All posts by Khabrain News

فاسٹ بولر وہاب ریاض کی پی ایس ایل میں شرکت پر سوالیہ نشان لگ گیا

لاہور: (ویب ڈیسک) فاسٹ بولر وہاب ریاض کی پاکستان سپر لیگ میں شرکت پر سوالیہ نشان لگ گیا۔
وہاب ریاض کی جانب سے پنجاب کے نگران وزیر کا حلف 12 فروری کو اٹھانے کا امکان ہے۔ وہاب ریاض وزیر بننے کے بعد پی ایس ایل 8 کھیلنے یا نہ کھیلنے کا فیصلہ کریں گے۔
ذرائع کے مطابق نگران پنجاب حکومت نے وہاب ریاض سے رابطہ کیا ہے اور انہیں 12 فروری کی شب گورنر ہاؤس لاہور میں نگران صوبائی وزیر کا حلف اٹھانے کی دعوت دی گئی ہے، گورنر پنجاب بلیغ الرحمان اُن سے حلف لیں گے۔
وہاب ریاض کے قریبی حلقوں کے مطابق نگران وزیر کھیل کا حلف اٹھانے اور مصروفیات بڑھنے کے بعد بائیں ہاتھ کے پیسر کا پشاور زلمی کی نمائندگی کرنا بہت مشکل دکھائی دے رہا ہے، منسٹری کے بہت سے ایسے معاملات ہیں جو ان کی فوری توجہ کے متقاضی ہوں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ وہاب ریاض کو کھیلنے کی اجازت ملنے کا انحصار نگران وزیراعلیٰ پنجاب کی صوابدید پر ہے، بظاہر اس بات کا امکان نہ ہونے کے برابر ہے۔ وہاب ریاض نے حال ہی میں بگٹی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے نمائشی میچ میں شرکت کی تھی جس میں انہوں نے ایک اوور میں 6 چھکے کھائے تھے۔

پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں مظلوم کشمیری عوام سے اظہار یکجہتی کی قرارداد منظور

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں مظلوم کشمیری عوام سے اظہار یکجہتی کی قرارداد اور اسلام آباد لوکل باڈیز ترمیمی بل منظور کرلیا گیا، ایجنڈے میں امن و امان کا معاملہ نہ ہونے پر رضا ربانی نے شدید احتجاج ریکارڈ کرایا۔
پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس اسپیکر راجہ پرویز اشرف کی صدارت میں ہوا جس میں کشمیریوں سے اظہار یکجہتی اور بھارتی مظالم کے خلاف متفقہ طور پر قرارداد منظور کر لی گئی، قرارداد وزیر خارجہ بلاول بھٹو کی جانب سے وزیر پارلیمانی امور مرتضیٰ جاوید عباسی نے ایوان میں پیش کی تھی۔
اس موقع پر صدر، وزیراعظم آزاد کشمیر سمیت ارکان قانون ساز اسمبلی کشمیر بھی موجود تھے، متفقہ قرارداد میں کہا گیا کہ کشمیری عوام نے خودارادیت کے حصول کیلئے منصفانہ جدوجہد کی، جموں و کشمیر کا تنازع اقوام متحدہ کے ایجنڈے ے پر سب سے دیرینہ اور بین الاقوامی تنازعات میں سے ایک ہے۔
قرارداد میں کہا گیا کہ ایوان مسئلہ کشمیر پر غیر متزلزل اخلاقی، سفارتی اور سیاسی حمایت کا اعادہ کرتا ہے اور 5 اگست 2019 سے بھارت کی یکطرفہ اور غیر قانونی کارروائیوں کو مسترد کرتا ہے۔
قرارداد میں کہا گیا ہے کہ ایوان مقبوضہ کشمیر میں ماورائے عدالت ہلاکتوں اور بربریت کی شدید الفاظ میں مذمت کرتا ہے، حق خود ارادیت کا کوئی متبادل نہیں۔
اجلاس کے ایجنڈے پر امن و امان کا معاملہ نہ ہونے پر میاں رضا ربانی نے نکتہ اعتراض پر شدید احتجاج ریکارڈ کرایا، جس پر وزیر قانون نے کہا کہ آئندہ سیشن میں یہ معاملہ زیر غور آئے گا، پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں اسلام آباد مقامی حکومت ترمیمی بل بھی منظور کرلیا گیا۔
مشترکہ اجلاس سے وزیراعظم کے علاوہ وزیر خارجہ، وزیر دفاع، سابق صدر آصف علی زرداری، سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی غیر حاضر رہے۔

