All posts by Khabrain News

پی ایس ایل میں اولین ترجیح پلے آف میں پہنچنا ہے: عماد وسیم

لاہور : (ویب ڈیسک) قومی کرکٹر عماد وسیم کا کہنا ہے کہ پاکستان سپر لیگ میں ان کی اولین ترجیح پلے آف میں پہنچانا ہے۔
پی سی بی پوڈ کاسٹ میں گفتگو کرتے ہوئے عماد وسیم نے کہا کہ پی ایس ایل کا شمار دنیا کی بہترین لیگ میں ہوتا ہے، گیارہ مہینے پی ایس ایل کی تیاری اور اس کا انتظار کر رہے ہوتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پی ایس ایل میں کوالٹی آف کرکٹ بڑھتی جارہی ہے، غیر ملکی کھلاڑیوں کے ساتھ ساتھ اچھے ملکی کھلاڑی بھی آرہے ہیں، اس بار کراچی کنگز میں کئی میچ ونر موجود ہیں۔
عماد وسیم کا کہنا تھا کہ اس سال ساری ٹیمیں برابر کی ہیں، کوئی بھی ٹیم چیمپئن بن سکتی ہے لیکن ہماری اولین ترجیح پلے آف میں پہنچنا ہے۔
شاہین آفریدی سے متعلق سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ شاہین کی شادی کے بعد پیس کم ہوتی ہے یا بڑھتی ہے، شادی کے بعد وہ گراونڈ میں ہنستے مسکراتے بھی رہیں گے یا نہیں، دیکھنا پڑے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ حال ہی میں جن کرکٹرز کی شادی ہوئی ان سے گراونڈ میں خوب ہنسی مذاق ہوگا۔

ترکیہ میں ایک بار پھر شدید زلزلہ، شدت 5.6 ریکارڈ

ترکیہ : (ویب ڈیسک) ترکیہ میں ایک بار پھر زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق سینٹرل ترکیہ میں منگل کے روز ایک بار پھر زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے جن کی شدت 5.6 ریکارڈ کی گئی جب کہ زلزلے کی گہرائی زیر زمین 2 کلومیٹرتھی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق زلزلے کے تازہ جھٹکوں سے فوری طور پر کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ترکیہ میں پیر کے روز 7.8 شدت کے زلزلے سے ہلاکتوں کی تعداد 2 ہزار سے زائد ہوگئی ہے جب کہ ترکیہ اور شام میں مجموعی طور پر ہلاکتیں 4300 سے زائد ہیں۔ترک حکام کا کہنا ہےکہ پیر کے روز آنے والے زلزلے کے نتیجے میں 3700 سے زائد بلڈنگز زمین بوس ہوئیں۔

2000 سال قدیم خاتون کے چہرے کی نقاب کشائی

سعودی عرب: (ویب ڈیسک) عودی عرب میں 2 ہزار قدیم نباتی خاتون کے چہرے کو بنانے میں کامیاب ہو گئے ہیں۔
سعودی عرب تاریخ دانوں اور آثار قدیمہ کے ماہرین نے کئی برسوں کی محنت کے بعد اس قدیم نباتی خاتون کے چہرے کی تعمیر نو کی نقاب کشائی کی ہے۔
اپنی نوعیت کی اس پہلی تعمیر نو حنات کی باقیات پر بنائی گئی ہے، جو ایک نباتی خاتون ہے جسے 2015 میں ہیگرا میں ایک 2,000 سال پرانے مقبرے سے دریافت کیا گیا تھا، جو سعودی عرب کہ قدیم نخلستان کے شہر الولا، شمال مغربی میں واقع ایک آثار قدیمہ کا مقام ہے۔
رپورٹ کے مطابق ہنات کی تعمیر نو کا کام برطانیہ میں 2019 میں شروع ہوا تھا۔
قبر میں پائے جانے والے ہڈیوں کے ٹکڑوں کو دوبارہ تعمیر کرنے اور اسے شکل دینے کیلئے ماہرین نے بشریات اور آثار قدیمہ کے اعداد و شمار کا استعمال کیا، جس کے بعد اس میں 3D ٹیکنالوجی کا بھی استعمال کیا گیا۔
نباطین ایک قدیم عرب تہذیب تھی جو 2000 سال قبل شمالی عرب اور لیونٹ میں آباد تھی۔ قدیم اردنی شہر پیٹرا ان کی بادشاہی کا دارالحکومت تھا۔

پشاور پولیس لائنز دھماکے کا حملہ آورمجرمانہ ریکارڈ یافتہ نکلا

پشاور : (ویب ڈیسک) پشاور مسجد میں خودکش حملہ کرنیوالا دہشت گرد مجرمانہ ریکارڈ یافتہ نکلا۔
پولیس لائنز پشاور کی مسجد میں ہونے والے خود کش دھماکے کی تحقیقات میں پیش رفت سامنے آگئی۔ تحقیقاتی ذرائع کے مطابق مسجد میں خودکش حملہ کرنیوالا دہشت گرد مجرمانہ ریکارڈ یافتہ نکلا۔
تحقیقاتی ٹیم کا کہنا ہے کہ مبینہ خود کُش حملہ آور پر پہلے بھی دو افراد کے قتل کا الزام ہے۔ مبینہ خودکش حملہ آور نے غلنئی کرکٹ گراونڈ مہمند میں 2 افراد کو قتل کیاتھا۔
واضح رہے کہ پولیس لائنز دھماکے میں تقریبا100 افراد جاں بحق جبکہ سینکڑوں زخمی ہو گئے تھے۔ دھماکے سے مسجد کی چھت اور دیواریں بھی منہدم ہو گئی تھیں۔

