All posts by Khabrain News

زلزلہ متاثرہ علاقوں میں 3 ماہ کیلئے ایمرجنسی نافذ کر دی گئی

انقرہ: (ویب ڈیسک) ترکیہ کے صدر طیب اردوان نے زلزلہ متاثرہ علاقوں میں 3 ماہ کیلئے ایمرجنسی نافذ کر دی۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق ترک صدر طیب اردوان نے اپنے بیان میں کہا کہ ملک میں ہولناک زلزلے کے باعث ہونے والے نقصانات سے امدادی کاموں میں دشواری کا سامنا ہے اور جنوبی ترکیہ میں زلزلے کا شکار 10 شہروں کا آفت زدہ قرار دیا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ زلزلہ متاثرہ علاقوں میں 3 ماہ کے لیے ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے اور امدادی کاموں کے لیے 5 ارب ڈالرز مختص کر دیئے گئے ہیں۔
طیب اردوان نے کہا کہ ملک اس وقت دنیا کے سب سے بڑے سانحہ سے گزر رہا ہے جبکہ دنیا کے بیشتر ممالک نے امداد اور امدادی سرگرمیوں میں تعاون کی پیشکش بھی کر دی ہے۔
انہوں نے کہا کہ زلزلے سے بے گھر ہونے والے افراد کے لیے 45 ہزار پناہ گاہیں جنگی بنیادوں پر تعمیر کی جائیں گی تاہم متاثرہ افراد کو اناطولیہ کے ہوٹلوں میں عارضی طور رکھنے پرغور ہو رہا ہے۔
واضح رہے کہ ترکیہ اور شام میں دو روز قبل آنے والے زلزلے سے ساڑھے 7 ہزار سے زائد افراد جاں بحق ہو چکے ہیں اور کئی عمارتیں زمین بوس ہو گئیں۔

پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس آج سہ پہر 3 بجے ہوگا

اسلام آباد:(ویب ڈیسک) پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس آج سہ پہر 3 بجے ہوگا جس کیلئے 7 نکاتی ایجنڈا جاری کردیا گیا۔ وزیراعظم شہباز شریف پارلیمنٹ کےمشترکہ اجلاس میں شرکت اور خطاب کریں گے جب کہ اجلاس میں کشمیریوں پر بھارتی مظالم کی مذمت میں قرارداد پیش کی جائے گی۔ ایجنڈے کے مطابق اجلاس میں والدین کے تحفظ کا بل2022 قانون سازی کیلئے پیش کیا جائے گا اور اسلام آباد میں مقامی حکومت ایکٹ میں ترمیم کی منظوری دی جائے گی۔ دوران اجلاس سی پیک، بڑھتی آبادی، موسمیاتی تبدیلی اور خارجہ پالیسی پر بحث کی قرارداد بھی پیش کی جائے گی۔

ترکیہ زلزلہ: کئی گھنٹے ملبے تلے پھنسے رہنے کے بعد 28 سالہ گول کیپر انتقال کرگئے

ترکیہ: (ویب ڈیسک) ترکیہ میں پیر کے روز آنے والے زلزلے میں فٹبال ٹیم کے 28 سالہ گول کیپر Ahmet Eyup Turkaslan ملبے تلے دب کر جاں بحق ہوگئے۔
Ahmet Eyup کے انتقال کی تصدیق فٹبالر کے کلب نے ٹوئٹر پر کی جس میں انہوں نے بتایا کہ ہم احمد کے انتقال پر افسردہ ہیں، زلزلے میں وہ ملبے تلے دب کر جاں بحق ہوگئے۔
ٹوئٹ میں فٹبال کلب نے یہ بھی لکھا کہ احمد ایک خوبصورت انسان تھے جنہیں بھلایا نہیں جا سکے گا۔
28 سالہ ترکسلان نے سیکنڈ ڈویژن کلب ینی ملاتیا اسپور میں 2021 میں شمولیت اختیار کی تھی جس کے بعد انہوں نے اس کلب سے چھ بار کھیلا۔اس سے قبل خبر سامنے آئی تھی کہ Eyup Turkaslan بھی ان افراد میں شامل ہیں جو زلزلے کے نتیجے میں مبینہ طور پر ملبے تلے پھنس گئے ہیں تاہم اب ان کے جاں بحق ہونے کی تصدیق ہوگئی ہے۔
واضح رہے کہ کئی فٹبال کھلاڑیوں کو ملبے کے نیچے سے ریسکیو بھی کرلیا گیا۔
خیال رہے کہ مردوں کی والی بال ٹیم اور لڑکیوں کی انڈر 14 والی بال ٹیم کے کھلاڑی بھی زلزلے سے متاثر ہوئے ہیں،کچھ کھلاڑیوں کو زندہ ملبے سے نکالا گیا ہے جبکہ دیگر کی تلاش جاری ہے۔

