All posts by Khabrain News

جنوری میں تارکین وطن کی جانب سے بھیجی گئی ترسیلات زر میں ریکارڈ کمی

کراچی: (ویب ڈیسک) 31 ماہ کے بعد جنوری 2023 میں تارکین وطن کی جانب سے بھیجی گئی ترسیلات زر 2 ارب ڈالر سے بھی کم رہیں۔
سٹیٹ بینک آف پاکستان کے مطابق جنوری میں ترسیلات زر 13 فیصد کمی کے بعد ایک ارب 89 کروڑ ڈالر رہیں، اس سے قبل مئی 2020 میں ترسیلات زر ایک ارب 86 کروڑ ڈالر تھی۔
واضح رہے کہ اپریل 2022 میں ترسیلات زر 3 ارب 12 کروڑ ڈالر کی ریکارڈسطح پر تھیں، جولائی تا جنوری 2023، ترسیلات زر میں 11 فیصد کمی ہوئی۔
سٹیٹ بینک کے مطابق سات ماہ میں ترسیلات زر 16 ارب ڈالر ریکارڈ کی گئی، گزشتہ مالی سال کے انہی 7 ماہ میں ترسیلات زر 17 ارب 98 کروڑ ڈالر رہی تھیں۔

پنجاب حکومت کا گندم کی فی من قیمت بڑھانے کا فیصلہ

لاہور: (ویب ڈیسک) نگران پنجاب حکومت نے گندم کی فی من امدادی قیمت بڑھانے کا فیصلہ کر لیا، گندم کی قیمتوں میں اضافے کے لیے جلد اجلاس طلب کیا جائے گا۔
ایوان وزیراعلیٰ میں صحافیوں سے ملاقات میں نگران وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ پنجاب میں اس سال 575 ارب روپے کی لاگت سے گندم کی خریداری کی جائے گی، ہماری کوشش ہوگی کہ رمضان میں زیادہ سے زیادہ عوام کو ریلیف دیں، اس حوالے سے پیکج پر کام ہو رہا ہے، صرف چور بازاری ختم ہو جائے تو مہنگائی پر قابو پا لیں گے۔
محسن نقوی نے کہا کہ ہمارا مقصد ہے کہ بحران ختم ہوجائے، پرائس کنٹرول کمیٹیوں کے حوالے سے اقدامات کر رہے ہیں، نگران حکومت کفایت شعاری پالیسی پر عمل پیرا ہے، سی ایم کے پانچ آفسز تھے ہم نے چار افسز بن بند کر دیئے ہیں، نگران حکومت کے پاس عام حکومت کی نسبت آدھے اختیارات ہوتے ہیں۔

سٹاک مارکیٹ میں منفی رجحان، 100 انڈیکس میں 24 پوائنٹس کی کمی

کراچی: (ویب ڈیسک) پاکستان سٹاک ایکسچینج میں آج کاروبار کا منفی رجحان رہا، پاکستان سٹاک ایکسچینج کا 100 انڈیکس 24 پوائنٹس کی کمی کے بعد 41 ہزار 716 پر آ گیا ہے۔
گزشتہ کاروباری ہفتے کے اختتام پر 100 انڈیکس 41 ہزار 742 پوائنٹس پر بند ہوا تھا۔

صدر مملکت کی میرعلی میں سکیورٹی فورسز پر دہشت گرد حملے کی مذمت

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے میرعلی میں سکیورٹی فورسز کے قافلے پر دہشت گرد حملے کی مذمت کی ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر صدر پاکستان کے آفیشنل اکاؤنٹ سے جاری پیغام میں صدر عارف علوی نے واقعے میں فوجی اہلکار کی شہادت پر اظہارِ افسوس کرتے ہوئے خراج عقیدت پیش کیا۔صدر مملکت نے دہشت گردوں کے مکمل خاتمے کیلئے قوم کے مشترکہ عزم کا اعادہ کیا، انہوں نے زخمیوں کی جلد صحتیابی کی دعا کی اور شہید کے لواحقین سے اظہار ہمدردی بھی کیا۔

پاکستان اور امریکہ کے دفاعی مذاکرات کا دوسرا دور کل سے شروع ہوگا

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ پاکستان اور امریکہ کے دفاعی مذاکرات کا دوسرا دور کل سے واشنگٹن میں شروع ہوگا۔
اپنے ایک بیان میں ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ پاکستان اور امریکہ کے دفاعی مذاکرات کا دوسرا دور 13 سے 16 فروری تک واشنگٹن میں شیڈول ہے، دونوں ملکوں کے درمیان دفاعی مذاکرات کا پہلا دور جنوری 2021ء میں پاکستان میں ہوا تھا۔
پاکستانی وفد کی قیادت چیف آف جنرل سٹاف کریں گے، پاکستانی وفد میں وزارت خارجہ، جوائنٹ سٹاف ہیڈ کوارٹرز اور تین سروسز ہیڈ کوارٹرز کے اعلیٰ حکام شامل ہوں گے۔
امریکی ملٹری ایجنسی ٹیم کی نمائندگی انڈر سیکرٹری آف ڈیفنس آفس کریں گے، دفاعی مذاکرات کے دوران دو طرفہ دفاعی اور سکیورٹی تعاون کے امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