الیکشن کمیشن میں دو نئی سیاسی جماعتیں رجسٹرڈ

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) الیکشن کمیشن میں دو نئی سیاسی جماعتوں کو رجسٹرڈ کرلیا گیا۔
الیکشن کمیشن نے دو نئی سیاسی جماعتوں کی رجسٹریشن کا نوٹیفکیشن جاری کردیا جس کے مطابق موو آن پاکستان اور تحریک لبیک اسلام کے نام سے دو جماعتوں کو رجسٹرڈ کیا گیا ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق موو آن پاکستان کے چیئرمین محمد کامران اور تحریک لبیک اسلام کے چیئرمین محمد اشرف ہیں۔

سندھ ہائیکورٹ کا کراچی میں مبینہ زہریلی گیس سے ہلاک تمام افرادکا پوسٹ مارٹم کا حکم

کراچی : (ویب ڈیسک) سندھ ہائی کورٹ نے کراچی کے علاقے مواچھ گوٹھ میں مبینہ زہریلی گیس سے ہلاک افراد کا مقدمہ سرکار کی مدعیت میں درج کرنےکا حکم دیتے ہوئےکہا ہےکہ ہر مرنے والےکا پوسٹ مارٹم کرایا جائے۔
سندھ ہائی کورٹ میں مواچھ گوٹھ اور کیماڑی میں زہریلی گیس سے ہلاکتوں کےکیس کی سماعت ہوئی، آئی جی سندھ، ڈپٹی کمشنر و دیگر سندھ ہائی کورٹ میں پیش ہوئے۔
چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ نے آئی جی سندھ سے استفسار کیا کہ ابھی تک کتنے افراد ہلاک ہوئے ہیں؟ آئی جی سندھ نے بتایا کہ ابھی تک 18 افراد ہلاک ہوئے ہیں، جو ہمارے پاس آیا ہم نے مقدمہ درج کیا ہے۔چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ کا کہنا تھا کہ یہ ایک سنگین جرم ہے، سرکار کی مدعیت میں مقدمہ درج کیا جائے، پہلے بھی واقعہ ہوچکا ہے، ہم نے کہا تھا ایس ایس پی رینک کے آفیسر سے تحقیقات کرائی جائیں، ہر مرنے والے کا پوسٹ مارٹم کرایا جائے، کیس کی تفتیش کے لیے ایس ایس پی رینک سے کم کا آفیسر نہیں ہونا چاہیے۔
چیف جسٹس نے تفتیشی افسر سے سوال کیا کہ پوسٹ مارٹم کرایا تھا؟ اس پر تفتیشی افسر نےکہا کہ صرف ایک کا پوسٹ مارٹم کرایا ہے۔
تفتیشی افسر کی کارکردگی پرچیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ نے اظہار برہمی کرتے ہوئے کہا کہ آئی جی صاحب آپ کی موجودگی میں یہ تفتیش کا معیار ہے۔
درخواست گزار کے وکیل نے بتایا کہ جو فیکٹری سیل کی گئی تھی وہ ڈی سی نے دوبارہ کھول دی ہے۔
جسٹس یوسف علی سعید نے کہا کہ مقدمہ ہوا،تفتیش ہوئی اس کے بعد فائل بند ایسا نہیں ہونا چاہیے۔
ڈی سی کیماڑی مختیار ابڑو کا کہنا تھا کہ میں نے فیکٹری کھولنےکی اجازت نہیں دی، ہم نے لوگوں سےکہا کہ قبروں کا بتایا جائے، لوگ ہمیں قبروں تک کا نہیں بتا رہے۔
چیف جسٹس نے اظہار برہمی کرتے ہوئےکہا کہ ایسے لوگوں کو پوسٹنگ ہی نہیں دینی چاہیے، جو لوگ اہل نہیں ہیں انہیں ہٹائیں ، یہ انسانی زندگی کا المیہ ہے۔
کیس کی سماعت کے بعد آئی جی سندھ نے میڈیا سے گفتگو میں بتایا کہ عدالت نے تحقیقات کے لیے سینیئر لیول کی ٹیم بنانے کا حکم دیا ہے اور جاں بحق افراد کی موت کی وجوہات معلوم کرنے کا کہا ہے، واقعے کا الگ مقدمہ درج کرنے جا رہے ہیں۔
آئی جی سندھ کا کہنا تھا کہ اگر تفتیشی افسر کی طرف سے تاخیر ہوئی ہے تو ہم ایکشن لیں گے، اس واقعے میں ایک شخص گرفتار ہے،4 نے ضمانت لے رکھی ہے۔

