All posts by Khabrain News

ایشیا کپ میں سپر فور: افغانستان کا سری لنکا کو 176 رنز کا ہدف

شارجہ: (ویب ڈیسک) ایشیا کپ سپر مرحلے کے پہلے میچ میں افغان بیٹر رحمان اللہ گرباز سری لنکن بولرز پر قہر بن کر ٹوٹ پڑے اور ٹی ٹوئنٹی کی بہترین اننگز کھیل ڈالی۔
تفصیلات کے مطابق شارجہ کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے سپر فور مرحلے کے پہلے میچ میں سری لنکن کپتان دسون شاناکا نے ٹاس جیتا اور افغانستان کو بلے بیٹنگ کی دعوت دی۔
افغان اوپنر بیٹر رحمان اللہ گرباز میچ کے آغاز سے ہی جارحانہ موڈ میں نظر آئے، جنہوں نے سری لنکا کے کسی بولر کو نہ بخشا، افغان بیٹرز نے 45 گیندوں پر 84 رنز کی انتہائی دلکش اننگز کھیلی، جس میں چار چوکے اور چھ چھکے شامل تھے۔
ابراہیم زردان بھی 40 رنز کے ساتھ نمایاں رہے، نجیب اللہ زردان 17، اوپنر بیٹر حضرت اللہ زازئی 13 رنز بناسکے۔
سری لنکا کی جانب سے دلشان مدوشنکا نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، مہیش تھیکشنا اور آسیتھا فرنینڈو کے حصے میں ایک ایک وکٹ آئی۔
افغانستان نے مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 175 رنز بنائے اور سری لنکا کو جیت کے لئے 176 رنز کا ہدف دیا۔

ہیڈکوچ بھارتی کرکٹ ٹیم نے پاکستانی ٹیم کو چیلنجنگ قرار دے دیا

دبئی: (ویب ڈیسک) ہیڈکوچ بھارتی کرکٹ ٹیم راہول ڈریوڈ کہنا ہےکہ پاکستان ایک چیلنجنگ ٹیم ہے، ہائی پریشر میچز کھیلنے سے کھلاڑیوں کو فائدہ ہوتا ہے۔
دبئی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے راہول ڈریوڈ کہنا تھا کہ پاکستان کی ٹیم کی بولنگ اچھی ہے، پاک بھارت میچ اوپر نیچے ہو رہے ہیں، ایسے میچز ہائی پریشر ہوتے ہیں اس سے کھلاڑیوں کو فائدہ ہوتا ہے، پریشر والی گیم کھیلیں گے تو ہماری ٹیم اچھی بنےگی۔
راہول ڈریوڈ کہنا تھا کہ ہمارے لیے یہ ایک میچ ہے اور اس میچ میں ہم نےدوسرے میچز کی طرح اچھا کھیلنا ہے، پہلے میچ میں پاکستان کے بولرز نے اچھی بولنگ کی تو ہمارے بیٹرز نے بھی اچھی بیٹنگ کی۔
بھارتی کرکٹ ٹیم کے کوچ کا کہنا تھا کہ رویندرا جڈیجا گھٹنے کی وجہ سے ایشیا کپ سے باہر ہوئے ہیں ابھی ٹی ٹونٹی ورلڈکپ سے باہرکا نہیں کہا جاسکتا، وہ میڈیکل ٹیم کی نگرانی میں ہیں، ری ہیب جاری ہے، ہم نے ہر میچ کی تیاری کر رکھی ہے، دستیاب کھلاڑیوں میں سے بہترین کا انتخاب کریں گے، ہمارے کھلاڑی اچھے ہیں، ہم ٹورنامنٹ جیتنےکی کوشش کریں گے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ اویش خان کی طبیعت ناساز ہے، انہیں ہلکا بخار ہے اس کا خیال رکھا جا رہا ہے، امید ہےکل اور ٹورنامنٹ کے باقی میچز کے لیے اویش خان دستیاب ہوگا۔

