All posts by Khabrain News

آئی ایم ایف سیلاب میں ڈوبے لوگوں کو مہنگائی میں نہ ڈبوئے: بلاول

کراچی : (ویب ڈیسک) چیئرمین پیپلز پارٹی اور وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے عالمی اداروں اور عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) سے مطالبہ کیا ہےکہ سیلاب میں ڈوبےلوگوں کو مہنگائی میں نہ ڈبوئیں۔
کراچی میں ڈونرکانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ سیلاب جیسی قدرتی آفت ہمارے لیے قیامت سے پہلے قیامت تھی، تاریخ میں ایسی آفت پہلے کبھی نہیں آئی، سندھ میں سیلاب سے ہر سات میں سے ایک پاکستانی متاثر ہوا، مشکل گھڑی میں یو این سیکرٹری جنرل کی کوششوں کو سراہتے ہیں۔بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ حکومت کی کامیابی ہے کہ ہم نے عالمی اداروں سے جتنا مانگا اس سے زیادہ ملا، سیلاب سے تین کروڑ سے زائد افراد متاثر ہوئے، پانچ لاکھ ایکڑ پر فصلیں تباہ ہوئیں، سندھ میں گھروں کی تعمیر کے لیے 1.5 ارب ڈالر کی ضرورت ہے۔
وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ ہمیں عالمی اداروں بالخصوص عالمی بینک سے تعاون ملا، ہمارے وزیر خزانہ اور آئی ایم ایف کے درمیان مذاکرات ہو رہے ہیں، امید ہے آئی ایم ایف سے بات چیت مثبت رہےگی، آئی ایم ایف کی ذمہ داری ہےکہ سیلاب متاثرین کو بھی تحفظ دلائے، آئی ایم ایف کےکہنے پر قوم پر مہنگائی کا بوجھ ڈال رہے ہیں، آئی ایم ایف سے مطالبہ ہے کہ سیلاب کی تباہ کاریوں سے متاثرہ قوم کے ساتھ شرائط نرم کرے، عالمی ادارے اور آئی ایم ایف سے مطالبہ ہے کہ سیلاب میں ڈوبےلوگوں کو مہنگائی میں نہ ڈبوئیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم چاہتے ہیں کہ سیلاب متاثرہ علاقوں کے لیے ٹارگٹڈ ریلیف ہو، یہ ریلیف زراعت، توانائی اور کھاد کے لیے ہونی چاہیے، یہ تب ممکن ہوگا جب آئی ایم ایف کی شرائط میں نرمی ہوگی، درپیش امتحان اور مسائل کا حل اور منصوبے ہمارے پاس ہیں۔

شیخ رشید راہداری ریمانڈ پر مری پولیس کے حوالے

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) اسلام آباد کی عدالت نے عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید کو راہداری ریمانڈ پر مری پولیس کے حوالے کردیا۔
وفاقی پولیس نے شیخ شید کو اسلام آباد کچہری میں ہتھکڑی لگا کر پیش کیا جہاں کیس کی سماعت کے دوران عدالت نے پولیس سے استفسار کیا کہ کیا پہلے راہداری ریمانڈ کی استدعا کی؟ اس پر تفتیشی افسر نے کہا کہ پہلی بار کر رہےہیں، اس سے پہلے نہیں کی۔شیخ رشید کے وکیل علی بخاری نے کہا کہ جوڈیشل مجسٹریٹ نےحال ہی میں شیخ رشیدکے راہداری ریمانڈکی استدعا مسترد کی تھی، شیخ رشید جیل میں ہیں،کہیں باہر نہیں جاسکتے۔
وکیل علی بخاری نے شیخ رشید کے راہداری ریمانڈ کی درخواست کی مخالفت کی جس کے بعد پراسیکیوٹر نے راہداری ریمانڈ سے متعلق دلائل دیے۔
پراسیکیوٹر نے کہا کہ شیخ رشید جوڈیشل ریمانڈ پر ہیں،ان کو مری کی عدالت میں پیش کرنا ہے۔
عدالت نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد پولیس کی درخواست منظور کرتے ہوئے شیخ رشید کو ایک دن کے راہداری ریمانڈ پر مری پولیس کے حوالے کردیا۔
عدالت نے شیخ رشید کو کل دو بجے متعلقہ عدالت میں پیش کرنے کا حکم دیا۔

