All posts by Khabrain News

سعودی فرمانروا شاہ سلمان کا پرویز مشرف کی وفات پر تعزیت کا اظہار

ریاض: (ویب ڈیسک) سعودی فرمانروا شاہ سلمان نے سابق صدرپرویزمشرف کی وفات پر تعزیت کا اظہار کیا ہے۔
اپنے پیغام میں شاہ سلمان کا کہنا تھاکہ پاکستانی عوام اور مرحوم کے اہلخانہ سے دلی تعزیت کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کواپنی رحمت اور مغفرت کی کثرت سے نوازے۔
سعودی ولی عہد و وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان نے بھی پرویزمشرف کے انتقال پر اظہارتعزیت کیا۔
خیال رہے کہ 5 فروری کو سابق صدر جنرل (ر) پرویزمشرف دبئی میں انتقال کرگئے تھے، انہیں آج کراچی میں فوجی اعزاز کے ساتھ سپردخاک کیا گیا۔

عالمی بینک کی ترقیاتی منصوبوں کیلئے پاکستان کو مکمل تعاون کی یقین دہانی

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) عالمی بینک نے مشکل معاشی صورتحال سے نمٹنے کے لیے حکومت پاکستان کی کوششوں کو سراہتے ہوئے پاکستان میں ورلڈ بینک کے فنڈ سے چلنے والے ترقیاتی منصوبوں کے لیے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے۔
وزارت خزانہ کے مطابق عالمی بینک کے ریجنل ڈائریکٹر میتھیو ورگیس نے گزشتہ روز وزیر خزانہ اسحاق ڈار سے ملاقات کی جس میں میکرو اکنامک فریم ورک اور مستقبل کے ترقیاتی روڈ میپ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
میتھیو ورگیس نے چیلنجنگ معاشی صورتحال سے نمٹنے کے لیے حکومت پاکستان کی کوششوں کو سراہا اور معاشی استحکام کے لیے عالمی بینک کی مکمل حمایت کی پیشکش کی۔
اسحاق ڈار نے سیلاب سے بحالی کی کوششوں میں عالمی بینک کے تعاون کو سراہا اور پاکستان میں عالمی بینک کے فنڈ سے چلنے والے ترقیاتی منصوبوں کے لیے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

بھارتی اداکار سدھارتھ اور کیارا شادی کے بندھن میں بندھ گئے

ممبئی: (ویب ڈیسک) بھارتی اداکار سدھارتھ ملہوترا اور کیارا ایڈوانی باضابطہ طور پر شادی کے بندھن میں بندھ گئے۔
اداکار سدھارتھ ملہوترا نے اپنے انسٹاگرام پر شادی کی تصاویر شیئرکرتے ہوئے لکھا کہ ’’اب ہماری پرمیننٹ بکنگ ہو گئی ہے۔‘‘
انہوں نے لکھا کہ آگے سفر کیلئے ہمیں آپ سے محبتوں اور دعاؤں کی امید ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق بالی وڈ اداکار سدھارتھ ملہوترا اور کیارا کی شادی بھارتی شہر جیسلمیر کی عالیشان حویلی ’ سوریا گڑھ پیلس ‘ میں ہوئی، دونوں کی شادی کی تقریبات کا آغاز 5 فروری کو مہندی سے ہوا ہے۔
شادی کی تقریبات میں شرکت کیلئے بالی وڈ جوڑی کے خاندان کے افراد سمیت کئی فلمی ستارے بھی جیسلمیر پہنچے ہوئے تھے جن میں شاہد کپور، ان کی اہلیہ میرا راجپوت اور کرن جوہر سمیت دیگر شامل ہیں۔

امریکا اور اسرائیل کی فوجی مشقوں کے جواب میں ایران اپنا زیرِزمین بیس منظر عام پر لے آیا

