پاکستان سمیت دنیا کے کئی ممالک میں ماہِ رمضان کے اختتام پر آج بھرپور مذہبی جوش و جذبے کے ساتھ عید الفطر منائی جارہی ہے۔
اس پُرمسرت موقع پر جہاں سیاستدانوں اور فنکاروں سمیت دیگر نامور شخصیات کی جانب سے عید کی مبارکباد دی جارہی ہے وہیں نیوزی لینڈ میں موجود پاکستانی کرکٹ ٹیم کی جانب سے بھی عید کی مبارکباد کا پیغام سامنے آگیا۔
پاکستان کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں محمد رضوان، سلمان علی آغا، حارث رؤف اور دیگر نے عید الفطر کی خوشی کے موقع پر عالم اسلام بالخصوص پاکستان کو دل کی گہرائیوں سے عید کی مبارکباد دی ہے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے آفیشل سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر جاری کردہ ایک ویڈیو میں، پاکستانی کرکٹرز نے عید کی مبارکباد پیش کی اور اِس موقع پر قوم کو اہم پیغامات دیے۔
قومی ٹیم اس وقت 3 ون ڈے میچز کی سیریز کھیلنے کے لیے نیوزی لینڈ میں موجود ہے۔
ہملٹن میں دوسرے ون ڈے میچ سے قبل پریکٹس سیشن کے دوران پاکستانی کپتان محمد رضوان نے عیدالفطر کے موقع پر پوری مسلم کمیونٹی کو عید کی خوشیوں کی مبارکباد دی۔
نائب کپتان سلمان علی آغا، اوپننگ بیٹر امام الحق، اور تیز گیند باز حارث رؤف نے بھی دنیا بھر کے مسلمانوں کو عید مبارک کہا اور سب کے لیے امن، خوشحالی، اور خوشیوں کی دعا کی۔
یاد رہے کہ نیوزی لینڈ کے خلاف 3 میچوں کی سیریز کا پہلا ایک روزہ میچ پاکستان 73 رنز سے ہار گیا تھا۔
اِس سے قبل نیوزی لینڈ نے 5 میچز پر مشتمل ٹی ٹوئنٹی سیریز میں بھی پاکستان کو 1-4 سے شکست دی تھی۔
واضح رہے کہ خلیجی ممالک سمیت کئی ملکوں میں اتوار کے روز عید الفطر منائی گئی تاہم پاکستان، ملائیشیا، آسٹریلیا، بنگلہ دیش، انڈونیشیا، بھارت، اور برونائی کے ساتھ ساتھ امریکا اور برطانیہ کے کچھ حصوں میں آج بروز پیر عید منائی جارہی ہے۔
پاکستان کے بڑے شہروں کراچی، لاہور، اسلام آباد، راولپنڈی، پشاور اور کوئٹہ سمیت دیگر شہروں میں مساجد، عیدگاہوں اور کھلے میدانوں میں نماز عید کے اجتماعات منعقد کیے گئے۔
عیدالفطر
عیدالفطر دینِ اسلام کا ایک اہم تہوار ہے جو رمضان المبارک کے اختتام پر شوال کی پہلی تاریخ کو منایا جاتا ہے۔ یہ دن درحقیقت اللہ تعالیٰ کی جانب سے رمضان کے روزے، عبادت اور صبر کا انعام ہے۔
عیدالفطر کی سب سے بڑی خصوصیت یہ ہے کہ یہ خوشی اور مسرت کا موقع ہونے کے ساتھ ساتھ اللہ کے شکر کا دن بھی ہے۔
حدیث مبارکہ کے مطابق، رمضان کے روزے رکھنے کے بعد اللہ تعالیٰ مسلمانوں کو عید کی صورت میں انعام عطا فرماتے ہیں۔ اس دن کا آغاز صدقۂ فطر کی ادائیگی سے ہوتا ہے تاکہ معاشرے کے کمزور اور نادار افراد بھی عید کی خوشیوں میں شامل ہو سکیں۔
عیدالفطر سے پہلے لوگ اپنے گھروں کی صفائی، خریداری اور عید کے لیے نئے کپڑے تیار کرتے ہیں، خواتین مہندی لگاتی ہیں، میٹھے پکوان خصوصاً شیر خرما تیار کیا جاتا ہے اور ہر طرف خوشی و مسرت کا سماں ہوتا ہے۔