All posts by Khabrain News

کاہنہ میں منشیات سے بھرا ڈرون گرگیا، 6کلو ہیروئن برآمد

 لاہور(خبریں ڈیجیٹل) کاہنہ میں رسول پورہ گاؤں ہلوکی میں منشیات سے بھرا ڈرون گرگیا جس کے ساتھ بندھی کروڑوں روپے مالیت کی 6 کلو ہیروئن برآمد کرلی گئی۔

پولیس کے مطابق ڈرون گرنے کا واقعہ روزدار نامی زمیندار کی زمینوں میں گرا، ڈرون کا سائز معمول سے بڑا ہے۔

قانون نافذ کرنے والے ادارے کے اہلکاروں نے ڈرون اور منشیات کو قبضے میں لے لیا۔ منشیات سے بھرا ڈرون کہاں سے آپریٹ ہوا اور کہاں جارہا تھا اس کی تحقیقات جاری ہے۔

نوجوانوں پر سرمایہ کاری سے بڑھ کر کوئی چیز نہیں، وزیراعظم شہباز شریف

 اسلام آباد(خبریں ڈیجیٹل) وزیراعظم شہباز شریف  کا کہنا ہے کہ نوجوانوں پر سرمایہ کاری سے بڑھ کر کوئی اور چیز نہیں۔

نوجوانوں میں لیپ ٹاپ تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ آئندہ بجٹ میں نوجوانوں کو میرٹ پر ایک لاکھ لیپ ٹاپ دئیے جائیں گے۔ نوجوانوں کو ہنرمند بنانے کے لیے بجٹ میں 5 ارب روپے رکھے گئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو لیپ ٹاپ دے رہا ہوں کلاشنکوف نہیں۔ نوجوانوں پر سرمایہ کاری سے بڑھ کر کوئی چیز نہیں۔ وسائل ہوں تو قوم کے بیٹوں اور بیٹیوں کو ایک لاکھ نہیں ایک کروڑ لیپ ٹاپ تقسیم کروں۔ مشکل حالات میں حکومت سنبھالی۔ موجودہ حکومت سیلاب کی تباہ کاریوں سے نبرد آزما ہوئی۔ پاکستان جلد اپنے پیروں پر کھڑا ہوگا۔

الیکشن کمیشن پر سائبر حملہ، سکیورٹی الرٹ جاری کردیا گیا

 اسلام آباد(خبریں ڈیجیٹل) الیکشن کمیشن پر سائبر حملہ ہوا ہے، جس کے بعد حکام کی جانب سے سکیورٹی الرٹ جاری کردیا گیا ہے۔

 سائبر حملے کے بعد الیکشن کمیشن کے ملازمین کو ای میلز استعمال نہ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

سکیورٹی الرٹ میں ملازمین کو کہا گیا ہے کہ وہ موصول ہونے والی ای میلز کو نہ کھولیں۔ ای میلز کھولنے سے قیمتی معلومات چوری ہو سکتی ہیں۔ الیکشن کمیشن  کے افسران کو نامعلوم ای میلز نظرانداز کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔

سابق شوہر کے خاطر خود کو بدلنے پر پچھتاوا ہے، کرن اشفاق

کراچی(خبریں ڈیجیٹل) پاکستان فیشن انڈسٹری کی ماڈل اور اداکار عمران اشرف کی سابقہ اہلیہ کرن اشفاق حسین ڈار کا کہنا ہے کہ انہیں سابق شوہر کیلئے خود کو بدلنے پر پچھتاوا ہے۔

کرن اشفاق نے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹاگرام پر اپنی ایک تصویر پوسٹ کی ہے جس کے کیپشن میں انہوں نے اپنے مداحوں کو ایک اہم مشورہ دیا ہے۔

کرن نے اپنی تصویر کے کیپشن میں مداحوں کو مشورہ دیتے ہوئے لکھا کہ ’میں قسم کھا کر کہتی ہوں، اپنی زندگی اور اس سے میری محبت کی، کہ میں کبھی کسی دوسرے آدمی کی خاطر نہیں جیوں گی، اور نہ ہی کسی دوسرے آدمی سے اپنے لیے جینے کو کہوں گی۔ اپنی شخصیت یا کسی کے لیے خود کو نہ بدلیں میں نے یہ کیا اور مجھے ایسا کرنے پر افسوس ہے۔‘

جہانگیر ترین کے بھائی عالمگیر ترین نے خودکشی کر لی

لاہور(خبریں ڈیجیٹل) استحکامِ پاکستان پارٹی کے بانی جہانگیر ترین کے بھائی عالمگیر ترین

