All posts by Khabrain News

سائفرتحقیقات، چیئرمین پی ٹی آئی سے 17 جولائی کو جواب طلب

 سائفر تحقیقات روکنے کی درخواست میں وفاقی حکومت نے متفرق درخواست دائر کردی ہے ، وفاقی حکومت نے لاہور ہائیکورٹ سےتحقیقات روکنے سے متعلق حکم امتناع خارج کرنے کی استدعا کردی ۔

لاہور ہائیکورٹ نے چیئرمین پی ٹی آئی کو نوٹس جاری کرکے 17 جولائی کو جواب طلب کرلیا۔

حکومت کی جانب سے درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ ایف آئی اے نے چیئرمین پی ٹی آئی کو 30 نومبر کو طلبی کا نوٹس دیا ، عدالت نے وفاقی حکومت کو نوٹس دیئے اور سنے بغیریکطرفہ ایف آئی اے نوٹس پر عملدرآمد معطل کیا ، عدالت کے فیصلے سے ایف آئی اے تفتیش رک گئی.

 

وفاقی حکومت کے وکیل نے استدعا کی ہے کہ لاہور ہائیکورٹ 6 دسمبر 2022 کو جاری کیا گیا حکم امتناع واپس لے۔

توہین قرآن واقعہ، افغان حکومت نے افغانستان میں سویڈن کی تمام سرگرمیاں معطل کر دیں

سویڈن میں توہین قرآن کے واقعہ کے خلاف افغان حکومت نے سویڈن کی افغانستان میں تمام سرگرمیاں معطل کر دی ہیں۔

ذبیح اللہ مجاہد نے اعلامیہ جاری کیا ہے جس میں کہا گیا کہ توہین قرآن اور مسلمانوں کے عقائد کی توہین کرنے پر سرکاری سطح پر معافی مانگنے تک سویڈن کی تمام سرگرمیاں افغانستان میں معطل رہیں گی۔

 

اس اعلامیہ کے مطابق افغانستان میں تمام سرکاری ادارے ان احکامات پر عملدرآمد کے پابند ہیں۔اعلامیے میں اس واقعہ پر دیگر ممالک سے بھی مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ سویڈن کی اس مذموم حرکت کے خلاف اپنے تعلقات پراز سر نوغور کریں۔

واضح رہے کہ سویڈن کے دارالحکومت اسٹاک ہوم میں مسجد کے باہر عیدقربان کے دن قرآن پاک کی بے حرمتی کا واقعہ پیش آیا تھا۔

توہین الیکشن کمیشن کیس ، چیئرمین پی ٹی آئی ، اسد عمر اور فواد چودھری کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری

الیکشن کمیشن  نے توہین الیکشن کمیشن کیس میں چیئرمین پی ٹی آئی ، اسد عمر اور فواد چودھری کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دیئے ہیں ۔

ممبر الیکشن کمیشن نثار درانی کی سربراہی میں چار رکنی کمیشن نے کیس کی سماعت کی ، چیئرمین پی ٹی آئی اور اسد عمر کے وکلاء الیکشن کمیشن میں پیش نہیں ہوئے۔ معاون وکیل عمائمہ منصور نے کہا کہ اسد عمر کے کیسز ہیں اور ڈاکٹر کے پاس ٹائم لیا ہے،انہیں حاضری سے استثنیٰ دیا جائے۔

ممبر کمیشن نے معاون وکیل کو درخواست جمع کرانے کی ہدایت کی جس پر اسد عمر کی معاون وکیل نے حاضری سے استثنیٰ کی درخواست جمع کرا دی۔ سماعت کے دوران فواد چوہدری اور ان کے وکیل بھی پیش نہیں ہوئے۔

ممبر کمیشن اکرام اللہ خان نے کہا کہ توہین عدالت کے کیس میں حاضری لازمی ہوتی ہے، بعدازاں الیکشن کمیشن نے چیئرمین پی ٹی آئی اور فواد چودھری کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دیئےاور کیس کی سماعت 25 جولائی تک ملتوی کر دی۔

کم عمر کے افراد عمرے کے لیے تنہا سعودی عرب آسکتے ہیں،سعودی وزارت حج و عمرہ

سعودی اخبارکی رپورٹ کے مطابق وزارت حج و عمرہ کی جانب سے جاری بیان میں تمام عمرہ کمپنیوں اوراداروں سے کہا گیا کہ نئے عمرہ سیزن کے دوران بیرون مملکت سے آنے والے زائرین کے حوالے سے مقرر کردہ قواعد و ضوابط کی پابندی جاری رکھنا ضروری ہے۔

