کو دنیا بھر کے سنیما گھروں کی زینت بنے گی جس کو دیکھنے کیلئے فلم بین بےقرار ہیں۔

کراچی ایئرپورٹ؛ برازیلین خاتون کے لباس میں چھپائی گئی ڈیڑھ کلو کوکین برآمد

اے این ایف نے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ کراچی پر بیرون ملک سے بھاری مالیت کی کوکین پاکستان اسمگل کرنے کی کوشش ناکام بناتے ہوئے غیر ملکی برازیلین خاتون اسمگلر کو گرفتار کرلیا۔

اے این ایف حکام کے مطابق برازیل سے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ کراچی پہنچنے والی نجی ایئرلائن کی پرواز کے مسافروں کی کلیئرنس جاری تھی کہ مشکوک پائے جانے پر برازیلین خاتون مسافر کی تلاشی لی گئی تو انڈر گارمنٹس (زیر جامہ) میں مائع حالت میں پلاسٹک کے شاپر میں رکھ کر چھپائی گئی ایک کروڑ 39 لاکھ روپے سے زائد مالیت کی 1 کلو 396 گرام کوکین برآمد ہوئی۔

حکام کا کہنا تھا کہ ملزمہ کے خلاف انسداد منشیات ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کر کے مزید تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

منشیات اسمگلنگ کے لیے جدید اور نت نئے طریقوں کا استعمال اے این ایف کے لیے کسی چیلنج سے کم نہیں، اس کے باوجود بھی اے این ایف منشیات اسمگلنگ کے خلاف پرعزم ہے۔

راولپنڈی پولیس نے عمران خان کو ایک اور دہشتگردی کے مقدمے میں گرفتار کرلیا

راولپنڈی پولیس نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی چیئرمین عمران خان کو ایک اور دہشت گردی کے مقدمے میں گرفتار کرلیا، سابق وزیراعظم کے خلاف مقدمہ انسداد دہشت گردی ایکٹ کی دفعات کے تحت درج کیا گیا جبکہ انہیں آج جسمانی ریمانڈ کے لیے عدالت میں پیش کیا جائے گا۔

گزشتہ روز توشہ خانہ 2 کیس میں اسلام آباد ہائیکورٹ کی جانب سے ضمانت منظور ہونے کے بعد اب راولپنڈی پولیس نے سابق وزیراعظم عمران خان کی تھانہ نیوٹاؤن میں درج مقدمے میں گرفتاری ڈال دی۔

ترجمان پولیس کے مطابق تھانہ نیو ٹاؤن میں عمران خان کے خلاف جلاؤ گھیراؤ، پتھراؤ، پولیس سے مزاحمت، سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے کا مقدمہ انسداد دہشت گردی ایکٹ کی دفعات کے تحت درج ہے۔

مقدمہ انسداد دہشت گردی ایکٹ کی دفعات 7ATA, 21-I ATA اور 353, 186, 285,286,148, 149, 427, 109, 188 تعزیرات پاکستان کے تحت درج کیا گیا ہے۔

ایس ایس پی انویسٹی گیشن کی سربراہی میں ٹیم عمران خان سے تفتیش کر رہی ہے جبکہ راولپنڈی پولیس کے ترجمان کا کہنا ہے کہ عمران خان کو جسمانی ریمانڈ کے حصول کے لیے آج عدالت میں پیش کیا جائے گا۔

یاد رہے کہ تھانہ نیوٹاؤن میں 28 ستمبر کو عمران خان کے خلاف مقدمے کا اندراج کیا گیا تھا۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز 20 نومبر کو اسلام آباد ہائیکورٹ نے توشہ خانہ ٹو کیس میں عمران خان کی 10 لاکھ روپے کے مچلکے اور 2 ضامنوں کے عوض ضمانت منظور کرکے انہیں رہا کرنے کا حکم دے دیا تھا۔

عدالت عالیہ نے توشہ خانہ کیس 2 میں عمران خان کی ضمانت کی منظوری کا تحریری حکم نامہ بھی جاری کردیا تھا، جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے ایک صفحہ پر مشتمل مختصر حکم نامے میں کہا تھا کہ بانی پی ٹی آئی کی 10 لاکھ روپے مالیت کے مچلکے اور دو ضامنوں کے عوض ضمانت منظورکی جاتی ہے۔

عدالت نے اپنے حکم نامے میں خبردار کیا تھا کہ درخواست گزار ضمانت کا غلط فائدہ نہ اٹھائے، جب تک کہ عدالت استثنیٰ نہ دے، درخواست گزار کو ہر سماعت پر ٹرائل کورٹ میں حاضر ہونا ہوگا۔

ضمانت کے بعد عمران خان کے وکیل بیرسٹر سلمان صفدر نے دعویٰ کیا تھا کہ اب عمران خان کسی مقدمے میں گرفتار نہیں ہیں، اور ان کی رہائی جلد ہوجائے گی۔