All posts by Khabrain News

غربت کی وجہ سے نوجوان منشیات کی لت میں مبتلا ہورہے ہیں، جاوید میانداد

کراچی: (ویب ڈیسک) سابق ٹیسٹ کپتان اور اپنے دور کے عظیم بیٹر جاوید میانداد نے منشیات کے بڑھتے استعمال کو غربت کی بڑی وجہ قرار دے دیا۔
منشیات کو نذرآتش کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے جاوید میانداد نے کہا کہ غربت کی بڑی وجہ نوجوانوں کا منشیات کی لت میں پڑنا بھی ہے۔جب ایک گھر کا بچہ نشے میں پڑتا ہے تو باپ کی کمائی اس کی نظر جاتی ہے۔والدین اپنے بچوں پر گہری نظر رکھیں اور دیکھیں کہ ان کے بچوں کا آنا جانا، ملناجلنا اور دوستی کن افراد سے ہے۔
جاوید میانداد نے مزید کہا کہ ہمارے زمانے میں بچوں کو رات کے وقت گھر سے باہر نکلنے کی اجازت نہیں ہوتی تھی۔آج کل میں دیکھتا ہوں کہ جوانی کی دہلیز پر قدم رکھنے والے بچے رات کو دو سے تین بجے تک سڑکوں پر سرکرداں نظر آتے ہیں۔والدین کی عدم توجہ اور غفلت کی وجہ سے بچے منشیات کی لت میں پڑ جاتے ہیں۔

ضابطے کی خلاف ورزی، بھارتی کرکٹر رویندرا جڈیجا پر جرمانہ عائد

دبئی: (ویب ڈیسک) ضابطے کی خلاف ورزی پر ناگپور ٹیسٹ کے پلیئر آف دی میچ رویندرا جڈیجا پر جرمانہ عائد کر دیا گیا۔
بھارتی آل راؤنڈر رویندرا جڈیجا پر ایک ڈی میرٹ پوائنٹ اور میچ فیس کا 25 فیصد جرمانہ عائد کیا گیا ہے، رویندرا جڈیجا نے پہلی اننگز کے 46ویں اوور میں انگلی پر کریم لگا کر ضابطے کی خلاف ورزی کی تھی۔
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی ) کا کہنا ہے کہ رویندرا جڈیجا نے ہاتھ کی انگلی پر درد کم کرنے والی کریم فیلڈ امپائر کی اجازت کے بغیر لگائی تھی۔
دوسری جانب بھارتی آل راؤنڈر آئی سی سی کی سزاؤں کو تسلیم کیا ہے، رویندرا جڈیجا آئی سی سی کے فیصلے کیخلاف اپیل نہیں کریں گے۔

فجیرہ انٹرنیشنل تائیکوانڈو مقابلوں میں پاکستان کے نام ایک اور اعزاز

فجیرہ: (ویب ڈیسک) پاکستان رینجرز پنجاب کے سب انسپکٹر ہارون خان نے متحدہ عرب امارات میں منعقد ہونے والے فجیرہ انٹرنیشنل تائیکوانڈو مقابلوں میں کانسی کا تمغہ حاصل کر کے ملک کا نام روشن کر دیا، ایونٹ میں 60 ممالک نے حصہ لیا تھا۔
سب انسپکٹر محمد ہارون پاکستان کے ابھرتے ہوئے سپورٹس سٹار ہیں جو گزشتہ 6 ماہ سے تائیکوانڈو کے بین الاقوامی مقابلوں میں چھائے ہوئے ہیں، بین الاقوامی سطح پر پاکستان رینجرز پنجاب کے اس ہیرو کی یہ مسلسل چوتھی کامیابی ہے۔
اس سے قبل ہارون خان انٹرنیشنل ماؤنٹ ایورسٹ چیمپئن شپ نیپال میں بھی کانسی کا تمغہ حاصل کر چکے ہیں جس میں 29 ممالک نے حصہ لیا تھا۔
ایران میں منعقد ہونے والی ورلڈ ملٹری گیمز میں بھی سب انسپکٹر ہارون خان نے کانسی کا تمغہ حاصل کیا جس میں 37 ممالک نے حصہ لیا تھا۔