وزارت نے کہا کہ بیرون مملکت سے آنے والے عمرہ زائر کی عمر18 سال سے کم نہیں ہونی چاہیے،تمام عمرہ کمپنیاں اورادارے بیرون ممالک سے آنے والے زائرین کے لیے عمرہ پیکیج کے دائرہ کارکے اندرمطلوبہ سہولیات فراہم کریں، عمرہ ویزے کے اجرا کے لیے اندرون مملکت ٹرانسپورٹ، انشورنس اور بنیادی خدمات کی بکنگ لازمی قراردی گئی ہے۔

وزارت کی جانب سے معلوم ہوا ہے کہ عمرہ پیکیج کا دورانیہ اندرون مملکت عمرہ زائرین کے قیام کی حقیقی مدت کے مطابق ہونا چاہیے،عمرہ ویزہ پرمملکت میں داخل ہونے کی تاریخ سے 90 روز تک قیام کیا جا سکتا ہے، عمرہ سیزن کے اختتام کے حوالے سے انتہائی حد 29 ذی قعدہ 1445ھ مقرر کی گئی ہے۔

سعودی وزارت حج و عمرہ نے عمرہ کے لیے الیکٹرانک ویزے کا اجرا شروع کردیا ہے، اس کا مقصد زیادہ سے زیادہ مسلمانوں کومملکت میں عمرہ کی ادائیگی کے لیے آنے کے قابل بنانے اوران کے لیے اس کے طریقہ کار کو آسان بنانا ہے۔

سعودی عرب نے اسٹیٹ بینک میں 2 ارب ڈالر منتقل کر دیئے ،اسحق ڈار

وزیر خزانہ اسحق ڈار نے کہا ہے کہ سعودی عرب نے اسٹیٹ بینک میں 2 ارب ڈالر منتقل  کردیئے ہیں ۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر خزانہ نے کہا کہ پاکستان کی معیشت پہلے سے بہترہے ، مستقبل میں پاکستان کے معاشی معاملات مزید بہتری کی طرف جائیں گے ۔

اسحق ڈار نے کہا کہ  رقم منتقل کرنے پر وزیراعظم ،آرمی چیف اور اپنی طرف سے سعودی عرب کا شکریہ اداکرتاہوں ۔ سعودی عرب ہر موقع پر پاکستان کے ساتھ کھڑا ہوتا ہے ۔

علاوہ ازیں ایک ویڈیو پیغام میں وزیر خزانہ نے بتایا کہ سعودی عرب نے اسٹیٹ بینک کے اکاؤنٹ میں 2 ارب ڈالر جمع کرا دیئے ہیں، جس کے نتیجے میں پاکستان کے زرمبادلہ کے ذخائر 11.6 ارب ڈالر ہوگئے ہیں۔

سابقہ بھارتی اداکارہ ثناء خان نے اپنے بیٹے کا نام طارق جمیل رکھ دیا

ممبئی(خبریں ڈیجیٹل) بھارتی میڈیا کا دعویٰ ہے کہ سابقہ بالی ووڈ اداکارہ ثناء خان نے اپنے بیٹے کا نام طارق جمیل رکھ دیا ہے۔

بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق اسلام کے خاطر شوبز کو خیرباد کہنے والی اداکارہ ثناء خان نے رواں ہفتے اپنی پہلی اولاد کو جنم دیا ہے۔ سابقہ اداکارہ نے سوشل میڈیا پر مداحوں کو یہ خوشخبری سُنائی تھی۔

تاہم اب بھارتی میڈیا نے یہ دعویٰ کیا ہے کہ ثناء خان نے اپنے نومولود کا نام طارق جمیل رکھ دیا ہے۔  بھارتی میڈیا کے مطابق ثنا خان کا کہنا ہے کہ نام کا شخصیت پر بہت اثر پڑتا ہے اور وہ اپنے بیٹے کیلئے ایک ایسا نام چاہتے تھے جو دینداری اور دیانتداری کی علامت ہو۔

ایک خاص گروہ سوشل میڈیا کے ذریعے نفرت پھیلا رہا ہے، مریم اورنگزیب

 لاہور(خبریں ڈیجٹل)وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ ایک خاص گروہ سوشل میڈیا کے ذریعے نفرت پھیلا رہا ہے۔

