All posts by Khabrain News

وزیراعظم شہباز شریف آج ایک روزہ دورے پر کراچی پہنچیں گے

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیراعظم پاکستان میاں محمد شہباز شریف آج ایک روزہ دورے پر کراچی پہنچیں گے۔
ذرائع کے مطابق وزیر اعظم دورہ کراچی میں پاک نیوی کے زیر اہتمام 8 ویں امن مشق کا جائزہ لیں گے اور تقریب سے خطاب کریں گے۔
ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ وزیر اعظم پاکستان میاں محمد شہباز شریف کی گورنر سندھ کامران ٹیسوری اور وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ سے ملاقات بھی متوقع ہے۔
واضح رہے کہ وزیراعظم شہباز شریف نے وفاقی کابینہ کا اجلاس بھی آج شام 6 بجے طلب کر رکھا ہے۔

کورونا کے مثبت کیسز کی شرح میں اضافہ، 13 مریضوں کی حالت نازک

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) قومی ادارہ صحت نے کہا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں 2 ہزار 859 کورونا ٹیسٹ کئے گئے ہیں۔
این آئی ایچ کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 2 ہزار 859 کورونا ٹیسٹ کئے گئے جن میں سے 13 افراد کے کورونا ٹیسٹ مثبت آئے ہیں۔
اس طرح گزشتہ 24 گھنٹوں میں کئے گئے مثبت کورونا ٹیسٹ کی شرح 0.45 فیصد رہی ہے، مزید برآں اس دوران کورونا وائرس سے کوئی بھی مریض جاں بحق نہیں ہوا جبکہ 13 مریضوں کی حالت نازک ہے۔

وزیر اعظم شہباز شریف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کااجلاس آج شام ہوگا

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیر اعظم شہباز شریف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کااجلاس آج شام ہوگا، اجلاس میں کابینہ ملک میں بجلی کے طویل بریک ڈاؤن اور توشہ خانہ پر قانون سازی سمیت 5 نکاتی ایجنڈےپرغور کرے گی۔
ایجنڈے کے مطابق وفاقی کابینہ اجلاس میں معاشی اور سیاسی صورتحال کاجائزہ لیاجائےگا جبکہ پاورڈویژن حالیہ طویل بجلی بریک ڈاؤن پراپنی رپورٹ پیش کرے گی ، توشہ خانہ پر بین الوزارتی کمیٹی کی رپورٹ بھی پیش کی جائےگی۔
اجلاس میں اقتصادی رابطہ کمیٹی ( ای سی سی ) کے گیس کی قیمتوں میں اضافے کے فیصلوں کی توثیق کی جائے گی جبکہ انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ ( آئی ایم فنڈ ) پروگرام سے متعلق اب تک کی پیشرفت کاجائزہ لیا جائے گا۔
وفاقی کابینہ کے اجلاس میں کورونا وائرس سے بچاؤ کے انجکشن کی قیمت مقرر کرنے کی بھی منظوری دی جائے گی۔

بلوچستان کے لوگوں کو حق مانگنے پر غدار کہا جاتا ہے، اسلم بھوتانی کا پارلیمنٹ میں خطاب

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے رکن قومی اسمبلی اسلم بھوتانی نے کہا کہ بلوچستان کے ساتھ جو ظلم ہورہا ہے وہ ناقابل بیان ہے، بلوچستان کے لوگوں کو حق مانگنے پر غدار کہا جاتا ہے، سی پیک اور ریکوڈک پر ہمیں کچھ نہیں مل رہا۔
پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب میں اسلم بھوتانی کا کہنا تھاکہ ہمیں سی پیک نہیں چاہیےکیونکہ ریکوڈک پر جس نے فائدہ لینا تھا وہ لے گیا ہماری گیس ختم کردی گئی مگر بلوچستان کو کیا دیا گیا؟ میں اس ایوان کا منتخب نمائندہ ہوں مگر ہمارے ہاتھ کھڑے کیے جاتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے ساتھ جو ظلم ہورہا ہے ناقابل بیان ہے، بلوچستان کے لوگوں کو حق مانگنے پر غدار کہا جاتا ہے۔
ان کا کہنا تھاکہ سی پیک اور ریکوڈک پر ہمیں کچھ نہیں مل رہا، ہمیں سی پیک کے نام پر ذلیل کیا جارہا ہے۔
سینیٹر رضا ربانی نے کہا کہ ملک میں امن و امان کی صورتحال پر بحث ہورہی ہے وزیر داخلہ ایوان میں ہونے چاہئیں تاکہ وہ جواب دے سکیں۔
سینیٹر مشتاق احمد کا کہنا تھاکہ خیبر پختونخوا اور سابقہ فاٹا میں دہشت گردوں کا راج ہے، احسان اللہ احسان کس طرح گیا؟ کس طرح بنوں جیل توڑی گئی، علی وزیر کے تمام کیسز ختم ہو گئے لیکن جیل کے اندر ہیں۔
بعدازاں اسپیکر پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس کل شام 4 بجے تک ملتوی کردیا۔

