All posts by Khabrain News

پنجاب میں الیکشن کرانے کیلئے دائر درخواستوں پر فیصلہ محفوظ

لاہور: (ویب ڈیسک) لاہور ہائی کورٹ نے پنجاب میں الیکشن کرانے کے لیے دائر درخواستوں پر فیصلہ محفوظ کر لیا۔
پنجاب میں الیکشن کی تاریخ کا اعلان نہ کرنے کے خلاف لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس جواد حسن نے تحریک انصاف کے جنرل سیکرٹری اسد عمر سمیت دیگر کی درخواستوں پر سماعت کی، اس موقع پر چیف سیکرٹری اور آئی جی پنجاب بھی عدالت میں پیش ہوئے۔
سماعت کے آغاز پر آئی جی پنجاب عثمان انور نے کہا کہ مجھے کیس کا پس منظر معلوم نہیں، الیکشن کمیشن کے فیصلے پرعمل کریں گے، آئی جی پنجاب کے بیان پر عدالت کا کہنا تھا کہ ہمیں بس آپ کی یقین دہانی چاہیے تھی، اب آئی جی پنجاب جانا چاہیں تو جا سکتے ہیں۔
اس دوران چیف سیکرٹری نے بھی عدالت کو یقین دلایا کہ ہم عدالت اور الیکشن کمیشن کے فیصلے کے پابند ہوں گے جس پر عدالت نے چیف سیکرٹری کو بھی جانے کی اجازت دے دی۔
دوران سماعت پی ٹی آئی کے وکیل بیرسٹر علی ظفر نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ چیف سیکرٹری اور آئی جی نے فرائض انجام دینے کی یقین دہانی کرائی ہے، اب صدر الیکشن کی تاریخ دے سکتے ہیں کیونکہ الیکشن کی تاریخ نہ دینےکا معاملہ خالی نہیں چھوڑا جاسکتا، گورنر، صدر، الیکشن کمیشن نوٹیفکیشن کے ذریعے الیکشن کی تاریخ دے سکتے ہیں، اس پر خاموشی اختیار نہیں کی جاسکتی۔
گورنر کے وکیل شہزاد شوکت نے دلائل میں کہا کہ اگر اسمبلی خودبخود تحلیل ہوتی ہے تو گورنر انتخابات کی تاریخ دینے کا پابند نہیں ہے۔
تحریک انصاف کے وکیل کا کہنا تھا کہ آئین میں واضح درج ہے کہ اسمبلی کی تحلیل کے بعد 90 روز میں الیکشن ہوں گے، صدر مملکت بھی الیکشن کی تاریخ دے سکتے ہیں ، عدالت حکم دے گی تو صدر تاریخ دے دیں گے۔
بعد ازاں عدالت نے حکام کی یقین دہانی اور دلائل سننے کے بعد درخواستوں پر فیصلہ محفوظ کر لیا آج سنائے جانے کا امکان ہے۔

شیخ رشید احمد کا ضمانت کیلئے اسلام آباد ہائی کورٹ سے رجوع

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) عوامی مسلم لیگ کے سربراہ اور سابق وفاقی وزیر شیخ رشید احمد نے ضمانت کے لیے اسلام آباد ہائی کورٹ سے رجوع کر لیا ہے۔
شیخ رشید احمد نے اسلام آباد ہائی کورٹ میں ضمانت بعد از گرفتاری کی درخواست جمع کروائی ہے، اس سے قبل سیشن کورٹ نے شیخ رشید کی ضمانت کی درخواست مسترد کر دی تھی۔
ضمانت کی درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ سیاسی انتقام کا نشانہ بنانے کے لیے مقدمات درج کیے جا رہے ہیں، آصف زرداری کے خلاف بیان پر مقدمہ درج کیا گیا جو متاثرہ فریق کی جانب سے کمپلینٹ پر نہیں بلکہ کسی اور شخص کی شکایت پر درج کیا گیا۔
درخواست گزار نے کہا کہ جیل میں ہوں اب مزید کسی تفتیش کے لیے پولیس کو میری ضرورت نہیں، ضمانتی مچلکے جمع کروانے پر تیار ہوں، عدالت سے استدعا ہے کہ ضمانت پر رہا کرنے کے احکامات جاری کیے جائیں۔
اسلام آباد ہائیکورٹ میں شیخ رشید کی درخواست ضمانت پر سماعت 13 فروری کو ہوگی۔