جنوبی افریقا کے سب سے مقبول گلوکار شو سے قبل حملے میں ہلاک

ڈربن: (ویب ڈیسک) جنوبی افریقا کے مقبول ترین ریپرز میں سرفہرست کیرنن فوربس ایک نائٹ کلب میں داخل ہونے سے قبل ہونے والے حملے میں ہلاک ہوگئے۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق AKA کے نام سے شہرت رکھنے والے جنوبی افریقا کے مقبول ترین ریپر 35 سالہ کیرنن فوربس ڈربن کے ساحل پر بنے نائٹ کلب میں سالگرہ کی تقریب میں پرفارمنس کے لیے پہنچے تھے۔
کیرنن فوربس اپنے دوست کے ہمراہ کار پارک کرکے نائٹ کلب میں داخل ہی ہونے والے تھے کہ پیدل حملہ آور نے ان پر گولیاں برسا دیں جس کے نتیجے میں فوربس اور ان کے دوست موقع پر ہی ہلاک ہوگئے۔
فائرنگ کے بعد حملہ آور پیدل ہی فرار ہوگیا جس کی تلاش میں پولیس نے چھاپہ مار کارروائی شروع کردی ہے تاہم اب تک کوئی گرفتاری عمل میں نہیں لائی گئی ہے۔ تاحال قتل کے محرکات کا بھی تعین نہیں ہوسکا ہے۔
کیرنن فوربس کے والدین نے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر کی گئی پوسٹ میں اپنے بیٹے کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے لکھا کہ ہمارے لیے کیرنن فوربس ایک بیٹا، بھائی، پوتا، بھتیجا، کزن اور دوست تھا اور سب سے اہم وہ اپنی پیاری بیٹی کائرو کا باپ تھا۔
فوربس نے اپنے میوزک کیریئر کا آغاز ریپ گروپ Entity سے کیا اور دیکھتے ہی دیکھتے مقبولیت کے جھنڈے گاڑ دیے۔ انھوں نے امریکا میں بلیک انٹرٹینمنٹ ٹیلی ویژن (BET) ایوارڈ اور MTV یورپ میوزک ایوارڈ کے لیے متعدد نامزدگیاں حاصل کیں۔
خیال رہے کہ جنوبی افریقا میں قتل کی شرح دنیا میں سب سے زیادہ ہے اور فائرنگ کے واقعات عام ہیں۔جنوبی افریقا میں بندوق کے تشدد کو کم کرنے کے لیے کام کرنے والے ادارے چیریٹی گن فری نے اندازہ ظاہر کیا ہے کہ ملک میں روزانہ 30 افراد فائرنگ کے واقعات میں قتل ہوتے ہیں۔