نے خودکشی کر لی۔

—فائل فوٹو

 

پولیس ذرائع کے مطابق عالمگیر ترین نے پستول سے اپنے سر میں گولی مار لی ہے۔

پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ خودکشی کے وقت عالمگیر ترین لاہور کے علاقے گلبرگ میں واقع اپنے گھر میں تھے۔

خودکشی کی اطلاع ملنے پر پولیس عالمگیر ترین کی رہائش گاہ پہنچ گئی۔

دوسری جانب استحکامِ پاکستان پارٹی کے رہنماؤں کی جانب سے بھی عالمگیر ترین خان کی

؂خودکشی کی تصدیق کی گئی ہے۔

پولیس حکام کے مطابق عالمگیر ترین نے خودکشی سے قبل ایک تحریر بھی چھوڑی ہے جس میں انہوں نے اپنی بیماری کا ذکر کیا ہے۔

اس ضمن میں عالمگیر ترین کے قریبی دوستوں کا کہنا ہے کہ انہیں عالمگیر ترین کی بیماری کا علم نہیں۔

جہانگیر ترین کے بھائی عالمگیر ترین معروف بزنس مین اور پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی ٹیم ملتان سلطانز کے مالک اور مینیجنگ ڈائریکٹر بھی تھے۔

63 سالہ عالمگیر ترین غیر شادی شدہ تھے، ان کی منگنی ہوئی تھی اور وہ رواں برس دسمبر میں شادی کرنے والے تھے۔

دوران شوٹنگ شاہ رخ خان حادثے کے باعث زخمی ، اسپتال منتقل

امریکی شہر لاس اینجلس میں شوٹنگ کے دوران شاہ رخ خان زخمی ہوگئے، خون نکلنے کی وجہ سے اسپتال منتقل کیا گیا۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق بالی وڈ کنگ شاہ رخ خان جوکہ اپنے ایک پراجیکٹ کی عکس بندی لاس اینجلس میں کر رہے تھے۔ سیٹ پران کو حادثہ پیش آیا. جس کی وجہ سے ان کی ناک سے خون بہنا شروع ہوگیا۔ یہ بھی بتایا جا رہا ہے کہ بالی وڈ اداکار کو پیش آنے والے اس حادثے کے بعد انہیں امریکہ کے ہی ایک اسپتال میں داخل کروایا گیا۔ جہاں ڈاکٹرز نے ان کی سرجری کی۔ بھارتی میڈیا ہندوستان ٹائمز نے یہ بھی رپورٹ کیا ہے کہ اس سرجری کے بعد سے شاہ رخ خان کی ناک پر پٹی لگی ہوئی ہے۔ اب وہ امریکہ سے بھارت پہنچ چکے ہیں۔ رپورٹس کے مطابق شاہ رخ خان کی معمولی سرجری ہوئی ہے اب وہ بھارت میں اپنے گھر میں ہیں اور تیزی سے صحت یاب ہو رہے ہیں۔

پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز کی ٹورنٹو جانے والی پرواز میں خرابی

پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) کی لاہور سے ٹورنٹو جانے والی پرواز پی کے 797 کے طیارے میں دورانِ پرواز تکنیکی خرابی سامنے آئی۔

ترجمان پی آئی اے کے مطابق تکنیکی خرابی کی وجہ سے طیارے کا رُخ لاہور کی جانب موڑ دیا گیا۔ بوئنگ 777 طیارے نے لاہور ایئرپورٹ پر معمول کی لینڈنگ کی۔

خیال رہے کہ اس سے قبل گزشتہ سال بھی کینیڈا کے شہر ٹورنٹو میں پی آئی اے کا طیارہ برفانی طوفان کی زد میں آگیا تھا۔ پائلٹ نے طیارے کو باحفاظت ٹورنٹو ایئرپورٹ پر اتار لیا تھا۔

چین کے سفارتخانے کی ناظم الامور پینگ چنکسو کی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار سے ملاقات۔

