All posts by Khabrain News

وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے آئی ایم ایف سے معاہدے کی پریس ریلیز شیئر کر دی

اسلام آباد: (خبریں ڈیجیٹل ) وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے آئی ایم ایف سے معاہدے کی پریس ریلیز شیئر کر دی۔

 

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اسحاق ڈار نے عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف ) سے سٹاف لیول معاہدہ ہونے کی پریس ریلیز شیئر کی ہے۔

وفاقی وزیر خزانہ نے آئی ایم ایف کی پریس ریلیز پر الحمدللہ لکھا ہے۔

واضح ہے کہ آئی ایم ایف نے 3 ارب ڈالر کا سٹاف لیول معاہدہ کرنے کا اعلان کر دیا، پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان سٹینڈ بائی ارینجمنٹ کا معاہدہ طے پایا ہے۔

آئی ایم ایف اور پاکستان کا 3 ارب ڈالر کا اسٹینڈ بائی ارینجمنٹ معاہدہ

لاہور (خبریں ڈیجیٹل) پاکستان کیلئے معاشی میدان سے بڑی خبر آگئی، عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) نے پاکستان سے اسٹاف لیول کا معاہدہ کرلیا، معاہدے کی حتمی منظوری آئی ایم ایف کا ایگزیکٹو بورڈ دے گا۔

تفصیلات کے مطابق آئی ایم ایف اور پاکستان کا 3 ارب ڈالر کا اسٹینڈ بائی ارینجمنٹ کا معاہدہ ہوگیا۔ ذرائع کے مطابق پاکستان کو آئی ایم ایف کی یہ رقم قسطوں میں ملنے کا امکان ہے۔ اس حوالے سے آئی ایم ایف کی جانب سے اعلامیہ جاری کردیا گیا۔

اعلامیے میں کہا گیا کہ پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان اسٹاف لیول معاہدہ ہوگیا۔ آئی ایم ایف اور پاکستان کے درمیان 3 ارب ڈالر کا معاہدہ ہوا ہے۔ آئی ایم ایف نے پاکستان سے معاہدے کی تصدیق بھی کردی ہے۔ آئی ایم ایف کا ایگزیکٹو بورڈ وسط جولائی میں اس معاہدے کا جائزہ لے گا۔

اعلامیے کے مطابق اسٹاف لیول معاہدہ معاشی استحکام میں معاون ثابت ہوگا۔ معاہدہ پاکستان کی بیرونی ادائیگیوں کا دباؤ کم کرے گا۔ معاہدے سے سماجی شعبے کیلئے فنڈزکی فراہمی بہتر ہوگی۔ معاہدہ پاکستان میں ٹیکسز کی آمدن بڑھائے گا۔ ٹیکس کی آمدن بڑھنے سے عوام کی ترقی کیلئے فنڈنگ بڑھ سکے گی۔

آئی ایم ایف اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ یہ معاہدہ معاہدہ پاکستان میں مالی نظم و ضبط کا باعث بنے گا۔ معاہدے سے توانائی کی اصلاحات یقینی بنائی جائیں گی، معاہدے سے ایکس چینج ریٹ مارکیٹ کے حساب سے مقرر کیا جائے گا۔ معاہدہ ورچوئل مذاکرات کے ذریعے مکمل کیا گیا۔

آئی ایم ایف مشن چیف نیتھن پورٹر اور انکی ٹیم نے ورچوئل مذاکرات کیے، پاکستانی اتھارٹیز سے اصلاحات پر مسلسل رابطے کیے۔

اس حوالے سے آئی ایم ایف مشن چیف نے کہا کہ اسٹاف لیول معاہدے کو ایک اسٹینڈ بائی اریجمنٹ کے تحت کیا گیا۔  یہ اسٹینڈ بائی اریجمنٹ 9 ماہ کیلئے ہے۔ اب پاکستان کو 3 ارب ڈالر کا قرض فراہم کیا جاسکے گا۔ اس معاہدے کی حتمی منظوری آئی ایم ایف کا ایگزیکٹو بورڈ دے گا۔