تہران: (ویب ڈیسک) امریکا اور اسرائیل کی حالیہ فوجی مشقوں کے جواب میں ایران کی جانب سے اپنی فوجی صلاحیتوں کا مظاہرہ کرنے کیلئے زیر زمین بیس کی ویڈیو جاری کی گئی ہے۔
ایرانی کے سرکاری ٹی وی سے جاری کی گئی ویڈیو میں مختلف جنگی طیارے اور ڈرونز ’’ایگل 44‘‘نامی بیس کے اندر کھڑے ہوئے دیکھے جا سکتے ہیں۔
ایران کی جانب سے بیس کا اصل مقام ظاہر نہیں کیا گیا تاہم بتایا گیا ہے کہ امریکی بمباری سے تحفظ کو پیش نظر رکھتے ہوئے یہ بیس پہاڑوں کو کھود کر بنایا گیا ہے، جاری کی گئی فوٹیج میں جنگی طیاروں کو دن اور رات کی اوقات میں بیس سے اڑان بھر کر مشن پر روانہ ہوتے اور اہداف کو نشانہ بناتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔
ایران کی جانب سے ایگل 44 بیس کی افتتاح سے دو ہفتے قبل اسرائیل اور امریکا کی جانب سے ہزاروں فوجیوں، درجنوں طیاروں اور نیول ویسل سمیت آرٹلری سسٹمز کے ساتھ فوجی مشقیں کی گئی تھیں جنہیں ایران کیلئے ایک واضح پیغام سمجھا جا رہا تھا۔
ایگل 44 بیس کے افتتاح کے موقع پر ایرانی فوج کے کمانڈر انچیف عبدالرحمان موسوی نے سرکاری ٹی وی سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے بیس عنقریب نئے جہازوں کا خیرمقدم کرنے والے ہیں، دشمنوں نے اگر ہماری طاقت کا غلط اندازا لگایا ہے تو وہ ہماری کچھ صلاحیتوں کو دیکھ کر اپنی درستگی کر لیں، اس سے دنیا میں اور خطے میں سکون پھیلے گا۔
ایرانی فوج کے چیف آف اسٹاف محمد باقری کا کہنا تھا کہ اگر کسی ملک نے اسرائیل کے ہاتھوں استعمال ہو کر ایرانی سرزمین پر حملہ کیا تو اس کے جواب میں اسرائیل کو بھی بھاری قیمت چکانی پڑے گی۔
ایرانی سرکاری ٹی وی نے دعویٰ کیا کہ ایرانی افواج کے پاس ایگل 44 جیسے کئی اور بیس بھی موجود ہیں اور کسی بھی جارحیت کا بھرپور جواب دینے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔
اس سے قبل ایرانی فوج کی جانب سے زمین کے اوپر ایک ڈرون بیس بھی منظر عام پر لایا گیا تھا جبکہ ایران کے پاسداران انقلاب کی جانب سے امریکا اور اسرائیل کو دیے گئے پیغامات میں زیر زمین ڈرون بیس منظر عام پر لائے گئے تھے۔