ریڈیو پاکستان کے مختلف منصوبوں کی افتتاحی تقریب  سے خطاب کرتے ہوئے مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ نوجوانوں کو مثبت ذرائع ابلاغ کی ضرورت ہے۔ پی ٹی آئی نے اپنے دورِ حکومت میں تمام اداروں کو بری طرح تباہ کیا۔ 4 سال ملک میں نفرت کے بیج بوئے گئے۔ پی ٹی وی پر حملہ کرنے والوں نے ریڈیوپاکستان پر 3 روز حملہ کیا۔ سکیورٹی گارڈز کو حملے میں لاٹھیوں سے مارا۔

انہوں نے کہا کہ ایک خاص گروہ سوشل میڈیا کے ذریعے نفرت پھیلا رہا ہے۔  وزیراعظم شہبازشریف نے لیپ ٹاپ تقسیم کیے، اس کا مقصد ہے کہ بچوں کے ہاتھ میں لیپ ٹاپ ہو نہ کہ پیٹرول بم۔ آئندہ وقت پاکستان کو جوڑنے کا وقت ہے۔ سیاسی جماعتوں کو ایک لڑی میں پرو دیا ہے۔ ایک گروہ کی سرگرمی پاکستان کی ترجمانی نہ کرے ۔

سارہ علی خان کی رکشے میں سفر کرنے کی ویڈیو وائرل

 ممبئی(خبریں ڈیجیٹل) بالی ووڈ کے نواب سیف علی خان کی بیٹی سارہ علی خان کی ممبئی میں رکشہ میں سفر کرنے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے لگی۔

سماجی رابطے کی سائٹ انسٹاگرام پر تیزی سے ویڈیو وائرل ہورہی ہے جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ’’ممبئی کی ایک سٹرک پر ٹریفک جام ہے جہاں سارہ علی خان اپنی دوست کے ہمراہ رکشہ کے اندر بیٹھی ہوئی ہیں اور گفتگو کررہی ہیں جبکہ کیمرہ مین کے قریب جانے پر وہ سوال کرتی ہیں کہ “آپ لوگ کہاں دھونڈ لیتے ہو ہم کو؟ جس پر جواب میں کیمرہ کہتا ہے کہ ٹریکر ہے ٹریکر‘‘۔

امریکا میں مسافر بردار طیارہ زمین بوس؛ 6 مسافر ہلاک

 واشنگٹن (خبریں ڈیجیٹل )امریکی ریاست کیلی فورنیا کے شہر لاس اینجلس میں ایک انجن والا چھوٹا مسافر بردار طیارہ گر کر تباہ ہوگیا جس کے نتیجے میں 6 افراد ہلاک ہوگئے۔ 

امریکی میڈیا کے مطابق کیلی فورنیا کے شہر لاس اینجلس کے نواح میں ایک چھوٹا طیارہ رن وے سے کچھ دوری پر ہچکولے کھاتے ہوئے زمین بوس ہوگیا اور اس میں آگ بھڑک اُٹھی۔

ریسکیو ادارے کے امدادی کارکنوں نے طیارے کے ملبے سے 6 افراد کی لاشیں نکالیں جن میں پائلٹ بھی شامل ہے۔ حادثے میں ہلاک ہونے والے افراد کی تاحال شناخت نہیں ہوسکی ہے۔

ایوی ایشن کے ترجمان کے مطابق طیارے نے لاس ویگاس سے اڑان بھری تھی اور اس کی منزل فرینچ ویلی ایئر پورٹ تھی تاہم طیارہ رن وے سے کچھ پہلے ایک کھلے میدان میں گر کر تباہ ہو گیا۔

اہلِ کراچی کیلئے مزید الیکٹرک بسیں کل پہنچ جائیں گی، شرجیل میمن

  کراچی(خبریں ڈیجیٹل)صوبائی وزیر اطلاعات ، ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ شہریوں کے لیے مزید الیکٹرک بسیں کل کراچی پہنچ جائیں گی۔

پریس کانفرنس کرتے ہوئے شرجیل میمن نے کہا کہ الیکٹرک بسوں کی چارجر کا ایشو تھا، جو حل ہوگیا ہے  اور اضافی چارجرز بھی منگوا لیے گئے ہیں۔ کل سے الیکٹرک بسیں سڑکوں پر ہوں گی۔ اس کے علاوہ کراچی کے شہریوں کے لیے مزید بسیں بھی آرہی ہیں ۔ کل کراچی میں مزید بسیں پہنچیں گی اور اس کے بعد جولائی کے آخر میں بھی مزید بسیں کراچی آئیں گی۔