پارٹی میں ہی ہوں کہیں نہیں جارہا: شاہد خاقان

لاہور: (ویب ڈیسک) مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما شاہد خاقان عباسی نے ایک بار پھر پارٹی چھوڑنے کی خبروں کی تردید کردی۔
لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ احتساب کا سرکس جاری ہے لیکن اس وقت نیب کے احتساب کی ضرورت ہے، فواد حسن فواد کے خلاف بھی جھوٹا مقدمہ بنایا گیا، جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال کو حساب دینا پڑے گا۔ انہوں نے کہا کہ جب تک نیب کو ختم نہیں کریں گے حکومت نہیں چلے گی، جاوید اقبال رو رو کرکہتے ہیں مجھ سے حکومت کراتی تھی، نیب کو سیاست دانوں کو توڑنے کے لیے استعمال کریں گے تو قیمت عوام ادا کریں گے، جاوید اقبال یہ بتائیں ان سے کس نے مقدمات درج کروائے۔
شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ عمران خان نے احتساب کے تین مشیر رکھے تھے لیکن کہتا تھا میں نہیں کرتا مجھ سےجنرل باجوہ کراتے تھے اور جنرل باجوہ کہتے ہیں مجھے پتا نہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ میں مسلم لیگ میں ہوں کہیں نہیں جارہا، میاں صاحب علاج کراکر آئیں گے۔

پاکستان میں وکی پیڈیا پر سے پابندی ہٹالی گئی

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے دنیا بھر میں آن لائن انسائیکلو پیڈیا سروس کے حوالے مشہور ویب سائٹ وکی پیڈیا کی سروسز کو ملک میں بحال کردیا ہے۔
خیال رہے کہ 4 فروری کو وکی پیڈیا کو توہین آمیز مواد نہ ہٹانے پر پاکستان میں بلاک کر دیا گیا تھا۔
گزشتہ روز وزیراعظم شہبازشریف نے وکی پیڈیا کو بحال کرنے کی ہدایت کی تھی۔
وزیراعظم نے وفاقی وزیر آئی ٹی امین الحق کی سربراہی میں5 رکنی کمیٹی بھی قائم کردی ہے،کمیٹی اس معاملے پر ایک ہفتے میں وفاقی کابینہ کو سفارشات پیش کرےگی۔

الیکشن ایک ہی بار ہونے چاہئیں، باربار الیکشن سے انتشار ہوگا: خواجہ سعد

لاہور: (ویب ڈیسک) وفاقی وزیر خواجہ سعد رفیق کا کہنا ہے کہ ملک میں انتخابات ایک ساتھ ہونے چاہئیں کیونکہ بار بار انتخابات سے ملک انتشار کا شکار ہوگا۔
لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ ملک میں انتخابات ایک ساتھ ہونے چاہئیں، یہ ممکن نہیں کہ ملک میں پوراسال انتخابات ہوتے رہیں۔انہوں کہا کہ اسمبلیوں کو مدت سے پہلے بغیر وجہ تحلیل کیا گیا، آئین نے قائد ایوان کو اسمبلی توڑنےکا اختیا ر دیا ہے، عمران خان تو اسمبلی نہیں توڑ سکتا۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پوری قوم کو متحد ہونا چاہیے اور تحریک انصاف کو اے پی سی میں شرکت کرنی چاہیے، انہیں سنجیدگی کا مظاہرہ کرنا چاہیے، دہشتگردی کے خلاف تمام سیاسی جماعتوں کو متحد ہوکر کردار ادا کرنا چاہیے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ملک کو مزید کسی نئے بحران کا شکار نہیں کرسکتے، ملک میں انتخابات ایک ساتھ ہونے چاہئیں، بار بار انتخابات سے ملک انتشار کا شکار ہوگا انتخابات الگ الگ ہوئے تو مزید بحران پیدا ہوں گے۔
خواجہ سعد کا کہنا تھا کہ ایسے حالات نہیں تھے کہ دو صوبائی اسمبلیاں توڑ دی جائیں، وزرائے اعلیٰ کو دباؤ میں لا کر اسمبلیاں تڑوائی گئیں، اب ملک کی صورتحال مزید انتشار کی متحمل نہیں ہوسکتی۔

‘پاکستان میرا دوسرا گھر ہے’، زلمی کے ہیڈ کوچ ڈیرن سیمی کراچی پہنچ گئے

کراچی : (ویب ڈیسک) پاکستان سپر لیگ 8 کے لیے پشاور زلمی کے ہیڈ کوچ ڈیرن سیمی کراچی پہنچ گئے۔
کراچی پہنچنے کے بعد ڈیرن سیمی نے خوشگوار موڈ میں وکٹری کا نشان بناکر تصاویر بنوائیں۔اس موقع پر ڈیرن سیمی نے کہا کہ پاکستان میرا دوسرا گھر ہے۔
خیال رہے کہ پشاور زلمی کے کھلاڑی پہلے ہی کراچی پہنچ چکے ہیں۔
پی ایس ایل کے آٹھویں ایڈیشن میں بابر اعظم پشاور زلمی کی قیادت کریں گے۔