All posts by Khabrain News

سابق وفاقی وزیر شیخ رشید کی درخواست ضمانت مسترد

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) ڈسٹرکٹ اینڈ سیشنز کورٹ نے عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد کی ضمانت بعد از گرفتاری کی درخواست مسترد کر دی، ایڈیشنل سیشن جج طاہر عباس نے محفوظ فیصلہ سنا دیا۔
سابق وزیر داخلہ شیخ رشید احمد کی ضمانت بعد از گرفتاری کی درخواست پر سماعت ایڈیشنل سیشن جج طاہر عباس سپرا نے کی، شیخ رشید کے وکلا سردار عبد الرازق اور انتظار پنجوتھہ عدالت میں پیش ہوئے جبکہ پراسیکیوٹر عدنان اور مدعی مقدمہ کے وکیل بھی عدالت میں پیش ہوئے۔
شیخ رشید کے وکیل سردار عبد الرازق نے ضمانت کی درخواست پر دلائل کا آغاز کیا اور ایف آئی آر کا متن پڑھ کر سنایا، انہوں نے کہا کہ ایف آئی آر کے مطابق شیخ رشید نے تیار کردہ سازش کے تحت بیان دیا، شیخ رشید پی ٹی آئی اور پیپلز پارٹی کے درمیان تصادم کروانا چاہتے ہیں۔
پراسیکیوٹر عدنان نے اپنے دلائل میں کہا کہ اسلام آباد ہائیکورٹ نے نوٹس معطل کیا، مقدمہ درج کرنے سے نہیں روکا، مقدمے کے دوران تفتیش کرنا قانون کے مطابق ہے، اسلام آباد ہائیکورٹ نے روکا بھی نہیں، شیخ رشید کے وکلا نے کیس سے ملزم کو خارج کرنے کے مطابق دلائل دیئے، جس پر جج نے ریمارکس دیے کہ وکیلِ ملزم کی جانب سے کیس سے خارج کرنے کے مطابق دلائل دیئے ہی جاتے ہیں۔
شیخ رشید کے وکیل نے کہا کہ ہونا یہ چاہیے تھا کہ عمران خان کے الزامات کی تحقیقات ہوتیں، پولیس فائل کے مطابق شیخ رشید نے کہا ہے کہ میں نے عمران خان کے بیان کا حوالہ دیا، پہلی دفعہ ہو رہا ہے متاثرہ پارٹی کو ملزم بنا کر پرچے ہو رہے ہیں، رات کو بھی عمران خان نے الزام لگایا ہے کہ دو بندوں کو آصف زرداری نے پیسے دے رکھے ہیں۔
وکیل سردار عبدالرزاق نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ یہ صرف ہتک عزت کا کیس بن سکتا ہے، سب سے سینئر وکیل لطیف کھوسہ نے ہتک عزت کا نوٹس بھیجا ہے، عدالت نے تفتیشی افسر سے استفسار کیا کہ کیا آپ عمران خان کو بھی شامل تفتیش کیا ؟، آپ نے عمران خان سے تفتیش نہیں کی؟، کیا عمران خان سے پوچھا کہ ان کے پاس ثبوت ہیں یا نہیں؟۔
تفتیشی افسر نے عدالت کو بتایا کہ شیخ رشید نے کہا میں نے صرف عمران خان کے بیان کا حوالہ دیا ہے، جس پر جج نے دوبارہ سوال کیا کہ پھر آپ نے عمران خان سے تفتیش کیوں نہیں کی ؟۔
اس موقع پر مدعی مقدمہ کے وکیل نے عمران خان کو شامل تفتیش کرنے کی استدعا کردی، جس پر عدالت نے ریمارکس دیئے کہ اس طرح تو پھر عمران خان کے خلاف مبینہ الزام کا کیس بنے گا اور اس میں عمران خان کے خلاف Conspiracy کا کیس نہیں بن سکتا۔
عدالت نے الفاظ کے چناؤ میں احتیاط کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ٹی وی پر جو مرضی بولیں عدالت میں قانون کی بات کریں، اس سے پہلے غیر ذمے دارانہ گفتگو پر شیخ رشید کے خلاف کتنے مقدمے ہیں ؟، جس پر عدالت کو بتایا گیا کہ اس سے پہلے کوئی مقدمہ نہیں ہے۔
بعد ازاں عدالت نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد شیخ رشید کی جانب سے ضمانت بعد از گرفتاری کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کر لیا۔
بعد ازاں عدالت نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد شیخ رشید کی درخواست ضمانت پر محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے سابق وزیر کی درخواست ضمانت مسترد کر دی۔

قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کا پی ٹی آئی کے 43 اراکین کو ایوان میں جانے سے روکنے کا فیصلہ