چین کسی غلطی سے باز رہے، امریکی خود مختاری خطرے میں ڈالی تو جواب دیں گے، جو بائیڈن

امریکہ: (ویب ڈیسک) امریکی صدر جو بائیڈن کا کہنا ہے کہ چین کسی غلطی سے باز رہے، چین نےامریکی خود مختاری خطرے میں ڈالی تو جواب دیں گے اور گزشتہ ہفتے ہم نے یہ کردکھایا۔ جو بائیڈن کا اسٹیٹ آف دی یونین خطاب میں کہنا تھا کہ ہم امریکی مصنوعات ایکسپورٹ کر رہےہیں،کورونا کی وجہ سے مہنگائی کا مسئلہ عالمی ہے، ہم نے 40 سال میں سب سے زیادہ نوکری کے مواقع پیدا کیے۔ امریکی صدر نے کہا کہ روس یوکرین جنگ کی وجہ سے توانائی اور خوراک کے مسائل پیدا ہوئے، ہم دنیا کے کسی بھی ملک سے بہتر پوزیشن میں ہیں، ہمیں ابھی بہت کچھ کرناہے، امریکا میں مہنگائی میں کمی آ رہی ہے۔ جو بائیڈن کا کہنا تھا کہ امریکا میں گیس کی قیمتوں میں 1.50 ڈالرفی گیلن کمی ہوئی جبکہ کھانے پینے کی اشیا کی قیمت میں بھی کمی ہو رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ امریکا میں گزشتہ چھ ماہ سے مہنگائی میں کمی اور لوگوں کی آمدنی میں بھی اضافہ ہوا ہے، میرے اقتدار میں آنے سے پہلے شور تھا کہ چین کی قوت بڑھ رہی ہے،امریکا کمزور ہو رہا ہے،اب امریکا دنیا میں نیچے نہیں جا رہا۔ بائیڈن نے کہا کہ میں نے صدر شی پر واضح کر دیا ہے کہ ہم مقابلہ چاہتے ہیں ،تنازع نہیں، صنعتی عمل میں تخلیقی کاموں کیلئے سرمایہ کاری مستقبل کی ضمانت ہے، چین صنعتی عمل میں تخلیقی کاموں میں غالب آنا چاہتا ہے۔ امریکی صدرنے مزیدکہا کہ عالمی سطح پر مضبوط معیشیت پر بر قرار رہنےکیلئے ہمیں بہترین انفرا اسٹرکچر کی بھی ضرورت ہے، امریکا انفرا اسٹرکچر میں نمبر ون پر ہوا کرتا تھا لیکن پھر 13ویں نمبر پر آگیا تاہم اب ہم نے 20 ہزار منصوبوں کیلئے فنڈز جاری کیے ہیں۔ جو بائیڈن کا کہنا تھا کہ ان منصوبوں میں ہائی ویز ، پلوں، پٹریوں ، سرنگوں، سمندری اور ہوائی اڈوں کی تعمیرنو شامل ہیں جبکہ صاف پانی اور تیز ترین انٹرنیٹ کے منصوبوں کیلئے بھی فنڈز جاری کیے ہیں، فنڈز کی منظوری کیلئےحمایت پر ریپبلکن دوستوں کا بھی شکر گزار ہوں۔ امریکی صدر نے کہا کہ فنڈز کی منظوری کے مخالفت میں ووٹ کرنے والے ریپبلکن پریشان نہ ہوں،منصوبوں کیلئے فنڈز کا مطالبہ کر سکتے ہیں۔

لکی مروت میں سکیورٹی فورسز اور پولیس کا آپریشن،کالعدم ٹی ٹی پی کے 12 دہشتگرد ہلاک

پشاور:(ویب ڈیسک) لکی مروت میں سکیورٹی فورسز اور پولیس نے دہشت گردوں کے خلاف آپریشن کیا جس میں 12 دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان ٹانک کی طرف دہشت گرد کارروائی کے لیے جا رہے تھے، دہشت گردوں کی فائرنگ سے پولیس اہلکار محفوظ رہے۔ پولیس کے مطابق ہلاک دہشگردوں نے دسمبر 2022 میں 6 پولیس اہلکاروں کو شہید کیا تھا، ہلاک دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ہلاک دہشت گردوں کا تعلق کالعدم ٹی ٹی پی سے تھا۔