یہ شہ پارہ شیشے پر ہتھوڑے مار کر بنایا گیا ہے

کولمبس، اوہایو: (ویب ڈیسک) فنکار اپنے فن کو زندہ رکھنے کے لیے طرح طرح کے مٹیریئل استعمال کرتے ہیں اور اب ایتھیوپیا کے ایک نوجوان فنکار نے شیشے پر ہتھوڑے مارکر انہیں چٹخا کر غیرمعمولی پورٹریٹ بنائے ہیں جو دیکھنے سے تعلق رکھتے ہیں۔
نیٹنائل مکیورا نے چھینی اور ہتھوڑی کی مدد سے شیشے کے بڑے ٹکڑوں کو چٹخا کر احتیاط کے ساتھ یہ فن پارے تخلیق کئے ہیں۔ انہوں نے کووڈ 19 کی وبا میں گھربیٹھے اس فن کا آغاز کیا اور شروع میں بہت مرتبہ ناکام ہوئے، کیونکہ بار بار شیشہ ٹوٹ جاتا تھا۔ لیکن دھیرے دھیرے وہ اس انوکھے اور مشکل کام کے ماہر ہوتے چلے گئے۔
لیکن شیشے پر یکساں قوت سے چوٹ لگا کر ہی حسبِ خواہش تصویر یا پورٹریٹ بنایا جاسکتا ہے۔ لیکن نیٹائل کے ساتھ ایسا بھی ہوا کہ کہیں زیادہ شیشہ چٹخا تو تصویر بگڑگئی اور جو سوچا تھا وہ نہ بن سکا۔ یہی وجہ ہے کہ اس کے لیے غیرمعمولی مہارت اور ہاتھ کا زاویہ درکار ہوتا ہے تاکہ حسبِ خواہش شاہکار وجود میں آسکے۔ اس کے لیے انہوں نے سخت محنت کی اور لاتعداد مرتبہ ناکام بھی ہوئے۔ تاہم اب بھی ایک تصویر بنانے میں انہیں گھنٹوں لگ جاتے ہیں۔
2001 میں ایتھیوپیا میں جنم لینے والے ینٹنائل اب امریکہ میں رہت ہیں جہاں وہ اپنے فن پارے فروخت کررہے ہیں۔ سوشل میڈیا اور دیگر پلیٹ فارمز پر ان کے غیرمعمولی کام کو لاکھوں افراد نے پسند کیا ہے۔ وہ تصویر بنانے کے لیے پہلے شیشے پر اس کے حاشیے کھنچتے ہیں اور اس کے بعد ہتھوڑی اور کیل وغیرہ آزماتے ہیں۔

جنگِ عظیم دوم میں لکھے گئے خطوط سپاہی کی بیٹی تک پہنچ گئے

نیو یارک: (ویب ڈیسک) جنگِ عظیم دوم کے ایک سپاہی کے لکھے گئے خطوط، جو عرصہ دراز سے گمشدہ تھے، 30 سال بعد ان کی بیٹی کو واپس کر دیے گئے۔ یہ خطوط نیو یارک میں ایک گھر کی تعمیرِ نو کے دوران دریافت ہوئے۔
51 سالہ ڈوٹی کیئرنی کا کہنا تھا کہ وہ اور ان کے خاوند 1990 کی دہائی میں خریدے گئےایک گھر کی دیواروں کا پلاسٹر ہٹا رہے تھے جب پوشیدہ خطوط سامنے آئے۔ یہ خطوط دوسری عالمی جنگ کے سپاہی کلوڈ اسمائتھ نے اپنی اہلیہ میری اسمائتھ کو لکھے تھے۔
ڈوٹی کیئرنی کا کہنا تھا کہ انہوں نے کئی سالوں میں یہ خطوط متعدد بار پڑھے اور ایک شو میں ’ہیئرلوم انویسٹیگیٹر‘ (کسی خاندان کی قیمتی چیز، جو نسلوں سے ان کے پاس ہوتی ہے، کی تحقیق کرنے والے) چیلسی براؤن کو دیکھ کر مصنف کے خاندان کو ڈھونڈنے کا فیصلہ کیا۔
ڈوٹی کیئرنی نے چیلسی براؤن سے رابطہ کیا اور وہ ڈوٹی کی مدد کرنے پر آمادہ ہوگئیں۔
چیلسی براؤن نے ایک ویب سائٹ MyHeritage.com کی مدد سے جوڑے کی بیٹی کیرول بوہلِن کی نشان دہی کی جو ورمونٹ میں رہتی ہیں۔
چیلسی براؤن نے کیرول بوہلِن کے والدین کے خطوط ان کے حوالے کیے اور ویب سائٹ نے کیرول کے پہلی بار خط پڑھنے کی تصاویر شیئر کیں۔