کار سرکار میں مداخلت کا کیس:عمران خان کو آئندہ سماعت پر حاضری یقینی بنانے کا حکم

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) انسداد دہشتگردی کی عدالت نے کار سرکار میں مداخلت کے کیس میں چیئرمین پاکستان تحریک انصاف اور سابق وزیراعظم کو طلبی کا سمن جاری کر دیا۔
اسلام آباد کی انسداد دہشتگردی کی عدالت کے جج راجہ جواد عباس حسن نے کیس کی سماعت کی، اس موقع پر سابق وزیراعظم عمران خان کے وکیل بابر اعوان اور پراسیکیوٹر پیش ہوئے۔
پی ٹی آئی چیئرمین کے وکیل بابر اعوان کا کہنا تھا کہ عمران خان زخمی ہیں جس کے باعث پیش نہیں ہو سکتے۔
عمران خان کے وکیل نے طبی بنیادوں پر اپنے مؤکل کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست بھی کی جس پر عدالت نے کہا کہ عمران خان کی زمان پارک سے ایک ویڈیو جاری ہوئی جس میں وہ پیدل چلتے نظر آئے۔
عدالت نے بابر اعوان سے مکالمہ کیا کہ آپ چیئرمین پی ٹی آئی کی مستقل ضمانت پر دلائل دیں، وہ 15 فروری کو آئیں یا نہ آئیں ہم ضمانت پر فیصلہ دے دیں گے۔
عدالت نے سابق وزیراعظم عمران خان کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست کو مسترد کرتے ہوئے انہیں 15 فروری کو طلبی کے سمن جاری کر دیئے۔
بعدازاں عدالت نے کیس کی سماعت 15 فروری تک ملتوی کرتے ہوئے عمران خان کو حاضری یقینی بنانے کا حکم دے دیا۔

لاہور ہائیکورٹ کا پی ٹی آئی کے 43 اراکین سے متعلق تحریری حکم جاری

لاہور : (ویب ڈیسک) لاہور ہائیکورٹ نے تحریک انصاف کے 43 اراکین سے متعلق تحریری حکم جاری کردیا۔
لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شاہد کریم نے تحریک انصاف کی درخواست پر 4 صفحات پر مشتمل عبوری تحریری حکم جاری کردیا ، فیصلے کے مطابق 43 اراکین سے متعلق نوٹی فکیشن 7مارچ تک معطل رہے گا ۔
تحریری حکم میں کہا گیا ہے کہ الیکشن کمیشن قومی اسمبلی کے43 حلقوں میں تاحکم ثانی ضمنی الیکشن نہیں کروائے گا ۔
لاہور ہائیکورٹ کے تحریری حکم میں کہا گیا ہے کہ عدالت الیکشن کمیشن کے جاری کردہ 25 جنوری کے نوٹی فکیشن کو معطل کرتی ہے، الیکشن کمیشن پٹیشن کے حتمی فیصلے تک ان حلقوں میں الیکشن نہیں کروائے گا جبکہ تمام فریقین 7مارچ تک اپنے اپنے جوابات داخل کریں ۔
واضح رہے کہ ایک روز قبل لاہور ہائیکورٹ نے پی ٹی آئی کے 43 اراکین قومی اسمبلی کو ڈی نوٹیفائی کرنے کا الیکشن کمیشن کا فیصلہ معطل کیا تھا اور عدالت نے ان حلقوں میں ضمنی الیکشن بھی روک دیا ہے ۔

