All posts by Khabrain News

شیخ رشید کیخلاف پولیس اہلکار کی وردی پھاڑنےکے کیس میں مری پولیس سے ریکارڈ طلب

راولپنڈی: (ویب ڈیسک) لاہور ہائی کورٹ نے سابق وزیر داخلہ شیخ رشیدکےخلاف پولیس سے مزاحمت اور اہلکار کی وردی پھاڑنےکےکیس میں مری پولیس سے 2 ہفتوں میں ریکارڈ طلب کرلیا۔
تھانہ مری میں سابق وزیر داخلہ شیخ رشید کے خلاف درج مقدمے کے خلاف دائر درخواست پر سماعت لاہور ہائی کورٹ کے پنڈی بینچ میں ہوئی، شیخ رشید کی جانب سے ایڈووکیٹ سردار رازق خان اور یاسر شریف عدالت میں پیش ہوئے۔سرکاری وکیل کی جانب سے شیخ رشید کے خلاف مقدمےکے اخراج کی مخالفت کی گئی جس پر عدالت نے سوال کیا کہ آپ نے ابھی تک شیخ رشید کو گرفتار کیوں نہیں کیا؟
سرکاری وکیل نے جواب دیا کہ ملزم پہلے ہی ایک مقدمہ میں گرفتار ہے، شیخ رشید پر پولیس سے مزاحمت اور اہلکار کی وردی پھاڑنےکا مقدمہ ہے۔
عدالت نےکہا کہ شیخ رشیدگرفتار ہیں تو عدالت کو مقدمےکا ریکارڈ فراہم کریں۔
عدالت نے آئی جی پنجاب، آئی جی اسلام آباد اور آرپی او راولپنڈی کو نوٹس جاری کردیے اور ایس ایچ او مری اور مقدمےکے تفتیشی افسرکو دو ہفتوں میں ریکارڈ سمیت طلب کرلیا۔
عدالت کا کہنا تھا کہ مقدمےکا ریکارڈ طلب کیا ہے اس کے بعد فیصلہ کیا جائےگا۔
خیال رہےکہ شیخ رشید نے تھانہ مری میں درج مقدمےکے اخراج کی درخواست دائر کر رکھی ہے۔

کراچی کے علاقے کورنگی سے کالعدم داعش کا اہم کمانڈر گرفتار

کراچی : (ویب ڈیسک) کراچی سے کالعدم تنظیم داعش کے اہم کمانڈر کو گرفتار کرلیا گیا۔
ترجمان کاؤنٹر ٹیررازم ڈپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) کے مطابق کراچی کے علاقے کورنگی انڈسٹریل ایریا میں کارروائی کی گئی جس میں کالعدم تنظیم داعش کے اہم کمانڈر کو گرفتار کرلیا گیا۔
ترجمان نے بتایا کہ کالعدم داعش کا اہم کمانڈر عبدالمالک سے اسلحہ بھی برآمد کیا گیا ہے۔

انٹربینک میں ڈالر سستا ہوگیا

لاہور: (ویب ڈیسک) انٹربینک میں ڈالر کی قدر میں کمی دیکھنے میں آرہی ہے۔
گزشتہ روز انٹربینک میں کاروبار کے دوران ڈالر کی قدر میں اتار چڑھاؤ کا سلسلہ جاری رہا اور کاروبار کے اختتام پر ڈالر کی قدر 98 پیسے مہنگا ہو کر 276.28 روپے رہی۔
آج بدھ کے روز کاروبار کے آغاز پر انٹربینک میں ڈالر ایک روپیہ 28 پیسے سستا ہوکر 275 روپےکا ہوگیا۔

کے پی اسمبلی کے انتخابات کے دوران دہشتگردی کا خدشہ رد نہیں کیا جاسکتا: آئی جی

پختونخوا : (ویب ڈیسک) آئی جی خیبر پختونخوا معظم جاہ انصاری کا کہنا ہے کہ خیبر پختون خوا اسمبلی کے انتخابات کے دوران دہشت گردی کا خدشہ رد نہیں کیا جاسکتا۔
چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی زیر صدارت اجلاس میں آئی جی کے پی نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں انتخابات کے لیے 57 ہزار اہل کاروں کی کمی کا سامنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان سے پولیس لینے پر بھی کمی پوری نہیں ہوسکتی، فوج اور ایف سی کی مدد درکار ہوگی۔
اس موقع پر چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ پاک فوج اور ایف سی کی تعیناتی کے لیے وزارتِ داخلہ اور وزارتِ دفاع سے رابطے میں ہیں تاکہ پرامن انتخابات کے انعقاد کو ممکن بنایا جاسکے۔
چیف سیکرٹری کے پی نے کہا کہ الیکشن کمیشن کی ہدایت پر عمل درآمد یقینی بنایا جائے گا تاکہ انتخابات سے قبل تمام اضلاع میں غیر جانب دار افسران تعینات ہوں۔