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) قومی اسمبلی سیکرٹریٹ نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے 43 اراکین اسمبلی کو ایوان میں داخل نہ ہونے دینےکا فیصلہ کیا ہے۔
خیال رہے کہ سپیکر قومی اسمبلی نے 24 جنوری کو تحریک انصاف کے مزید 43 ارکان کے استعفے منظور کیے تھے جس کے خلاف پی ٹی آئی کی جانب سے لاہور ہائی کورٹ میں درخواست دائر کی گئی تھی اور موقف اختیار کیا گیا تھا کہ استعفے منظور کرنے کے لیے قانونی تقاضے پورے نہیں کیے گئے۔
لاہور ہائی کورٹ نے گزشتہ روز 43 ارکان قومی اسمبلی (ایم این ایز) کو ڈی نوٹیفائی کرنے کا الیکشن کمیشن کا حکم معطل کرتے ہوئے 43 حلقوں میں ضمنی الیکشن بھی تاحکم ثانی روکنے کا حکم جاری کیا تھا۔
اب ذرائع قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کا کہنا ہے کہ لاہور ہائی کورٹ کا فیصلہ موصول نہیں ہوا، عدالت نے الیکشن کمیشن کا فیصلہ معطل کیا ہے، سپیکر کا فیصلہ تاحال اپنی جگہ موجو دہے۔
ذرائع قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کے مطابق اس معاملے پر قانونی ٹیم سے مشاورت کی جا رہی ہے، اسلام آباد ہائی کورٹ کے سابقہ فیصلوں کی روشنی میں حکمت عملی بنائی جائے گی۔

ڈالر کی قیمت میں بڑی کمی، روپیہ مضبوط ہونے لگا، سٹاک مارکیٹ میں مثبت رجحان

کراچی: (ویب ڈیسک) روپے کے مقابلے میں امریکی کرنسی کی قدر میں کمی دیکھنے میں آ رہی ہے۔
کاروباری ہفتے کے چوتھے روز انٹربینک میں ڈالر کی قیمت میں 3 روپے 33 پیسے کمی ہوئی جس کے بعد امریکی کرنسی 270 روپے کی سطح پر ٹریڈ کر رہی ہے۔
یاد رہے کہ ڈالر کی قیمت میں چار کاروباری دن میں 6 روپے 58 پیسے کی کمی ہوئی ہے۔
دوسری جانب پاکستان سٹاک مارکیٹ سٹاک ایکسچینج میں مثبت رجحان دیکھنے میں آیا ہے، 511 پوائنٹس کے اضافے کے بعد 100 انڈیکس 42 ہزار 234 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ گیا ہے۔

پنجاب: پٹرول ذخیرہ کرنے والوں کیخلاف پولیس کا آپریشن

لاہور: (ویب ڈیسک) لاہور اور گوجرانوالہ سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں پٹرول کی مصنوعی قلت کا سامنا ہے، پٹرول ذخیرہ کرنے والوں کیخلاف کارروائیاں بھی جاری ہیں، شیخوپورہ اور پھولنگر میں ذخیرہ کیا گیا 63 کروڑ مالیت کا پٹرول برآمد کیا گیا۔
پٹرول کی قلت کے باعث مختلف مقامات پر پمپس بند کر دیئے گئے، لاہور، گوجرانوالہ سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں پٹرول کا حصول مشکل ہوگیا ہے۔
گوجرانوالہ بھر میں پٹرول کی شدید قلت کا سامنا ہے جہاں دستیاب ہے وہاں لمبی قطاریں دیکھنے میں آ رہی ہیں۔
پٹرول اور ڈیزل کو ذخیرہ کرنے والوں کیخلاف بھی ایکشن لیا گیا، شیخوپورہ اور پھولنگر سے ذخیرہ کیا گیا 63 کروڑ مالیت کا پٹرول برآمد کر لیا گیا۔
شیخوپورہ میں کارروائی کے دوران 30 کروڑ سے زائد مالیت کا پٹرول ملا، پولیس نے درجن سے زائد آئل ٹینکرز قبضے میں لئے، ادھر پھولنگر میں 33 کروڑ مالیت کا ذخیرہ کیا گیا تیل اور ڈیزل برآمد کیا گیا۔
ادھر جنوبی پنجاب کے ضلع مظفرگڑھ میں انتظامیہ نے ذخیرہ اندوزوں کے خلاف بڑی کارروائی کرتے ہوئے بھاری مقدار میں ڈیزل اور پٹرول برآمد کر لیا گیا۔
نجی آئل کمپنی قصبہ گجرات کے ڈپو پر ایس ڈی پی او سنانواں ریاض حسین بخاری نے ضلعی انتظامیہ کے ہمراہ چھاپہ مارا جس میں 85 لاکھ لٹر تیل (ڈیزل، پٹرول) قبضے میں لے لیا گیا۔
واضح رہے کہ وزیر مملکت پٹرولیم مصدق ملک نے پٹرول اور ڈيزل کی قلت پیدا کرنے والوں کو خبر دار کرتے ہوئے کہا تھا کہ تیل ذخیرہ کرنے والے پمپس کے لائسنس منسوخ کردیں گے۔

