All posts by Khabrain News

پاکستان کا بھارتی پارلیمنٹ کی نئی عمارت میں اکھنڈ بھارت دیوارکی تنصیب پر اظہار تشویش

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) پاکستان نے بھارتی پارلیمنٹ کی نئی عمارت میں اکھنڈ بھارت دیوار کی تنصیب پر شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ پاکستان کو بھارتی حکمرانوں کی جانب سے اکھنڈ بھارت کا نظریہ پیش کرنے پر شدید تشویش ہے، بھارتی پارلیمنٹ کی نئی عمارت میں نام نہاد قدیم ہندوستان کو دکھایا گیا، بھارتی پارلیمنٹ کی نئی عمارت میں بنی دیوار پر وہ علاقے بھی شامل ہیں جو اب پاکستان اور دیگر ممالک کے حصے ہیں۔
دفتر خارجہ نے کہا کہ بی جے پی کے کچھ رہنماؤں کے بیانات پر حیران ہیں، اکھنڈ بھارت کا بے جا دعویٰ ایک نظرثانی اور توسیع پسندانہ ذہنیت کا مظہر ہے، ہندوستان نہ صرف پڑوسی ممالک بلکہ اپنی مذہبی اقلیتوں کی شناخت اور ثقافت کو بھی مسخر کرنا چاہتا ہے، بھارتی سیاسی رہنماؤں کو مشورہ ہے کہ اپنے تفرقہ انگیز اور متعصبانہ سیاسی ایجنڈے کے لیے دوسرے ممالک کے خلاف بیان نہ دیں۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ بھارت کو اپنے پڑوسیوں کے ساتھ تنازعات کو حل کرنا چاہیے، پرامن اور خوشحال جنوبی ایشیا کی تعمیر کے لئے بھارت پڑوسیوں کیلئے اپنا نفرت انگیز اور متعصبانہ رویہ ترک کرے۔

آرمی تنصیبات پر حملہ کرنیوالوں کےخلاف مقدمات فوجی عدالتوں میں چلیں گے: وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے کہا کہ مذاکرات کئے تو شہداء کے لواحقین کی طرف سے سخت ردعمل آئے گا۔
غیر ملکی نشریاتی ادارے کو انٹرویو دیتے ہوئے رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ جو لوگ فوجی تنصیبات پر حملوں میں ملوث ہیں ان کے خلاف مقدمات فوجی عدالتوں میں چلائے جائیں گے، مذاکرات کئے تو شہداء کے لواحقین کی طرف سے سخت ردعمل آئے گا۔
وزیر داخلہ نے مزید کہا کہ مسلم لیگ (ن) انتخابات سے پیچھے نہیں ہٹی ، اگست میں اسمبلیوں کی مدت مکمل ہونے کے بعد نگران حکومت 90 روز میں ملک بھر میں ایک ساتھ انتخابات کرائے گی، اتحادی حکومت کا مؤقف رہا ہے وفاق اور صوبوں میں الیکشن ایک ساتھ ہونے چاہئیں کیوں کہ یہ آئینی ضرورت ہے۔

