All posts by Khabrain News

شادی کو کامیاب بنانا اور برقرار رکھنا فن، جسے سیکھنے کی ضرورت ہے: طوبیٰ انور

کراچی: (خبریں ڈیجیٹل) اداکارہ اور ماڈل طوبیٰ انور نے کہا ہے کہ شادی کو کامیاب بنانا اور برقرار رکھنا فن ہے جسے سیکھنے کی ضرورت ہے۔

اپنے ایک انٹرویو میں طوبیٰ انور کا کہنا تھا کہ جب لڑکی کی شادی ہوتی ہے تو اسے کہا جاتا ہے کہ گھر چلانا، بچانا اور سمجھوتہ کرنا اس کی ذمہ داری ہے، صرف لڑکیوں کو ہی سمجھوتے کا کیوں کہا جاتا ہے، رشتے کو قائم رکھنا سب کی ذمہ داری ہونی چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ شادی کو کامیاب بنانا اور برقرار رکھنا فن ہے جسے سیکھنے کی ضرورت ہے، شادی شدہ جوڑوں کو ابتدائی 2 سال تک سمجھانا چاہیے کہ جب ان کے ساتھ کوئی مسئلہ پیش آئے تو اسے کس طرح حل کرنا ہے۔

طوبیٰ انور کا کہنا تھا کہ مسائل کا سامنا کرنے والے جوڑوں اور خصوصی طور پر نوجوان جوڑوں کو تھراپی لینی چاہیے، شادی شدہ زندگی کو چلانا نہ صرف بیوی بلکہ شوہر سمیت ساس اور دیگر اہل خانہ کی بھی ذمہ داری ہوتی ہے لیکن یہاں سب لوگ صرف بیاہی جانے والی لڑکی کو درس دیتے ہیں۔

یاد رہے کہ اداکارہ نے 2018 میں مرحوم عامر لیاقت سے شادی کی تھی اور شادی کے بعد اداکاری کے میدان میں قدم رکھا تھا تاہم 2022 میں انہوں نے خلع لے لی تھی۔

پی ٹی آئی رہنما چودھری پرویز الہٰی نے ضمانت کیلئے سپریم کورٹ سے رجوع کر لیا

اسلام آباد: (خبریں ڈیجیٹل) سابق وزیر اعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی نے ضمانت کیلئے سپریم کورٹ سے رجوع کر لیا۔

پی ٹی آئی رہنما نے لاہور ہائیکورٹ کی جانب سے حفاظتی ضمانت کا حکم معطل کرنے کا فیصلہ سپریم کورٹ میں چیلنج کیا، اس سے قبل انہوں نے حراست میں رکھنے کا پنجاب حکومت کا حکم نامہ ہائیکورٹ میں چیلنج کیا تھا۔

درخواست میں موقف اپنایا گیا کہ ہائیکورٹ کے سنگل بینچ نے حفاظتی ضمانت دی جسے پنجاب حکومت نے چیلنج کر دیا، صوبائی حکومت کی اپیل پر ڈویژن بینچ نے حفاظتی ضمانت کا فیصلہ معطل کر رکھا ہے، موجودہ کیس میں سنگل بینچ کے فیصلے کیخلاف انٹراکورٹ اپیل دائر نہیں ہوسکتی تھی۔

درخواست میں مزید کہا گیا ہے کہ چودھری پرویز الہٰی کو سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا جا رہا ہے، سابق وزیر اعلیٰ پنجاب پر سیاسی بنیادوں پر دباؤ ڈالا جا رہا ہے، عدالت لاہور ہائیکورٹ کے ڈویژن بینچ کا حکم کالعدم قرار دے۔

پاکستانی ٹیم ورلڈ کپ کی فیورٹ ٹیموں میں شامل ہے، ہرشل گبز

۔ (خبریں ڈیجیٹل) سابق جنوبی افریقی بیٹر ہرشل گبز کا کہنا ہے کہ پاکستان کرکٹ ٹیم آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ کی فیورٹ ٹیموں میں سے ایک ہے۔

نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہو ئے انہوں نے کہا کہ پاکستانی ٹیم ورلڈ کپ کی فیورٹ ٹیموں میں شامل ہے۔

عدم تسلسل ضرور ہے لیکن سب جانتے ہیں کہ پاکستانی ٹیم میچ ڈے پر کیسے کلک کر سکتی ہے ۔