پاکستان مشکل حالات میں ترکیہ کو اکیلا نہیں چھوڑے گا: وزیراعظم

لاہور: (ویب ڈیسک) وزیراعظم شہباز شریف نے ترکیہ میں زلزلہ کے متاثرین کی امداد کے لیے سامان کی بڑی کھیپ روانہ کر دی اور کہا کہ پاکستان مشکل حالات میں کبھی ترکیہ کو اکیلا نہیں چھوڑے گا۔
لاہور ایئرپورٹ پر ترکیہ کے لیے امدادی سامان بھیجنے کے موقع پر وزیراعظم شہباز شریف نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یقین ہے ترک اور شام کے عوام اس مشکل سے جلد نکلیں گے، جس دن یہ سانحہ ہوا ترک صدر سے بات کی اور تعاون کا یقین دلایا، اسی رات پاک آرمی کی ٹیم ترکیہ روانہ کی۔
شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان اس مشکل وقت میں ترکیہ کے بہن بھائیوں کے ساتھ کھڑا ہے، ترک بھائیوں کی مدد کیلئے کوئی کسر نہیں چھوڑیں گے، ترکیہ کے عوام کے ساتھ اظہار ہمدردی کرتے ہیں، ہر طرف زلزلے سے ہولناک مناظر دکھائی دیتے ہیں، ترکی اور شام کے لوگ دلیری سے ان حالات کا مقابلہ کرتے ہوئے نکلیں گے، پاکستان کے 22 کروڑ عوام ترکی اور شام کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ترکی اور شام میں ہزاروں لوگ جاں بحق اور زخمی ہوئے، ترکیہ اور شام میں لوگ ملبے سے اپنے پیاروں کو تلاش کر رہے ہیں، ترکیہ بھیجے جانے والی پاکستانی امداد کی ترسیل شروع ہوچکی ہے، آج 100 ٹن سامان بذریعہ ٹرک ترکی روانہ کیے جا رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ نماز جمعہ میں پاکستانی عوام ترکیہ کے عوام کیلئے خصوصی دعا کریں، پاکستان کی جانب سے ترکیہ کی امداد کا سلسلہ ہر روز جاری رہے گا، انہوں نے عوام، تاجر اور فلاحی اداروں سے امداد دینے کے لیے بڑھ چڑھ کر حصہ لینے کی اپیل کی۔
شہبازشریف نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کا شکر گزار ہوں جنہوں نے 1122 کی ٹیم ترکیہ روانہ کی، 2005 کے زلزلے اور 2010 کے سیلاب میں ترکیہ نے پاکستان کی بھرپور مدد کی، ترکیہ اور شام کے بہن بھائیوں کی ہم نے خدمت کرنی ہے اور پوری طرح ان کا ہاتھ تھامنا ہے۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ چاروں وزرائے اعلیٰ سے گزارش کی ہے کہ ہر ضلع میں عطیات سنٹر کھولیں، کیش کی صورت میں عطیات وزیراعظم فنڈ اکاؤنٹ میں جمع ہو جائیں گے، سکول میں پڑھنے والے طلبا 10 روپے فی سٹوڈنٹ عطیہ فنڈ میں جمع کروائیں۔

کرسٹیانو رونالڈو نے ایک اور اعزاز اپنے نام کرلیا

پرتگال : (ویب ڈیسک) فٹبال کی دنیا کے معروف کھلاڑی کرسٹیانو رونالڈو نے لیگ میں 500 گولز مکمل کر کے ایک اور سنگ ميل عبور کر ليا ہے ۔
پرتگال کے سپر سٹار کرسٹیانو رونالڈو نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر سعودی لیگ میں کھیلے گئے میچ کی کچھ تصاویر شیئر کی ہیں ، رونالڈو نے ان تصاویر کے ساتھ پیغام میں لکھا کہ جیت کے ساتھ لیگ میں 500 گولز مکمل ہونے کا احساس ہی کچھ اور ہوتا ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز سعودی لیگ میں کھیلے گئے میچ میں النصر نے الوحدہ کو چار صفر سے شکست دی تھی ، اس میچ کی اہم بات یہ تھی کہ النصر کی جانب سے چاروں گول کرسٹیانو رونالڈو نے کیے تھے۔
پرتگال کے کپتان کرسٹیانو رونالڈو کلب لیگ میں مجموعی طور پر 503 گول اسکور کرچکے ہیں ۔ خیال رہے فٹ بال کی تاریخ میں رونالڈو سب سے زیادہ انفرادی گول کرنے کا ریکارڈ بھی اپنے پاس رکھتے ہیں۔