شاہ محمود قریشی کی نظر بندی کا معاملہ: عدالت نے فریقین کو نوٹسز جاری کر دیئے

لاہور: (ویب ڈیسک) لاہور ہائی کورٹ راولپنڈی بنچ نے پاکستان تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی کی نظر بندی کے خلاف دائر درخواست پر سماعت کے دوران فریقین کو نوٹسز جاری کرتے ہوئے 6 جون کو جواب طلب کر لیا۔
لاہور ہائی کورٹ راولپنڈی بنچ کے جسٹس چودھری عبدالعزیز نے شاہ محمود قریشی کی نظر بندی کے خلاف دائر درخواست پر سماعت کی، سماعت کے دوران شاہ محمود قریشی کے وکیل بیرسٹر تیمور ملک عدالت میں پیش ہوئے۔
عدالتِ عالیہ نے آئی جی پنجاب، چیف سیکرٹری پنجاب، سی پی او راولپنڈی، آر پی او اور ڈپٹی کمشنر راولپنڈی کو نوٹسز جاری کر دیئے۔
دوران سماعت وکیل نے عدالت سے استدعا کی کہ شاہ محمود قریشی سے اڈیالہ جیل میں ملاقات کی اجازت دے دی جائے جس پر عدالت نے استدعا منظور کرتے ہوئے سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کو شاہ محمود قریشی سے وکیل کو ملاقات کی اجازت دینے کی ہدایت کر دی۔
بعدازاں لاہور ہائی کورٹ راولپنڈی بنچ نے سماعت منگل 6 جون تک ملتوی کر دی۔

پولیس،رینجرز کی وردی میں بندے اٹھائے جا رہے کسی کو پرواہ نہیں: اسلام آباد ہائیکورٹ

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) عدالت عالیہ نے ایک مقدمے کی سماعت کے دوران ریمارکس دیے ہیں کہ اسلام آباد کی حدود سے پولیس و رینجرز کی وردی میں بندے اُٹھائے جا رہے ہیں کسی کو پرواہ نہیں۔
سابق مشیر برائے داخلہ و احتساب شہزاد اکبر کے بھائی مراد اکبر کی بازیابی کے لیے دائر درخواست پر سماعت اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس محسن اختر کیانی نے کی، جس میں عدالتی حکم پر ڈی آئی جی آپریشنز شہزاد بخاری، ایڈیشنل اٹارنی جنرل ،اسسٹنٹ اٹارنی جنرل، ایڈووکیٹ جنرل اسلام آباد جہانگیر جدون اور لاپتا مراد اکبر کے وکیل قاسم ودود، ایس پی نوشیروان اور ڈی ایس پی لیگل عدالت میں پیش ہوئے۔
دوران سماعت ایڈووکیٹ جنرل نے مقدمے کی تفصیل عدالت میں پیش کی، عدالت نےا ستفسار کیا کہ یہ بتائیں، جو لوگ آئے ، وہ نہ سی ٹی ڈی کے تھے نہ رینجر کے تھے ، یہ کنفرم کریں؟ ڈی آئی جی نے عدالت کو بتایا کہ جی بالکل ان میں سے کوئی نہیں تھا، عدالت نے کہا فوٹیج میں دیکھا گیا ہے کون ہے، جس پر ڈی آئی جی نے جواب دیا جی بالکل ہم اس کو دیکھیں گے، عدالت ہمیں وقت دے۔
عدالت نے کہا اگر گاڑیوں اور افراد کا تعین ہو گیا تو اس کے نتائج ہوں گے، اتنے لوگ جب سی ٹی ڈی اور رینجرز کی وردی میں آئیں گے تو یہ شیم فل ایکٹ ہو گا، کروڑوں روپے سیف سٹی پر لگ گئے، لوگوں کی ذاتی ویڈیو بنا بنا کر اپ لوڈ کردیتے ہیں لیکن چور اور ڈاکوؤں کو نہیں پکڑتے، کہاں ہیں ڈی جی رینجرز؟، وزارت دفاع سے کون ہے؟، عدالت نے ڈی جی رینجرز کو ذاتی حیثیت میں طلب کرلیا۔
جسٹس محسن اختر کیانی نے ریمارکس دئیے کہ آئندہ سماعت پر ڈی جی رینجرز کے خلاف شوکاز نوٹس جاری کروں گا، وہ ذمہ دار ہیں اگر ان کی وردی استعمال ہو رہی ہے تو، اسلام آباد کے اندر اتنے لوگوں نے مل کر ایک بندے کو اٹھایا، پولیس رینجر اور سی ٹی ڈی کی وردی میں لوگ آکر بندہ لے گئے، کیا وہ جعلی لوگ تھے، آپ نے پرچہ کیوں نہیں درج کیا، پولیس اور رینجرز کی وردی میں چوریاں ہو رہی ہیں۔
اسسٹنٹ اٹارنی جنرل نے عدالت کو بتایا کہ پہلے رینجرز کو ڈائریکشن نہیں تھے، جسٹس محسن اختر کیانی نے جواب دیا میں ابھی آرڈر کردیتا ہوں، سمجھ لگ جائے گی سب کو، ورنہ اسلام آباد میں نہ آئی جی کو رہنے کا حق ہے نہ کسی اور کو، ڈی جی رینجر کو پتا ہونا چاہیے تھا ان کی وردی اگر استعمال ہوئی ہے، لوگ پولیس اور رینجرز کی وردیوں میں بندے اٹھا رہے ہیں اور کس کو پرواہ ہی نہیں۔
عدالت نے وزارت دفاع کے نمائندے کو ہدایت کی کہ ڈی جی رینجرز کو کہیں آئندہ سماعت پر خود آئیں، عدالت نے سیکرٹری داخلہ، ڈی جی رینجرز کو پیر کے روز ذاتی حیثیت میں طلب کرتے ہوئے ہدایت کی کہ اپنی اپنی ایف آئی آر لے کر آئیں، عدالت نے کہا کہ اپنے اپنے ادارے کی وردی آپ نے بچانی ہے، اس کا افیکٹ آئے گا، ڈی جی رینجرز ، آئی جی معاملے کو دیکھیں اور مقدمہ درج کرائیں۔
جسٹس محسن اختر کیانی نے کہا کہ میں پھر ان سے پوچھوں گا کہ اسلام آباد میں آپ اپنی وردی کیوں نہیں سنبھال سکتے، آرڈر کا مقصد آئندہ اصلی وردی والوں کو تحفظ فراہم کرنا ہے، اگر آپ اس طرح کام نہیں کرسکتے تو آپ لوگ گھر چلے جائیں، اگر عمل درآمد نہ ہوا تو وزیر اعظم کو بلاؤں گا۔
عدالت نے پیر کے روز آئی جی اسلام آباد کو بھی ذاتی حیثیت میں طلب کرلیا، جسٹس محسن اختر کیانی نے ریمارکس دئیے کہ اگر بندہ نہ آیا تو اگلی تاریخ پر وزیر داخلہ کو بلاؤں گا، اگر پھر بھی بندہ نہ آیا تو وزیر اعظم کو بلاؤں گا، 36 کلومیٹر کے ایریا میں اگر امن وامان کا یہ عالم رہا تو آپ لوگ پھر اپنے گھر چلے جائیں۔