وہ پھل جن کو ہم سبزیاں سمجھ کر کھاتے ہیں

لاہور: (ویب ڈیسک) پکانے کے نکتہ نظر سے بات کی جائے تو لوگوں کی نظر میں پھلوں اور سبزیوں میں جو فرق ہوتا ہے وہ یہ ہے کہ پھل عموماً میٹھے ہوتے ہیں جبکہ سبزیوں میں مٹھاس نہیں ہوتی۔
مگر پھلوں اور سبزیوں کے درمیان فرق کرنے والی نباتاتی وضاحت مختلف ہے۔علم نباتات کے اصولوں کے مطابق پھل کی تعریف یہ ہے کہ پودے کے پھول سے پیدا ہونے والا نرم گودا جس میں پودے کا بیج ہو، پھل کہلاتا ہے اور تکنیکی لحاظ سے ٹماٹر اس تعریف پر پورا اترتا ہے، اس کے مقابلے میں کسی پودے کے پھلوں کے حصے کو نکال کر کھائے جانے والے ہر حصے کو سبزیاں کہا جاتا ہے۔
تو ایسی سبزیوں کے بارے میں جانیں جو تکنیکی لحاظ سے پھل ہیں مگر ہم انہیں سبزیاں سمجھ کر کھاتے ہیں۔
زیتون
زیتون میں گٹھلی موجود ہوتی ہے اور یہ سبزی نہیں ایک پھل ہے۔
مکئی
مکئی بھی تکنیکی لحاظ سے ایک پھل ہے۔
کھیرے
کھیرے بھی سبزی نہیں بلکہ ایک پھل ہیں۔ کھیرے تربوز اور خربوزے جیسے پھلوں کے پودوں کے خاندان سے تعلق رکھنے والے ایک پودے کا پھل ہوتے ہیں۔
گھیا توری
یہ بھی تکنیکی لحاظ سے سبزی نہیں بلکہ ایک پھل ہے۔
کدو یا میٹھا کدو
اس کو اگر آج تک سبزی سمجھ کر کھاتے رہے ہیں تو جان لیں علم نباتات کے اصولوں کے مطابق یہ ایک پھل ہے۔
بھنڈی
جی ہاں واقعی بیجوں سے بھرپور یہ سبزی بنیادی طور پر ایک پھل ہے۔
بینگن
ویسے تو بینگن آلو کے خاندان کے پودوں کا حصہ ہے مگر بینگن میں بیج موجود ہوتے ہیں اور وہ پودے کے پھولوں کے طور پر اگتے ہیں تو تکنیکی لحاظ سے یہ سبزی نہیں بلکہ ایک پھل ہے۔
مرچیں
ہر قسم کی مرچیں یعنی ہری مرچ، شملہ مرچ یا دیگر سب ہی تکنیکی لحاظ سے پھل ہیں۔
ٹماٹر
ٹماٹروں کے بارے میں تو عرصے سے یہ بحث چل رہی ہے کہ یہ ایک پھل ہے یا سبزی۔یہاں تک کہ 1893 میں امریکی سپریم کورٹ نے بھی اسے ایک مقدمے میں سبزی قرار دیا تھا مگر نباتاتی ماہرین سے پوچھا جائے تو ان کا کہنا ہے کہ یہ ایک پھل ہے جسے لوگ سبزی سمجھتے ہیں۔
کریلے
اگر آپ کو یہ سبزی کھانا پسند نہیں تو شاید یہ جان کر اسے کھالیں کہ یہ تکنیکی لحاظ سے ایک پھل ہے۔
مٹر اور سبز پھلیاں
مٹر اور سبز پھلیاں بھی تکنیکی لحاظ سے سبزیاں نہیں بلکہ پھل ہیں۔