ترکیہ اور شام میں زلزلے سے اموات کی تعداد 5 ہزار سے تجاوز کرگئی

انقرہ: (ویب ڈیسک) ترکیہ اور شام میں زلزلے سے ہلاکتوں کی تعداد 5 ہزار151 ہوگئی، ملبے میں پھنسے زندہ افراد کو بچانےکے لیے ریسکیو ورکرز کی کوششیں جاری ہیں، زلزلے کے بعد سے اب تک 120 سے زائد آفٹر شاکس آچکے ہیں۔
شدید سردی اور بعض علاقوں میں برفباری کے باعث متاثرین کو کٹھن حالات کا سامنا ہے اور آفٹرشاکس کے باعث لوگ شدید خوفزدہ بھی ہیں۔
امریکی جیولوجیکل سروے کے مطابق 7.8 شدت کے زلزلے کے بعد 7.6 شدت کا ایک اور زلزلہ آیا، جس نے مزید تباہی پھیلائی۔
ترکیہ اور شام میں کم و بیش 6ہزار سے زائد عمارتوں کو نقصان پہنچا، زلزلے سے ترکیہ میں 3 ہزار 549 جب کہ شام میں ایک ہزار 602 افراد جان سےگئے، مجموعی طور پر 16ہزار سے زائد افراد زخمی ہیں۔
امریکی جیولوجیکل سروے کے مطابق زلزلہ مقامی وقت کے مطابق پیرکی صبح 4 بجکر 17 منٹ پر آیا جب لوگ گہری نیند میں تھے۔
امریکی جیولوجیکل سروے کے مطابق زلزلے کی شدت 7.8 ریکارڈ کی گئی، زلزلے کا مرکز ترکیہ سے جنوب میں غازی انتپ صوبے کے علاقے نرداگی میں تھا جب کہ زلزلے کی گہرائی 17.9 کلومیٹر تھی، اس صوبے کی آبادی تقریباً 20 لاکھ ہے اور یہ صوبہ شام کے قریب ہے جس کی وجہ سے شام میں بھی بڑے پیمانے پر تباہی مچی۔
ترک میڈیا کے مطابق زلزلے کے شدید ترین جھٹکے ایک منٹ تک محسوس کیے گئے، جھٹکوں کے باعث لوگ سڑکوں پر نکل آئے۔
زلزلے کے جھٹکے قبرص، یونان، شام، اردن،لبنان اور فلسطین میں بھی محسوس کیےگئے۔
ترک صدر نے ترکیہ بھر میں ایمرجنسی نافذ کردی ہے اور ملک بھر میں ایک ہفتے کے سوگ کا بھی اعلان کیا ہے، ترکیہ میں ایک ہفتے تک پرچم سرنگوں رہےگا،13 فروری تک اسکول بند کردیےگئے ہیں، غازی انتپ اور حاطے ائیرپورٹ پر سول پروازیں معطل کردی گئی ہیں۔

ٹیسٹ کرکٹر اسد شفیق نے بھی جامعہ کراچی میں داخلہ لے لیا

کراچی: (ویب ڈیسک) ٹیسٹ کرکٹر اسد شفیق نے بھی جامعہ کراچی میں داخلہ لے لیا۔
ترجمان جامعہ کراچی کے مطابق اسد شفیق کا شعبہ ہیلتھ فزیکل ایجوکیشن اینڈ اسپورٹس سائنسز میں داخلہ ہوا ہے۔
ترجمان نے بتایاکہ اسد شفیق نے شیخ الجامعہ جامعہ خالد عراقی سے ملاقات کی۔
وی سی جامعہ کراچی کا کہنا تھاکہ سابق کپتان محمد حفیظ نے بھی داخلہ لیا ہے، اس کے علاوہ سرفراز احمد اور سعود شکیل بھی ہیلتھ فزیکل ایجوکیشن میں زیر تعلیم ہیں۔