اسلام آباد(خبریں ڈیجٹیل ) وزیر خزانہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے ناظم الامور کا پرتپاک استقبال کیا اور پاکستان اور چین کے درمیان گہرے تاریخی دوطرفہ تعلقات کو سراہا۔ وزیر خزانہ نے ناظم الامور کو آئی ایم ایف کے ساتھ 9ویں جائزے پر ہونے والی پیش رفت کے بارے میں آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اسٹاف لیول کے معاہدے پر کامیابی سے پہنچ گیا ہے۔ انہوں نے ناظم الامور کو معیشت میں استحکام کے بارے میں بھی آگاہ کیا کہ حکومت کس طرح اس معاشی استحکام کو برقرار رکھنے اور معیشت کو ترقی کی طرف لے جانے کے لیے اقدامات کر رہی ہے۔ مزید برآں، انہوں نے متعدد محاذوں پر پاکستان کے لیے چین کی حمایت کو سراہا، بالخصوص گزشتہ چند ماہ کے دوران پاکستان کے ساتھ چینی مالیاتی اداروں کے تعاون کا شکریہ ادا کیا۔
محترمہ پینگ چنکسو نے دونوں ممالک کے درمیان گہرے دوستانہ تعلقات کے بارے میں جذبات کا اظہار کیااور مشکل معاشی حالات کے باوجود ملک میں معاشی استحکام بحال کرنے کے لیے حکومت پاکستان کے اقدامات کو بھی سراہا۔ انہوں نے وزیر خزانہ کو مزید یقین دلایا کہ چینی حکومت پاکستان کی حمایت جاری رکھے گی۔
دونوں فریقوں نے اقتصادی، تجارتی اور مالیاتی شعبوں میں دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لیے دونوں ممالک کے لیے دستیاب مختلف وسائل پر بھی تبادلہ خیال کیا تاکہ تعاون کو بے مثال سطح تک فروغ دیا جا سکے۔

لاہور ہائیکورٹ کی چئیرمین پی سی بی کا الیکشن کروانے کی اجازت

لاہور(خبریں ڈیجیٹل) لاہور ہائیکورٹ نے چئیرمین پی سی بی کا انتخاب کروانے کی اجازت دیدی۔

جسٹس انوار حسین نے تمام دلائل سننے کے بعد فیصلہ سناتے ہوئے چیئرمین پی سی بی کے الیکشن کے خلاف حکم امتناعی واپس لے لیا۔

درخواست گزار کا کہنا تھا کہ مینجمنٹ کمیٹی کی منظوری سے بنائے بورڈ آف گورنرز کو پی سی بی الیکشن کمشنر نے عہدوں سے ہٹا دیا، پی سی بی الیکشن کمشنر نے غیر آئینی اقدام کرتے ہوئے بورڈ آف گورنرز کےنوٹیفیکیشن کوکالعدم قرار دیا اور غیر قانونی اقدام کرتے ہوئے نیابورڈ آف گورنرز تشکیل دیا۔

درخواست گزار نے استدعا کی کہ پی سی بی الیکشن کمشنر کا ازخود نیا بورڈ آف گورنرز تشکیل دینے کا اقدام غیر آئینی قرار دیاجائے اور عدالتی فیصلےآنے تک پی سی بی انتخابات روکنے کا حکم دیاجائے۔استدعا

جسٹس انوار حسین نے چیئرمین پی سی بی کے الیکشن کے خلاف تمام درخواستیں یکجا کرنے کی سفارش کرتے ہوئے فائل چیف جسٹس کو ارسال کردیں۔

بلوچستان کے اضلاع شیرانی اور کیچ میں میجر ثاقب حسین سمیت چھ سیکیورٹی اہلکاروں کی شہادت پر مجھ سمیت پوری قوم رنجیدہ،وزیر اعظم شہباز شریف

لاہور(خبریں ڈیجٹیل ) وزیر اعظم شہباز شریف نے بلوچستان کے اضلاع شیرانی اور کیچ میں میجر ثاقب حسین سمیت چھ سیکیورٹی اہلکاروں کی شہادت پر دکھ کا اظہار کرتے ہوئے اپنے ٹویٹر اکاونٹ میں کہا کہ بلوچستان کے اضلاع شیرانی اور کیچ میں میجر ثاقب حسین سمیت چھ سیکیورٹی اہلکاروں کی شہادت پر مجھ سمیت پوری قوم رنجیدہ ہے۔ شہداء کا مقدس خون قوم پر قرض ہے۔ قوم کے بہادر بیٹوں کی قربانیوں کی ہی بدولت پاکستان کی امن و سلامتی ممکن ہے۔ ہماری افواج کے جری جوان اندرونی اور بیرونی دشمنوں کے خلاف آہنی دیوار ہیں۔ ایسی تمام کوششیں جو بلوچستان کے امن کو نقصان پہنچانا چاہتی ہیں ان کے حوالے سے ہمارا قومی عزم غیر متزلزل ہے۔ بلوچستان کا امن اور اسکی ترقی و خوشحالی ہمارے لیے سب سے مقدم ہے۔