All posts by Khabrain News

اے آر رحمان: موسیقی کا جادوگر ہندو نوجوان سے مسلمان ’اللہ رکھا‘ کیسے بنا؟

عالمی شہرت یافتہ بھارتی موسیقار اے آر رحمان  نے اپنی شاندار موسیقی سے دنیا کو متاثر کیا، انہوں  نے 23 سال کی عمر میں اسلام قبول کیا۔ 2000 میں بھارتی میڈیا کو دیے گئے ایک انٹرویو میں انہوں نے اسلام کی جانب راغب ہونے کی وجوہات پر روشنی ڈالی۔

اے آر رحمان نے انٹرویو میں بتایا کہ انہوں نے روحانی سکون کی تلاش میں اسلام قبول کیا۔ ان کے والد کے کینسر کے علاج میں ایک صوفی بزرگ نے اہم کردار ادا کیا تھا، اور انہی کے اثرات نے رحمان کو اسلام کی جانب مائل کیا۔ 1980 میں انہوں نے باقاعدہ طور پر اسلام قبول کر لیا، جس کے بعد انہیں بے حد اطمینان حاصل ہوا۔

اسلام قبول کرنے کے بعد بھی اے آر رحمان ایک ایسے گھر میں مقیم رہے جہاں مختلف عقائد کا امتزاج تھا۔ ان کی والدہ ہندو مذہب پر عمل پیرا تھیں، جبکہ گھر میں دیگر مذاہب کی کتابیں اور تصاویر بھی موجود تھیں۔

اے آر رحمان کا اصل نام دلیپ کمار راجگوپالا ہے، جو 6 جنوری 1967 کو مدراس (چنئی) میں پیدا ہوئے۔ ان کے والد آر کے شیکھر تامل اور ملیالم فلموں کے موسیقار اور کنڈیکٹر تھے۔

اپنے نام کی تبدیلی کے بارے میں انہوں نے بتایا کہ انہیں اپنا پیدائشی نام پسند نہیں تھا اور ان کی والدہ نے خواب میں ’اللہ رکھا‘ نام دیکھا تھا۔ رحمان کے خاندان نے ’رحمان‘ کا مشورہ دیا، اور یوں ان کا نیا نام مکمل ہوا۔

واضح رہے کہ اے آر رحمان اور ان کی اہلیہ سائرہ بانو آج کل شادی کے 29 سال بعد علیحدگی کے باعث خبروں میں ہیں۔ یہ جوڑا 12 مارچ 1995 کو رشتہ ازدواج میں بندھا اور ان کے تین بچے ہیں۔

دلجیت دوسانجھ کی کنسرٹ کے دوران فری شو دیکھنے والوں سے مذاق

پنجابی گلوکار اور بین الاقوامی شہرت یافتہ دلجیت دوسانجھ کا حالیہ احمد آباد کنسرٹ خبروں کی زینت بن گیا ہے۔ 

کنسرٹ کے دوران جب گلوکار نے ایک ہوٹل کی بالکونی میں بغیر ٹکٹ کے شو دیکھنے والے ناظرین کو مخاطب کیا، تو یہ لمحہ سوشل میڈیا پر وائرل ہو گیا۔

کنسرٹ کے دوران دلجیت نے اچانک شو روک کر بالکونی میں کھڑے لوگوں سے کہا، “یہ جو ہوٹل کی بالکونی میں بیٹھے ہیں، آپ کا تو بڑا اچھا بھی ہوا۔ یہ ہوٹل والے گیم کر گئے۔ بغیر ٹکٹ، ہاں؟” ویڈیو میں کیمرہ بالکونی کی جانب گھومتا ہے جہاں لوگ گانے سے لطف اندوز ہو رہے ہیں۔

ویڈیو وائرل ہونے کے بعد سوشل میڈیا صارفین نے تبصرے کیے کہ ان بالکونی والے ناظرین نے ہوٹل کے مہنگے کمرے بک کروا کر کنسرٹ دیکھا۔ ایک صارف نے لکھا، “انہوں نے ٹکٹ سے زیادہ پیسہ دیا ہے۔” ایک اور نے کہا، “اس دن ہوٹل کے کمرے کا کرایہ 1 لاکھ روپے تھا۔”