اس کی وجہ یہ ہے کہ پاکستان ٹیم میں ہمیشہ ایکس فیکٹر پایا جاتا ہے یہی وجہ ہے کہ وہ خطرناک ٹیم ہے۔

ورلڈ کپ کی کنڈیشنز پاکستان کے لیے سازگار ہیں ، یہ ٹیم ٹاپ فور میں شامل ہو گی۔یاد رہے کہ میگا ایونٹ کا انعقاد بھارت میں ہوگا۔

کولمبو ٹیسٹ:بارش کے باعث پاکستان اور سری لنکا کے درمیان دوسرے روز کا کھیل ختم

کولمبو: (خبریں ڈیجیٹل) کولمبو : پاکستان اور سری لنکا کے درمیان کولمبو ٹیسٹ کے دوسرے دن کا کھیل ختم کردیا گیا۔

بارش سے قبل پاکستان نے پہلی اننگز میں 2 وکٹ پر 178رنزبنا لیے تھے جس کے بعد قومی ٹیم کو سری لنکا کے خلاف پہلی اننگزمیں 12 رنزکی برتری حاصل ہو گئی ہے۔

پاکستان اور سری لنکا کے درمیان میچ کے دوسرے روز کا کھیل بارش کے باعث 10اوورز تک محدود رہا جس دوران عبداللہ شفیق 87 اور بابراعظم 28 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔

گزشتہ روز شان مسعود 51 اور امام الحق 6 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے تھے، سری لنکا کی جانب سے اسیتھا فرنینڈو نے دونوں وکٹیں حاصل کی تھیں۔

گزشتہ روز سری لنکا کے کپتان دیموتھ کرونا رتنے نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا جو سود مند ثابت نہ ہوا اور پوری لنکن ٹیم 166 رنز پر ڈھیر ہو گئی تھی۔

سری لنکا کی جانب سے دھننجیا ڈی سلوا 57 اور دنیش چندیمل 34 رنز بنا کر نمایاں رہے جبکہ پاکستان کی جانب سے ابرار احمد نے 4 اور نسیم شاہ نے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، ایک وکٹ شاہین آفریدی کے حصے میں آئی اور دو کھلاڑیوں کو شان مسعود نے رن آؤٹ کیا۔

خیال رہے کہ دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں پاکستان کو ایک صفر کی سبقت حاصل ہے، پاکستان نے گال میں کھیلے گئے پہلے ٹیسٹ میں سری لنکا کو 4 وکٹوں سے شکست دی تھی۔

ترکیہ کے صدر طیب اردوان کا آئندہ ماہ دورہ پاکستان کا امکان

ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان کا آئندہ ماہ دورہ پاکستان کا امکان ہے، سفارتی ذرائع کے مطابق ترکیہ کے صدر کا دورہ اگست کے پہلے ہفتے میں متوقع ہے۔

سفارتی ذرائع کا کہنا ہے کہ دورہ پاکستان میں ترکیہ صدر کے ہمراہ ایک وفد بھی پاکستان پہنچے گا، ترکیہ کے وزیر خارجہ بھی ہمراہ ہوں گے جو وزیر خارجہ بلاول بھٹو سے ملاقات کریں گے۔

سفارتی ذرائع کے مطابق ترکیہ کے صدرکی وزیر اعظم شہباز شریف سے بھی ملاقات ہو گی، پاکستان اور ترکیہ میں دفاعی تعاون کی مفاہمتی یاداشتوں پر دستخط کیے جائیں گے۔

ترکیہ کے صدر کے ساتھ آنے والے وفد میں ترکیہ بحریہ کے اعلیٰ حکام بھی شریک ہوں گے، صدر طیب اردوان پاکستانی حکام سے ملاقاتیں بھی کریں گے۔

ملک دیوالیہ ہوتا تو قیامت تک میرے ماتھے پر کالا دھبہ، قبر پر کتبہ لگ جاتا: وزیراعظم

ڈیرہ اسماعیل خان: (خبریں ڈیجیٹل) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ریاست کو بچانے کیلئے بڑی قیمت ادا کی، قدم نہیں ڈگمگائے، ملک دیوالیہ ہوتا تو قیامت تک میرے ماتھے پر کالا دھبہ، قبر پر کتبہ لگ جاتا۔