سوچ اور رویہ بدلنے تک عمران خان کو راستہ نہیں مل سکتا، سعد رفیق

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما اور وفاقی وزیر خواجہ سعد رفیق نے سابق وزیراعظم عمران خان کے حوالے سے کہا ہے کہ سوچ اور رویہ بدلنے تک ان کو راستہ نہیں مل سکتا۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں لیگی رہنما خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ بطور حکمران عمران خان کی فرعونیت اور بطور اپوزیشن لیڈر ان کی سازشیں عروج پر رہیں، انہوں نے سبق سیکھا نہ یہ باز آئے۔
خواجہ سعد رفیق کا کہنا تھا کہ سب کچھ جان کر بھی یہ اقتدار کے بدلے ماضی دہرانے کیلئے تیار ہیں، آئین، اصولوں، انصاف، اقدار اور جمہور سے ان کا کچھ لینا دینا نہیں۔

مایا علی معاشرے میں پسند کی شادی کے دوہرے معیار کیخلاف بول پڑیں

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ مایا علی پسند کی شادیوں سے متعلق معاشرے میں لڑکے اور لڑکیوں کیلئے الگ الگ معیار کے خلاف بول پڑیں۔
ایک انٹرویو کے دوران اداکارہ مایا علی نے کہا کہ ہمارے معاشرے میں لڑکے اور لڑکی کیلئے شادی کا الگ الگ معیار رکھا گیا ہے، لڑکی سے کم از کم شادی سے پہلے پوچھ تو لینا چاہیے، اس کی اجازت تو ہمارا مذہب بھی دیتا ہے۔
اداکارہ نے کہا کہ ہمارے معاشرے میں لڑکا اپنی مرضی کی شادی کرے تو ٹھیک، لڑکی ایسا کرے تو اس کے کردار پر انگلی اٹھائی جاتی ہے۔
مایا علی نے مزید کہا کہ ہمارے ہاں لڑکی کو لباس پر بھی تنقید کا نشانہ بنایا جاتا ہے، کہا جاتا ہے جینز نہیں پہننی، کیا کبھی لڑکے کو بھی کہا گیا کہ راہ چلتی لڑکی کو گھورنا نہیں۔

بیرون ملک بھجوانے کا جھانسہ دے کرلوگوں سے اربوں روپے بٹورنے والاگرفتار

لاہور: (ویب ڈیسک) ایف آئی اے نے لاہور میں کارروائی کرتے ہوئے بیرون ملک بھجوانے کا جھانسہ دے کر لوگوں سے اربوں روپے بٹورنے والے ملزم کو گرفتار کرلیا۔
فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی ( ایف آئی اے) حکام کے مطابق ملزم ذوالقرنین شہریوں کو بیرون ملک بھجوانے کا کہہ کر ان سے پیسے لیتا ، بعد ازاں رفو چکر ہو جاتا تھا۔
ایف آئی اے کے مطابق ملزم کے خلاف لاہور کے علاوہ دیگر شہروں میں بھی فراڈ کے مقدمات درج ہیں ، ملزم سے تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

شام میں زلزلے سے ایک ہی خاندان کے 25 افراد جاں بحق

دمشق: (ویب ڈیسک) شام میں زلزلے کے باعث ایک ہی خاندان کے 25 افراد جاں بحق ہوگئے ۔
غیرملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق شام میں زلزلے کے باعث احمد ادریس نامی شخص کا پورا خاندان اُجڑ گیا ، احمد خاندان کے 25 افراد کی لاشوں کو دیکھ کرغم اور صدمے سے نڈھال ہے ۔
ان کا گھرانہ 2012 میں جنگ سے بے گھر ہونے کے بعد شام کے شہرسراقب منتقل ہوا تھا ۔
احمد ادریس نے غیرملکی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میں نے اپنی بیٹی ، دو بیٹوں ، پوتے اور نواسوں سمیت ایک بڑے خاندان کو کھودیا ، ہم اپنے اور اپنے بچوں کے مستقبل کیلئے یہاں محفوظ پناہ گاہ تلاش کرنے آئے تھے لیکن آخر میں یہاں قسمت نے ہمیں کس طرح پکڑلیا ۔
واضح رہے کہ ترکیہ اور شام میں پیر کو آنے والے ہولناک زلزلے سے اب تک 15 ہزار سے زائد افراد جان سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں ۔