عید کے دوسرے روز پنجاب کے مختلف شہروں میں بارش سے موسم خوشگوار

لاہور، اسلام آباد: (ویب ڈیسک) عید کے دوسرے روز پنجاب کے مختلف شہروں میں بارش سے موسم خوشگوار ہو گیا۔

جھنگ، کمالیہ، گوجرہ، چکوال، ڈسکہ، گوجرانوالہ سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں آندھی کے ساتھ بارش ہوئی ہے۔

اس کے علاوہ اسلام آباد، خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں چند مقامات پر آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق بالائی خیبر پختونخوا میں چند مقامات پر موسلادھار بارش کا امکان ہے۔

عید کے دوسرے روز بیوپاری سستے داموں جانور بیچ کر گھروں کو جانے لگے

لاہور: (ویب ڈیسک)عید کے دوسرے روز قربانی کے جانوروں کی قیمتیں گر گئیں، بچے کچے جانور بیچ کر بیوپاری آبائی علاقوں کو واپس جانے کی تیاری کرنے لگے۔

عید کے پہلے روز منہ مانگے ریٹ مانگنے والے قصائیوں کے بھرم بھی ختم ہوگئے، جو رقم ملے، لے کر جانور گرانے پر تیار ہیں۔

رانیں روسٹ کرنیوالوں کا کاروبار عید کے دوسرے روز بھی چمکنے کا امکان ہے۔

اس سے قبل عید کے پہلے دن رات کے پروگرام، تکہ بوٹی، باربی کیو، کڑاہی، بیف بریانی، مٹن بریانی، کباب، چانپیں اور مزے مزے کے پکوانوں کا اہتمام کیا گیا۔

کسی نے میزبان بن کر کھلایا، کسی نے مہمان بن کر کھایا، کوئی پکوان سینٹر سے مزیدار تکہ بوٹی بنوانے پہنچا تو کسی نے گھر کی چھت پر دوستوں کی محفل سجائی تھی۔

عیدالاضحیٰ: دوسرے روز بھی سنت ابراہیمی کی ادائیگی، کل کے مہمان آج بنیں گے میزبان

لاہور: (ویب ڈیسک) عیدالاضحیٰ کے دوسرے روز بھی ملک بھر میں سنت ابراہیمی کی ادائیگی کا سلسلہ جاری ہے۔

لاہور، اسلام آباد، کراچی ، پشاور سمیت ملک کے مختلف مقامات پر عید کے دوسرے روز بھی صبح سے ہی سنت ابراہیمی کی پیروی کرتے ہوئے جانور قربان کئے جا رہے ہیں۔

قصابوں نے نخرے دکھانے کا سلسلہ دوسرے روز بھی جاری رکھا، جانور قربان کرنے کیلئے منہ مانگے دام وصول کرنے لگے۔

دوسری جانب کل کے مہمان آج بنیں گے میزبان، عید کے دوسرے روز بھی گھروں میں مزیدار پکوان تیار ہوں گے، شہریوں کی جانب سے ناشتے کے بعد دوپہر کے کھانے کی تیاریوں کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے۔

عید کے پہلے روز بھی سنت ابراہیمی کی ادائیگی کے بعد خواتین نے کچن کا ہولڈ سنبھالا، مزے مزے کے کھانے بنائے، کسی نے نہاری، کلیجی بنائی تو کہیں قورمہ اور گوشت پکایا گیا، جہاں گھروں میں لذیز کھانے بنتے رہے وہیں پیارے جانور قربان ہونے پر بچے افسرہ دکھائی دیئے۔

دوسری جانب قربانی کے بعد کہیں آلائشیں بروقت اٹھائی جا رہی ہیں تو کہیں رہائشی علاقوں اور سڑکوں پر آلائشیں پڑے رہنے کے باعث تعفن پیدا ہونے سے لوگوں کی مشکلات بھی بڑھ رہی ہیں۔