ڈیرہ اسماعیل خان میں ترقیاتی منصوبوں کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہاز شریف نے کہا ہے کہ 15، 16 ماہ کے قلیل عرصے میں ہمیں تاریخ کے مشکل ترین چیلنجز ملے، اس کو کہتے ہیں سر منڈاتے ہی اولے پڑ گئے، 11 اپریل 2022 کو جب میں نے اقتدار سنبھالا تو مجھے احساس تھا کہ حالات بہت مشکل ہیں لیکن اس کا اندازہ نہں تھا کہ حالات حد درجہ تباہ کن ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ جب اقتدار سنبھالا تو تاریخ کا بدترین سیلاب آیا جس کی بحالی کے لیے ہم نے 100 ارب روپے خرچ کیے لیکن سیلاب زدگان کا حق ہم آج بھی ادا نہ کر سکے، اس کی وجہ وسائل کی شدید قلت ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ میں نے اپنے سیاسی کیریئر میں ایسے چیلنجز کا سامنا نہیں کیا، مولانا فضل الرحمٰن، پیپلزپارٹی اور دیگر اتحادیوں سمیت خود میرے قائد نواز شریف عوام پر مہنگائی کے بوجھ کی وجہ سے پریشان تھے اور مجھ سے سوال کرتے تھے کہ کیا بنے گا؟

انہوں نے مزید کہا کہ میرا جواب یہی ہوتا تھا اور یہی رہے گا کہ نیازی حکومت نے اپنی سیاست کو چمکانے کے لیے ریاست کو قربان کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی جبکہ ہماری مخلوط حکومت نے فیصلہ کیا کہ ہم سیاست کو قربان کردیں گے مگر ریاست کو بچا لیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ یہی وہ فیصلہ تھا جس کی خاطر ہم ڈٹ گئے ورنہ اگر ملک قربان ہوجاتا تو کہاں کی سیاست اور کہاں کی وزارت عظمیٰ، ہم نے اس کی بھاری قیمت ادا کی ہے لیکن ہمارے قدم نہیں ڈگمگائے۔

 

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا مجھے امید ہے کے رواں برس کپاس کی ریکارڈ فصل پیدا ہونے والی ہے، ہمیں گندم اور کپاس منگوانے کے لیے جو اربوں ڈالر خرچ کرنا پڑتے تھے اس میں بہت کمی آجائے گی۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں آئی ایم ایف سے معاہدے کرنے کے لیے دن رات پاپڑ بیلنے پڑے، 9 مئی کا سانحہ ہوا، چیئرمین پی ٹی آئی کی انتشار پسندی نے ملک میں سرمایہ کاری اور انتشار پسندی کو جامد کردیا تھا، ہمارے مالی وسائل محدود ہو چکے تھے لیکن اللہ کے فضل سے ہم ڈیفالٹ سے بچ گئے۔

ان کا کہنا تھا کہ اگر ہم دیوالیہ ہوجاتے تو باہر کے بینک ہمارے لیٹر آف کریڈٹس (ایل سیز) قبول کرنے سے انکار کردیتے، پاکستان میں دوا اور روٹی کے لالے پڑ جاتے، صنعت کو کاری ضرب لگتی، یہ قیامت تک ہمارے ماتھے پر کالا دھبہ ہوتا اور میری قبر پر بھی کتبہ لگتا کہ اس کے دورِ حکومت میں ملک دیوالیہ ہو گیا تھا۔

وزیراعظم نے کہا کہ آج پاکستان ترقی کی راہ پر گامزن ہے، 75 برس میں ہم سے فاش غلطی ہوئی کہ ہم نے پن بجلی کے منصوبوں پر توجہ نہیں دی، تیل، بجلی اور گیس کے منصوبوں پر ارب کھرب لگ گئے، اس کا آدھا سرمایہ بھی داسو اور دیامر بھاشا ڈیم پر لگاتے تو آج پاکستان کی معاشی صورتحال یہ نہ ہوتی اور ہمیں کشکول کی ضرورت نہ پڑتی۔

قبل ازیں وزیراعظم شہباز شریف نے ڈیرہ اسماعیل خان میں 8 منصوبوں کا افتتاح اور سنگ بنیاد رکھا، جن میں شاہراہوں، رابطہ سڑکوں، بجلی کےسب اسٹیشن اور تیل و گیس کی فراہمی جیسے منصوبے شامل ہیں۔

اس موقع پر وزیراعظم شہبازشریف کو منصوبوں پر بریفنگ بھی دی گئی اور سربراہ پی ٹی ایم مولانا فضل الرحمان اور وفاقی وزراء بھی موجود تھے۔