اوپن اے آئی نے ’چیٹ جی پی ٹی‘ پر ماہانہ فیس عائد کردی

سان فرانسسکو: (ویب ڈیسک) اس وقت دنیا بھر میں مصنوعی ذہانت کے ایک طاقتور پلیٹ فارم چیٹ جی پی ٹی کی دھوم ہے۔ تاہم اب اس کی مرکزی کمپنی اوپن اے آئی نے چیٹ جی پی ٹی کی سبسکرپشن کا اعلان کرتے ہوئے ماہانہ 20 ڈالر فیس کا اعلان کیا ہے۔
کمپنی کے مطابق صارفین اس سے غیرمعمولی فوائد حاصل کرسکیں گے۔ اپنے اعلان کے بعد یہ سافٹ ویئر اب طلباوطالبات، صحافیوں اور سائنسدانوں تک میں تیزی سے مقبول ہورہا ہے۔ اس کا استعمال کم قیمت پر ایس ای او میں بھی مدد فراہم کرتا ہے۔
تاہم تجزیہ کاروں نے اب بھی خبردارکیا ہے کہ اس پر مکمل بھروسہ نہیں کیا جاسکتا کیونکہ یہ غلط معلومات اور مبہم نتائج بھی دکھاتا ہے۔ لیکن دوسری جانب بعض شعبوں پر اس نے غیرمعمولی معلومات اور تنائج بھی ظاہر کئے ہیں۔
چیٹ جی پی ٹی کی سبسکرپشن سروس فی الحال امریکہ میں فراہم کی جارہی ہے جو فیس ہونے کی بنا پر کئی سہولیات کی حامل ہوگی تاہم جلد اس کا دائرہ دیگر علاقوں تک وسیع کیا جاسکے گا۔

وزن کم کرنے والوں کےلیے مددگار ’سپر بریڈ‘

لندن: (ویب ڈیسک) ڈائٹ کرنے والے افراد زیادہ کاربوہائیڈریٹس ہونے کی وجہ سے بریڈ کھانے سے اجتناب کرتے ہیں لیکن سائنس دانوں نے ایک ایسی بریڈ بنانے کا دعویٰ کیا ہے جو لوگوں کو بھرے پیٹ کا احساس دلا کر ان کا وزن کم کرسکے گی۔
سائنس دانوں نے چنے سے ایک ایسا آٹا بنایا جس کو بریڈ کی صورت میں کھا کر لوگ عام بریڈ کی نسبت زیادہ مطمئن تھے۔
سائنس دانوں کا ماننا ہے کہ ڈائٹ کرنے والے افراد گندم کے آٹے کو چنے کے آٹے سے بدل کر زیادہ کھانے کے عمل کو محدود کر سکتے ہیں جس کے نتیجے میں یقینی طور پر موٹاپا کم ہوگا۔
تاہم، ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ صرف آٹے کی تبدیلی کافی نہیں ، بہتر صحت کےلیے فعال رہنا اور صحت مند غذا انتہائی ضروری ہوتی ہے۔
ناروچ میں قائم ایک تحقیقی سینٹر کواڈرم انسٹیٹیوٹ اور کنگز کالج لندن کے محققین نے گندم کے آٹے کے بجائے خلیاتی چنے کے آٹے سے بریڈ بنایا۔
یہ تحقیق اپنی نوعیت کی پہلی تحقیق ہے جس میں اس نئے جزو کا معائنہ کیا گیا۔روایتی انداز سے پیسے جانے والے چنے، دالیں اور پھلیوں کے آٹےمیں صحت کے ضروری فائبر کے سانچے ٹوٹ جاتے ہیں۔ لیکن اس تحقیق میں استعمال کیا گیا چنے کاآٹا ایک نئے طریقے سے پیسا گیا جس سے اس کے فائبر اسٹرکچر محفوظ رہے۔
سائنس دانوں کے مطابق یہ طریقہ کار آٹے پر مشتمل اضافی صحت والی غذاؤں کی فراہمی کو یقینی بناتا ہے۔
مطالعے میں سائنس دانوں نے 18 سے 45 سال کے درمیان 20 افراد کو تین قسم کے بریڈ رول کھلائے۔ ایک بریڈ رول گندم کے سفید آٹے سے بنایا گیا جبکہ دوسری اور تیسری قسم میں چنے کے آٹے کی مقدار بالترتیب 30 اور 60 فی صد رکھی گئی۔
امیریکن جرنل آف کلینکل نیوٹریشن میں شائع ہونے والی تحقیق میں یہ بات سامنے آئی کہ جنہوں نے خصوصی چنے کے آٹے سے بنی بریڈ کھائی تھی ان کے خون میں اطمینان کے ہارمونز کی مقدار واضح طور پر زیادہ تھی۔
سائنس دانوں کے مطابق یہ ہارمون پیٹ سے دماغ کو سگنل بھیجتے ہیں جس سے لوگ بھرا پیٹ محسوس کرتے ہیں، جس کا مطلب ہے کہ تحقیق میں چنے کے آٹے سے بنے بریڈ کھا کر شرکاء نے کم بھوک محسوس کی۔