عادت کے بعد ’کہانی سُنو‘ پچھلے 20 سالوں میں سب سے مشہور گانا ہے، گوہر ممتاز

کراچی:(ویب ڈیسک) گلوکار و اداکار گوہر ممتاز کا کہنا ہے کہ ان کے بینڈ کے گانے ’عادت‘ کے بعد ’کہانی سنو‘ 20 سالوں بعد سب سے مشہور گانا ثابت ہوا ہے۔ دی جل بینڈ کا مشہورِ زمانہ گانا ’عادت‘ عاطف اسلم نے گایا تھا جبکہ اس گانے کے کمپوزر گوہر ممتاز ہیں یہ وہ گانا تھا جس نے اس بینڈ اور عاطف اسلم کو شہرت کی بلندیوں تک پہنچایا۔ عادت 20 برس پہلے ریلیز ہوا تھا تاہم اس کی مقبولیت آج بھی پہلے جتنی ہی ہے اور مداح اسے آج بھی بےحد پسند کرتے ہیں۔ تاہم ان دنوں کوک اسٹوڈیو کے گانا کنا یاری سے مشہور لیاری سے تعلق رکھنے والے گلوکار کیفی خلیل کا گانا ’ کہانی سُنو‘ ٹاپ ٹرینڈ بنا ہوا ہے اور اسے خوب پذیرائی مل رہی ہے۔ عادت کے کمپوزر اور گلوکار گوہر ممتاز نے بھی کیفی کے گانے کو سراہتے ہوئے اس بات کا اعتراف کیا ہے کہ اگر پچھلے 20 سالوں میں ’عادت‘ کے بعد کوئی گانا بےحد مشہور ہوا ہے تو وہ ’کہانی سنو‘ ہے۔ گوہر ممتاز کا کہنا تھا کہ انہیں خود بھی کیفی کا یہ گانا بےحد پسند ہے اور کیفی نے بہترین شاعری اور سُروں کا انتخاب کیا ہے۔ کیفی نے کہانی سنو خود لکھا اور گا یا ہے جبکہ اس گانے کو انہو ں صرف 8ماہ قبل اپنے یوٹیوب چینل پر ریلیز کیا تھا جس کو اب تک 80 ملین ویوز حاصل ہو چکے ہیں۔

وزیراعظم شہباز شریف کا دورہ ترکیہ ملتوی

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیر اعظم میاں شہباز شریف نے ترکیہ کا دورہ ملتوی کردیا ہے۔
ذرائع کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف کو کل ترکیہ کے لیے روانہ ہونا تھا لیکن اب دورہ ملتوی کردیا گیا ہے، ترکیہ کے دورے کی آئندہ کی تاریخ کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ ترکیہ میں آنے والے تباہ کن زلزلے کے بعد وزیراعظم شہباز شریف نے ترکیہ جانے کا اعلان کیا تھا۔