توہین الیکشن کمیشن کیس: عمران خان کے ناقابل ضمانت وارنٹ جاری، گرفتاری کا حکم

الیکشن کمیشن آف پاکستان نے توہین الیکشن کمیشن کیس میں پاکستان تحریک انصاف    (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیے۔

الیکشن کمیشن نے اسلام آباد پولیس کو چیئرمین پی ٹی آئی کو گرفتار کر نے کا حکم دے دیا۔

الیکشن کمیشن نے انسپکٹر جنرل (آئی جی) اسلام آباد کو ناقابل ضمانت وارنٹ کی تعمیل کی ہدایت کی اور کہا کہ آئی جی اسلام آباد چیئرمین تحریک انصاف کو گرفتار کر کے الیکشن کمیشن میں پیش کریں۔

الیکشن کمیشن نے حکم دیا کہ چیئرمین پی ٹی آئی کو کل گرفتارکرکے پیش کیا جائے۔

توہین الیکشن کیس میں عمران خان پیش نہیں ہوئے تھے اور الیکشن کمیشن نے عدم پیشی پر وارنٹ جاری کیے۔

ٹوئٹر کا نیا لوگو متعارف، نام بھی تبدیل کر دیا گیا

نیویارک:(خبریں ڈیجیٹل)ٹوئٹر کی چیف ایگزیکٹو لینڈا یاکارینو کی جانب سے ٹوئٹر کے نئے لوگو کی تصویر ایک  ٹوئٹ میں پوسٹ کی گئی اور پھر اسے سوشل میڈیا نیٹ ورک پر برڈ لوگو کی جگہ لگا دیا گیا۔

ٹوئٹر کے نئے لوگو میں ایکس لکھا نظر آ رہا ہے جبکہ ایلون مسک نے بھی اپنی پروفائل امیج بھی اس لوگو سے تبدیل کرتے ہوئے ٹوئٹر بائیو میں ایکس ڈاٹ کام کا اضافہ کر دیا ہے جبکہ ٹوئٹر کا نام بھی ایکس کر دیا گیا ہے۔

یہ اکتوبر 2022 میں ایلون مسک کی ملکیت میں جانے کے بعد ٹوئٹر کی سب سے بڑی تبدیلی ہے۔

خیال رہے کہ ایلون مسک عرصے سے ٹوئٹر کو ایک سپر ایپ ایکس میں بدلنے کے خواہشمند ہیں اور لوگو کی تبدیلی اسی لیے کی گئی ہے۔

23 جولائی کو ایلون مسک نے کہا تھا کہ بہت جلد ہم ٹوئٹر برانڈ اور تمام پرندوں کو خیرباد کہہ دیں گے، اگر ایکس لوگو اچھا ہوا تو وہ آج شب (23 جولائی کی شب) پوسٹ کیا جائے گا اور اسے 24 جولائی کو لائیو کر دیا جائے گا۔

اس تبدیلی کے بعد ٹوئٹر ایک خودمختار کمپنی نہیں رہے گی بلکہ اسے ایک نئی کمپنی ایکس کارپوریشن کا حصہ بنا دیا جائے گا۔

ٹوئٹر کی چیف ایگزیکٹو لینڈا یاکارینو نے ایک اور ٹوئٹ میں بتایا کہ ٹوئٹر نے ہمارے رابطوں کے انداز کو بدل دیا اور اب ایکس اس سلسلے کو مزید آگے بڑھائے گا۔

خیال رہے کہ ٹوئٹر کا نیلے پرندے کا لوگو ایک باسکٹ بال اسٹار لیری برڈ کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے سوشل میڈیا پلیٹ فارم کا حصہ بنایا گیا تھا۔

ٹوئٹر کے شریک بانی بز اسٹون نے اس پرندے کو لیری کا نام دیا تھا اور اب اس کا عہد جلد ختم ہونے والا ہے۔

واضح رہے کہ ٹوئٹر کو خریدنے کے بعد ایلون مسک نے اس پلیٹ فارم میں متعدد تبدیلیاں کی ہیں جن میں ٹوئٹر بلیو سروس قابل ذکر ہے۔

اپریل میں عارضی طور پر ٹوئٹر کے روایتی لوگو کو ڈوگی کوائن کے کتے والے لوگو سے تبدیل کیا گیا تھا۔

مون سون کا نیا سپیل 31 جولائی سے شروع ہوگا، اربن فلڈنگ، لینڈ سلائیڈنگ کا الرٹ جاری