دلجیت دوسانجھ کے گانوں پر مبینہ طور پر شراب، نشہ اور تشدد کو فروغ دینے کا الزام بھی لگا ہے۔ حالیہ احمد آباد کنسرٹ میں دلجیت نے ان الزامات پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے گانوں میں شراب کا ذکر تب بند کریں گے جب پورے ملک میں شراب کی دکانیں بند ہوں گی۔

عمران خان کی رہائی اور احتجاج کے معاملات : پی ٹی آئی قیادت کا اہم اجلاس طلب

بانی پی ٹی آئی عمران خان کی توشہ خانہ ٹو کیس میں ضمانت کے بعد پارٹی قیادت نے اہم اجلاس طلب کرلیا۔

پارٹی ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی قیادت نے احتجاج کے حوالے سے پارٹی قائدین کا اجلاس طلب کرلیا ہے جس میں احتجاج کے حوالے سے حتمی فیصلہ کیا جائے گا۔

ذرائع کے مطابق بانی چئیرمین کی جانب سے مذاکرات کے لیے علی امین اور بیرسٹر گوہر کو ذمہ داری سونپی گئی تھی۔

علی امین گنڈاپور اور بیرسٹر گوہر بانی چئیرمین پی ٹی آئی کا پیغام دیگر پارٹی قائدین تک پہنچائیں گے۔

گزشتہ برس کے مقابلے میں رواں سال حج درخواستوں میں ریکارڈ اضافہ

رواں سال حج کے لیے موصول درخواستوں کی تعداد میں گزشتہ برس کے مقابلے میں ریکارڈ اضافہ ہوا ہے۔

حج اخراجات اقساط میں وصول کرنے کے وزارت مذہبی امور کے فیصلے کے مثبت اثرات سامنے آ گئے۔ گزشتہ برس کی نسبت رواں سال پہلے 2 روز میں حج درخواستیں جمع کروانے میں ریکارڈ اضافہ ہوا ہے۔

دستاویز کے مطابق پہلے 2 روز میں مجموعی طور پر 4774 درخواستیں موصول ہوئیں۔ گزشتہ برس پہلے 2 دنوں میں 1300 جب کہ ابتدائی 10 دنوں میں 13 ہزار درخواستیں موصول ہوئی تھیں۔ ریگولر سرکاری حج اسکیم کے تحت 4734 درخواستیں جمع ہوئیں۔ بینکوں کو اسپانسرز شپ اسکیم کے تحت 40 درخواستیں موصول ہوئیں۔

واضح رہے کہ امسال سرکاری اسکیم کے تحت درخواست کے ساتھ 2 لاکھ روپے جمع کیے جارہے ہیں۔ قرعہ اندازی میں نام آنے پر 4 لاکھ، باقی رقم 10 فروری تک جمع کرانا ہوگی۔ سرکاری اسکیم کے لیے حج درخواستیں 3 دسمبر تک جمع کرائی جاسکتی ہیں۔ کوٹے سے زیادہ درخواستیں آنے پر ریگولر اسکیم کی قرعہ اندازی 6 دسمبر کو ہوگی۔

سرکاری کوٹے کی اسپانسرز شپ اسکیم پہلے آئیں پہلے پائیں کی بنیاد پر ہے۔ اسپانسرز شپ اسکیم کے لیے تمام رقم یکمشت ڈالروں میں جمع کرانا لازم ہے۔ گزشتہ برس حج درخواستیں کم آنے کے باعث درخواستیں جمع کروانے کے لیے 10 روز کی توسیع بھی دی گئی تھی۔

پاک-چین افواج کی مشترکہ مشق واریئر-VIII کا آغاز

پاک آرمی اور چینی لبریشن آرمی کے درمیان سالانہ آٹھوین مشترکہ مشق واریئر-VIII کا آغاز ہوگیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) سے جاری اعلامیے کے مطابق پاکستان آرمی اور چینی پیپلز لبریشن آرمی کے درمیان مشترکہ مشق واریئر-VIII  کی افتتاحی تقریب آج نیشنل کاؤنٹرٹیررازم سینٹر پبی میں منعقد ہوئی۔