ادھر عید کے موقع پر تفریح گاہوں اور سیاحتی مقامات پر بھی عوام کا رش لگ گیا، شہریوں کی بڑی تعداد نے مری، گلیات اور شمالی علاقوں کا رخ کر لیا ہے۔

عید کے دوسرے روز شہری بچوں کو لے کر پارکوں میں پہنچ گئے ہیں، اسلام آباد اور شمالی علاقوں میں بارش کے بعد موسم مزید خوشگوار ہوگیا ہے۔

سندھ: عید الاضحیٰ پر صوبہ بھر میں دفعہ 144 کے نفاذ کا اعلان

کراچی: (ویب ڈیسک) عید کے 3 دن سندھ بھر میں دفعہ 144 نافذ کر دی گئی، محکمہ داخلہ سندھ نے حکم نامہ جاری کر دیا۔
سندھ میں ڈپٹی کمشنر کی اجازت کے بغیر کھالیں جمع کرنے پر پابندی عائد کر دی گئی، کھالیں جمع کرنے کیلئے کیمپ لگانے پر بھی پابندی ہوگی، عید کے تینوں دن اسلحہ رکھنے پر پابندی عائد کی گئی ہے۔
کھالیں جمع کرتے وقت لاؤڈ سپیکرکے استعمال کرنے کی اجازت نہ ہوگی جبکہ عید کے دنوں میں جھنڈے لگانے پر بھی پابندی عائد کی گئی ہے۔
وزارت داخلہ سندھ کا کہنا ہے کہ قربانی کی کھالیں چھیننے والوں سے سختی سے نمٹا جائے گا، خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف علاقہ ایس ایچ او قانونی کارروائی عمل میں لائیں گے۔

ایف بی آر نے پہلی مرتبہ ٹیکس کی مد میں 7 ہزار ارب روپے اکٹھے کر لئے

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ محصولات کی مد میں 7 ہزار ارب روپے اکٹھے کر لئے ہیں۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے بتایا کہ ایف بی آر نے 26 جون تک محصولات کی مد میں سات ہزار ارب روپے اکٹھے کر لئے ہیں۔
اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ 30 جون تک ٹیکس وصولیوں میں مزید اضافہ ہوگا۔
الحمداللہ!
پاکستان کی تاریخ میں پہلی دفعہ فیڈرل بورڈ آف ریوینیو نے
26 جون تک محصولات کی مد میں 7000 ارب روپے اکٹھا کر لیا ہے۔
30 جون تک اس میں مزید اضافہ ہو گا۔ انشاءاللہ۔
دوسری جانب گزشتہ روز قومی بچت سکیم کے تحت شریعت کے مطابق مصنوعات متعارف کروانے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خزانہ اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ یکم جولائی سے 4 اسلامی بچت سکیمیں متعارف کرائیں گے۔
وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان کے معاشی نظام کو سود سے پاک کرنے کیلئے اقدامات کر رہے ہیں، یکم جولائی سے نیشنل سیونگز کی 4 نئی پروڈکٹس لانچ کر رہے ہیں، بجٹ میں کہا تھا 30 جون تک نئی پروڈکٹس لانچ کریں گے۔

