All posts by Khabrain News

”کرپشن مارکہ اتحاد ” انتخابی میدان میں اترنے سے کیوں خوفزدہ ہے؟: مسرت جمشید

لاہور: (ویب ڈیسک) رہنما پاکستان تحریک انصاف مسرت جمشید چیمہ نے کہا ہے کہ عدالتی فیصلے سے امپورٹڈ ٹولے کے انتخابات سے فرار ہونے کے تمام راستے بند ہوگئے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر مسرت جمشید چیمہ کا کہنا تھا کہ پی ڈی ایم ٹولے نے فیصلے کو خوشدلی سے قبول کیا ہوتا تو ان کے گھروں میں صف ماتم نہ بچھی ہوتی، سوال ہے کرپشن مارکہ اتحاد انتخابی میدان میں اترنے سے کیوں خوفزدہ ہے؟۔
انہوں نے کہا کہ الٹے بھی لٹک جائیں آپ کو عوام کی عدالت میں ہر صورت پیش ہونا پڑے گا. آپ نے تو نو ماہ میں دودھ اور شہد کی نہریں بہا دی ہیں، پھر عوام میں جانے سے کیوں خوفزدہ ہیں؟۔
رہنما پی ٹی آئی کا مزید کہنا تھا کہ ملک معاشی طور پر وینٹی لیٹر پر ہے یہ وارداتیے اس کے باوجود کرپشن کی واردات سے باز نہیں آئے۔

انتخابات کروا کر حکومت منتخب لوگوں کو ٹرانسفر کی جائے: فواد چودھری

لاہور: (ویب ڈیسک) رہنما پاکستان تحریک انصاف اور سابق وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چودھری نے کہا ہے کہ ایسی احمقانہ پالیسیوں پر ضد کر کے ملک کی سالمیت کو داؤ پر لگایا جا رہا ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں فواد چودھری نے لکھا کہ ملک میں انتخابات کروا کر حکومت منتخب لوگوں کو ٹرانسفر کی جائے، ملک کے مستقبل سے کھیلنا بند ہونا چاہیے۔
سابق وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ پاکستان میں پی ڈی ایم حکومت کو دوام دینے کیلئے معاشی ایمرجنسی لگانے کی گفتگو ہو رہی ہے اس کے شدید سکیورٹی اثرات مرتب ہوں گے، ہمارا ایٹمی پروگرام دشمنوں کے پروپیگنڈے کا مرکز ہوگا اور ہماری آزادی محض رسمی ہوگی۔

سیاحت کے فروغ کیلئے کوریا کے تجربے سے فائدہ اٹھانا چاہتے ہیں: نگران وزیراعلیٰ پنجاب

لاہور: (ویب ڈیسک) نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کاکہنا ہے کہ صوبے میں سیاحت کے فروغ کیلئے کوریا کے تجربے سے فائدہ اٹھانا چاہتے ہیں۔
نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی سے کوریا کے سفیر سووسنگپیو نے ملاقات کی ، ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، تجارتی تعلقات میں اضافے، سیاحت، ثقافت اور دیگر شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
نگران وزیراعلیٰ نے کورین سفیر سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور کوریا کے درمیان بہترین دوستانہ اور معاشی روابط موجود ہیں، دوطرفہ وفود کے زیادہ تبادلوں سے باہمی تعلقات کو مزید فروغ دیا جا سکتا ہے۔
نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے مزید کہا کہ ثقافت اورسیاحت کے شعبوں میں تعاون کے بہت مواقع موجود ہیں، ٹیکسلا اور ہڑپہ جیسے مقامات کوریا سے ٹورسٹ کو اپنی طرف متوجہ کرسکتے ہیں۔
اس موقع پر کورین سفیر کا کہنا تھا کہ پاکستان ایک مہمان نواز ملک ہے، پاکستان کے ساتھ تعلقات کومزید فروغ دینے کے خواہاں ہیں ، اس موقع پر صوبائی وزیر اطلاعات و ثقافت عامر میر بھی موجود تھے۔