حکومت نے ایکشن لیا تو پٹرول اور ڈیزل ذخیرہ کرنے والے روئیں گے: مصدق ملک

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیر مملکت پٹرولیم ڈاکٹر مصدق ملک نے کہا ہے کہ اس وقت تیل کی قیمت بڑھنے کا کوئی پلان نہیں، پٹرول کی قیمتوں کا تعین بین الاقوامی مارکیٹ سے ہو گا۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مصدق ملک نے کہا کہ کچھ لوگ یہ سمجھ رہے ہیں کہ آئی ایم ایف آیا ہوا ہے اور تیل کی قیمت بڑھے گی، پٹرول اور ڈیزل کا ذخیرہ کرنے والے نقصان اٹھائیں گے، ذخیرہ اندوز عوام کا حق مار رہے ہیں، ریاست نے ایکشن لیا تو پھر یہ پریس کانفرنسز میں روتے رہیں گے۔
وزیر مملکت پٹرولیم نے مزید کہا کہ ذخیرہ اندوزی کرنے والے چند لوگ ہیں، ذخیرہ اندوزوں کو وارننگ دیتا ہوں، ذخیرہ اندوزی کرنے والوں کو سخت نتائج بھگتنا ہوں گے، ان کے لائسنس منسوخ کر دیں گے، اس وقت ملک میں 20 دن کا پٹرول اور 30 دن کا ڈیزل موجود ہے۔
ڈاکٹر مصدق ملک نے کہا کہ عوام کو گیس و تیل کی فراہمی تسلسل سے یقینی بنا رہے ہیں، حکومت ملکی معیشت کی بہتری کیلئے اقدامات کر رہی ہے، بریک ڈاؤن کی رپورٹ دو دن تک وزیر اعظم کو پیش کر دوں گا، رپورٹ وزیر اعظم کو پیش کرنے سے قبل کچھ کہنا قبل از وقت ہو گا۔

کابینہ نے روزویلٹ ہوٹل نیویارک کی عمارت کے کمرشل استعمال کی منظوری دیدی

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وفاقی کابینہ نے پی آئی اے کے ملکیتی روز ویلٹ ہوٹل کی نیویارک میں قائم عمارت کے کمرشل استعمال کی منظوری دے دی۔
ذرائع کے مطابق روزویلٹ ہوٹل کی عمارت کمرشل استعمال کے لیے تیار کی جائے گی، روزویلٹ ہوٹل ختم کر کے آفس ٹاور، اپارٹمنٹس، رینٹل اور دیگر مقاصد کے لیے استعمال ہو گا۔
ذرائع کا بتانا ہے کہ کابینہ نے فنانشل ایڈوائزر کی تعیناتی کا عمل شروع کرنے کی بھی منظوری دی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ریکوڈک کیس کے باعث روزویلٹ ہوٹل کی لیزنگ کا عمل 2021 میں روک دیا گیا تھا، لیز کا طریقہ استعمال کرتے ہوئے جوائنٹ وینچر پارٹنز کے ذریعے عمارت تیار ہو گی۔
ذرائع کے مطابق ایوی ایشن ڈویژن نے نجکاری کمیشن سے روز ویلٹ ہوٹل سے متعلق جلد فیصلے کا مطالبہ کیا تھا۔
ذرائع کا بتانا ہے کہ وفاقی کابینہ نے نجکاری کمیشن سے 3 ماہ کے دوران عملدرآمد رپورٹ بھی طلب کر لی ہے۔
یاد رہے کہ نیب نے 2020 میں روزویلٹ ہوٹل کی اونے پونے داموں نجکاری کی انکوائری بھی شروع کی تھی۔