عمران دور میں نیب ترامیم سےکن ارکان پارلیمنٹ کو فائدہ پہنچا؟ تفصیلات سپریم کورٹ میں پیش

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) عمران خان کے دور حکومت میں قومی احتساب بیورو (نیب) سے متعلق ترامیم سے فائدہ اٹھانے والے ارکان پارلیمنٹ کی تفصیلات سپریم کورٹ میں پیش کردی گئیں۔
سپریم کورٹ میں تفصیلات نیب کی جانب سے جمع کرائی گئی ہیں۔
رپورٹ کے مطابق عمران خان کے دور میں سابق وزرائے اعظم یوسف رضا گیلانی، راجہ پرویز اشرف اور شوکت عزیز نیب ترامیم سے فائدہ اٹھانے والوں میں شامل ہیں۔رپورٹ میں سیف اللہ بنگش، لیاقت جتوئی، جاوید اشرف قاضی اور سابق گورنر خیبر پختونخوا سردار مہتاب عباسی کے نام موجود ہیں۔
رپورٹ کے مطابق دو ترمیمی آرڈیننس کے ذریعےکئی سرکاری افسران کو بھی فائدہ پہنچا ہے۔
خیال رہے کہ عمران خان دور میں جاری ترمیمی آرڈیننس سے فائدہ اٹھانے والوں کی فہرست نیب ترامیم کیس میں جمع کرائی گئی ہے، سپریم کورٹ نے نیب ترامیم کے خلاف عمران خان کی درخواست پر سماعت کے دوران تفصیلات طلب کی تھیں۔