ملک کے بیشترعلاقوں میں موسم سرد اورخشک رہے گا

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے بیشتر میدانی علا قوں میں موسم سرد اور خشک رہے گا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق گلگت بلتستان ، کشمیر اور ملحقہ پہاڑی علاقوں میں چند مقامات پر بارش اوربرفباری کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24گھنٹوں کے دوران صوبہ بلوچستان کے بیشتراضلاع میں موسم سرد اور خشک رہیگا جبکہ کوئٹہ کے ساحلی علاقے شدید تیز ہواؤں کی زد میں ہیں ۔
کالام میں 28، مالم جبہ 20، چترال 11،اسکردو 08،انچ برف پڑی ہے جبکہ دیر میں 05، دروش اور گوپس میں 03 انچ بر فباری ریکارڈ کی گئی ، کم سےکم درجہ حرارت لہہ منفی 07، پاراچنار منفی 04، استور، اسکردو، بگروٹ منفی 03، ہنزہ اور مالم جبہ میں منفی 02 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
بلوچستان میں زیارت میں کم ازکم درجہ حرارت منفی2 ،کوئٹہ میں منفی ایک ، قلات میں 5، نوکنڈی 10،سبی میں 13، یونی میں 14، گوادرمیں 15،تربت میں16سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ۔

تین روزہ کراچی لٹریچر فیسٹیول کا آغاز 17 فروری سے ہوگا

کراچی: (ویب ڈیسک) آکسفورڈ یونیورسٹی پریس کے زیر اہتمام 17 سے 19 فروری تک کراچی لٹریچر فیسٹیول کا انعقاد کیا جائے گا جس میں پینل ڈسکشن ، کتاب رونمائی اور تصویری نمائش سمیت دیگر ادبی سرگرمیاں شامل ہیں ۔
تین روزہ کراچی لٹریچر فیسٹیول کراچی کے مقامی ہوٹل میں سجایا جائے گا اوراس سال فیسٹیول کا موضوع ” عوام ، کرہ ارض اور امکانات ” ہے جس کا مقصد پاکستان کو درپیش موجودہ اقتصادی اور جغرافیائی سیاسی چیلنجز سمیت پاکستان میں تباہ کن سیلاب اور ترکی اور شام میں حالیہ زلزلوں کے نتیجے میں آنے والے موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات پر توجہ مرکوز کرنا ہے۔
14 ویں کراچی لٹریچر فیسٹیول میں 200 سے زائد مقررین ہوں گے جن میں پاکستان، برطانیہ، امریکہ، کینیڈا، آسٹریلیا، جنوبی افریقہ، جرمنی اور فرانس کے 10 بین الاقوامی مقررین شامل ہیں۔
فیسیٹیول میں 60 سے زائد سیشنز ہوں گے جن میں اردو اور انگریزی کی 24 کتابوں کی رونمائی بھی شامل ہے، تمام سیشنز آکسفورڈ یونیورسٹی کے سوشل میڈیا چینلز پر پوری دنیا میں براہ راست نشر کیے جائیں گے۔
رواں برس پہلی بار دو بکر انعام یافتہ مصنفین، ڈیمن گالگٹ(2021) اور شیہان کروناتیلاکا (2022) بھی شامل ہوں گے ، افتتاحی تقریب میں پاکستانی مصنفین کے لیے کل 7 ادبی ایوارڈز کا اعلان کیا جائے گا ، یہ انعامات اردو نثر اور شاعری اور انگریزی فکشن میں ہونیوالے نمایاں کام کو تسلیم کریں گے۔
آرٹس کونسل میں فیسٹیول کے انعقاد کے حوالے سے پریس کانفرنس منعقد کی گئی جس میں مینیجنگ ڈائریکٹر آکسفورڈ یونیورسٹی پریس علی ارشد ، مجاہد بریلوی، ماہر معاشیات قیصر بنگالی اور سابق وزیر خزانہ شبر زیدی سمیت دیگر شخصیات نے شرکت کی۔
مینیجنگ ڈائریکٹر آکسفورڈ یونیورسٹی پریس علی ارشد نے کہا کہ آج کل پاکستان کو مختلف چیلنجز درپیش ہیں، ہم نے بہت سے مسائل دیکھ لیے ہیں جو پاکستان کی آبادی کو متاثر کررہے ہیں، ہمارا عنوان عوام ، کرہ ارض اور امکانات ہے، سیشنز کے ذریعے مسائل کے حل پر بات کی جائے گی، ترکی سمیت دنیا بھر میں موسمیاتی تبدیلی سے ہونے والے مسائل پر بات کریں گے۔
مجاہد بریلوی نے کہا کہ ہمارے یہاں بدقسمتی سے شخصیات ادارے بناتی ہیں، یہ میلہ چودہ سال مکمل کرچکا ہے، تربت اور لاہور سمیت اب دیگر شہروں میں بھی ادبی میلے کو فروع دیا جارہا ہے، کراچی کے شہریوں کو فیسٹیول کا انتظار رہتا ہے۔