چین کا 40 کروڑ یوآن امداد کا اعلان، وزیراعظم صدر شی جن پنگ کے مشکور

لاہور: (ویب ڈیسک) وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان میں سیلاب متاثرین کے لئے 400 ملین یوآن کے امدادی پیکج پر چین کے صدر شی جن پنگ کا شکریہ ادا کیا۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر وزیراعظم نے لکھا کہ میں عزت مآب شی جن پنگ کا بے حد مشکور ہوں جنہوں نے پاکستان میں سیلاب زدگان کے لیے 400 ملین یوآن کے چینی امدادی پیکج دیا ، جو کہ ابتدائی 100 ملین یوآن سے زیادہ ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ ہماری مضبوط دوستی کی عکاسی ہے۔ اس تعاون سے لوگوں کو انتہائی ضروری ریلیف فراہم کرنے میں مدد ملے گی۔
اُدھر وزارت اطلاعات و نشریات کی جانب سے جاری تفصیلات کے مطابق متحدہ عرب امارات، ترکی، قطر، ازبکستان، چین اور فرانس سے 28 طیارے امدادی سامان لے کر پاکستان پہنچ چکے ہیں، مزید دو پروازیں امدادی سامان لے کر آج پہنچ رہی ہیں۔
بیان کے مطابق برادر اسلامی ممالک اور دیگر ممالک سے متاثرین سیلاب کیلئے امدادی سامان کی ترسیل کا فضائی آپریشن 28 اگست کو شروع ہوا اس روز متحدہ عراب امارات سے ایک جبکہ ترکیہ سے دو طیارے پاکستان پہنچے۔
ہفتہ کو شیڈول دو پروزاوں میں ایک پرواز فرانس سے امدادی سامان لے کر اسلام آباد ایئر پورٹ پہنچ چکی ہے جبکہ ترکیہ سے آنے والی دوسری پرواز بھی پہنچ رہی ہے۔ اتوار 4 ستمبر کو متحدہ عرب امارات سے دو جبکہ یونیسیف کا ایک طیارہ مزید امدادی سامان لے کر پاکستان پہنچے گا۔
اسی طرح 5 ستمبر کو متحدہ عرب امارات سے مزید دو جبکہ ترکمانستان سے ایک طیارہ، 6 ستمبر کو متحدہ عرب امارات سے دو، یونیسیف سے ایک پرواز پاکستان پہنچے گی۔ اسی طرح 7 ستمبر کو اردن سے سی130طیارہ امدادی سامان لے کر پاکستان پہنچے گا۔

بھارت میں آسمانی بجلی گرنے سے 23 افراد ہلاک

بہار: (ویب ڈیسک) بھارتی ریاست بہار میں آسمانی بجلی گرنے سے 23 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔
اے ایف پی کے مطابق بدھ اور جمعرات کے درمیان ریاست بہار میں بجلی گرنے سے یہ ہلاکتیں رپورٹ ہوئی ہیں۔ ان میں زیادہ تر زمیندار اور مزدور تھے۔
وزیراعلٰی نتیش کمار نے ہلاکتوں پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے متاثرہ خاندانوں کے لیے امداد دینے کا اعلان کیا ہے۔
بھارت میں عموماً جون اور ستمبر میں مون سون کے دوران آسمانی بجلی گرنے کے واقعات سامنے آتے ہیں۔ ہر سال اس کی وجہ سے اموات بھی رپورٹ ہوتی ہیں۔
نیشنل کرائم ریکارڈز بیورو کے مطابق 2019 میں ہندوستان میں بجلی گرنے سے تقریباً 2900 افراد ہلاک ہوئے تھے۔

سندھ کے کئی شہروں کو ڈبونے والا سیلابی ریلا ضلع بدین میں داخل ہوگیا

بدین: (ویب ڈیسک) سندھ میں سانگھڑ، نوابشاہ، جھڈو اور دیگر شہروں کو ڈبونے والا سیلابی ریلا ضلع بدین میں داخل ہوگیا۔
سیلابی ریلے نے پران ندی میں کئی مقامات پر شگاف ڈال دیے جس کے باعث بالائی علاقوں سے آنے والا سیلابی پانی اب ضلع بدین کے دیہاتوں میں بھی داخل ہوگیا۔
ریلے کے باعث متعدد دیہاتوں سے لوگوں نے نقل مکانی شروع کر دی ہے۔ منچھر جھیل پر پانی کا دباؤ برقرار ہے اور دانسترنہر کے دروازوں سے پانی اوور فلو ہونے کا سلسلہ جاری ہے جس کے باعث قریبی آبادیوں کو انخلا کیلئے تیار رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
این ڈی ایم اے کی رپورٹ کے مطابق ملک بھر میں حاليہ بارشوں اورسيلاب سے مزيد 57 افراد جاں بحق ہوگئے اور اب تک ہلاکتوں کی کل تعداد 1265 ہوگئی، تین کروڑ 30 لاکھ 46 ہزار سے زائدافراد اور 80 اضلاع اب بھی متاثر ہيں۔