نگران حکومت نے تونسہ شریف کو ضلع بنانے کا نوٹیفکیشن معطل کر دیا

لاہور: (ویب ڈیسک) سابق وزیر اعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الہٰی کی طرف سے تونسہ شریف کو ضلع بنانے کا نوٹیفکیشن معطل کر دیا گیا۔
الیکشن کمیشن نے تونسہ شریف کو ضلع بنانے کا نوٹیفکیشن واپس لینے کے احکامات جاری کرتے ہوئے کہا تھا کہ یونین کونسلز کی حلقہ بندیوں کا عمل جاری ہونے پر نیا ضلع نہیں بن سکتا، حلقہ بندیوں کے دوران تونسہ شریف اور جام پور کو ضلع بنانے کا نوٹیفکیشن جاری کیا گیا تھا۔
الیکشن کمیشن کے احکامات کے بعد بورڈ آف ریونیو نے تونسہ شریف کو ضلع بنانے کا نوٹیفکیشن واپس لینے کی وزیر اعلیٰ سے منظوری طلب کی تھی، نگران کابینہ سے منظوری کے بعد سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو نے حلقہ بندیاں مکمل ہونے تک تونسہ شریف کو ضلع بنانے کا نوٹیفکیشن معطل کر دیا۔
واضح رہے چودھری پرویز الہٰی نے گزشتہ سال دسمبر میں تونسہ شریف کو ضلع بنانے کا نوٹیفکیشن جاری کیا تھا، تونسہ شریف کو ضلع بنانے کے بعد وہوا، تونسہ اور کوہ سلیمان کی تحصیلوں کو اس میں شامل کیا گیا تھا، اس موقع پر سابق وزیر اعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ تونسہ میں تعمیر و ترقی کا نیا باب شروع ہو گا، عوام کے مسائل اب ان کی دہلیز پر حل ہوں گے۔

سندھ میں پرائس کنٹرول ایکٹ میں ترمیم کر کے جرمانے کی رقم بڑھانے کا فیصلہ

کراچی: (ویب ڈیسک) سندھ میں پرائس کنٹرول ایکٹ میں ترمیم کر کے جرمانے کی رقم بڑھانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
ضروری اشیاء کی قیمتوں پر کنٹرول کے حوالے سے اجلاس ہوا، چیف سیکرٹری سندھ ڈاکٹر محمد سہیل راجپوت نے ویڈیو لنک کے ذریعے وزیر اعظم شہباز شریف کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ پرائس کنٹرول ایکٹ میں ترمیم کر کے جرمانے کی رقم بڑھائی جائے گی، ترمیم کے تحت مہنگی اشیاء بیچنے پر سخت ایکشن لیا جائے گا۔
چیف سیکرٹری سندھ کا کہنا تھا کہ 6 ماہ قید کے ساتھ 5 لاکھ روپے تک جرمانہ عائد کیا جائے گا، اشیاء قبضے میں لے کر موقع پر سرکاری قیمت پر آکشن کیس جائے گا اور دکان کو جرمانہ کی رقم ادا ہونے تک سیل رکھا جائے گا، صوبے میں پرائس انسپکٹرز کی تعداد کو بھی بڑھا یاجائے گا۔
ڈاکٹر محمد سہیل راجپوت نے بریفنگ میں بتایا کہ تمام محکموں کے سیکرٹریز کو اضلاع میں پرائس مانیٹرنگ کے لئے بھیجا جائے گا، ڈپٹی کمشنرز کے ساتھ سیکرٹریز بھی رمضان میں پرائس کنٹرول پر کام کریں گے۔
انہوں نے بتایا کہ 17 گریڈ کے سیکشن افسران کو بھی پرائس کنٹرول مجسٹریٹ کے اختیار دئیے جائیں گے جبکہ پرائس مجسٹریٹ کو 188 کے تحت اختیارات دئیے جائیں گے، انہوں نے یہ بھی بتایا کہ سندھ میں یکم مارچ سے گندم کی خریداری شروع کی جائے گی۔
چیف سیکرٹری نے بتایا کہ صوبے میں تعلقہ سطح پر کنٹرول روم قائم کئے جائیں گے، کراچی میں رمضان میں 300 بچت بازار لگائے جائیں گے، بچت بازار صوبے کی ہر تحصیل میں حکومت کی جانب سے لگائے جائیں گے۔