علاقہ مکینوں نے دروازہ توڑ کر کاسٹ کو مارا : علی حسین نے پورا واقعہ بیان کردیا

کراچی: (ویب ڈیسک) پروڈیوسر علی حسین کا کہنا ہے کہ جمشید کوارٹرز میں شوٹنگ کے دوران علاقہ مکینوں کے حملے پر اداکارہ گل رعنا، حرا مانی ،اداکارہ سلمیٰ ظفر اور مانی سمیت 3 چائلڈ اداکاروں نے خود کو کمرے میں بند کرلیا تھا لیکن حملہ آور وں نے کمرے کا دروازہ توڑ کر کاسٹ اور کریو ممبر کو تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔
گزشتہ روز جمشید کوارٹر میں نجی ٹی وی کے ڈرامےکی شوٹنگ کے دوران جھگڑے کے بعد علاقہ مکینوں نے اداکاروں اور شوٹنگ اسٹاف پر حملہ کردیا تھا جس پر پولیس نے بتایا تھا کہ علاقہ مکین چاہتے تھے کہ ان کے علاقے میں شوٹنگ نہ کی جائے، ناخوشگوار واقعے کے دوران اداکار اوانسٹاگرام پر جاری بیان میں علی حسین نے کراچی میں فلم کی شوٹنگ کے دوران علاقہ مکینوں کے حملہ آور ہونے سے متعلق وضاحت دی اور بتایاکہ شوٹنگ کے دوران 100 حملہ آوروں نے ان کی ٹیم پر حملہ کیا جس کی ایف آئی آر بھی درج کی جاچکی ہے۔
علاقہ مکینوں نے دروازہ توڑ کر کاسٹ کو مارا : علی حسین نے پورا واقعہ بیان کردیا
علی حسین کے مطابق علاقہ مکینوں کے حملے کے وقت اداکارہ گل رعنا، اداکارہ حرا مانی ، اداکارہ سلمیٰ ظفر اور 3 چائلڈ ا نے خود کو کمرے میں بند کرلیا تھا لیکن کمرے کا دروازہ توڑ کر کاسٹ اور کریو ممبر کو تشدد کا نشانہ بنایا گیا اور سامان بھی توڑ دیا۔
علی حسین کے مطابق حملہ آور دروازہ توڑ کر روم میں داخل ہوگئے اور انھوں نے تشدد کرتے ہوئے کئی لوگوں کو زخمی کردیا، سیٹ پر موجود خواتین کو ہراساں کیا، بچوں کو بھی ڈرایا دھمکایا اس دوران 7 ممبر بری طرح زخمی ہوگئے جنہیں فوری طور پر طبی امداد دی گئی۔
دوسری جانب فلم ڈائریکٹر نبیل قریشی نے بھی واقعے پر شدید ردعمل کا اظہار کیا تھا اور ٹوئٹر پر جاری بیانات میں بتایا تھا کہ حملے کے وقت حرا مانی دروازے کےاندر سے ان لوگوں سے درخواست کررہی تھی لیکن انہوں نے نہیں سنا اور دروازہ توڑ دیا۔
علاقہ مکینوں نے دروازہ توڑ کر کاسٹ کو مارا : علی حسین نے پورا واقعہ بیان کردیا
ادھر انسٹا اسٹوری شیئر کرتے ہوئے حرا مانی نے کہا کہ یہ ایک بہت بُرا حادثہ تھا جس کا مشاہدہ کیا، دعا کرتی ہوں کہ زندگی میں کوئی بھی کبھی ایسے کسی واقعے سے نہ گزرے۔
علاقہ مکینوں نے دروازہ توڑ کر کاسٹ کو مارا : علی حسین نے پورا واقعہ بیان کردیا
مزید برآں چائلڈ اداکاروں کی جانب سے انسٹا اسٹوریز شیئر کرتے ہوئے واقعے پر اپنی رائے کا اظہار کیا گیا تھا۔

کل رات اہم شخصیت سے ملنے کا کہا گیا جس پر انکار کردیا: شیخ رشید

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) سابق وزیر داخلہ شیخ رشید نے دعویٰ کیا ہےکہ رات انہیں ایک اہم شخصیت سے ملنے کا کہا گیا جس پر انہوں نے ملاقات سے انکار کردیا۔
اسلام آباد کی عدالت میں پیشی کے موقع پر میڈیا سے غیر رسمی گفتگو میں شیخ رشید نے کہا کہ پولیس والے میرے بھائی ہیں، میں 16بار وزیر رہا ہوں، یہ میری سیاسی ہمدردیاں بدلنا چاہتے ہیں لیکن میں اس عمر میں ہمدردیاں نہیں بدلوں گا۔
انہوں نے کہا کہ میں نے دونوں موبائل فونز کے پاس ورڈ پولیس کو دیدیے ہیں، میرے پیسے، موبائل اور گھڑیاں پولیس نے نکال لیں، مری پولیس نے گھنٹوں مجھ سے تفتیش کی ہے، تمام کام آبپارہ پولیس نےکیا، مری لسبیلہ اورکراچی پولیس معصوم ہے۔
سابق وزیر نے کہا کہ رات مجھے ایک اہم شخصیت سے ملنے کا کہہ رہے تھے لیکن میں نے انکار کردیا۔