مصروف وُڈ پیکر پرندے نے گھرکی دیوار میں 300 سوکلوگرام پھل ذخیرہ کردیئے

کیلیفورنیا: (ویب ڈیسک) کیلیفورنیا میں ایک دلچسپ واقعہ اس وقت پیش آیا جب مکان کی صفائی کرنے والی ایک کمپنی نے مکان کی دیواروں میں سوراخ کرکے چھپائے گئے شاہِ بلوط کے ایک دو نہیں بلکہ 300 کلوگرام وزنی پھل جمع کئے اور انہیں بڑی مشکل سے نکالا گیا ہے۔
مصروف لیکن لالچی وڈپیکر نے قرب و جوار سے شاہِ بلوط کے پھل (اکورن) لالاکر جمع کئے اور ایک مکان کی لکڑی کی دیواروں میں سوراخ کرکے ان میں بھرتا چلا گیا۔ اس طرح تمام پھلوں کا وزن 700 پاؤنڈ تک جا پہنچا۔ لیکن اندازہ ہے کہ اس عرصے میں 20 سال لگے ہیں اور اس میں ایک سے زائد وُڈپیکر نے اپنا کردار ادا کیا ہے۔
گزشتہ ہفتے کیلیفورنیا کے ایک خاندان نے پیسٹ کنٹرول کمپنی کے نمائیندوں کو بلاکر کہا کہ پرندوں نے گھر کی دیواروں میں جابجا سوراخ کرکے اس میں خشک پھل بھردیئے ہیں۔ یہاں تک کہ تمام سوراخ بھرگئے اور پھل پھسل کر گھر کے اندر اور باہر گرنے لگے۔
ماہرین نے دیکھا کہ وڈپیکر نے اپنی تیز چونچ سے دیوار کو جابجا چھید دیا تھا۔ اس کے باوجود سوراخوں کو پھل سے بھرنے کا سلسلہ جاری تھا۔ جب اندر سے صفائی کی گئی تو شاہِ بلوط کے پھل کے ڈھیر لگ گئے اور وزن 313 کلوگرام تک جاپہنچا۔ اس طرح پھلوں کے ڈھیر کو آٹھ بوریوں میں بھرکر باہر نکالا گیا۔
گھر کے مالکان نے بتایا کہ وڈپیکر تھکتا نہیں اور بار بار پھل لاکر جمع کرتا رہتا ہے۔ گلہریوں کی طرح وڈپیکر بھی سردیوں کے لیے اپنی خوراک جمع رکھتے ہیں اور بعد میں اسے کھاتے رہتے ہیں۔

چاندوں کی دوڑ میں سیارہ مشتری پھر بازی لے گیا، کل تعداد 92 ہوگئی

واشنگٹن: (ویب ڈیسک) نظامِ شمسی میں دو سیاروں کے درمیان زیادہ سے زیادہ چاندوں کا مقابلہ جاری ہے۔ سیارہ مشتری اور زحل کے درمیان اکثر نئے چاند دریافت ہوتے رہتے ہیں۔ اب نئے چاندوں کی دریافت سے مشتری نظامِ شمسی کا سب سے زائد چاندوں والا سیارہ بن چکا ہے۔
2019 میں زحل اس دوڑ میں سب سے آگے تھے اب نظامِ شمسی کے سب سے بڑے سیارے مشتری کے ان دیکھے گوشے سے ایک دو نہیں بلکہ 12 نئے چاند ملے ہیں جن کے بعد مشتری 92 چاندوں کے ساتھ سرِفہرست ہے جبکہ زحل کے چاند 83 ہیں۔
اب تک ان چاندوں کے نام نہیں رکھے گئے ہیں لیکن بین الاقوامی فلکیاتی انجمن سے وابستہ چھوٹے سیاروں (مائنرپلانیٹ) مرکز نے اس کا باضابطہ اعلان کردیا ہے جو نظامِ شمسی میں چھوٹے سیاروں کا ریکارڈ رکھتا ہے۔
ان میں سے اکثر چاند اسکاٹ شیپرڈ نے دریافت کئے ہیں جو کارنیگی مرکز برائے سائنس سےوابستہ ہیں۔ وہ نظامِ شمسی کا نواں سیارہ ڈھونڈ رہے تھے کہ مشتری کے بہت سے سیارے ڈھونڈ نکالے۔
یہ چاند بہت چھوٹے اور قدرے مدھم ہیں جنہیں دیکھنا بہت مشکل ہوتا ہے۔ لیکن اب ہمارے پاس بہترین دوربینیں آگئی ہیں جو غیرمعمولی طور پر زوم کرنے کی صلاحیت رکھتی ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ اب ہم بہت چھوٹے سیاروں کو بھی دیکھنے لگے ہیں۔ مشتری کے 12 میں 9 چاند بہت دور اور طویل مدار پر مشتری کے گردچکر کاٹ رہے ہیں اور ریٹروگریڈ یعنی الٹی سمت میں چل رہے ہیں۔ یہ چاند سال 2021 اور 2022 میں دریافت ہوئے تھے جن کی اب باقاعدہ تصدیق ہوچکی ہے۔
توقع ہے کہ اس طرح سیارہ مشتری کو سمجھنے میں مزید مدد ملے گی۔