کراچی : ہول سیلرز ایسوسی ایشن نے دودھ کی قیمتوں میں اضافہ مسترد کردیا

کراچی : (ویب ڈیسک) ملک ہول سیلرز ایسوسی ایشن کے صدر نے دودھ کی قیمتوں میں اضافے کو مسترد کردیا۔
صدر جمیل عمر گجر کا کہنا ہے کہ دودھ کی قیمتوں میں اضافہ یکطرفہ ہے ، ہول سیلرز ایسوسی ایشن کو اعتماد میں نہیں لیا گیا، قیمتوں کے معاملے پر کمشنر کراچی سے رابطے میں ہیں۔
انہوں نے کہا کہ قیمتوں میں قانونی اضافہ و نوٹیفکیشن چاہتے ہیں ، دودھ کی قیمتوں کے کسی بھی غیر قانونی اضافے کو نہیں مانتے ، قیمت صرف ڈیری فارمرز کا مسئلہ نہیں ہے ۔
انہوں نے مزید کہا کہ دودھ فروشوں اور ہول سیلرز کو اعتماد میں لئے بغیر دودھ کی قیمت مقرر نہیں کی جاسکتی۔

منی لانڈرنگ کیس: سلیمان شہباز کی بریت کی درخواست پر دلائل کی استدعا منظور

لاہور: (ویب ڈیسک) منی لانڈرنگ کیس میں وزیراعظم شہباز شریف کے بیٹے سلیمان شہباز کی بریت کی درخواست پر دلائل کی استدعا منظور کر لی گئی۔
وزیراعظم کے بیٹے سلیمان شہباز کے خلاف سپیشل سینٹرل عدالت میں منی لانڈرنگ کیس کی سماعت ہوئی، سلیمان شہباز نے عدالت میں پیش ہو کر حاضری مکمل کروائی، ایف آئی اے نے گواہوں سے متعلق نئی رپورٹ عدالت پیش کر دی۔
سلیمان شہباز کے وکیل نے بریت کی درخواست پر دلائل دینے کی مہلت مانگ لی جسے عدالت نے منظور کرتے ہوئے سماعت 4 مارچ تک ملتوی کر دی۔