9 فروری سے قبل آئی ایم ایف سے اسٹاف لیول معاہدہ ہو جائیگا

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) 9 ویں زیر التواء جائزے کے اختتام کے حوالے سے 48؍ گھنٹے قبل، آئی ایم ایف نے فنانشل اور اکنامک پالیسیوں کے حوالے سے یادداشت (ایم ای ایف پی) پاکستانی حکام کو فراہم نہیں کی۔
یہ وہ دستاویز ہے جس کی بنیاد پر اسٹاف لیول معاہدہ ہوگا۔ منگل کی رات تک، آئی ایم ایف نے پاکستانی مذاکرات کاروں کو ایم ای ایف پی فراہم نہیں کی۔تاہم، وزارت خزانہ کے اعلیٰ عہدیداروں کو امید ہے کہ آئی ایم ایف کے ساتھ 9 فروری کی ڈیڈلائن سے قبل اسٹاف لیول معاہدہ ہو جائے گا۔
اگر ایسا نہ ہوا تو جائزہ مذاکرات میں توسیع کے امکان کو خارج از امکان قرار نہیں دیا جاسکتا۔ آئی ایم ایف واقعتاً بیرون ممالک سے آنے والی رقم کے حوالے سے پریشان ہے اور فی الحال ادارے کو دوست ممالک جیسا کہ سعودی عرب، چین سے تصدیق درکار ہے تاکہ پاکستان میں ڈالر کی آمد کا سلسلہ جاری رہے جس سے غیر ملکی زر مبادلہ اطمینان بخش سطح پر رہ سکے۔
اس وقت اسٹیٹ بینک میں صرف تین ارب ڈالرز موجود ہیں جو ہفتہ وار اور ماہانہ بنیادوں پر کم ہوتے جارہے ہیں۔ امکان ہے کہ غیر ملکی زر مبادلہ کے ذخائر 6؍ ارب ڈالر سے زیادہ نہیں بڑھیں گے یا زیادہ سے زیادہ 8؍ ارب ڈالرز تک جائیں گے۔ یہ دیکھنا باقی ہے کہ آئی ایم ایف والے ایم ای ایف پی دستاویز میں کتنی رقم شامل کرتے ہیں۔

پاک فضائیہ کا دوسرا طیارہ امدادی سامان لے کر ترکیہ روانہ

لاہور : (ویب ڈیسک) پاک فضائیہ کا دوسرا سی ون تھرٹی طیارہ امدادی سامان لے کر ترکیہ روانہ ہو گیا، طیارہ لاہور سے خیمے، کمبل اور دیگر اشیا لے کر ترکیہ کے لیے روانہ ہوا ہے، سی ون تھرٹی ساڑھے 18 ہزار پاؤنڈز امدادی سامان لے کر جا رہا ہے۔
ترجمان پاک فضائیہ کے مطابق پاک فضائیہ کا سی-130 ہرکولیس طیارہ پاکستان کے عوام کی طرف سے زلزلہ سے متاثرہ ترک بھائیوں کے لیے 18634 پاؤنڈز امدادی سامان لے کر جا رہا ہے۔
جبکہ پاک فضائیہ پھنسے ہوئے پاکستانی طلباء کو وزارت خارجہ اور ترکیہ میں پاکستانی سفارتخانے کے تعاون سے وطن واپس لانے کی بھی ہر ممکن کوشش کر رہے ہیں۔

ترکیہ اورشام میں زلزلے سے اموات کی تعداد7ہزار800 سے تجاوزکرگئی

ترکیہ، شام : (ویب ڈیسک) ترکیہ اورشام میں زلزلےسے اموات کی تعداد 8000 کے قریب جا پہنچی۔
ترکیہ اور شام میں زلزلے نے تباہی مچادی۔ اموات کی تعداد 7 ہزار 800 سے بھی تجاوز کر گئی۔شام میں ہلاک ہونےوالوں کی تعدادایک ہزار 900سے زائد ہوگئی ہے۔
ترکیہ میں ہلاک ہونےوالوں کی تعداد5ہزار800سےزائدہوگئی ہے۔ترکیہ میں زلزلے سے31ہزار777افرادزخمی ہوئے۔ ترک حکام کے مطابق زلزلےسےمتاثرہ علاقوں میں 5ہزار 775عمارتیں تباہ ہوئیں۔
ترک ہلال احمر کے مطابق زلزلےسےمتاثرہ علاقوں میں 10ہزارخیمےلگادیےگئے ہیں۔
دوسری جانب پاکستانی ریسکیوٹیم نے ترکیہ میں آپریشن شروع کردیا ہے ۔ ترجمان کے مطابق پہلا آپریشن سیکٹر آدیامن میں قائم کردیا گیا ہے۔اربن سرچ اینڈ ریسکیو کے ٹیم کمانڈر رضوان نصیر ہیں۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ 51رکنی اربن سرچ اینڈ ریسکیو ٹیم انٹرنیشنل ریسپانس کا حصہ ہیں۔ریسکیو ٹیم کے ارکان اربن سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن کے ا سپشلائزڈ ہیں۔اربن سرچ اینڈ ریسکیو ٹیم یونائیٹڈ نیشن انسراگ سے سرٹیفائیڈ ہے۔مشکل کی اس گھڑی میں پاکستان ریسکیو، ترک بھائیوں کیساتھ ہے

