All posts by Khabrain News

کراچی: سندھ ہائیکورٹ کی سکیورٹی میں اضافہ

کراچی: (ویب ڈیسک) سندھ ہائیکورٹ کی سکیورٹی میں اضافہ کردیا گیا۔
سکیورٹی حکام نے سندھ ہائیکورٹ کی عمارت کے اندرونی حصوں میں بھی سکیورٹی بڑھاتے ہوئے ریپڈ رسپانس فورس (آر آر ایف) کے اہلکاروں کو تعینات کردیا گیا ہے، اس کے علاوہ عدالت کےباہر رینجرز کی نفری بھی بڑھائی گئی ہے۔
سندھ ہائیکورٹ کے داخلی راستوں پر گاڑیوں کی تلاشی بھی لی جارہی ہے۔
گزشتہ ہفتے چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ کی سربراہی میں ہونے والے اجلاس میں عدالت عالیہ کی سکیورٹی بڑھانے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔

پاکستان وہیل چیئر کرکٹ کونسل کا غیر ملکی کوچ کی خدمات حاصل کرنے کا فیصلہ

لاہور : (ویب ڈیسک) پاکستان وہیل چیئر کرکٹ کونسل نے غیر ملکی کوچ کی خدمات حاصل کرنے کا فیصلہ کرلیا۔
ترجمان کے مطابق پاکستان وہیل چیئر کرکٹ ٹیم کے لیے غیر ملکی کوچ کی بات چیت جاری ہے، انگلینڈ سے تعلق رکھنے والے کوچ سے آئندہ ہفتے تک معاملات طے پا جائیں گے
پاکستان وہیل چیئر کرکٹ کونسل کے ترجمان کا کہنا ہے کہ ورلڈکپ ایشیا کپ اور افغانستان کے خلاف سیریز کے لیے کوچ کی خدمات حاصل کی جا رہی ہیں۔
ترجمان کے مطابق ورلڈ کپ اپریل اور ایشیا کپ مئی میں کھیلا جائے گا، ورلڈ کپ کے بعد پاکستان افغانستان کی میزبانی کرے گا۔

ترکیہ زلزلے میں کئی کھلاڑی بھی ملبے تلے پھنس گئے، تلاش جاری

لاہور : (ویب ڈیسک) ترکیہ اور شام میں 7.8 شدت کے زلزلے سے مجموعی ہلاکتوں کی تعداد 3600 سے تجاوز کرگئی ہے جبکہ کم و بیش ایک ہزار 710 عمارتیں گر گئيں، ملبے تلے پھنسے افراد کو نکالنے کے لیے سرچ آپریشن جاری ہے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق ترکیہ میں ہولناک زلزلے کے نتیجے میں مختلف کھیلوں سے وابستہ کھلاڑی بھی ملبے تلے پھنس گئے ہیں اور ان کی تلاش جاری ہے۔اطلاعات کے مطابق مغربی افریقی ملک گھانا کے انٹرنیشنل اور پریمیئر لیگ کے سابق فٹبالر کرسچن آسو بھی زلزلے کے ملبے تلے پھنسے افراد میں شامل تھے۔
آسو نے حال ہی میں ترک فٹبال کلب ہاتے اسپور جوائن کیا تھا،رپورٹس کے مطابق ان کی ٹیم کے دیگر کھلاڑیوں کو زلزلے کے نتیجے میں ریسکیو کرلیا گیا تھا، لیکن کرسچن لاپتہ تھے۔
تاہم کئی گھنٹوں کی تلاش کے بعد کرسچن کو ملبے سے زندہ نکال لیا گیا ہے، انہیں طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا۔
رپورٹس کے مطابق فٹبالر کی ٹانگ زخمی ہے جبکہ انہیں سانس لینے میں بھی تکلیف کا سامنا تھا۔غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق ترک گول کیپر Eyup Turkaslan بھی ان افراد میں شامل ہیں جو زلزلے کے نتیجے میں مبینہ طور پر ملبے تلے پھنس گئے ہیں۔
اس کے علاوہ مبینہ طور پر مردوں کی والی بال ٹیم اور لڑکیوں کی انڈر 14 والی بال ٹیم کے کھلاڑی بھی زلزلے سے متاثر ہوئے ہیں،کچھ کھلاڑیوں کو زندہ ملبے سے نکالا گیا ہے جبکہ دیگر کی تلاش جاری ہے۔ رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ ترکیہ میں زلزلے کے بعد کئی ریسلرز کے بھی ملبے تلے دبے ہونے کی اطلاعات ہیں،ترکیہ سے تعلق رکھنے والے اولمپک چیمپئن ریسلر طحہٰ نے 30 سے ​​40 کھلاڑیوں دبے ہونے کا خدشہ ظاہر کرتے ہوئے مدد کی اپیل کی ہے۔