ایران و افغانستان سے ٹماٹر اور پیاز کی پاکستان آمد شروع، قیمتوں میں کمی

کراچی: (ویب ڈیسک) ایران اور افغانستان سے ٹماٹر اور پیاز کی آمد شروع ہوگئی ہے۔
گزشتہ دو روز کے دوران 120 ٹرالرز کراچی سبزی منڈی پہنچ چکے ہیں جن کی آمد سے سبزی منڈی میں ٹماٹر اور پیاز کی تھوک قیمتوں میں نمایاں کمی واقع ہوئی۔
تاہم شہر کے مختلف علاقوں میں ٹماٹر تاحال 200 جبکہ پیاز 120 سے 160 روپے کلو فروخت کی جارہی ہے.
سابق وائس چیئرمین سبزی منڈی مارکیٹ کمیٹی آصف احمد کے مطابق کراچی سبزی منڈی میں پیاز کے 70 ٹرالر اور ٹماٹر کے 50 سے زائد ٹرالر پہنچ گئے، سبزی منڈی کی سطح پر پیاز اور ٹماٹر کی تھوک قیمت میں نمایاں کمی واقع ہوئی ہے، تھوک سطح پر پیاز 50 روپے کلو فروخت کی گئی، ٹماٹر تھوک سطح پر 100 سے 110 روپے کلو فروخت ہوا۔
انہوں نے سندھ حکومت اور شہری انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ درآمدی پیاز ٹماٹر کی سستے داموں فروخت یقینی بنائیں ۔
ادھر پاکستان فروٹ اینڈ ویجیٹیبل ایسوسی ایشن کے سرپرست اعلی وحید احمد کے مطابق ایران اور افغانستان سے آنے والے پیاز اور ٹماٹر کے ٹرالرز کو سرحدی کسٹم پوسٹس پر کلیئرنس میں تاخیر کا سامنا ہے ٹماٹر جلد تلف ہونے والا آئٹم ہے اور پیاز کا معیار بھی درجہ حرارت بڑھنے سے خراب ہوتا ہے اس لیے وفاقی حکومت اور کسٹم حکام سے اپیل ہے کہ سبزیوں ٹماٹر اور پیاز لے کر آنے والے ٹرالرز کی الگ قطار بنائی جائے اور ان کی ترجیحی طور پر کلیئرنس کی جائے۔
امپورٹرز کے مطابق اب تک 1150 ٹن سے زائد پیاز اور ٹماٹر کے درآمدی اجازت نامے جاری ہوچکے ہیں ، آنے والے دنوں میں ایرانی ٹماٹر اور پیاز سمیت براستہ افغانستان وسط ایشیائی ریاستوں سے آنے والی پیاز ٹماٹر سے مقامی مارکیٹ میں رسد بہتر اور قیمتوں میں مزید کمی واقع ہوگی۔

ملک بھر میں مزید بارشوں کا امکان

لاہور: (ویب ڈیسک) ملک بھر کے متعدد علاقوں میں بارشوں کی پیشگوئی کر دی گئی۔
ترجمان محکمہ موسمیات کے مطابق بحیرہ عرب سے کم شدت کی مون سون ہوائیں ملک کے بالائی اوروسطی علاقوں میں داخل ہو رہی ہیں ۔ جس کے باعث ہفتہ(رات)سےمنگل کے دوران کشمیر،گلگت بلتستان،اسلام آباد، راولپنڈی، مری ، اٹک، چکوال، جہلم، سیالکوٹ، نارووال، لاہور، گوجرانوالا، گجرات، شیخوپورہ، میانوالی، خوشاب،سرگودھا، حافظ آباد، منڈی بہاؤالدین، جھنگ اور فیصل آباد میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش اور چند مقامات پر موسلادھار بارش کا بھی امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق اتوار اور پیر کے دوران دیر، سوات، کوہستان، مانسہرہ، ایبٹ آباد، ہری پور، ملاکنڈ، باجوڑ، پشاور، مردان، چارسدہ، صوابی ، نوشہرہ، کرم، کوہاٹ اور وزیرستان میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش اور چند مقامات پر موسلادھار بارش کی توقع ہے۔
بیان کے مطابق آئندہ تین سے 4 روز کے دوران سندھ، بلوچستان اور جنوبی پنجاب میں موسم گرم اور مرطوب رہے گا ۔ کشمیر،خیبرپختونخوا کے پہاڑی علاقوں،گلیات اور مری میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ہے۔