معروف ادیبہ فاطمہ ثریا بجیا کو مداحوں سے بچھڑے 7 برس بیت گئے

کراچی: (ویب ڈیسک) معروف ادیبہ فاطمہ ثریا بجیا کو مداحوں سے بچھڑے 7 برس بیت گئے۔
اردو زبان اور ادب میں ممتاز مقام رکھنے والی ادیبہ فاطمہ ثریا بجیا 1930 کو حیدر آباد دکن میں پیدا ہوئیں، 1948 میں اپنے خاندان کے ہمراہ کراچی آ کر آباد ہوگئیں وہ 10 بہن بھائیوں میں سب سے بڑی تھیں، ان کا پورا گھرانہ ادبی دنیا میں ایک نمایاں مقام رکھتا ہے۔
وہ کبھی سکول نہ گئیں اور گھر پر ہی تعلیم مکمل کی، کراچی کی ایک نجی یونیورسٹی نے انہیں 2007ء میں ڈاکٹریٹ کی اعزازی ڈگری جاری کی۔
1997ء میں ادبی خدمات کے اعتراف میں حکومت پاکستان کی طرف سے تمغۂ حسن کارکردگی اور 2012ء میں صدرِ پاکستان کی طرف سے’’ہلال امتیاز‘‘ سے نوازا گیا، ڈرامہ نگاری میں انہیں طرہ امتیاز حاصل تھا، 60ء اور70ء کی دہائی میں ان کے عروج کا دور تھا، اس دوران انہوں نے بابر، تصویر کائنات، سسی پنوں، انارکلی، گھر ایک نگر، آگہی، انا، کرنیں، اور آبگینے جیسے شاہکار ڈرامے تحریر کیے۔
بجیا کے ڈراموں میں معاشرے کو سدھارنے میں مشترکہ خاندانی نظام کے کردار کی اہمیت اور تہذیب و تمدن کا درس جابجا پایا جاتا ہے، اردو زبان اور ادب کا یہ دمکتا ستارہ فاطمہ ثریا بجیا 10 فروری 2016ء کو کراچی میں طویل علالت کے بعد 86 برس کی عمر میں انتقال کر گئیں مگر اپنی تحریروں کی صورت میں آج بھی زندہ ہیں۔

مغربی کنارے پراسرائیلی فوج کی فائرنگ ، ایک فلسطینی شہید

مقبوضہ بیت المقدس: (ویب ڈیسک) مقبوضہ مغربی کنارے پر اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے ایک فلسطینی شہید ہوگیا۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق اسرائیلی فورسز نے مغربی کنارے پر بربریت کا مظاہرہ کرتے ہوئے نہتے فلسطینیوں پر فائرنگ کردی جس کے نتیجے 22 سالہ فلسطینی نوجوان شہید ہوگیا۔
گذشتہ موسم بہار میں اسرائیل میں خونریز حملوں کے سلسلے کے بعد سے اسرائیلی فوج نے مقبوضہ مغربی کنارے میں فلسطینی قصبوں پر تقریباً روزانہ رات کے چھاپے شروع کیے ہیں۔
فلسطینی اتھارٹی نے گذشتہ ماہ ایک چھاپے میں 10 فلسطینیوں کی شہادت کے بعد اسرائیل کے ساتھ سکیورٹی کوآرڈینیشن ختم کرنے کا اعلان کیا تھا۔
اسرائیل کی بربریت کے نتیجے میں نئے سال کے آغاز سے اب تک 43 فلسطینی شہید ہوچکے ہیں ۔