ترکیہ اور شام میں ہولناک زلزلے پر قومی کرکٹرز کا اظہار افسوس

لاہور : (ویب ڈیسک) پاکستانی کرکٹرز نے ترکیہ اور شام میں زلزلے سےقیمتی جانوں کے ضیاع پر اظہار افسوس کیا ہے۔
پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے سوشل میڈیا پر بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ ‘زلزلے کے نتیجے میں بڑے پیمانے پر تباہی کی خبریں سن کر دکھ ہوا، متاثرین کے لیے دعائیں ہیں’۔
اس کے علاوہ آل راؤنڈر شاداب خان نے بھی افسوس کرتے ہوئے کہا کہ’میری دعائیں تباہ کن زلزلے سے متاثر ہونے والوں کے ساتھ ہیں’۔
پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شعیب ملک نے بھی زلزلے میں ہلاک اور زخمی ہونے والے افراد سے ہمدردی کا اظہار کیا۔
واضح رہے کہ امریکی زلزلہ پیمامرکز نے ترکیہ اور شام میں زلزلے سے ہونے والی اموات کی تعداد سے متعلق رپورٹ جاری کی ہے۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ شدید سرد موسم اور عمارتوں کے ملبے تلے دبے افراد کو نکالنے میں تاخیر اور بڑے پیمانے پر پھیلی تباہی کو دیکھتے ہوئے اندازہ ہے کہ ترکیہ اور شام میں 7.8 شدت کے تباہ کن زلزلے سے اموات کی تعداد 10 ہزار سے بھی بڑھنے کا اندیشہ ہے۔

ترکیہ شام ہولناک زلزلہ: اموات 10 ہزار سے بڑھنے کا خدشہ

امریکا : (ویب ڈیسک) ترکیہ اور شام میں ہولناک زلزلے سے اموات کی تعداد 10 ہزار سے بھی بڑھنے کے اندیشے کا اظہار کیا جا رہا ہے۔
امریکی زلزلہ پیما مرکز نے خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ شدید سرد موسم اور عمارتوں کے ملبے تلے دبے افراد کو نکالنے میں تاخیر اور بڑے پیمانے پر تباہی کا سبب بن سکتی ہے۔ اور اس وجہ سے اموات کی تعداد 10 ہزار سے بھی تجاوز کر سکتی ہے جبکہ ابتدائی طور پر 1 ارب ڈالر کا معاشی نقصان برداشت کرنا پڑے گا۔
واضح رہے ترکیے اور شام میں زلزلے سے تباہی بڑے پیمانے تک جانے کا امکان ہے۔
انقرہ/ دمشق ترکیہ میں 7 اعشاریہ 8 کی شدت سے زائد کے دو زلزلوں سے ہلاکتوں کی تعداد 4300 تک پہنچ گئی ہے، جبکہ ہزاروں افراد زخمی ہیں۔
ترکیہ نے زلزلے کی تباہی کے پیش نظر ریاستی سطح پر ہنگامی صورتحال نافذ کر دی ہے، شہریوں سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ اپنے موبائل فونز استعمال نہ کریں تاکہ امدادی رضاکاروں کو آپس میں رابطہ قائم کرنے میں دشواری اور پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
عالمی خبر رساں ایجنسیون کے مطابق ترکیہ اور شام میں آنے والے زلزلوں کو ماہرین حالیہ تاریخ کے سب سے بڑے زلزلے قرار دے رہے ہیں۔
گزشتہ روز آنے والے زلزلے کے شدید جھٹکے ایک منٹ تک محسوس کیے گئے تھے، زلزلے کے بعد اب تک ایک سو بیس آفٹر شاکس آچکے، قدرتی آفت کی وجہ سے ترکیہ بھر میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے۔