بلوچستان میں ایک بار پھر کانگو کی وبا بے قابو ، بچوں سمیت 6 افراد جاں بحق

کوئٹہ : (ویب ڈیسک) بلوچستان کے متعدد اضلاع ایک بار پھر کانگو وائرس کی لپیٹ میں آگئے ہیں جہاں اس وائرس سے خواتین اور بچوں سمیت 6 افراد جان کی بازی ہارچکے ہیں ۔
تفصیلات کے مطابق بلوچستان میں رواں سال کے دوران کانگو وائرس کے 35 کیسز رپو رٹ ہوئے ہیں جن میں سے 6 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں۔
ایسا پہلی بار نہیں ہواہے کہ بلوچستان میں کانگو وائرس کی وبا پھوٹی ہے بلکہ 80 کی دہائی کے آخر اور 90 کی دہائی کے وسط میں بھی اس وبا سےدرجنوں افراد جاں بحق ہوچکے ہیں ۔
صوبائی حکومت کی اس وائرس کے پھیلاؤ اور روک تھام کے حوالے سے دلچسپی کا اندازہ اس بات لگایا جاسکتا ہے کہ صوبے میں 4 دہائیوں سے کوئی ریسرچ سیل ہی قائم نہیں ہوسکا۔
2001 سے 2023 کے دوران تقریباً ہر سال ہی لورالائی اور موسیٰ خیل اضلاع سے کانگو وائرس کے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔
متاثرہ افراد کی یہ شکایت عام ہے کہ صوبائی حکومت صوبے کے اضلاع میں متاثرین کے علاج اور جانوروں کے حفاظتی اقدامات کے حوالے سے کچھ نہیں کرسکی ۔

