کراچی: (ویب ڈیسک) سونے کی فی تولہ قیمت میں 3 ہزار 50 روپے کا اضافہ ہو گیا۔
صرافہ بازار جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق سونے کی فی تولہ قیمت 3 ہزار 50 روپے کے اضافے کے ساتھ ایک لاکھ 51 ہزار 150 روپے پر پہنچ گئی۔
10 گرام سونے کی قیمت میں 2 ہزار 615 روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا جس کے بعد 10 گرام سونے کی قیمت ایک لاکھ 29 ہزار 587 روپے ہو گئی۔
گزشتہ روز بھی سونے کی قیمت میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا تھا اور سونے کی فی تولہ قیمت 2 ہزار 400 روپے اضافے کے بعد ایک لاکھ 48 ہزار 100 روپے ہو گئی تھی جبکہ 10 گرام سونے کی قیمت 2 ہزار 258 روپے اضافے کے بعد ایک لاکھ 26 ہزار 972 روپے ہو گئی تھی۔
All posts by Khabrain News
ممنوعہ فنڈنگ کیس: جواب جمع کرانے کیلئے تحریک انصاف کو آخری موقع
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) الیکشن کمیشن نے ممنوعہ فنڈنگ کیس میں جواب جمع کرانے کیلئے تحریک انصاف کو آخری موقع دے دیا ، چیف الیکشن کمشنر نے ریمارکس دئیے کیا اس کیس کوبھی آٹھ سال چلانا ہے۔
چیف الیکشن کمشنر کی سربراہی میں ممنوعہ فنڈنگ کے کیس کی سماعت کے دوران پی ٹی آئی کے وکیل شاہ خاور نے 4 ہفتے کی مزید مہلت کی استدعا کر دی۔
وکیل کا کہنا تھا کہ بیرون ملک سےبعض دستاویزات ابھی تک نہیں ملیں، ،سمندرپارپاکستانیوں کےنائیکوپ اوردیگرتفصیلات کاانتظارہے۔
چیف الیکشن کمشنر نے کہاکہ کیا اس کیس کوبھی آٹھ سال چلانا ہے؟ یقینی بنایا جائے آخری مرتبہ وقت لیا جا رہا ہے، الیکشن کمیشن نے تحریک انصاف کو جواب جمع کروانے کے لیے دو ہفتے کا وقت دیتے ہوئے سماعت 19 ستمبر تک ملتوی کردی۔
ایشیاکپ سوپرفورمرحلے: سری لنکا کا بھارت کے خلاف ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ
دبئی: (ویب ڈیسک) ایشیا کپ سوپر فور مرحلے کے اہم میچ میں سری لنکا نے بھارت کے خلاف ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا ہے۔
دبئی میں کھیلے جا رہے میچ میں ٹاس کے بعد گفتگو کرتے ہوئے بھارتی کپتان روہت شرما نے کہا کہ پاکستان کے خلاف اچھا مقابلہ ہوا اور بہت کچھ سیکھنے کو ملا۔
انہوں نے کہا کہ آج کی ٹیم میں ایک تبدیلی کی گئی ہے روی ایشون کو بشنوئی کی جگہ ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔
اس موقع پر سری لنکا کے کپتان نے کہا کہ ٹیم میں آج کوئی تبدیلی نہیں کی گئی، کوشش کریں گے کہ بھارت کو کم سے کم اسکور تک محدود رکھیں۔
اداروں پر تنقید، عمران خان سے نمٹنا پڑے گا: مریم نواز
لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے سابق وزیراعظم عمران خان پر تنقید کرتے ہوئے لکھا ہے کہ ہمیں اس سے نمٹنا پڑے گا۔
پاکستان تحریک انصاف کے چیئر مین پر تنقید کرتے ہوئے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر پاکستان مسلم لیگ ن کی نائب صدر نے لکھا کہ عمران خان کا پاکستان کے بارے میں موقف مشروط ہے اگر فوج غیر جانبدار رہی تو کیچڑ اچھالوں گا۔ اگر عدالتوں نے میرے جرائم کو قانونی قرار نہ دیا تو ان کے خلاف بولوں گا۔
انہوں نے مزید لکھا کہ اگر الیکشن کمیشن نے غیر ملکی فنڈنگ کی چوری کو بے نقاب کیا تو ان کی سالمیت پر حملہ کروں گا، اس لعنت سے نمٹنا پڑے گا۔
