All posts by Khabrain News

جامشورو:منچھر جھیل میں پانی کے دباو میں اضافہ،دانستر نہر کے دروازےٹوٹنے کا خدشہ

لاہور: (ویب ڈیسک) منچھر جھیل میں پانی کے دباو میں اضافے کے ساتھ دانستر نہر میں بھی پانی کا پریشر بڑھنے لگا۔ نہر کے دروازے ٹوٹنے کا خدشہ پیدا ہوگیا۔
صوبہ سندھ میں واقع ںہ صرف پاکستان بلکہ ایشیا کی سب سے بڑی تازہ پانی کی قدرتی جھیل میں پانی کا دباو بڑھنے لگا۔ جھیل میں پانی کے اضافے کے بعد دانستر نہر کے دروازے ٹوٹنے کا خدشہ بڑھ گیا۔
محکمہ آبپاشی کے مطابق ایم این وی ڈرین اور جوہی کا سیلابی پانی منچھر جھیل میں داخل ہوگیا۔ منچھر جھیل کے پانی کی سطح 122.5 آر ایل تک پہنچ گئی ہے۔
محکمہ آبپاشی کا کہنا ہے کہ آر ڈی 62 پر پانی کا دباؤ زیادہ ہونے کے باعث دانستر نہر پر بھی دباو بڑھ گیا ہے۔ منچھر جھیل آر ڈی 62 گیٹ سے پانی اوور ٹاپ ہوکر گیٹ کے اوپر سے دانستر نہر میں جانے لگا۔
دانستر نہر کے دروازوں پر پانی کا دباؤ بڑھنے سے دروازے ٹوٹنے کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے۔ ڈپٹی کمشنر جامشورو کے مطابق منچھر جھیل خطرے کی لائن پر ہے، حفاظتی اقدامات اٹھا رہے ہیں۔
ان کا کہنا ہے کہ منچھر جھیل کے آر ڈی 62 بوبک بند پر صورتحال خطرناک ہے۔منچھر جھیل کے اردگرد آبادی کے لیے جگہ چھوڑنے کا اعلان کیا جاسکتا ہے۔

میرپور: بکری بچانے کےلئے شہریوں نے 15 فٹ لمبا اژدھا مار دیا

میرپور: (ویب ڈیسک) میرپور آزاد کشمیرکے نواحی علاقے چترپڑی کے مقام پر 15 فٹ لمبا اژدھا نکل آیا، شہریوں نے ڈنڈوں کے وار سے اژدھے کو مار دیا۔
رپورٹ کے مطابق اژدھے نے بکری کو نگلنے کی کوشش کی جس پر مقامی افراد نے ڈنڈوں کے وار کرکے اژدھا ماردیا، جس کے بعد اژدھے کو دیکھنے لوگوں کی بڑی تعداد جمع ہوگئی، لوگوں نے اژدھے کے ساتھ سیلفیاں بھی بنوائیں۔
اس سے قبل بھی اس علاقے سے کئی اژدھے لوگ پکڑ چکے ہیں جنہیں وائلڈ لائف کے اہلکاروں کے حوالے کردیا جاتا تھا۔

سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں خدمات کی فراہمی کیلئے کوششیں جاری ہیں، وزیر اعظم

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں خدمات کی فراہمی کے لیے کوششیں جاری ہیں۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر لکھا کہ وفاقی ادارے متاثرہ مواصلاتی نظام کی بحالی میں مصروف عمل ہیں اور تمام سرکاری افسران اور اہلکاروں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں خدمات کی فراہمی کے لیے کوششیں جاری ہیں جبکہ نیشنل ہائی وے، بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں اور پی ٹی اے نے مشکلات کے باوجود کام کیا۔
شہباز شریف نے کہا کہ سیلاب سے بلوچستان، سندھ اور خیبر پختونخوا میں بجلی کے نظام کو نقصان پہنچا ہے جبکہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں بجلی کی فراہمی بڑا چیلنج تھا۔ سیکرٹری پاور ڈویژن راشد لنگڑیال اور ان کی ٹیم کو مبارکباد پیش کرتے ہیں۔