ملک میں پیٹرول موجود ہے، 15 فروری سے قبل قیمت بڑھنے کا امکان نہیں: مصدق ملک

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) پنجاب کے مختلف شہروں میں پیٹرول پمپ مالکان کی جانب سے پیٹرول پمپس بند کرنے کی خبریں سامنے آنے کے بد وزیر مملکت برائے پیٹرولیم مصدق ملک کا ردعمل سامنے آیا ہے۔
مصدق ملک کا کہنا ہے کہ ملک میں 20 دن سے زیادہ کا پیٹرول موجود ہے، لوگ پیٹرول ذخیرہ اندوزی کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، 15 فروری سے پہلے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا کوئی امکان نہیں۔
انہوں نے کہا کہ جاننا چاہوں گا کہ پیٹرول پمپس پر مسائل کہاں آرہے ہیں؟ آئل مارکیٹنگ کمپنیوں سے آج صبح میٹنگ ہوئی ، ملک میں 20 روز کا پیٹرول اور 25 دن کا ڈیزل موجود ہے ، کوئی پیٹرول پمپ والے محدود پیٹرول فراہم کررہے ہیں تو نشاندہی ہونی چاہیے، آئی ایم ایف کے ابھی کے مذاکرات کا پیٹرول کی قیمت سے تعلق نہیں، ملک میں پیٹرول کی کوئی کمی نہیں۔
انہوں نے کہا کہ پچھلی بار ایک دن پہلے پیٹرول کی قیمت کا اعلان اس لیے کیا کہ قلت نہ ہو، اگر کوئی پیٹرولیم مصنوعات کی ذخیرہ اندوزی کرے گا تو کارروائی ہوگی، اگر کوئی دس پندرہ لاکھ کے منافع کیلئے اپنا لائسنس اور کاروبار بند کرنے کیلئے تیار ہے توٹھیک ہے ہم بھی ان کا کاروبار بند کرنے کیلئے تیار ہیں، پیٹرول کی قیمتوں میں 8 دس دن میں کوئی اضافہ نہیں ہورہا۔
دوسری جانب پیٹرولیم انڈسٹری کے ذرائع کا کہنا ہے کہ پی ایس او کیلئے 6 کروڑ 80 لاکھ لیٹر پیٹرول کی درآمد کی ایل سی کھول دی گئی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ بحری جہاز پیٹرول لے کر تیرہ سے پندرہ فروری تک بندرگاہ پہنچے گا۔
خیال رہے کہ پنجاب کےمختلف شہروں میں پیٹرول کی مبینہ قلت دیکھنے میں آرہی ہے اور بیشتر پیٹرول پمپس بند ہیں۔
اطلاعات کے مطابق فیصل آباد، گوجرانوالہ، سرگودھا میں بیشتر پیٹرول پمپس بند ہیں۔ اکثر پیٹرول پمپس پر پیٹرولیم مصنوعات کی فروخت بند ہے جبکہ چند کھلے پیٹرول پمپس پر گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگی ہوئی ہیں۔
شکر گڑھ،خوشاب،گوجرہ، منڈی بہاء الدین میں بھی چند پیٹرول پمپس کھلے ہیں۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ جو پیٹرول پمپس کھلے ہیں وہ موٹر سائیکل والوں کو 200 روپے کا پیٹرول فراہم کر رہے ہیں، گاڑی والوں کو 500 روپے کا پیٹرول دیا جا رہا ہے۔
پیٹرول پمپ مالکان کا کہنا ہے کہ پیٹرولیم ڈیلرز کی طرف سے پیٹرولیم مصنوعات کی ترسیل کم ہو رہی ہے۔

سعودی فرمانروا شاہ سلمان کا پرویز مشرف کی وفات پر تعزیت کا اظہار

ریاض: (ویب ڈیسک) سعودی فرمانروا شاہ سلمان نے سابق صدرپرویزمشرف کی وفات پر تعزیت کا اظہار کیا ہے۔
اپنے پیغام میں شاہ سلمان کا کہنا تھاکہ پاکستانی عوام اور مرحوم کے اہلخانہ سے دلی تعزیت کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کواپنی رحمت اور مغفرت کی کثرت سے نوازے۔
سعودی ولی عہد و وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان نے بھی پرویزمشرف کے انتقال پر اظہارتعزیت کیا۔
خیال رہے کہ 5 فروری کو سابق صدر جنرل (ر) پرویزمشرف دبئی میں انتقال کرگئے تھے، انہیں آج کراچی میں فوجی اعزاز کے ساتھ سپردخاک کیا گیا۔

عالمی بینک کی ترقیاتی منصوبوں کیلئے پاکستان کو مکمل تعاون کی یقین دہانی

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) عالمی بینک نے مشکل معاشی صورتحال سے نمٹنے کے لیے حکومت پاکستان کی کوششوں کو سراہتے ہوئے پاکستان میں ورلڈ بینک کے فنڈ سے چلنے والے ترقیاتی منصوبوں کے لیے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے۔
وزارت خزانہ کے مطابق عالمی بینک کے ریجنل ڈائریکٹر میتھیو ورگیس نے گزشتہ روز وزیر خزانہ اسحاق ڈار سے ملاقات کی جس میں میکرو اکنامک فریم ورک اور مستقبل کے ترقیاتی روڈ میپ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
میتھیو ورگیس نے چیلنجنگ معاشی صورتحال سے نمٹنے کے لیے حکومت پاکستان کی کوششوں کو سراہا اور معاشی استحکام کے لیے عالمی بینک کی مکمل حمایت کی پیشکش کی۔
اسحاق ڈار نے سیلاب سے بحالی کی کوششوں میں عالمی بینک کے تعاون کو سراہا اور پاکستان میں عالمی بینک کے فنڈ سے چلنے والے ترقیاتی منصوبوں کے لیے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