ایک اور ٹویٹ میں مریم نواز نے لکھا کہ ان ماؤں کو سلام جو اپنی گود میں بیٹوں کو دھرتی کی حفاظت کا درس دیتی ہیں، ان کی شہادت پر دعا کرتی ہیں وطن ہمیشہ قائم رہے، ان بیٹوں کو سلام جو وردی پر پرچم لگا کر جاتے ہیں اور پرچم میں لپٹ کر واپس آتے ہیں۔ یہ قوم شہیدوں کی، ان کے گھر والوں کی مقروض ہے۔ پاکستان پائندہ باد
ایک اور ٹویٹ میں انہوں نے ایک شعر بھی لکھا کہ
اے راہِ حق کے شہیدو وفا کی تصویرو
تمہیں وطن کی ہوائیں سلام کہتی ہیں
قوم عمران خان کی کال کی منتظر ہے ، حماد اظہر
لاہور: (ویب ڈیسک) تحریک انصاف سینٹرل پنجاب کے جنرل سیکرٹری و سابقہ وفاقی وزیر میاں حماد اظہر سے سابقہ ایم این اے تصدیق مسعود، چوہدری مقبول گجر ایم ایل اے، ڈاکٹر عامر حسین، علی حسن عباس بابا اور چوہدری خالد گجر نے ملاقات کی ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر میاں حماد اظہر نے کہاکہ پوری قوم حقیقی آزادی کی تحریک میں حصہ لینے کے لئے عمران خان کی کال کی منتظر ہے حقیقی آزادی کی تحریک میں رکاوٹ بننے والوں کو عوام عبرت کا نشان بنائیں گے۔ پی ڈی ایم کے کرپٹ ٹولے کی حکومت عوام پر مہنگائی کے پہاڑ توڑ رہی ہے پی ڈی ایم کا کرپٹ ٹولہ سیلاب میں بھی منفی سیاست کرنے میں مصروف ہے ۔ حماد اظہر کا مزید کہنا تھاکہ ملک کی موجودہ صورتحال کا واحد حل نئے الیکشن کے انعقاد میں ہے چیئرمین عمران خان ہی ملک کو موجودہ صورتحال سے نکال سکتے ہیں۔
’رشین ورلڈ‘ ولادیمیر پیوٹن نے نئی خارجہ پالیسی کی منظوری دیدی
ماسکو: (ویب ڈیسک) روس کے صدر ولادیمیر پیوٹن نے نئی خارجہ پالیسی کی منظوری دے دی ہے۔ “رشین ورلڈ” کے نام سے پالیسی میں بھارت اور چین کو خصوصی مقام دیا جائے گا جبکہ مشرق وسطیٰ، لاطینی امریکا اور افریقہ سے تعلقات مزید مستحکم کرنے پر زور دیا گیا۔
ولادیمیر پیوٹن نے روسی دنیا کے تصور کے گرد مبنی نئے خارجہ پالیسی نظریے کو منظوری دی۔ یہ تصور قدامت پسند نظریات کے حامل افراد استعمال کرتے رہے ہیں اور وہ روسی بولنے والوں کی حمایت میں بیرون ملک مداخلت کو جائز قرار دیتے ہیں۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق یوکرین کے خلاف جنگ شروع کرنے کے کوئی چھ ماہ بعد شائع ہونے والی 31 صفحات پر مشتمل اس انسانی ہمدردی کی پالیسی میں کہا گیا ہے روس کو روسی دنیا کی روایات اور نظریات کی حفاظت، تحفظ اور ترقی کی کوشش کرنی چاہئے۔
اس پالیسی کے مطابق روسی فیڈریشن بیرون ملک مقیم اپنے ہم وطنوں کو ان کے حقوق کے حصول میں مدد فراہم کرتا ہے تاکہ ان کے مفادات کے تحفظ اور ان کی روسی ثقافتی شناخت کے تحفظ کو یقینی بنایا جا سکے۔
روس میں دائیں بازو کے خیالات کے ایسے افراد کی بڑی تعداد موجود ہے جو آج بھی سابقہ سوویت یونین کے جغرافیائی علاقے یعنی بالٹک سے وسطی ایشیا تک کے علاقے پر اپنا جائز حق مانتے ہیں۔ حالانکہ اس علاقے کے بہت سے ممالک کے علاوہ مغربی دنیا بھی اس حق کو ناجائز سمجھتی ہے۔
نئی خارجہ پالیسی کے مطابق روس کوسلاوک ملکوں، چین اور بھارت کے ساتھ تعاون میں اضافہ کرنا چاہئے اور مشرق وسطیٰ، لاطینی امریکا اور افریقہ کے ساتھ تعلقات کو مزید مستحکم کرنا چاہئے۔ ماسکو کو جارجیا کے دو علاقوں ابخازیہ اور اوسیتیا کے ساتھ تعلقات کو مزید گہرا کرنا چاہیے۔ ماسکو نے 2008 میں جارجیا کے خلاف جنگ کے بعد ان دونوں علاقوں کو آزاد تسلیم کیا تھا۔ اس کے علاوہ مشرقی یوکرین میں دو الگ ہونے والے علاقوں، خود ساختہ ڈونیٹسک عوامی جمہوریہ اور لوہانسک عوامی جمہوریہ کو بھی مضبوط کرنا چاہئے۔