ورلڈکپ میچز کیلئے قومی ٹیم بھارت جائیگی یا نہیں؟ پی سی بی نے واضح کر دیا

لاہور: (ویب ڈیسک) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی جانب سے ورلڈ کپ کے آفیشل شیڈول کے اعلان بعد پی سی بی کا مؤقف بھی سامنے آگیا ہے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کا کہنا ہے کہ پی سی بی کو دورہ بھارت اور میچ وینیوز کے حوالے سے حکومت پاکستان کی کلئیرنس درکار ہوتی ہے، حکومت کی جانب سے ہمیں جو بھی ہدایت ملے گی ہم ایونٹ اتھارٹی آئی سی سی کو آگاہ کر دیں گے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کا کہنا ہے کہ آئی سی سی کو فیڈ بیک کے لیے بھجوائے جانے والے ڈرافٹ کے موقع پر آگاہ کیا گیا تھا۔
واضح رہے کہ آئی سی سی نے کرکٹ ورلڈ کپ کے آفیشل شیڈول کا اعلان کر دیا ہے۔
جاری شیڈول کے مطابق ایونٹ کا آغاز 5 اکتوبر سے ہوگا جبکہ فائنل 19 نومبر کو کھیلا جائے گا، پہلا میچ دفاعی چیمپئن انگلینڈ اور نیوزی لینڈ کے درمیان بھارت کے شہر احمد آباد میں ہوگا، پاکستان اپنا پہلا میچ 6 اکتوبر کو کوالیفائر ون کے خلاف حیدر آباد میں کھیلے گا۔

لوکا موڈرک نے رئیل میڈرڈ کے ساتھ ایک سال کا نیا معاہدہ کر لیا

میڈرڈ : (ویب ڈیسک) کروشیا کے مڈفیلڈر لوکا موڈرک نے فٹبال کلب رئیل میڈرڈ کے ساتھ ایک سال کا نیا معاہدہ کر لیا۔
لوکا موڈرک نے ایک سال کے نئے معاہدے پر دستخط کیے ہیں جس کے تحت وہ 2024 کے موسم گرما تک رئیل میڈرڈ میں رہیں گے، کروشین مڈفیلڈر کا برنابیو میں ختم ہونے والا معاہدہ سعودی عرب کی پرو لیگ میں جانے سے منسلک تھا۔
37 سالہ موڈرک نے 2012 میں ٹوٹنہم سے آنے کے بعد رئیل میڈرڈ کے لیے 488 میچز کھیلے ہیں اور وہ تین بار لا لیگا ٹائٹل اور پانچ بار چیمپئنز لیگ جیتنے والے سکواڈ کا حصہ رہے ہیں۔
انہوں نے 2018 میں کروشیا کے ورلڈ کپ کے فائنل میں پہنچنے پر بیلن ڈی ایوارڈ بھی جیتا تھا۔
سپین کے دارالحکومت میڈرڈ میں اپنے نئے معاہدے کے اعلان کے بعد موڈرک نے اپنے ٹوئٹر پیغام میں ’’ ہوم سویٹ ہوم ‘‘ لکھا۔

لاہور ہائیکورٹ نے چیئرمین پی سی بی کے انتخابات روکتے ہوئے حکم امتناعی جاری کردیا

لاہور: (ویب ڈیسک) لاہور ہائیکورٹ نے چیئرمین پی سی بی کے انتخابات روکتے ہوئے حکم امتناعی جاری کر دیا، وفاقی حکومت، پی سی بی الیکشن کمشنر اور دیگر فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کر لیا۔
عدالت میں درخواست گزار نے موقف اختیارکیا ہے کہ مینجمنٹ کمیٹی کی منظوری سے بورڈ آف گورنرز کو پی سی بی الیکشن کمشنر نے عہدوں سے ہٹا دیا، پی سی بی الیکشن کمشنر نے غیرآئینی اقدام کرتے ہوئے بورڈ آف گورنرز کے نوٹیفکیشن کو کالعدم قراردیا۔
پی سی بی کے الیکشن کمشنر نےغیرقانونی اقدام کرتے ہوئے نیا بورڈآف گورنرز تشکیل دیا۔
درخواست گزار نے استدعا کی ہے کہ پی سی بی الیکشن کمشنر کا ازخود نیا بورڈ آف گورنرز تشکیل دینے کا اقدام غیرآئینی قرار دیا جائے، عدالتی فیصلہ آنے تک پی سی بی انتخابات روکنے کا حکم دیا جائے۔