نائیجریا: عام انتخابات کے باعث ملک کی تمام یونیورسٹیاں بند کرنے کا حکم

ابوجا : (ویب ڈیسک) نائیجیرین نیشنل یونیورسٹیز کمیشن (این یو سی ) نے ملک کی تمام یونیورسٹیوں کو 22 فروری سے 14 مارچ تک عام انتخابات کی وجہ سے بند کرنے کا حکم جاری کر دیا، انتخابات 25 فروری کو منعقد ہوں گے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق این یو سی کی جانب سے یونیورسٹیوں کو بند کرنے کا فیصلہ انتخابات کے لئے پولنگ کے دوران عملے اور طلباء کی حفاظت اور تحفظ کے خدشات کے بعد کیا گیا ہے۔
ملک میں جاری عدم تحفظ کے مسائل کی وجہ سے یہ تشویش پائی جاتی ہے کہ آیا انتخابات 25 فروری کو طے شدہ منصوبے کے مطابق آگے بڑھ سکیں گے یا نہیں، تاہم الیکشن کمیشن کے سربراہ نے انتخابات منصوبے کے مطابق ہونے کا عزم ظاہر کیا ہے۔
خیال رہے کہ نائیجریا میں ہونے والے انتخابات میں حق رائے دہی استعمال کرنے کے لئے رجسٹرڈ ہونے والوں میں نوجوانوں کی بڑی تعداد شامل ہے۔

یورپ ہماری فتح تک ہمارے ساتھ رہے گا : یوکرینی صدر زیلنسکی

کیف : (ویب ڈیسک) یوکرین کے صدر ولادی میر زیلنسکی نے کہا ہے کہ یورپ ہماری فتح تک ہمارے ساتھ رہے گا، چند یورپی رہنماؤں نے کیف کو جدید لڑاکا طیاروں کی فراہمی کے لیے رضامندی کا اظہار کیا ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق برسلز میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے یوکرینی صدر کا کہنا تھا کہ ہم لڑاکا طیاروں اور دیگر طیاروں کا مسئلہ حل کرنے کے قریب ہیں، یورپی رہنماؤں نے یوکرین کو لڑاکا طیاروں سمیت دیگر جنگی سامان دینے کا وعدہ کیا ہے، تاہم زیلنسکی نے یورپی رہنماؤں کی جانب سے کئے گئے وعدے کے بارے میں مزید کوئی تفصیلات نہیں بتائیں۔
مبینہ وعدوں کی کسی بھی یورپی ملک کی طرف سے فوری طور پر تصدیق نہیں ہو سکی۔
زیلنسکی کے چیف آف سٹاف نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر جاری کئے گئے بیان میں کہا کہ یوکرین کے لیے طویل فاصلے تک مار کرنے والے ہتھیاروں اور لڑاکا طیاروں کا مسئلہ حل ہو گیا ہے اور جلد اس کی تفصیلات سامنے آئیں گی تاہم کچھ لمحات کے بعد انہوں نے اپنے بیان میں ترمیم کی اور لکھا کہ مسئلہ ’’ حل ہو سکتا ہے ‘‘ ۔
علاوہ ازیں یورپی یونین کے 27 ممالک کے سربراہان کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے یوکرینی صدر نے روس پر سخت پابندیاں عائد کرنے اور یوکرین پر حملے کے ذمہ دار روسی رہنماؤں کو سزا دینے کا مطالبہ کیا، انہوں نے کہا کہ آزاد یوکرین کے بغیر آزاد یورپ کا تصور نہیں کیا جا سکتا۔
رپورٹس کے مطابق یوکرین کو ہتھیار فراہم کرنے والے مغربی ممالک نے اب تک جنگی طیارے یا طویل فاصلے تک مار کرنے والے ہتھیار بھیجنے سے انکار کیا ہے لیکن زیلنسکی کے دورہ یورپ کے دوران ایسے اشارے ملے ہیں جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ صورتحال تبدیل ہو چکی ہے۔