سونے کی عالمی اور مقامی قیمت میں اضافہ

کراچی: (ویب ڈیسک) سونے کی عالمی اور مقامی قیمتوں میں اضافے کے بعد مقامی صرافہ مارکیٹوں میں سونے کی فی تولہ قیمت 145700 روپے ہوگئی۔
تفصیلات کے مطابق بین الاقوامی بلین مارکیٹ میں فی اونس سونے کی قیمت 8 ڈالر کے اضافے سے 1714 ڈالر کی سطح پر پہنچنے کے باعث مقامی صرافہ مارکیٹوں میں بھی ہفتے کے روز سونے کی قیمت میں اضافہ ہوا۔
مقامی مارکیٹوں میں فی تولہ اور دس گرام سونے کی قیمتوں میں بالترتیب 1700 روپے اور 1457 روپے کا اضافہ ہوا، جس کے نتیجے میں کراچی حیدرآباد سکھر ملتان لاہور فیصل آباد راولپنڈی اسلام آباد پشاور اور کوئٹہ کی صرافہ مارکیٹوں میں فی تولہ سونے کی قیمت بڑھکر 145700 روپے اور فی دس گرام سونے کی قیمت بھی بڑھ کر 124914روپے کی سطح پر آگئی۔
تاہم اسکے برعکس فی تولہ چاندی کی قیمت بغیر کسی تبدیلی کے 1480 روپے اور دس گرام چاندی کی قیمت بھی بغیر کسی تبدیلی کے 1268.86 روپے کی سطح پر مستحکم رہی۔

آنکھوں میں مرچیں ڈال کر ہیرے جواہرات چھیننے والے ڈکیتوں کی ڈرامائی گرفتاری

راجستھان: (ویب ڈیسک) بھارت میں 6 کروڑ روپے لوٹنے والے 3 ڈاکو ایک معمولی غلطی کرنے کی وجہ سے پکڑے گئے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ڈاکوؤں اور دہلی پولیس کے درمیان آنکھ مچولی کا کھیل ملزمان کی معمولی غلطی کی وجہ سے ان کی گرفتاری پر ختم ہوا۔
راجستھان میں ڈکیتی کے واقعہ میں ایک ملزم نے پولیس یونیفارم پہن کر موٹر سائیکل سوار کو روکا اور بیگ چیک کروانے کو کہا اسی دوران 2 ڈاکو اور آگئے جنھوں نے موٹر سائیکل سواروں کے آنکھوں میں مرچ ڈالی اور بیگ میں میں موجود زیورات لوٹ کر لے گئے۔
ڈکیتوں کا شکار بننے والے موٹر سائیکل سوار ڈلیوری بوائے تھے اور زیورات پہنچانے جا رہے تھے۔ سی سی ٹی وی فوٹیجز میں دیکھا گیا کہ ملزمان ڈکیتی کے بعد ایک ٹیکسی میں سوار ہوکر بھاگے۔
راستے میں ڈاکو چائے پینے رُکے تھے لیکن نقد رقم نہ ہونے کی وجہ سے ہوٹل والے کو آن لائن پیسے ٹرانسفر کیے۔ پولیس سی سی ٹی وی فوٹیجز کی مدد سے ہوٹل پہنچی اور ملزمان کی بینک معلومات حاصل کرلیں جس سے ان کا پتہ مل گیا۔
پولیس نے ملزمان کو گرفتار کرکے ان کے قبضے سے 6 ہزار گرام سے زائد سونا، 3 کلو چاندی اور 106 ہیرے برآمد کرلیے۔

عراق کا موصل میں داعش کے مضبوط ٹھکانے کو تباہ کرنے کا دعویٰ

موصل: (ویب ڈیسک) عراق کی فوج نے داعش کے مضبوط ترین گڑھ موصل میں قائم داعش کے ٹھکانوں کو حملے کرکے تباہ کردیئے۔
عراق کی سرکاری خبر رساں ایجنسی کے مطابق موصل کی عادیہ پہاڑیوں میں واقع داعش جنگجوؤں کے ٹھکانوں کو تباہ کردیا۔ جہاں بڑی تعداد میں اسلحہ، بارود، ٹیکنیکل سپورٹ آلات اور کمین گاہیں تھیں۔
عراقی فوج کی جانب سے جاری بیان میں انٹیلی جنس بنیاد پر کی گئی اس کارروائی کو بڑی کامیابی کہا جا رہا ہے تاہم ہلاکتوں سے متعلق تفصیلات نہیں بتائی گئیں۔
عراق نے اتحادی افواج کے ساتھ مل کر ملک پر قابض داعش جنگجوؤں کو پسپا ہونے پر مجبور کردیا تھا تاہم اب بھی وہ دور دراز علاقوں میں موجود ہیں اور وہاں سے کارروائی کے لیے شہروں میں آتے ہیں۔