پی ٹی آئی اراکین کے استعفے منظور کرنے کا حکم معطل

لاہور : (ویب ڈیسک) لاہور ہائیکورٹ نے پی ٹی آئی کے 43 اراکین کے استعفے منظور کرنے کا اسپیکر کا حکم معطل کردیا ہے۔
لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شاہد کریم نے پی ٹی آئی ایم این ایز کی درخواستوں کی سماعت کی، جس کے بعد عدالت نے الیکشن کمیشن سمیت دیگر فریقین کو نوٹسز جاری کردیے ہیں۔
ریاض فتیانہ سمیت سابق 43 ارکان قومی اسمبلی کی طرف سے بیرسٹر علی ظفر پیش ہوئے، پی ٹی آئی کے وکیل بیرسٹر علی ظفر نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ استعفے منظور کرنے کے لیے قانونی تقاضے پورے نہیں کیے گئے۔
جسٹس شاہد کریم نے بیرسٹر علی ظفر سے استفسار کیا کہ بتائیں کن قانونی تقاضوں کو پورا نہیں کیا گیا؟ بیرسٹرعلی ظفر نے کہا کہ اسپیکر نے استعفے منظور کرنے سے قبل آئین کے تحت انکوائری نہیں کی۔
پی ٹی آئی وکیل نے کہا کہ ارکان اسمبلی استعفے منظور کرانے کے لیے اسپیکر کے پاس پیش نہیں ہوئے، ارکان کو سنے بغیر اسپیکر استعفے منظور نہیں کر سکتے۔
واضح رہے کہ گزشتہ ماہ الیکشن کمیشن آف پاکستان نے پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کے 43 ارکانِ قومی اسمبلی کو ڈی نوٹیفائی کر دیا تھا۔

دراز نے بھی اپنے ملازمین کی چھانٹی کر دی

لاہور : (ویب ڈیسک) ای کامرس پلیٹ فارم دراز نے بھی اپنے ملازمین کی تعداد کم کرتے ہوئے چھانٹی کر دی۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق علی بابا گروپ کے ذیلی ادارے دراز گروپ نے اپنے ملازمین کی تعداد کم کرتے ہوئے 11 فیصد کو فارغ کر دیا۔
دراز گروپ کے سی ای او بجارک مکلسن نے کہا کہ مارکیٹ کے مشکل ماحول، یورپ میں جنگ، سپلائی چین میں حائل رکاوٹوں، بڑھتی مہنگائی اور بڑھتے ٹیکس کی وجہ سے ملازمین میں کمی کرنے کا فیصلہ کیا۔
انہوں نے کمپنی کی ویب سائٹ پر جاری کردہ خط کے ذریعے ملازمین کو فارغ کرنے کا اعلان کیا۔
واضح رہے کہ ای کامرس پلیٹ فارم دراز گروپ پاکستان، بنگلہ دیش، سری لنکا اور نیپال میں کام کرتا ہے۔

ٹک ٹاک ایپ میں متعدد تبدیلیاں لانے کا اعلان

بیجنگ: (ویب ڈیسک) ٹک ٹاک نے اپنی ایپ میں متعدد تبدیلیاں لانے کا اعلان کر دیا۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق ٹک ٹاک نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم میں متعدد تبدیلیاں لانے کا اعلان کر دیا۔ جس کا مقصد سوشل میڈیا پلیٹ فارم کو صارفین کے لیے محفوظ اور تفریح کا ذریعہ بنانا ہے۔
ٹک ٹاک نے اصول و ضوابط کی خلاف ورزی کرنے والے صارفین کے خلاف اقدامات اٹھانے کا فیصلہ کیا ہے جس کے مطابق قواعد کی بار بار خلاف ورزی کرنے والے صارفین کو اسٹرائیک بھیجی جائیں گی۔
کمپنی کے مطابق ٹک ٹاک نے یوٹیوب کی طرح کے اسٹرائیک سسٹم کو لاگو کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس کے بعد اب کسی صارف کی ویڈیو رپورٹ ہونے اور خلاف ورزی ثابت ہونے پر ایک اسٹرائیک کا اطلاق ہو گا اور مواد ڈیلیٹ کر دیا جائے گا۔
اگر صارف کی طرف سے بار بار غلطیاں کی گئیں تو مذکورہ صارف کا اکاؤنٹ مستقل طور پر ڈیلیٹ کر دیا جائے گا۔ ٹک ٹاک نے فار یو نامی الگورتھم فیڈ کے لیے بھی چند نئے فیچرز متعارف کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