پنجاب : فوجی املاک پر حملہ کرنیوالے 2 ہزار سے زائد ملزمان کی شناخت

لاہور: (ویب ڈیسک) پنجاب میں فوجی املاک پر حملہ کرنے والے 4 ہزار 120شرپسندوں میں سے 2 ہزار 290 کی شناخت ہوگئی ہے جبکہ ایک ہزار 181حملہ آور گرفتار کیے گئے ہیں۔
پولیس ریکارڈ کے مطابق جناح ہاؤس لاہور پر حملہ کرنے والے 1800 شرپسندوں میں سے ایک ہزار 125کی شناخت ہو چکی ہے اور 513 شرپسند گرفتار کیے جا چکے ہیں۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ عسکری ٹاور پر ایک ہزارشرپسندوں نے حملہ کیا جن میں سے 121کی شناخت ہوئی اور 81 کو گرفتار کیاجا چکا ہے، راولپنڈی میں جی ایچ کیو پر 300 شرپسندوں نے حملہ کیا، 158 کی شناخت ہوئی اور 109 گرفتار ہیں، حمزہ کیمپ پر 150 شرپسندوں نے حملہ کیا جن میں سے 95 کی شناخت ہوسکی اور77 گرفتار ہیں۔
پولیس ریکارڈ میں بتایا گیا ہے کہ پی اے ایف بیس میانوالی میں 177 حملہ آوروں میں سے 152 شناخت ہو چکے ہیں جن میں سے 103 گرفتار ہیں، گوجرانوالہ کینٹ میں 400 افراد نے حملہ کیا جن میں سے 346کی شناخت ہوئی اور 172 گرفتار ہیں۔
علاوہ ازیں فیصل آباد میں حساس ادارے کے دفتر پر 300 شرپسندوں نے حملہ کیا اور 192 شناخت ہوئے اور اب تک 112 گرفتار کیے جا چکے ہیں۔

فواد چودھری پرانا جیالہ ہے، پیپلزپارٹی میں ہی آئے گا: منظور وسان کی پیشگوئی

کراچی: (ویب ڈیسک) پیپلزپارٹی کے رہنما اور اکثر خواب دیکھنے والے منظور وسان نے فواد چودھری، شیخ رشید اور بشریٰ بی بی سے متعلق پیشگوئی کر دی ہے۔
منظور وسان نے کہا ہے کہا کہ فواد چودھری پرانا جیالہ ہے، وہ پیپلزپارٹی میں ہی آئے گا، فواد ہمارا تھا اور ہمارا ہی رہے گا، پی ٹی آئی چھوڑنے والے کافی لوگ پیپلزپارٹی میں آرہے ہیں ان سب کو پتہ ہے کہ اب مستقبل پیپلزپارٹی اور بلاول بُھٹو کا ہے۔
شیخ رشید کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ عوامی مسلم لیگ کے سربراہ کا کوئی مستقبل نہیں ہے۔
بشری بی بی بارے پیشگوئی کرتے ہوئے منظور وسان کا کہنا تھا کہ 80 فیصد امکانات ہیں کہ بُشری بی بی چیئرمین پی ٹی آئی کا ساتھ چھوڑ جائے گی، ایسے حالات بھی ہوتے ہیں کہ بیوی شوہر کو چھوڑ دیتی ہے۔