میر علی میں دہشت گردوں کا سکیورٹی فورسز پر حملہ، ایک جوان شہید

شمالی وزیرستان: (ویب ڈیسک) آئی ایس پی آر نے کہا ہے کہ میر علی میں دہشت گردوں کے سکیورٹی فورسز پر حملے میں ایک جوان شہید اور 14 زخمی ہوئے ہیں۔
ذرائع کے مطابق سکیورٹی فورسز کا قافلہ شمالی وزیرستان سے بنوں کی جانب رواں تھا کہ اچانک بارود سے بھرا رکشہ گاڑی سے ٹکرا گیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ نے اپنے ایک بیان میں اس بات کی تصدیق کی ہے کہ دہشت گردوں کے حملے میں ایک جوان شہید جبکہ 14 زخمی ہوئے ہیں۔

فخر ہے کہ پیپلز پارٹی ملک کی واحد جماعت ہے جس کی قیادت دو خواتین نے کی، بلاول

کراچی: (ویب ڈیسک) پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین اور وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ یہ بات باعث فخر ہے کہ پیپلز پارٹی ملک کی واحد جماعت ہے جس کی قیادت دو خواتین نے کی۔
خواتین کے قومی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ آج کا دن پاکستانی خواتین کی جمہوریت کیلئے جدوجہد اور آمریت کیخلاف مزاحمت کی علامت کا دن ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستانی خواتین بے مثال بہادری، عظیم صلاحیتوں اور ناقابلِ تسخیر حوصلے کی علامت ہیں، مادر ملت، بیگم بھٹو اور شہید محترمہ بینظیر بھٹو دنیا کیلئے رول ماڈل ہیں۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ انسانی حقوق کی پاسداری خواتین کو برابر کے حقوق دیے بغیر ناممکن ہے، 1973ء کا آئین خواتین کو برابری، نمائندگی، تحفظ اور ترقی کے یکساں مواقع کی ضمانت دیتا ہے، پاکستان پیپلز پارٹی ہر شکل میں موجود امتیاز اور استحصال کے خاتمے کیلئے پاکستانی خواتین کی ہر جدوجہد کی حمایت کرتی ہے۔
خیال رہے کہ ملک میں ہر سال 12 فروری کا دن پاکستانی خواتین کے قومی دن کے طور پر منایا جاتا ہے۔

یوکرین جنگ پر تنقید، معروف روسی گلوکارہ غیر ملکی ایجنٹ قرار

برطانیہ: (ویب ڈیسک) معروف روسی گلوکارہ زیمفیرا کو روس کی حکومت نے غیر ملکی ایجنٹ قرار دے دیا۔
برطانوی خبر رساں ادارے کے مطابق جمعے کے روز روس کی وزارت انصاف نے یوکرین کی حمایت کرنے اور روس کے اسپیشل ملٹری آپریشن کو تنقید کا نشانہ بنانے پر روس کی مقبول گلوکارہ زیمفیرا کو غیر ملکی ایجنٹ قرار دے دیا۔
خبر ایجنسی کے مطابق گلوکارہ نے یوکرین کے ساتھ تنازع کی مخالفت کی تھی اور انہوں نے سوشل میڈیا پر “نو ٹو وار” کا نعرہ بھی لگایا تھا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق روسی گلوکارہ 1998 سے گلوکاری سے وابستہ ہیں اور وہ ناصرف روس بلکہ سابق سوویت ریاستوں میں بھی مقبول ہیں۔
اس سے قبل اپوزیشن لیڈر دمتری گڈکوف کو بھی یوکرین جنگ کی مخالفت اور حکومت پر تنقید پر غیر ملکی ایجنٹ قرار دیا جاچکا ہے۔

گورنر سندھ کی کراچی میں تبلیغی اجتماع میں شرکت

کراچی : (ویب ڈیسک) گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے کراچی کے علاقے اورنگی ٹاؤن میں تبلیغی اجتماع کی اختتامی دعا میں شرکت کی اور ملک و قوم کی سلامتی کیلئے دعا کی۔
گورنر سندھ نے ملک کی تعمیر و ترقی، سلامتی اور ملک سے دہشت گردی کے مکمل خاتمےکیلئے دعا کی۔
گورنر سندھ کا کہنا تھا کہ ہر سال اتنے بڑے اجتماع کے کامیابی سے انعقاد پر منتظمین مبارک باد کے مستحق ہیں، یہ اجتماع دینی حوالے سے پاکستان کی پہچان بن چکا ہے، ملک اور بیرون ملک سے شرکاء کی بڑی تعداد اس کے کامیاب انعقاد کا ثبوت ہے۔
ترجمان گورنر سندھ کے مطابق متحدہ قومی موومنٹ کے کنوینئر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی بھی ان کے ہمراہ تھے۔