پی ٹی آئی کی درخواست منظور، عدالت کا الیکشن کمیشن کو الیکشن کی تاریخ دینے کا حکم

لاہور: (ویب ڈیسک) پنجاب میں انتخابات کی تاریخ نہ دینے کے کیس میں لاہور ہائیکورٹ نے پی ٹی آئی کی درخواست منظور کرتے ہوئے الیکشن کمیشن کو انتخابات کی تاریخ دینے کا حکم دے دیا۔
عدالت نے الیکشن کمیشن کو فوری طور پر الیکشن کرانے کا شیڈول جاری کرنے کا حکم دیا، عدالت نے کہا کہ الیکشن کمیشن 90 روز میں الیکشن کرانے کا پابند ہے، انتخابات کا شیڈول جاری کرے، لاہور ہائی کورٹ کے جسٹس جواد حسن نے اوپن کورٹ میں مختصر فیصلہ سنایا۔
لاہور ہائیکورٹ نے پنجاب میں الیکشن کی تاریخ سے متعلق دائر درخواستوں کا تحریری فیصلہ جاری کر دیا، فیصلہ 16 صفحات پر مشتمل ہے، جسٹس جواد حسن نے فیصلے میں کہا ہے کہ الیکشن کمیشن گورنر پنجاب سے مشاورت کے بعد فوری تاریخ کا اعلان کرے۔
فیصلے میں کہا گیا ہے کہ الیکشن کمیشن اس بات کو یقینی بنائے کہ 90 روز کے اندر الیکشن ہوں گے، اس بات کو بھی یقینی بنایا جائے کہ انتخابات 90 روز سے زائد تاخیر کا شکار نہ ہوں۔
تحریری فیصلہ آئین کے آرٹیکل 105 اور 112 کے ساتھ پڑھا گیا، فیصلے میں کہا گیا کہ آرٹیکل 224(2) کسی صوبائی اسمبلی میں انتخابات کی تاریخ کا اعلان کرنے کے اختیار کا ذکر نہیں کرتا اگر وہ قانون کے عمل سے تحلیل ہو جائے، گورنر کے دستخط کے بغیر اسمبلی خود تحلیل ہو تو اس صورت میں آئین نے کسی اتھارٹی کو تاریخ دینے کا پابند نہیں کیا۔
تحریری فیصلہ میں کہا گیا ہے کہ الیکشن کمیشن غیر جانبدار ادارہ ہے، انتخابات کے انعقاد کو یقینی بنانا الیکشن کمیشن کی ذمہ داری ہے، بطور خود مختار آئینی ادارہ ہونے کی حیثیت سے الیکشن کمیشن قانون کے مطابق الیکشن کرانے اور الیکشن کے انتظامات کرانے کا پابند ہے۔
فیصلے کے مطابق آئین کا آرٹیکل 220 وفاقی اور صوبائی اداروں کو الیکشن کمیشن کی معاونت کا پابند کرتا ہے، الیکشن کمیشن قانون کے مطابق الیکشن کا انعقاد کروائے، الیکشن کمیشن گورنر پنجاب سے مشاورت کرے کہ الیکشن کی تاریخ کا فوری اعلان کرے، اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ الیکشن مقررہ وقت کے اندر کروائے جائیں۔
کیس کی سماعت کے دوران چیف سیکرٹری پنجاب، آئی جی پنجاب اور صوبائی الیکشن کمشنر پنجاب سعید گل عدالت میں پیش ہوئے، چیف سیکرٹری اور آئی جی پنجاب نے عدالت کو بتایا کہ ہم نے اپنی تجاویز الیکشن کمیشن کو دیدی ہیں، ہم الیکشن کمیشن اور عدالت کے فیصلے کے پابند ہیں اور آئین کے آرٹیکل 220 پر عملدرآمد کے پابند ہیں، لاہور ہائیکورٹ کے جج جسٹس جواد حسن نے کہا کہ عدالت کو بس آپ کی یقین دہانی چاہئے تھی۔

ایڈووکیٹ جنرل سمیت لاء افسران کو ہٹانے کے معاملہ پر درخواستیں سماعت کیلئے مقرر

لاہور: (ویب ڈیسک) ایڈووکیٹ جنرل پنجاب سمیت لاء افسران کو عہدہ سے ہٹانے کے معاملے پر رجسٹرار آفس لاہور ہائیکورٹ نے درخواستیں سماعت کیلئے مقرر کر دیں۔
لاہور ہائی کورٹ میں جسٹس علی باقر نجفی کی سربراہی میں 5 رکنی لارجر بنچ 13 فروری کو سماعت کرے گا، بنچ میں جسٹس عابد عزیز شیخ ، جسٹس شاہد کریم ، جسٹس عاصم حفیظ ، جسٹس انوار حسین شامل ہیں۔
دوسری جانب پنجاب میں نگران حکومت کے اختیارات اور ٹرانسفر پوسٹنگ کے خلاف درخواستیں بھی سماعت کے لیے مقرر کر دی گئی۔
جسٹس علی باقر نجفی کی سربراہی میں 5 رکنی لارجر بنچ 14 فروری کو درخواستوں پر سماعت کرے گا، اوورسیز کمیشن بورڈ، سنسر بورڈ کی تحلیل سمیت دیگر کی جانب سے نگران حکومت کے نوٹی فکیشن کو چیلنج کیا گیا ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف آج لاہور میں باب پاکستان کا افتتاح کریں گے

لاہور: (ویب ڈیسک) وزیراعظم میاں شہباز شریف آج لاہور میں باب پاکستان کا افتتاح کریں گے۔
وزیراعظم میاں شہباز شریف لاہور والٹن روڈ کی توسیع اور کشادگی کے منصوبے کا سنگ بنیاد رکھیں گے، اس سلسلے میں منعقد کی جانے والی تقریب سے خطاب بھی کریں گے۔
منصوبوں کے افتتاح و سنگ بنیاد کی تقریب دن 11 بجے لاہور میں ہوگی۔