بارشوں اور سیلاب نے ایک صدی کا ریکارڈ توڑ دیا، یونیسیف

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) یونیسیف پاکستان کی رپورٹ کے مطابق بارشوں اور سیلاب نے ایک صدی کا ریکارڈ توڑ دیا ہے۔
یونیسیف پاکستان نے اپنی رپورٹ میں کہا ہے کہ ملک کے کچھ صوبوں میں 30 سال کی اوسط سے 5 گناہ زیادہ بارش ہوئی ہے جبکہ بارشوں اور سیلاب سے 400 بچوں سمیت ایک ہزار 200 افراد جاں بحق ہوئے۔
یونیسیف پاکستان کے سربراہ عبداللہ فاضل نے کہا ہے کہ پاکستان میں بارشوں اور سیلاب سے 11 لاکھ سے زائد مکانات کو نقصان پہنچا ہے جبکہ پانی سے پیدا ہونے والی مہلک بیماریوں کے مزید تیزی سے پھیلنے کا خدشہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ ڈائریا، ہیضہ، ڈینگی اور ملیریا پھیلنے کے زیادہ خدشات ہیں۔
عبداللہ فاضل نے کہا کہ ریلیف اور ریسکیو آپریشن میں دشواری کا سامنا ہے جبکہ 5 ہزار کلومیٹر کی سڑکیں تباہ اور 35 لاکھ ایکٹر فصلیں متاثر ہوئی ہیں۔ سیلابی صورتحال کے باعث 8 لاکھ مویشیوں کا نقصان ہوا۔

1965 کی جنگ پر مبنی پاک فضائیہ کی مختصر دستاویزی فلم جاری

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) 3 ستمبر 1965 کے فضائی معرکے پر مبنی پاک فضائیہ کی مختصر دستاویزی فلم جاری کر دی گئی۔
ترجمان پاک فضائیہ کے مطابق 03 ستمبر 1965 کی جنگ میں قوم کے بہادر سپوتوں کی جرات و شجاعت کو اجاگر کرنے کی غرض سے مختصر دستاویزی فلم جاری کی گئی ہے۔
جاری کردہ مختصر دستاویزی فلم میں 03 ستمبر 1965 کے دن لڑے جانے والے فضائی معرکے کا احوال بیان کیا گیا ہے۔
اس سے قبل جاری کی جانے والی ڈاکیو منٹری میں 02 ستمبر 1965 کے دن ہونے والے فضائی معرکے کا احوال بیان کیا گیا ہے۔
2 روز قبل پاک فضائیہ کے شعبہ تعلقات عامہ نے ستمبر 1965 کی جنگ کی مناسبت سے پاکستان ائیر فورس کے سپوتوں کی جرات و بہادری پر بننے والی مختصر دستاویزی فلم جاری کی تھی۔ جس میں یکم ستمبر 1965 کے دن ہونے والے فضائی معرکے کا احوال بیان کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق یوم دفاع 6 ستمبر کو جی ایچ کیو میں ہونے والی مرکزی تقریب ملتوی کر دی گئے ہے۔

جنوبی پنجاب کے سیلاب متاثرین وبائی بیماریوں کا شکار

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) جنوبی پنجاب کے سیلاب متاثرین وبائی بیماریوں کا شکار ہو گئے۔
جنوبی پنجاب کے سیلاب متاثرین مختلف بیماریوں کی لپیٹ میں آگئے۔ محکمہ صحت کے مطابق ڈی جی خان، راجن پور میں گزشتہ سات روز کے دوران بیماریوں کے پھیلاو میں تیزی سے اضافہ ہوا ہے۔
محکمہ صحت کے مطابق جنوبی پنجاب کے37ہزار سے زائد سیلاب زدگان سانس کی بیماریوں میں مبتلا ہیں۔ 33 ہزار سے زائد سیلاب زدگان خارش اور جلدی امراض کا شکار ہیں۔
محکمہ صحت کے مطابق 17ہزار سے زائد سیلاب متاثرین ڈائریا اور20 ہزار سے زائد افراد تیز بخار کا شکار ہیں۔
اس سے قبل عالمی ادارہ صحت کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا تھا کہ سیلاب متاثرہ علاقوں میں ڈینگی،ڈائریا اور اسکن کی بیماریاں پھیلنے کا خدشہ ہے۔

سرینا ولیمز یو این اوپن سے باہر، ریٹائرمنٹ کا عندیہ

نیویارک: (ویب ڈیسک) 23 مرتبہ گرینڈ سلیم جیتنے والی امریکی ٹینس پلیئر سرینا ولیمز یوایس اوپن سے باہر ہوگئیں، شکست کے بعد ریٹائرمنٹ کا عندیہ بھی دے دیا، جبکہ مینز سنگل کے تیسرے رائونڈ میں اٹالین کھلاڑی میٹیو بیریٹینی نے برطانوی حریف اینڈی مرے کو شکست دے دی۔
تفصیلات کے مطابق امریکی ٹینس سٹار سرینا ولیمز کوآسٹریلین حریف اجلا ٹومل کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے، امریکی ٹینس سٹار سرینا ولیمز نے ریٹائرمنٹ کا بھی عندیہ دے دیا ہے۔
دوسری جانب یو ایس اوپن ٹینس ٹورنامنٹ کے مینز سنگلز کے تیسرے راؤنڈ میں اٹالین کھلاڑی میٹیو بیریٹینی نے برطانوی حریف اینڈی مرے کو ہرا دیا ہے۔