واٹس ایپ بڑی تبدیلی کرنے کو تیار، اب ‘کالز’ شیڈول کرائی جاسکیں گی

لاہور: (ویب ڈیسک) واٹس ایپ پر اب جلد ہی ‘کالز’ اپنی مرضی کے وقت اور دن کو شیڈول کرائی جاسکیں گی جس کے لیے ایپلی کیشن نے تیاری شروع کردی۔
اس سے قبل واٹس ایپ نے اینڈرائیڈ اور آئی او ایس ڈیوائسز استعمال کرنے والے صارفین کے لیے اسٹیٹس سیکشن کے نئے فیچرز متعارف کرانے کا اعلان کیا تھا۔
اب واٹس ایپ بیٹا انفو نے اپنی رپورٹ میں بتایا ہے کہ ایپ نے گروپ کالز کو شیڈول کرانے کے فیچر پر کام شروع کردیا ہے جس سے ہوگا یہ کہ اب گروپ کے تمام ارکان کی رضامندی سے ایک وقت کا انتخاب کرکے کال شیڈول کرائی جاسکے گی۔
واٹس ایپ بیٹا انفو نے اس حوالے سے ایک اسکرین شاٹ بھی شیئر کیا ہے۔
اسکرین شاٹ میں دیکھا جاسکتا ہے کہ صارفین گروپ کال کا ٹائٹل، تاریخ اور وقت منتخب کرسکیں گے۔
یعنی جس موضوع پر کال کرنی ہوگی، اسے ٹائٹل میں لکھا جاسکے گا اور باہمی رضامندی سے وقت اور تاریخ کا بھی انتخاب کیا جاسکے گا۔
واٹس ایپ نے تاحال یہ اعلان نہیں کیا کہ یہ فیچر صارفین کے لیے کب متعارف کرایا جائے گا، امید ہے کہ آنے والے چند دن میں صارفین اس حوالے سے خوشخبری سنیں گے۔

ماسکو: سوویت یونین کے بانی کی لاش چرانےکی کوشش کرنیوالا شخص گرفتار

ماسکو : (ویب ڈیسک) روسی دارالحکومت ماسکو میں سابقہ سوویت یونین کے بانی سربراہ ولادیمیر لینن کی حنوط شدہ لاش چرانےکی کوشش کے الزام میں ایک شخص کو گرفتار کرلیا گیا۔
روسی میڈیا کے مطابق ایک شخص نے ماسکو کے معروف ریڈ اسکوائر پر واقع لینن کے مقبرے کی رکاوٹیں عبور کیں اور سخت سکیورٹی کے باوجود مقبرے کی عمارت میں داخل ہونے کی کوشش کی جسے موقع پر ہی گرفتار کرلیا گیا۔
روسی میڈیا کے مطابق ملزم لینن کی لاش چرانا چاہتا تھا، تفتیش پر معلوم ہواکہ اس نے شراب پی رکھی تھی اور نشےکی حالت میں تھا۔
خیال رہےکہ ولادیمیر لینن کارل مارکس کے بعدکمیونزم کے دوسرے بڑے نظریاتی رہنما سمجھے جاتے ہیں جو کہ سوویت یونین کے بانی سربراہ بھی تھے اور 1917 میں سوویت یونین کے آغاز سے اپنی وفات (1924) تک سوویت یونین کی سربراہی کرتے رہے۔
لینن کی لاش کو حنوط کرکے 1924 میں پہلی مرتبہ ماسکو کے ریڈ اسکوائر میں عوامی دیدار کے لیے رکھا گیا تھا، سوویت یونین کے زوال کے بعد اس معاملے پر بحث ہوتی رہی ہے کہ لینن کی لاش کو کانچ کے تابوت میں عوام کے سامنے رکھنے کے بجائے دفنا دیا جائے اور اس پر آنے والے اخراجات پر بھی تنقید ہوتی رہی ہے۔