 آئی ایس پی آر نے بتایا کہ تین ہفتے طویل مشق انسداد دہشت گردی کے شعبے میں کی جا رہی ہے اور یہ سالانہ بنیادوں پر ہونے والی باہمی مشقوں کی آٹھویں مشق ہے۔

بیان میں کہا گیا کہ اس مشق کا مقصد پیشہ ورانہ مہارتوں کو مشترکہ تربیت کے ذریعے بہتر بنانا ہے، دونوں برادرممالک  کے درمیان تاریخی فوجی تعلقات کو مضبوط بنانا بھی اس مشق کا اہم مقصد ہے۔

پبی میں منعقدہ تقریب کے مہمان خصوصی کورکمانڈر راولپنڈی لیفٹیننٹ جنرل شاہد امتیاز تھے اور انہوں نے اس موقع کی اہمیت کو اجاگر کیا۔

عاقب جاوید نے بابر اعظم پر تنقید کو مسترد کردیا

پی سی بی سلیکٹر اور وائٹ بال ٹیم کے ہیڈ کوچ عاقب جاوید نے بابر اعظم پر ہونے والی تنقید کو مسترد کردیا۔

عاقب جاوید کا موقف ہے کہ ٹی 20 فارمیٹ میں  بابر اعظم کے اسٹائل پر ہر ایک کی اپنی رائے ہوسکتی ہے لیکن میں سمجھتا ہوں کہ ان کی پاکستان کے لیے بہت زیادہ خدمات ہیں، بابر اعظم کے ساتھ محمد رضوان کی پرفارمنس کو بھی فراموش نہیں  کیا جاسکتا۔

انہوں نے کہا کہ بابر پرفارم کررہے ہیں اور ان کی پرفارمنس سب کو نظر بھی آرہی ہے، بطور کوچ یا سلیکٹر کوئی ایک انفرادی کھلاڑی ٹارگٹ نہیں ہوتا سب کو دیکھنا ہوتا ہے، ٹیم کو بہتر سے بہتر بنانے پر فوکس ہے۔

عاقب جاوید نے مزید کہا کہ اب انڈر نائیٹین سے لے کر ہر سطح پر کرکٹ ہورہی ہے۔ سب کو موقع دے رہے ہیں۔ پرفارمنس دکھانے والے کے سینئر ٹیم کے دروازے کھلے ہیں، جو بھی اچھی کارکردگی  دکھانے گا اس کو ضرور آگے آنے کا چانس ملے گا۔

سوشل میڈیا استعمال سے متعلق اسلامی نظریاتی کونسل کی رائے کیا ہے؟ اعلامیہ جاری

اسلامی نظریاتی کونسل نے سوشل میڈیا کے استعمال سے متعلق اپنی رائے  جاری کردی، جس سے اجلاس کے تمام شرکا نے  اتفاق کیا۔

اسلامی نظریاتی کونسل کا اجلاس علامہ ڈاکٹر محمد راغب حسین نعیمی  کی زیرصدارت منعقد ہوا،  جس میں علامہ حافظ محمد طاہر محمود اشرفی، ملک اللہ بخش کلیار،   جسٹس( ر) الطاف ابراہیم قریشی ،  علامہ ڈاکٹر عبدالغفور راشد، محمد جلال الدین ایڈووکیٹ، علامہ ملک محمد یوسف اعوان، مفتی محمد زبیر،علامہ پیر شمس الرحمٰن مشہدی، علامہ سید افتخار حسین نقوی، پروفیسرڈاکٹر مفتی انتخاب احمد اور صاحبزادہ محمد حسان حسیب الرحمٰن شریک ہوئے جب کہ ڈاکٹر عزیر محمود الازہری اور فریدہ رحیم نے آن لائن شرکت کی۔