اسلام آباد: (خبریں ڈیجیٹل) مون سون کا نیا سپیل 31 جولائی تا 6 اگست جاری رہے گا، این ڈی ایم اے نے تمام متعلقہ اداروں کو اگلے سپیل میں بھی اربن فلڈنگ اور لینڈ سلائیڈنگ کے خدشہ پر الرٹ جاری کر دیا۔

این ڈی ایم اے نے بتایا کہ موسلادھار بارشوں سے دریاؤں میں پانی کے بہاؤ میں اضافہ ہو سکتا ہے، بارشوں اور فلڈنگ سے نشیبی علاقے زیر آب آنے کا امکان ہے، بھارتی ڈیمز پونگ اور تھین بھی مکمل طور پر بھر چکے ہیں جس کی وجہ سے بھارت دریائے راوی میں پانی چھوڑ سکتا ہے۔

این ڈی ایم اے نے متعلقہ اداروں کو ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ دریاؤں اور بھارتی ڈیمز میں پانی کے اخراج کی نگرانی جاری رکھیں، تربیلا اور منگلا اپنی گنجائش سے 70 فیصد سے زائد بھر چکے ہیں، موجودہ بارشوں کی صورتحال پر نیشنل ایمرجنسیز آپریشن سنٹر کے اجلاس میں بریفنگ بھی دی گئی۔

دوسری جانب دریائے ستلج میں گنڈا سنگھ کے مقام پر پانی کا بہاؤ 60138 کیوسک ہے جبکہ دریائے راوی میں ہیڈ بلوکی کے مقام پر نچلے درجے کا سیلاب ہے، ہیڈ بلوکی میں پانی کی آمد 67845 جبکہ اخراج 42445 کیوسک ہے، ضلعی انتظامیہ کی جانب سے ہیڈ بلوکی اور تلوار پوسٹ کے مقام پر فلڈ ریلیف کیمپس قائم کیے گئے ہیں۔

گن پوائنٹ پر شادی کرنا پڑی تو مہوش حیات سے کروں گا: حسن شہریار

لاہور: (خبریں ڈیجیٹل) پاکستان کے مشہور و معروف ڈیزائنر و اداکار حسن شہریار یٰسین المعروف ایچ ایس وائی کا کہنا ہے کہ اگر انہیں کبھی گن پوائنٹ پر کوئی شادی کرنے کا کہے گا تو وہ اداکارہ مہوش حیات کا انتخاب کریں گے۔

حال ہی میں حسن شہریار نے نجی ٹی وی کے پروگرام میں شرکت کی جس میں انہوں نے اپنی زندگی کے کئی یادگار لمحات شیئر کئے، اس کے علاوہ اپنی شادی اور کیریئر کے حوالے سے بھی بات کی۔

نامور ڈیزائنر نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ  میرا بچپن امریکی شہر نیو یارک میں گزرا، بعدازاں جب ہم لندن میں تھے تو میں اپنی والدہ کے کندھوں پر بیٹھ کر برطانوی شہزادی ڈیانا کی شادی میں شرکت کیلئے گیا تھا، وہ منظر مجھے آج تک یاد ہے‘۔

ڈیزائنر نے بتایا کہ ’میں اس وقت کافی چھوٹا تھا ، ہجوم کے درمیان سفید رنگ کے جوڑے میں شہزادی ڈیانا خوبصورت دکھائی دے رہی تھیں جسے دیکھ کر لوگ تعریفیں کر رہے تھے، شادی سے واپس گھر آ کر میں نے شہزادی ڈیانا جیسا جوڑا ٹشو پیپر کی مدد سے بنانا شروع کر دیا اور وہ میں نے اپنی بہن کی گڑیا کو پہنایا ۔

ایچ ایس وائی نے انکشاف کیا کہ  میں نے نیو یارک سے تعلیم حاصل کی اور 12 سال کی عمر میں پیسے کمانا بھی نیو یارک سے شروع کیا جہاں میں سڑک پر فرنچ فرائز فروخت کرتا اور لائبریری میں کام کرتا تھا  ۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ  اگر کبھی کوئی مجھے گن پوائنٹ پر شادی کرنے کا کہے گا تو میں مہوش حیات سے کروں گا کیونکہ کسی بھی رشتے میں دوستی بہت اہمیت رکھتی ہے ۔

ساتھ ہی ایچ ایس وائی نے یہ بھی کہا کہ  میں واضح کر دوں کہ ہمارے دل میں ایک دوسرے کیلئے جذبات نہیں ہیں لیکن ہم دونوں کی دوستی بہت مضبوط اور بہترین ہے ۔