گوگل کے مقابلے پر مائیکرو سافٹ کا اے آئی ٹیکنالوجی سے لیس سرچ انجن پیش

لاہور: (ویب ڈیسک) مائیکرو سافٹ نے اپنے سرچ انجن بنگ کا نیا ورژن متعارف کرایا ہے جس میں آرٹی فیشل انٹیلی جنس (اے آئی) ٹیکنالوجی سے لیس چیٹ جی پی ٹی کو شامل کیا گیا ہے۔
یہ مائیکرو سافٹ کی جانب سے برسوں سے انٹرنیٹ سرچ پر حکمران گوگل کو ٹکر دینے کی نئی کوشش ہے۔کمپنی کے مطابق بنگ سرچ انجن اب اے آئی ٹیکنالوجی سے لیس ہے اور اوپن اے آئی نامی کمپنی کے تیار کردہ چیٹ جی پی ٹی کی مدد سے سرچ رزلٹ صارفین دیکھ سکیں گے۔
بنگ میں ایک نئی چیٹ ونڈو کا اضافہ بھی کیا جا رہا ہے جو شاپنگ لسٹ، سفری مشورے اور دیگر تفصیلات کے حصول کے لیے استعمال کی جا سکے گی۔
اس اے آئی ٹیکنالوجی کو مائیکرو سافٹ کے ایج براؤزر کا بھی حصہ بنایا جا رہا ہے تاکہ صارفین پی ڈی ایف فائلز کی سمری بنانے کے ساتھ ساتھ مختلف کام کر سکیں۔
ایک ایونٹ کے دوران مائیکرو سافٹ کے سی ای او ستیہ ناڈیلا نے بتایا کہ ہم تمام ایپس میں اس ٹیکنالوجی کو شامل کرنے والے ہیں۔ صارفین بنگ سرچ انجن میں چیٹ جی بی کے پریویو کو bing.com/new میں دیکھ سکتے ہیں، مگر فی الحال استعمال کرنا ممکن نہیں۔
آنے والے ہفتوں میں مائیکرو سافٹ کی جانب سے کروڑوں افراد کو یہ ٹیکنالوجی آزمانے کا موقع فراہم کیا جائے گا جبکہ ایک موبائل ورژن بھی متعارف کرایا جائے گا۔
یہ انٹرنیٹ سرچنگ کے حوالے سے برسوں بعد بہت بڑی پیشرفت ہے۔
گوگل کی جانب سے بھی اسی طرح کے اے آئی ٹیکنالوجی سے لیس چیٹ بوٹ بارڈ کو متعارف کرانے پر کام کیا جا رہا ہے جس کا اعلان 6 فروری کو کیا گیا تھا۔

آئی ایم ایف مذاکرات،وفاقی ترقیاتی بجٹ میں کٹوتی کی تیاری

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) پاکستان نے آئی ایم ایف کو راضی کرنے کے لیے نئی منصوبہ بندی کرلی۔
ذرائع کے مطابق حکومت کی جانب سے 727 ارب روپے کے وفاقی ترقیاتی بجٹ میں کٹوتی کی اسٹریٹیجی تیار کرلی گئی ہے اور ترقیاتی منصوبوں کیلئے فنڈز جاری کرنے میں سست روی برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہےکہ ترقیاتی بجٹ میں 350 ارب تک کمی ہو سکتی ہے۔حکمت عملی کے تحت پہلے 6 ماہ میں صرف 151 ارب روپے خرچ کیے گئے۔
ذرائع کے مطابق ترقیاتی بجٹ میں کمی سے مختلف وزارتوں کے کئی منصوبے متاثر ہوسکتے ہیں۔ جن میں صحت، تعلیم، ہاؤسنگ، خوراک اور موسمیاتی تبدیلی سے متعلق منصوبے شامل ہیں۔
واضح رہے کہ اس سے قبل آئی ایم ایف بجلی اور گیس کے نرخ پچاس فیصد بڑھانے کامطالبہ کر چکا ہے۔ آئی ایم ایف کے مطالبات کے مطابق پاکستان کو تیس جون تک زرمبادلہ کے ذخائر1600ارب ڈالر تک لانا ہونگے۔
درآمدات پر پابندیاں فوری ختم کرنا ہونگی،ایل سیز کھولنے کیلئے 4ارب ڈالر کی فراہمی ممکن بنائی جائے گی،اخراجات میں 600ارب روپے کمی کابھی مطالبہ کیا گیا ہے۔