لاہور : ٹرک نے موٹر سائیکل پر سوار بہن بھائی کو کچل ڈالا

لاہور : (ویب ڈیسک) صوبائی دارالحکومت میں مین جی ٹی روڈ پر ٹریفک حادثہ کے نتیجے میں لڑکی جاں بحق ہوگئی۔
لاہور پولیس کے مطابق جی ٹی روڈ پر سک نہر کے قریب افسوسناک ٹریفک حادثہ پیش آیا جہاں موٹر سائیکل پر سوار بہن بھائی کو ٹرک نے کچل ڈالا۔
پولیس نے بتایا کہ حادثے کے نتیجے میں 17 سالہ بہن موقع پر دم توڑ گئی جبکہ بھائی شدید زخمی ہوا جسے طبی امداد کے لئے ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
پولیس نے مزید بتایا کہ ٹرک ڈرائیور موقع سے فرار ہو گیا ہے تاہم ڈیڈ باڈی قبضے میں لے کر ابتدائی تفتیش کا آغار کر دیا گیا ہے۔

امریکا: صدر بائیڈن تقریب کے دوران سٹیج پر گرگئے

واشنگٹن : (ویب ڈیسک ) امریکی صدر جوبائیڈن ایک تقریب کے دوران سٹیج پر موجود ریت کے چھوٹے سے تھیلے سے ٹکرا کر گر گئے۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق گزشتہ روز صدر جو بائیڈن کولوراڈو میں ایئر فورس اکیڈمی سے فارغ التحصیل ہونے والے کیڈٹس کو ڈگری دینے کی تقریب میں شریک ہوئے ۔ اس دوران سٹیج پر موجود ریت کے چھوٹے سے تھیلے سے ٹکرا کر صدر بائیڈن اچانک سے گر گئے ، سٹیج پر موجود ایئرفورس کے اہلکاروں نے امریکی صدر کو سنبھالا اور انہیں دوبارہ کھڑا کیا جس کے بعد وہ واپس جاکر اپنی نشست پر بیٹھے۔ وائٹ ہاؤس کے مطابق امریکی صدر جوبائیڈن بالکل ٹھیک ہیں، انہیں کسی قسم کی چوٹ نہیں آئی۔ امریکی صدر کے تقریب کے دوران گرنے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر بھی کافی وائرل ہورہی ہے، صارفین کی جانب سے مختلف تبصرے بھی کیے جارہے ہیں۔ واضح رہے کہ 80 سالہ جوبائیڈن امریکی تاریخ کے معمر ترین صدر ہیں اور صدارت سنبھالنے کے بعد ان کے ساتھ کئی ایسے واقعات پیش آچکے ہیں ۔

والد سے معمولی بات پر جھگڑا ، بیٹا بجلی کے کھمبے پر چڑھ گیا

کراچی : (ویب ڈیسک ) کراچی کے علاقے بلدیہ ٹاؤن میں نوجوان نے والد کے ساتھ معمولی جھگڑا کرنے کے بعد احتجاج کیلئے انوکھا قدم اٹھا لیا۔ والد کے پلاٹ میں حصہ نہ دینے پر بیٹا احتجاج کے طورپر بجلی کے کھمبے پر چڑھ گیا، پولیس اس کی اطلاع ملنے پر موقع پر پہنچ گئی اور علاقے کی بجلی منقطع کروائی ۔ پولیس نے نوجوان کے ساتھ مذاکرات کیے اور اسے بحفاظت بجلی کے پول سے اتارنے میں کامیاب ہوگئی، پولیس نے بتایا کہ بیٹے کا باپ سے جائیداد کا تنازع چل رہا ہے۔ اس سے قبل کراچی کے علاقے کورنگی میں نوجوان پسند کی شادی نہ ہونے پر احتجاجاً ہائی ٹینشن پول پر چڑھ گیا تھا، اس کا مطالبہ تھا کہ شادی مرضی سے کروائی جائے ورنہ کود کر جان دے دوں گا۔