امریکا میں ڈاکوؤں کی فائرنگ سے زخمی پاکستانی نژاد پولیس افسر چل بسا

نیویارک: (ویب ڈیسک) امریکا میں ڈکیتی کے دوران مزاحمت کرنے پر گولی لگنے سے زخمی ہونیوالا پاکستانی نژاد 26 سالہ پولیس افسر ہسپتال میں دم توڑ گیا۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق نیویارک پولیس ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ڈیپارٹمنٹ کے پاکستانی نژاد پولیس اہلکار 26 سالہ عدید فیاض کو ڈکیتی کے دوران گولی مار دی گئی تھی اور وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے ہسپتال میں انتقال کرگئے۔
پولیس کے بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستانی نژاد اہلکار کو گزشتہ روز ایک 38 سالہ ملزم رینڈی جونز نے گولی ماری تھی جسے وقوعہ سے 50 میل دور ایک ہوٹل سے گرفتار کرلیا گیا۔
پولیس حکام کے مطابق ملزم بروکلین میں ڈکیتی کے بعد اپنی گرل فرینڈ اور پانچ چھوٹے بچوں کے ساتھ اس ہوٹل میں چھپا ہوا تھا، ملزم کو سخت سے سخت سزا دلوانے کا عہد کرتے ہیں، نیویارک پولیس نے پاکستانی نژاد اہلکار عدید فیاض کے اہل خانہ سے تعزیت کی ہے۔

 

مودی کی پارلیمان کے اجلاس میں پلاسٹک کی بوتلوں سے تیار واسکٹ پہن کر شرکت

نئی دہلی: (ویب ڈیسک) دنیا بھر میں پلاسٹک سے بنی بوتلوں کو ماحولیاتی آلودگی کا بڑا ذریعہ قرار دیا جاتا ہے اور اس کی روک تھام کے لیے متعدد طریقوں پر کام کیا جا رہا ہے۔
پلاسٹک کی بوتلوں کو ری سائیکل کرکے ملبوسات کی تیاری بھی کی جا رہی ہے اور بھارت میں بھی اس منصوبے پر پیشرفت ہوئی ہے۔
بھارتی وزیراعظم نریندرا مودی نے 8 فروری کو پارلیمان کے اجلاس میں پلاسٹک کی بوتلوں کو ری سائیکل کرکے تیار کی گئی واسکٹ پہن کر شرکت کی تھی۔
بھارتی وزیراعظم نے 6 فروری کو ری سائیکل پلاسٹک سے یونیفارمز کی تیاری کی ایک مہم کا آغاز بھی کیا تھا۔
انڈین آئل کارپوریشن لمیٹڈ (آئی او سی ایل) کے چیئرمین ایس ایم ودیا نے بتایا کہ اس طرح کی واسکٹیں 3 ماہ کے اندر بھارت کے تمام بڑے شہروں میں فروخت کے لیے پیش کی جائیں گی۔
انڈیا انرجی ویک 2023 کے موقع پر انہوں نے کہا کہ پلاسٹک بوتلوں کو ری سائیکل کرکے اس طرح کے ملبوسات تیار کیے جائیں گے تاکہ پلاسٹک کی آلودگی میں کمی لائی جاسکے۔
خیال رہے کہ بھارت میں جولائی 2022 میں ایک بار استعمال ہونے والی پلاسٹک کی متعدد مصنوعات پر پابندی عائد کی جاچکی ہے کیونکہ انہیں ری سائیکل کرنا ممکن نہیں ہوتا۔

موجودہ حکومت نے ملک کو ڈیفالٹ سے بچایا، انتخابات وقت پر ہوں گے: مریم اورنگزیب

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) مسلم لیگ (ن) کی مرکزی رہنما اور وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت نے ملک کو ڈیفالٹ کی جانب جانے سے بچایا۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت نے کہیں یہ نہیں کہا کہ ہم الیکشن نہیں کرائیں گے، الیکشن حکومت نے نہیں الیکشن کمیشن نے کروانے ہیں، انتخابات اپنے وقت پر ہوں گے۔
وفاقی وزیر اطلاعات نے مزید کہا کہ پاکستان اور آئی ایم ایف کے مذاکرات جاری ہیں، حتی الامکان کوشش ہے کہ آئی ایم ایف کے ساتھ مذاکرات پاکستان کے حق میں ہوں، قیاس آرائیوں میں کسی کا فائدہ نہیں۔
مریم اورنگزیب نے کہا یہ وہی آئی ایم ایف معاہدہ ہے جو عمران خان کر کے گئے تھے، گزشتہ حکومت اس معاہدے کو معطل کر کے گئی تھی، موجودہ حکومت نے ملک کو ڈیفالٹ کی جانب جانے سے بچایا۔

سموگ پر قابو پانے کیلئے چینی ٹیکنالوجی سے استفادہ کرنا چاہتے ہیں: نگران وزیر اعلیٰ پنجاب