بے نامی ایکٹ؛ حکومت نے ٹرائل کے لیے عدالتوں کو خصوصی اختیارات دے دیے

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) ٹیکس چوری، کرپشن اور مالی فراڈ میں ملوث افراد کے لیے خبر سامنے آگئی، حکومت نے بے نامی ایکٹ 2017ء کے تحت ٹرائل کے لیے عدالتوں کو خصوصی اختیارات تفویض کردیے۔
اس حوالے سے وزارت قانون و انصاف نے اختیارات عدالتوں کو دینے کا باضابطہ نوٹی فکیشن جاری کردیا جس کے تحت سندھ کے لیے ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس کو خصوصی اختیارات دیے گیے ہیں، کے پی کے لیے کورٹس آف ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن ججز کو خصوصی اختیارات دیے گیے ہیں۔
اسی طرح بلوچستان کے لیے ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن ججز کو خصوصی اختیارات دے دیئے گئے، پنجاب کے لیے کورٹ آف ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن ججز ٹو کو خصوصی اختیارات تفویض کیے گئے ہیں۔ اسلام آباد کے لیے کورٹ آف ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج ون کو بھی خصوصی اختیارات تفویض کیے گئے ہیں۔
نوٹی فکیشن کے مطابق اسپیشل کورٹس کا دائرہ کار اسلام آباد سمیت چاروں صوبوں پر محیط ہوگا۔ صوبائی، اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس نے اسپشل کورٹس کیلئے نام تجویز کیے تھے۔
ذرائع کے مطابق کابینہ نے نامزد کردہ عدالتوں کو اسپیشل کورٹس کے اختیارات دینے کی منظوری دی تھی، اسپیشل کورٹس میں بے نامی ایکٹ 2017ء کے سیکشن 48 کے تحت ٹرائل کیا جائے گا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ بے نامی ایکٹ 2017ء کے تحت ہر ٹرائل کو تیزی سے مکمل کیا جائے گا، اسپیشل کورٹس شکایت درج ہونے کے 6 ماہ کے اندر ٹرائل مکمل کریں گی۔

دنیا بھر میں مقبول، اٹلی میں انجیر کا الٹا درخت

روم، اٹلی: (ویب ڈیسک) اٹلی کے شہر بیکولی کے قریب ایک قدیم محراب کے اندر انجیر کا الٹا درخت دنیا بھر میں مشہور ہے جو اب بھی پھل دے رہا ہے۔
بایائے نامی آثارِ قدیمہ میں ایک قدیم محراب بنی ہے جو رومیوں کے عہد میں تعمیر کی گئی تھی۔ اس غار نما محراب کی چھت کے عین درمیان میں انجیر کا یہ درخت لگا ہوا ہے اور اب بھی افزائش سے گزررہا ہے۔ محققین ہوں یا عام افراد کوئی بھی یہ بتانے سے قاصر ہے کہ یہ درخت آخر کس نے اگایا یا کس طرح نمو سے گزررہا ہے؟ تاہم اتنا ضرور معلوم ہوا ہےکہ یہ شجر مضبوط ہورہا ہے اور کبھی کبھار اس پر انجیر بھی آگ آتی ہے۔
بعض ماہرین کا خیال ہے کہ اینٹ گارہ بنانے کے دوران انجیر کا بیج بھی پلستر میں مل کر محراب کا حصہ بن گیا اور مناسب ماحول کی وجہ سے آگ آیا تھا۔ واضح رہے کہ یہ انجیر کی قدیم ترین قسم بھی ہے جو دنیا میں کئی مقامات پر ملتا ہے۔ 9400 قبل مسیح میں اردن کی وادی میں بھی اسی قسم کی انجیر اگتی تھی جس کے رکاز(فاسل) بھی ملے ہیں۔
انجیر کے یہ درخت خشک اور دھوپ والے مقامات پر افزائش پاتے ہیں اور پانی کی معمولی مقدار ہی ان کے لیے کافی ہوتی ہے۔ تاہم الٹے درخت کو دیکھنے کے لیے لوگ دور دور سے آتے ہیں جو بلاشبہ ایک نباتاتی عجوبہ ہے۔