مسافر بس اور کار میں تصادم، 20 افراد جاں بحق، 10 زخمی

دیامر: (ویب ڈیسک) مسافر بس اور کار کے درمیان ہونے والے تصادم کے باعث 20 افراد جاں بحق اور 10 زخمی ہو گئے ہیں۔
حادثے باعث دیا مر کے علاقے شتیال میں پیش آیا جہاں مسافر بس اور کار تصادم کے بعد قریب ہی واقع کھائی میں جا گریں۔
علاقہ پولیس کے مطابق حادثے کا شکار ہونے والی مسافر بس گلگت سے راولپنڈی جا رہی تھی جب کار کی منزل گلگت تھی۔
حادثے کی اطلاع ملتے ہی علاقہ پولیس اور امدادی اداروں کے رضاکاروں سمیت علاقہ مکینوں کی بھی بہت بڑی تعداد جائے وقوع پر پہنچ گئی اور انہوں نے زخمیوں کو آر ایچ سی اسپتال منتقلی میں مدد فراہم کی۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق حادثے کے مقام پر امدادی کارروائیاں جاری ہیں لیکن اندھیرا اور کھائی ہونے کی وجہ سے امدادی سرگرمیوں میں مشکلات کا سامنا ہے۔

سعودی عرب میں ڈیجیٹل کارپوریشن آرگنائزیشن کی جنرل اسمبلی کا اجلاس

ریاض: (ویب ڈیسک) سعودی عرب میں ڈیجیٹل کارپوریشن آرگنائزیشن کی جنرل اسمبلی کا اجلاس منعقد ہوا جس میں پاکستان سمیت 13 ممالک کے وزراء نے شرکت کی اور دو طرفہ تعاون کو بڑھانے سمیت مختلف چیلنجز کو دور کرنے پر اتفاق کیا گیا . اجلاس میں پاکستان کی نمائندگی سفیر امیر خرم راٹھور نے کی ۔
اس موقع پر ڈیجیٹل کارپوریشن آرگنائزیشن کی سیکرٹری جنرل دماح یحییٰ کا کہنا تھا کہ ڈیجیٹل معیشت میں ترقی اور پائیداری کے حصول کے لئے تعاون کی ضرورت ہے اور آج کا اجلاس یقیناََ اس میں اہم کردار ادا کرے گا جبکہ ڈیجیٹل کارپوریشن آرگنائزیشن کے صدر سعودی وزیر مواصلات و انفارمیشن ٹیکنالوجی عبداللہ السواء کا کہنا تھا کہ گزشتہ دس برسوں کے دوران دنیا گلوبل ولیج بن چکی ہے ایسے میں ڈیجیٹل نظام کی اہمیت میں بے پناہ اضافہ ہوا ہے اور ہمیں ملکر جدید ٹیکنالوجی اور اس کے تقاضوں سے ہم آہنگ ہونے کی ضرورت ہے تاکہ تعلیم سمیت کاروباری سرگرمیوں اور دیگر امور کو بہتر انداز سے چلایا جاسکے۔
پاکستان کے سفیر امیر خرم راٹھور نے خطاب کرتے ہوئے ڈیجیٹل کارپوریشن آرگنائزیشن کی اہمیت اور اس کی افادیت کو خطے سمیت پوری دنیا کے لئے خوش آئند قرار دیا اور کہا کہ نہ صرف پاکستان اس میں اہم کردار ادا کرے گا بلکہ اس اہم پلیٹ فارم سے بھرپور استفادہ بھی حاصل کرے گا. ڈی سی او کے تیرہ ممالک کے وزراء نے دو طرفہ تعاون اور اس میں بہتری لانے پر اتفاق کیا.