لاہور: (ویب ڈیسک) نگران وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی سے چین کے قونصل جنرل زاؤ شیرین نے ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور، مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے خصوصاً سموگ پر قابو پانے کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے نگران وزیر اعلیٰ پنجاب محسن رضا نقوی نے کہا ہے کہ پاکستان اور چین کی دوستی مشکل کی ہر گھڑی میں پورا اتری ہے، چین نے جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے سموگ پر قابو پایا ہے، ایئر پیوری فائیڈ ٹاورز کی چینی ٹیکنالوجی سموگ کے حوالے سے سود مند ثابت ہوئی ہے۔
محسن رضا نقوی نے مزید کہا کہ پنجاب خصوصاً لاہور میں سموگ پر قابو پانے کیلئے چینی ٹیکنالوجی سے استفادہ کرنا چاہتے ہیں، سموگ سے نمٹنے کیلئے چین کے تعاون کا خیر مقدم کریں گے۔
اس موقع پر چینی قونصل جنرل نے کہا کہ پنجاب حکومت کے ساتھ مختلف شعبوں میں تعاون جاری رکھیں گے، سموگ پر قابو پانے کے حوالے سے پنجاب حکومت کی بھرپور معاونت کریں گے۔
ملاقات کے دوران چینی قونصل جنرل نے نگران وزیر اعلیٰ کو دورہ چین کی دعوت دی، جسے قبول کرتے ہوئے محسن رضا نقوی نے کہا کہ انشاء اللہ پہلی فرصت میں ہی چین جاؤں گا۔

پاک فوج کی ترکیہ میں زلزلہ متاثرین کیلئے امدادی سر گرمیاں جاری

راولپنڈی: (ویب ڈیسک) پاک فوج کی ترکیہ میں زلزلہ متاثرین کیلئے امدادی سر گرمیاں جاری ہیں۔
پاک فوج کی امدادی ٹیمیں ترکیہ زلزلہ متاثرین کی داد رسی میں پیش پیش ہیں اور سرد موسم اور نامساعد حالات کے باوجود امدادی ٹیمیں مسلسل 24 گھنٹے سے ریسکیو کارروائیوں میں مصروف ہیں۔
ترکیہ کے صوبہ ادیامان میں Urban Search & Rescue ٹیم نے 48 گھنٹے بعد ملبے تلے دبے 1 بچے سمیت 2 افراد کو بحفاظت نکال لیا۔
پاک فوج کی جانب سے اب تک 7 لاشیں بھی ملبے سے نکال کر ورثاء کے حوالے کی جا چکی ہیں، ترک عوام اور ورثا بھی پاک فوج کی خدمات کے معترف ہیں۔

پاکستان تحریک انصاف کا 16 کے بجائے 19 مارچ کو انتخابات کے انعقاد کا مطالبہ

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف نے قومی اسمبلی کی 33 نشستوں پر ضمنی انتخابات 16 کے بجائے 19 مارچ کو منعقد کرنے کا مطالبہ کر دیا۔
پی ٹی آئی کے مرکزی سیکرٹری جنرل اسد عمر نے سیکرٹری الیکشن کمیشن آف پاکستان کو خط لکھ دیا، جس میں انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن قومی اسمبلی کی 33 نشستوں پر ضمنی انتخابات کے انعقاد کا شیڈول جاری کر چکا ہے، الیکشن کمیشن نے ضمنی انتخابات کے لئے جمعرات کا دن مقرر کیا ہے۔
اسد عمر نے کہا کہ جمعرات ورکنگ ڈے ہے، عوام کا بڑا حصہ اپنے نجی و سرکاری امور کی انجام دہی میں مصروف ہو گا، ورکنگ ڈے پر پولنگ کرانے سے ووٹرز کے بڑے حصے کے ووٹ کے حق سے محرومی کے امکانات ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اگر مقامی طور پر چھٹی کا فیصلہ کیا جاتا ہے تو بھی ٹرن آؤٹ پر منفی اثر پڑنے کے امکانات ہیں، الیکشن کے انعقاد کی تاریخ میں معمولی سی تبدیلی سے انتخابی عمل میں ووٹرز کی شرکت کی حوصلہ افزائی ہوگی۔
اسد عمر نے کہا کہ الیکشن کمیشن اپنے شیڈول پر نظر ثانی کرے اور جمعرات کے بجائے اتوار 19 مارچ کو ان 33 حلقوں میں انتخاب کرائے۔