ایڈمرل محمد امجد خان نیازی کا امن مشق 2023 میں شریک ممالک کے بحری جہازوں کا دورہ

کراچی: (ویب ڈیسک) چیف آف دی نیول سٹاف ایڈمرل محمد امجد خان نیازی نے امن مشق 2023 میں شریک ممالک کے بحری جہازوں کا دورہ کیا۔
ترجمان پاک بحریہ کے مطابق نیول چیف کی آمد پر انہیں تمام مہمان جہازوں کی جانب سے گارڈ آف آنر پیش کیا گیا، نیول چیف نے جہازوں کے کمانڈنگ افسران اور عملے سے ملاقاتیں کیں۔
پاک بحریہ کے ترجمان نے بتایا کہ سربراہ پاک بحریہ کو غیر ملکی جہازوں پر خصوصی بریفنگ دی گئی، نیول چیف نے مشق میں شرکت اور باہمی تعاون کے فروغ پر تمام شریک ممالک کے نمائندگان کا شکریہ ادا کیا۔

منی لانڈرنگ کیس، خصوصی عدالت نے سلیمان شہباز کی بے گناہی کی رپورٹ مسترد کر دی

لاہور: (ویب ڈیسک) منی لانڈرنگ کیس میں سلیمان شہباز کو بے گناہ کرنے کی ایف آئی اے کی رپورٹ سپیشل کورٹ نے مسترد کر دی۔
خصوصی عدالت نے تحریری فیصلہ جاری کرتے ہوئے حکم دیا کہ سلیمان شہباز اور طاہر نقوی بطور ملزم آئندہ سماعت پر پیش ہوں، شہباز شریف اور حمزہ شہباز کے خلاف کچھ نہیں لکھ رہے کیونکہ انہیں پچھلے جج اعجاز اعوان بری کر چکے ہیں۔
تحریری حکم نامے میں سپیشل سینٹرل عدالت نے سلیمان شہباز، طاہر نقوی کو آئندہ سماعت پر بطور ملزم طلب کیا، دونوں کو 50،50 ہزار روپے کے مچلکے جمع کرانے کی بھی ہدایت کی گئی، سلیمان شہباز اور طاہر نقوی کے خلاف مواد موجود ہے، متعلقہ افسران ضروری دستاویزات عدالت میں پیش کریں۔
تحریری فیصلے میں سلیمان شہباز سمیت دیگر ملزمان کے وکلاء کو بریت کی درخواستوں پر دلائل دینے کا کہا گیا ہے، ضمنی چالان میں ایف آئی اے نے سلیمان شہباز اور طاہر نقوی کو ملزم قرار نہیں دیا تھا۔