کینیڈا : سٹی بس ڈے کیئر سینٹر سے ٹکراگئی، 2 بچے ہلاک

اوٹاوا: (ویب ڈیسک) کینیڈا کے شہر لاوال میں سٹی بس ڈے کیئر سینٹر سے ٹکراگئی جس کے نتیجے میں دو بچے ہلاک ہوگئے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق پولیس کا کہنا ہے کہ حادثے میں ڈے کیئر سنٹر کے 6 بچے زخمی ہوئے ہیں جنہیں ہسپتال میں طبی امداد دی جا رہی ہے۔
پولیس کے مطابق حادثے کی وجوہات معلوم کی جارہی ہیں اور یہ کہنا قبل ازوقت ہوگا کہ ڈرائیور نے یہ عمل جان بوجھ کر کیا ہے یا نہیں ؟ پولیس نے بس ڈرائیور کو گرفتار کرلیا گیا ہے جس سے تفتیش کی جارہی ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ڈرائیور پر قتل اور لاپرواہی سے ڈرائیونگ کے الزامات عائد کیے گئے ہیں۔
دوسری جانب کینیڈین وزیراعظم جسٹن ٹروڈو نے ہلاک ہونیوالے بچوں کے والدین سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے واقعے کی تحقیقات کا حکم دیا ہے ۔
مقامی میڈیا کے مطابق ڈے کیئر سینٹر میں 5 سال سے کم عمر کے 80 بچے موجود تھے۔

امریکی سیکرٹری خارجہ انٹونی بلنکن کی نیٹو کے سیکرٹری جنرل سے ملاقات

نیویارک : (ویب ڈیسک) امریکی سیکرٹری خارجہ انٹونی بلنکن نے نارتھ اٹلانٹک ٹریٹی آرگنائزیشن ( نیٹو ) کے سیکرٹری جنرل جینز سٹولٹن برگ سے ملاقات کی جس میں اتحاد، یوکرین جنگ اور مشتبہ چینی جاسوس غبارے کے بارے میں تبادلہ خیال کیا گیا۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی سیکرٹری خارجہ انٹونی بلنکن نے نیٹو کے سیکرٹری جنرل جینز سٹولٹن برگ سے ملاقات کی جس کے دوران یوکرین کی حمایت کے ساتھ ساتھ فن لینڈ اور سویڈن کی نیٹو اتحاد میں شمولیت کی کوششوں پر تبادلہ خیال کیا گیا جبکہ ملاقات کے دوران مشتبہ چینی جاسوس غبارے کے حوالے سے بھی گفتگو کی گئی۔
صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انٹونی بلنکن نے کہا کہ امریکی فضائی حدود میں ایک چینی مشتبہ جاسوس غبارے کی موجودگی بین الاقوامی قانون اور امریکی خودمختاری کی خلاف ورزی کے مترادف ہے، امریکا اس غبارے کے بارے میں نتائج اتحادیوں سے شیئر کرے گا، امریکی بحریہ کی جانب سے غبارے کے ٹکڑوں کی بازیافت کے لیے کوششیں جاری ہیں، ہم چین کے جاسوسی کے پروگرام کے بارے میں مزید جاننے کے لیے ان کا تجزیہ کر رہے ہیں، چین نے نیٹو اتحاد کو نظاماتی اور حکمت عملی کے چیلنجز سے دوچار کیا ہے۔
بلنکن نے صحافیوں کو بتایا کہ امریکا سویڈن اور فن لینڈ کو نیٹو میں شامل کرنے پر بہت توجہ مرکوز کر رہا ہے اور دونوں ممالک مضبوط جمہوریت اور قابل اعتماد شراکت دار ہیں۔
روس کے خلاف جنگ میں یوکرین کی حمایت کے حوالے سے انہوں نے بتایا کہ امریکا نے گزشتہ فروری میں جنگ شروع ہونے کے بعد سے یوکرین کو تقریباً 30 بلین ڈالر کی فوجی امداد بھیجی ہے جس میں انسانی اور اقتصادی امداد شامل نہیں ہے۔
اس موقع پر سٹولٹن برگ نے کہا کہ پیوٹن نے تقریباً ایک سال قبل غیر قانونی جنگ شروع کی تھی، اس کے بعد سے نیٹو کے اتحادیوں نے یوکرین کے لیے بے مثال مدد فراہم کی ہے ۔
خیال رہے کہ یہ ملاقات ایسے وقت میں ہوئی ہے جب یوکرین اور روس کے درمیان جنگ کو ایک سال مکمل ہونے کو ہے ، مغربی حکومتوں نے اس تنازعے کا جواب یوکرین کو فوجی امداد کی نمایاں فراہمی اور روس کو عالمی سطح پر تنہا کرنے کی کوششوں کے ساتھ دیا ہے۔