اجلاس میں شریک تمام اراکین کونسل نے اتفاق رائے سے حسب ذیل اعلامیے پر اتفاق کیا کہ سوشل میڈیا اپنے خیالات و آرا كے اظہار كا موثر ترین ذریعہ ہے،اس كو بجا طورپر اچھے اور عمدہ مقاصد كے لیے بھی استعمال كیا جا سكتا ہے اور منفی و غلط مقاصد كے لیے بھی اس كا استعمال  ممكن ہے۔ ایك مسلمان پر لازم ہے كہ وہ اس كا استعمال اسلامی تعلیمات  كی پیروی میں كرے۔

سوشل میڈیا كو اسلامی تعلیمات كے فروغ،اخلاق و كردار كی تعمیر ،تعلیم وتربیت كی ترویج و ترقی، تجارتی مقصد، ملكی امن و سلامتی كے استحكام اور دیگر جائز مقاصد كے لیے استعمال كرے۔

سوشل میڈیا كو توہین و گستاخی،جھوٹ،فریب،دھوكا دہی،غیر اخلاقی مقاصد ،بدامنی،فرقہ واریت ، انتہا پسندانہ اقدامات  اور دیگر غیر قانونی و غیر شرعی مقاصدكے فروغ كے لیے استعمال نہیں کرنا چاہیے۔

اعلامیے میں مزید کہا گیا کہ عمومی مشاہدہ ہے كہ انٹرنیٹ كے استعمال كے دوران مختلف مقاصد كے حصول كے لیے وی پی این  ایپ استعمال كی جاتی ہے۔ كوئی وی پی این، سافٹ وئیر یا كوئی بھی ایپ بذات خود ناجائز یا غیر شرعی نہیں ہوتا، بلكہ ان كے درست اور غلط استعمال پر شرعی حكم كا دارومدار ہوتا ہے۔ اگر  توہین،گستاخی،بدامنی،اناركی اور ملكی سلامتی كے خلاف مواد  كا حصول یا پھیلاؤ ہو تو بلا شبہ ایسا استعمال شرعی لحاظ سے ناجائز ٹھہرے گااور حكومت وقت كو اختیار حاصل ہو گا كہ ایسے ناجائز استعمال كے انسداد كے لیے اقدامات كرے۔

اگر وی پی این كے استعمال سے كوئی جائز مقصد حاصل كرنا پیش نظر ہو،جیساكہ بات چیت كے لیے كسی ایپ كا استعمال یا تعلیمی و تجارتی مقاصد کے لیے استعمال درست اور جائز ہوگا اور اس حوالے سے حکومت کے قوانین پر عمل کرنا چاہیے جیسا کہ حکومت نے وی پی این کی رجسٹریشن شروع کر دی ہے۔ لہٰذا رجسٹرڈ وی پی این کے استعمال كو ترجیح دی جائے،غیر رجسٹرڈ وی این استعمال كرنے سے  حتی الامكان اجتناب كیا جائے۔

ایك اسلامی حكومت كی ذمے داری ہے كہ وہ اپنے شہریوں كے لیے درج بالا جائز مقاصد كے حصول كو آسان بنائے،اور ناجائز مقاصد كے لیے سوشل میڈیا كے استعمال كو روكنے كے لیے اقدامات كرے۔

میڈیا و سوشل میڈیا سے متعلق تمام حكومتی ادارے اس حوالے سے فعال كردار كریں اور اس سلسلے میں استعمال ہونے والے تمام پلیٹ فارمز اور ایپس كی نگرانی كریں۔

آئین كے آرٹیكل 19  كے مطابق اسلام كی عظمت، ملكی سالمیت، امن عامہ، تہذیب اور مناسب قانونی پابندیوں كے تابع  ہر شہری كو تقریر ،اظہار خیال، پریس كی آزادی اورمعلومات تك رسائی كا حق  دیا گیا ہے ۔