فخر کی شاندار بیٹنگ، قلندرز کا سلطانز کو جیت کے لیے 176 رنز کا ہدف

ملتان: (ویب ڈیسک) پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سیزن 8 کے افتتاحی میچ میں لاہور قلندرز نے ملتان سلطانز کو جیت کے لیے 176 رنز کا ہدف دیا ہے۔
ملتان کے اسٹیڈیم میں کھیلے جا رہے میچ میں ملتان سلطانز نے لاہورقلندرز کے خلاف ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔
لاہور قلندرز کی جانب سے اننگز کا آغاز فخر زمان اور طاہر بیگ نے کیا، دونوں کھلاڑیوں نے پہلی وکٹ کے لیے 61 رنز کی شراکت داری قائم کی۔
طاہر بیگ 32 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جب کہ فخر زمان نے 66 رنز کی اننگز کھیلی۔ ان کے علاوہ حسین طلعت 20 رنز بنا کر نمایاں رہے۔
ملتان سلطانز کی جانب سے احسان اللہ اور اسامہ میر نے دو دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

مذاکرات کامیاب، فلور ملز ایسوسی ایشن نے ہڑتال کی کال واپس لے لی

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان فلور ملز ایسوسی ایشن کے حکومت کے ساتھ مذاکرات کامیاب ہو گئے، ایسوسی ایشن نے 14 فروری کی ہڑتال ختم کرنے کا اعلان کر دیا۔
چیئرمین فلور ملز ایسوسی ایشن افتخار احمد مٹو نے کہا کہ کل سے ملیں دوبارہ کام کرنا شروع کر دیں گی، چیئرمین پنجاب فلور ملز ایسوسی ایشن پنجاب افتخار مٹو کے زیر قیادت فلور ملز ایسوسی ایشن کے وفد کو کلب 8 مدعو کیا گیا۔
نگران صوبائی وزیر انڈسٹری ایس ایم تنویر، وزیر کمیونیکیشن اینڈ ورکس بلال افضل اور وزیر ہائر ایجوکیشن منصور قادر کے فلور ملز ایسوسی ایشن کے ساتھ مذاکرات کامیاب ہو گئے، سیکرٹری فوڈ زمان وٹو کو ایسوسی ایشن کے مطالبات ماننے کی ہدایات کر دی گئیں۔
تینوں نگران وزراء نے فلور ملز ایسوسی ایشن کے مطالبات سے نگران وزیر اعلیٰ پنجاب کو آگاہ کردیا، وفد میں چیئرمین پاکستان فلور ملز ایسوسی ایشن عاصم رضا، چیئرمین فلور ملز ایسوسی ایشن پنجاب افتخار مٹو، لیاقت علی خان، چودھری ریاض، حافظ احمد قادر سمیت دیگر بھی شامل تھے۔
واضح رہے 2 روز قبل پنجاب میں فلور ملز مالکان کو گرفتار کرنے کیلئے 36 اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز کو ایم پی او تھری لگانے کے احکامات جاری کیے گئے تھے، اس حوالے سے لاہور سمیت دیگر اضلاع کے فلور ملز مالکان کی گرفتاری کیلئے فہرست بھی تیار کر لی گئی تھی۔
حکومتی کریک ڈاؤن کے پیش نظر فلورملز مالکان نے 14 فروری کو ہڑتال کا اعلان کر دیا جس پر حکومت کو خدشہ تھا کہ فلور ملنگ انڈسٹری کے ساتھ محاذ آرائی ملک گیر آٹے کے بحران میں تبدیل ہو سکتی ہے، جس پر فلور ملز مالکان اور حکومت کے درمیان مذاکرات کا دور ہوا جس کے بعد فلور ملز مالکان نے ہڑتال کی کال واپس لے لی۔