نیشنل فلڈ رسپانس اینڈ کوآرڈینیشن سینٹر کا پہلا اجلاس، سیلابی صورتحال کا جائزہ

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) نیشنل فلڈ رسپانس کوآرڈینیشن سینٹر میں سیلاب کی صورتحال پر پہلا باضابطہ اجلاس منعقد ہوا،اجلاس میں وفاقی وزیر احسن اقبال، ڈی جی آئی ایس پی آر شریک ہوئے۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں نیشنل فلڈ رسپانس کوآرڈینیشن سینٹر میں سیلاب کی صورتحال پر پہلا باضابطہ اجلاس منعقد کیا گیا، اجلاس کے دوران سیلابی صورتحال کا جائزہ لیا گیا، اجلاس میں چیئرمین این ڈی ایم اے سمیت دیگر حکام نے بھی شرکت کی۔
اجلاس کے دوران سیلاب کی تازہ صورتحال اور متاثرہ افراد تک رسائی کی کوششوں پر بریفنگ دی گئی، اس موقع پر سیلاب متاثرہ علاقوں میں مواصلاتی ڈھانچے کی بحالی کیلئے اقدامات کا بھی جائزہ لیا گیا۔

عمران خان کے جلسوں سے ثابت ہوگیا پی ٹی آئی واحد قومی پارٹی ہے: فواد چودھری

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) سابق وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چودھری نے کہا ہے کہ عمران خان کے جلسوں کی وسعت سے پاکستان تحریک انصاف کے واحد قومی پارٹی ہونے کا احساس ہوتا ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے پیغام میں فواد چودھری کا کہنا تھا کہ وسطی اور شمالی پنجاب کے بعد آج جنوبی پنجاب عمران خان کا ہم آواز ہوگا، پھر فیصل آباد اور پھرسکھر سے سندھ عمران خان کا ہمسفر بنے گا۔
سابق وزیر وزیر اطلاعات و نشریات فواد چودھری نے ٹویٹ میں مزید کہا کہ پاکستان میں عمران خان کے علاوہ کوئی اور لیڈر اس قومی اثر و نفوذ کا حامل نہیں ہے۔

پاکستان کا سیلاب متاثرین کیلئے مالیاتی اداروں سے امداد لینے کا فیصلہ

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) سیلاب متاثرین کیلئے مالیاتی اداروں سے مختص کوٹہ کے مطابق مالی امداد ملنے کا امکان ہے، حکومت نے سیلاب سے نقصانات پر ابتدائی تخمینے پر مبنی رپورٹ تیار کر لی ہے، وزیرمملکت برائے خزانہ کا کہنا تھا کہ سیلاب سے نقصان کا اندازہ ایک دو روز میں مکمل کر لیا جائے گا اور مالیاتی اداروں سے امداد کیلئے درخواست کی جائے گی۔
تفصیلات کے مطابق سیلاب سے نقصانات پر ابتدائی تخمینے پر مبنی رپورٹ تیار کر لی گئی ہے، ابتدائی تخمینے کے مطابق ملکی معیشت کو 10 ارب ڈالر سے زیادہ نقصان پہنچا ہے۔
وزیرمملکت برائے خزانہ کے مطابق پاکستان نے آئی ایم ایف، عالمی بنک، ایشیائی ترقیاتی بنک اور دیگر مالیاتی اداروں سے امداد لینے کا فیصلہ کیا ہے، مالیاتی اداروں کو وزارت منصوبہ بندی، وزارت خزانہ اور این ڈی ایم اے کی رپورٹ بھیجی جائے گی۔
ذرائع وزارت منصوبہ بندی کے مطابق سیلاب سے زراعت اور انفراسٹرکچر سمیت دیگر نقصان شامل ہیں۔ تین کروڑ 30 لاکھ سے زائد آبادی میں 10 لاکھ سے زائد مکانات کا نقصان ہوا۔
وزیرمملکت برائے خزانہ عائشہ غوث پاشا کا کہنا ہے کہ مالیاتی اداروں سے امداد کیلئے درخواست کی جائے گی۔ سیلاب سے نقصان کا اندازہ ایک دو روز میں مکمل کر لیا جائے گا۔