سوشل میڈیا اور ٹیكنالوجی كے دیگر جدید ذرائع كی اہمیت   سےانكار ممكن نہیں   اور ان كا مثبت استعمال وقت كی اہم ضرورت بن چكا ہے، لہذا ان جدید ذرائع كے غلط استعمال كو روكنے كے لیے انتظامی تدابیر اختیار كرنے كی ضرورت ہے۔ كونسل سمجھتی ہے كہ جدید ذرائع پر محض پابندی عائد كرنا مسائل كا حل نہیں، بلكہ اس كے ساتھ ساتھ یہ بھی ضروری ہے كہ ان ذرائع كے مثبت استعمال كو ممكن بنانے یا ان كا مناسب متبادل پیش كرنےكے لیے بھی اقدامات كیے جائیں۔

کونسل نے ماہرین کے ساتھ مشاورت کے ذریعے اس موضوع پر شرعی حوالے سے مزید تحقیقی کام کرنے کا بھی فیصلہ کیا۔

لاہور؛ 34 مرتبہ ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی، موٹرسائیکل سوار کو 60800 جرمانہ

لاہور میں ٹریفک قوانین کی 34 مرتبہ خلاف ورزی پر موٹر سائیکل سوار کو 60800 روپے جرمانہ کر دیا گیا۔

ٹیم مغلپورہ نے موٹر سائیکل سواروں کے خلاف کارروائیاں جاری رکھتے ہوئے ای چلان کیے۔

ترجمان سی ٹی او کے مطابق 26 مرتبہ ٹریفک کی خلاف ورزی پر 50200 روپے جرمانہ کرکے موٹر سائیکل تھانے میں بند کر دی گئی۔ اسی طرح، 29 مرتبہ ٹریفک رولز کی خلاف ورزی پر 41800 روپے، 19 مرتبہ ٹریفک رولز کی خلاف ورزی پر 38000 روپے اور 17 مرتبہ ٹریفک رولز کی خلاف ورزی پر 34000 روپے جرمانہ کرکے موٹر سائیکل تھانے میں بند کر دی گئی۔

سی ٹی او لاہور کے مطابق بغیر ہیلمٹ، ون وے ٹریفک، رانگ پارکنگ اور دھواں چھوڑنے پر 2000 ہزار روپے جرمانہ ہے۔ ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر ہونے والے ای چالان نادہندگان کے خلاف گھیرا تنگ کر دیا گیا ہے۔

عمارہ اطہر کا کہنا ہے کہ آرٹیفیشل انٹیلیجینس سسٹم سے بلاتفریق کارروائیاں جاری ہیں، سیف سٹی کو پولیس خدمت مراکز اور ڈرائیونگ لائسنس ایشوینس مینجمنٹ سسٹم سے انٹیگریڈ کر دیا گیا، منظم ٹریفک کے لیے شہریوں کو ٹریفک قوانین کا احترام کرنا ہوگا۔

بجلی مہنگی ہونے سے فروخت میں 11 فیصد کمی، نیپرا پریشان

اسلام آباد: ملک میں بجلی مہنگی ہونے سے اس کی فروخت میں 11 فیصد کمی کا انکشاف ہوا ہے۔

نیپرا میں رواں مالی سال پہلی سہہ ماہی کے لیے فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی کی قیمت میں اضافے کی درخواست ہوئی۔

نیپرا حکام نے بتایا کہ ڈسکوز کی جانب سے پہلی سہہ ماہی درخواست پر نظرثانی شدہ درخواست آئی، ڈسکوز نے پہلی سہہ ماہی کیلئے 6 ارب 47 کروڑ کی درخواست کی ہے۔

بجلی کی فروخت میں کمی کے حوالے سے حیران کن اعدادوشمار نیپرا میں پیش کیے گئے جن کے مطابق مہنگی بجلی ہونے کے باعث بجلی فروخت میں تقریباً 11 فیصد تک کمی کا انکشاف ہوا۔

کوئٹہ الیکٹرک سپلائی کمپنی (کیسکو) ریجن میں سب سے زیادہ بجلی فروخت میں تقریباً 19 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔

میپکو کی بجلی فروخت میں 15.76 فیصد، فیسکو 14.48، پیسکو 14.47، لیسکو 8.41 فیصد، ٹیسکو 7.41، گیپکو 6.14، سیپکو ریجن میں 5.62، حیسکو ریجن 4.54،آئیسکو میں 4.02 فیصد تک بجلی کی فروخت کم ہوگئی۔

نیپرا اتھارٹی نے بجلی فروخت میں کمی پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بجلی کی فروخت ہدف کے مطابق ہوتی تو 60 ارب تک کا صارفین کو فائدہ ہوتا، فروخت میں کمی کے باعث صارفین پر اضافی بوجھ آرہا ہے، اگر بجلی کی فروخت میں کمی اسی طرح سے جاری رہی تو کیسے نظام چلے گا؟

فیسکو حکام نے بتایا کہ فیسکو ریجن میں صنعتیں بند ہوئیں ہیں،بجلی کس کو فروخت ہوگی، انہی علاقوں میں اکثریت ٹیوب ویل جو بجلی پر تھے سولر پر چلے گئے، سولرائزیشن کا اثر اس وقت سامنے آرہا ہے۔

ممبر نیپرا رفیق احمد شیخ نے کہا کہ موجودہ نظام کے تحت تقیسم کار کمپنیاں نہیں چل پائیں گی، بجلی کمپنیوں کا واحد حل نجکاری ہے، تمام ڈسکوز میں بجلی کی فروخت میں کمی آئی ہے، اس طرح جتنا مرضی زور لگا لیں یہ نظام نہیں چلے گا۔

کراچی اس رجحان سے سب سے کم متاثر ہوا جہاں کے الیکٹرک حکام نے بتایا کہ اکتوبر ستمبر میں کے الیکٹرک کی بجلی فروخت میں 2.7 فیصد تک کمی آئی۔

رفیق احمد شیخ نے کہا کہ دیگر ڈسکوز میں بجلی کی فروخت میں حیران کن اعدادوشمار آئے ہیں، کیا کراچی میں سولرائزیشن نہیں ہو رہی ہے ؟ عجیب سی وجوہات پیش کی جارہی ہیں جن کی کوئی دلیل نہیں، ڈسکوز کی جانب سے جبری فروخت میں کمی کے باعث جبری لوڈ شیڈنگ کی شکایات ہیں۔

نیپرا نے تمام ڈسکوز سے مختلف علاقوں میں لوڈ شیڈنگ کے حوالے سے رپورٹ طلب کرتے ہوئے تقیسم کار کمپنیوں کی ایڈجسمنٹ کی درخواست پر سماعت مکمل کر لی۔

اسموگ میں کمی کے باوجود لاہور آج بھی دنیا کا دوسرا آلودہ ترین شہر

لاہور سمیت پنجاب کے مختلف اضلاع میں اسموگ میں نمایاں کمی آئی ہے لیکن فضائی آلودگی میں لاہور آج بھی دنیا کے آلودہ ترین شہروں کی فہرست میں دوسرے نمبر پر ہے۔

شمال سے آنیوالی ہواؤں اور حکومتی اقدامات کی وجہ سے لاہور میں گزشتہ چند دنوں سے اسموگ نمایاں طور پر کم ہوگئی ہے لیکن فضآئی آلودگی برقرار ہے۔ آئی کیو ائیر کے مطابق دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں بھارتی دارالحکومت دہلی پہلے جبکہ لاہور دوسرے نمبر پر ہے۔

لاہور میں ایئر کوالٹی انڈیکس 441 ریکارڈ کیا گیا۔ ملتان میں ائیرکوالٹی انڈکس 261 جبکہ پشاور میں 200 ریکارڈ کیا گیا۔ ای پی اے کے مطابق گزشتہ روز لاہور میں ہوا کے معیار کی شرح 254 ریکارڈ کی گئی تھی۔

ادھر محکمہ موسمیات کا کہنا ہے آئندہ چند روز تک لاہور سمیت پنجاب کے میدانی علاقوں میں موسم خشک رہے گا تاہم رات کے وقت کئی شہروں میں دھند پڑنے کا امکان ہے۔