محمد علی شاہ جونیئر نے باکسنگ چیمپئن شپ کا ٹائٹل اپنے نام کر لیا

کراچی: (ویب ڈیسک) محمد علی شاہ جونیئر نے اپنے حریف محمد جواد کو 48 کلو گرام کیٹیگری میں شکست دے کر کراچی انڈر 14 بوائز اینڈ گرلز باکسنگ چیمپئن شپ کا ٹائٹل جیت لیا۔
کراچی انڈر 14 بوائز اینڈ گرلز باکسنگ چیمپئن شپ میں کراچی کے تمام اضلاع کے 114 بوائز اور گرلز باکسرز نے حصہ لیا، فائنل راؤنڈ میں 15 مقابلے جبکہ ایونٹ میں مجموعی طور پر 51 مقابلے ہوئے۔
چیمپئن شپ میں لیاری لیبر باکسنگ کلب 4 گولڈ لے کر پہلے نمبر پر رہا، کیماڑی باکسنگ کلب نے 3 گولڈ کے ساتھ دوسری پوزیشن حاصل کی۔

آسٹریلوی کپتان ایرون فنچ کا انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان

میلبورن: (ویب ڈیسک) آسٹریلوی ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ٹیم کے کپتان ایرون فنچ نے انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا۔
ایرون فنچ نے 5 ٹیسٹ، 146 ون ڈے اور 103 ٹی ٹوئنٹی میچز میں آسٹریلین ٹیم کی نمائندگی کی، فنچ کی قیادت میں آسٹریلیا نے ٹی 20 ورلڈ کپ 2021ء کا ٹائٹل اپنے نام کیا۔
ایرون فنچ نے انٹرنیشنل میچز میں مجموعی طور پر 8 ہزار 804 رنز بنائے جن میں ایک روزہ میچز کی 17 اور ٹی ٹوئنٹی میچز کی 2 سنچریاں شامل ہیں۔
مزید برآں ایرون فنچ نے 76 ٹی ٹوئنٹی اور55 ون ڈے میچز میں آسٹریلیا کی کپتانی بھی کی، فنچ نے گزشتہ سال ستمبر میں ہی ایک روزہ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لے لی تھی۔

وزیراعظم کا دورہ ترکیہ، آل پارٹیز کانفرنس ایک بار پھر موخر

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیراعظم میاں شہباز شریف کی زیرصدارت بلائی گئی آل پارٹیز کانفرنس (اے پی سی) ایک بار پھر موخر کر دی گئی، نئی تاریخ کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔
یاد رہے کہ وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت 9 فروری کو آل پارٹیز کانفرنس ہونا تھی۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر وفاقی وزیر مریم اورنگزیب نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کل صبح انقرہ روانہ ہوں گے، وہ صدر اردوان سے زلزلے کی تباہی، جانی نقصان پر افسوس اور تعزیت، ترکیہ کے عوام سے یک جہتی کریں گے۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کے دورہ ترکیہ کی وجہ سے جمعرات 9 فروری کو بلائی گئی اے پی سی مؤخر کی جا رہی ہے، اتحادیوں کی مشاورت سے نئی تاریخ کا اعلان ہوگا۔

ترکی، شام میں تباہ کن زلزلہ سے تباہی اور ہلاکتیں دماغ کو سن کر رہی ہیں: وزیراعظم

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ترکی اور شام میں تباہ کن زلزلے کے 24 گھنٹے بعد ہلاکتیں اور تباہی کے مناظر دماغ کو سن کر رہے ہیں۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ بڑے پیمانے پر انسانی المیہ دلی دکھ اور صدمے کا باعث ہے۔
وزیراعظم کا مزید کہنا تھا کہ یکجہتی اور بروقت امداد سے دکھی انسانیت کی مدد کرنی چاہیے۔

منی لانڈرنگ ریفرنس: وزیراعظم کے داماد کی عبوری ضمانت میں توسیع

لاہور: (ویب ڈیسک) منی لانڈرنگ ریفرنس میں نیب کورٹ نے وزیراعظم شہبازشریف کے داماد ہارون یوسف کی عبوری ضمانت میں 17 فروری تک توسیع کر دی۔
احتساب عدالت لاہور میں منی لانڈرنگ ریفرنس میں شہبازشریف کے داماد ہارون یوسف کی عبوری ضمانت پر سماعت ہوئی۔
دوران سماعت نیب کے تفتیشی افسر نے ہارون یوسف کی گرفتاری سے متعلق بیان دے دیا، تفتیشی افسر کا کہنا تھا کہ ہارون یوسف کی گرفتاری درکار نہیں ہے۔
عدالت نے ہارون یوسف اور طاہر نقوی کی عبوری ضمانت میں 17 فروری تک توسیع کر دی۔