اس سے قبل روس نے کہا تھا کہ جب تک ماسکو کے خلاف پابندیاں نہیں اٹھائی جاتیں، اس وقت تک یورپ کو روسی گیس کی سپلائی دوبارہ نہیں شروع کی جائے گی۔ نورڈ اسٹریم 1 پائپ لائن کو بند کرنے کے فیصلے کی واحد وجہ مغربی ممالک کی پابندیاں ہیں۔
شام میں زیرِتعمیر مکان میں بارودی سرنگ دھماکا؛ 4 بچے جاں بحق
ادلب: (ویب ڈیسک) شام کے شمال مغربی علاقے میں زیر تعمیر مکان کے اندر بارودی سرنگ دھماکے سے پھٹ گئی جس کے نتیجے میں 4 بہن بھائی جان بحق ہوگئے۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق جنگ زدہ شام میں مکان ایک حصے کی تعمیر جاری تھی جس کے دوران زیر زمین دبی بارودی سرنگ زوردار دھماکے سے پھٹ گئی۔ دھمکاے میں 4 بچے جاں بحق ہوگئے۔
ریسکیو ادارے کے ترجمان نے بتایا کہ جاں بحق ہونے والے چاروں بچے بہن بھائی ہیں۔ متاثرہ خاندان دو ہفتے قبل ہی اس گھر میں منتقل ہوا تھا اور ایک کمرا تیار کروا رہے تھے۔ جنگ میں اب اتک اس بدقسمت خاندان کے 4 بھتیجے، تین بیٹیاں اور ایک بیٹا ہلاک ہو چکے ہیں۔
جنگ زدہ شام میں تمام متحارب گروپوں نے زرعی زمینوں اور رہائشی علاقوں میں بچھائی ہیں جو کسانوں اور راہگیروں کے لیے ایک مستقل خطرہ ہے۔
خیال رہے کہ اقوام متحدہ کے بارودی سرنگوں سے متعلق ادارے نے 2015 میں بتایا تھا کہ 15 ہزار افراد بارودی سرنگوں کی زد میں آ کر متاثر ہوچکے ہیں یعنی یومیہ 5 افراد بارودی سرنگوں کی زد میں آئے۔
شام میں 2011 میں داعش اور حکومتی فورسز کے درمیان جنگ میں 5 لاکھ افراد ہلاک اور دسیوں لاکھوں بے گھر ہوچکے ہیں۔
بُرکینا فاسو میں اسکول بس اور تجارتی قافلے پر دھماکا؛ طلبا سمیت 35 ہلاک
بُرکینا فاسو: (ویب ڈیسک) مغربی افریقی ملک بُرکینا فاسو میں اسکول بس اور تاجروں کے قافلے پر بارودی سرنگ دھماکے میں طلبا سمیت 35 افراد ہلاک اور 37 زخمی ہوگئے۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق مغربی افریقی ملک بُرکینا فاسو میں اُس وقت بارودی سرنگ دھماکا ہوگیا جب وہاں سے فوجی حفاظت میں ایک اسکول کی بس اور تاجروں کا قافلہ گزر رہا تھا۔
دھماکے میں 35 افراد ہلاک ہوگئے جن میں وہ طلبا بھی شامل ہیں جو تعلیمی سال مکمل ہونے پر گھر کو واپس آرہے تھے۔ ہلاک ہونے والوں میں زیادہ تر مقامی تاجر شامل ہیں جو اشیاء کی خرید و فورخت کے لیے ایک شہر سے دوسرے شہر جارہے تھے۔
بارودی سرنگ دھماکے میں قافلے میں شامل ٹرکوں اور بسوں کو بھی نقصان پہنچا البتہ قافلے کی حفاظت کے لیے ساتھ چلنے والے فوجی اہلکار حملے میں محفوظ رہے۔
تاحال کسی گروپ نے حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے تاہم بُرکینا فاسو کی سرحد نائیجر اور مالی سے ملتی ہیں اور شدت پسند ان سرحدوں کو عبور کرکے ایسی کارروائیاں کرتے رہتے ہیں۔
واضح رہے کہ جنگ زدہ برکینا فاسو میں اگست کے آغاز میں یکے بعد دیگرے ہونے والے بارودی سرنگ دھماکے میں 15 فوجی مارے گئے تھے اور اسی طرح جون میں ہونے والے ایک حملے میں 86 شہری جان سے گئے تھے۔
جاپان کا پاکستان کے لیے 7 ملین ڈالر ہنگامی امداد کا اعلان
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) جاپان نے پاکستان میں تباہ کن سیلابی صورت حال کے دوران متاثرین اور بحالی کے کاموں کے لیے 7 ملین امریکی ڈالر کی ہنگامی امداد کا اعلان کیا ہے۔
پاکستان کے لیے ہنگامی امداد سے متعلق منصونے کا اعلان جاپانی وزیر برائے امور خارجہ ہیاشی یوشیماسا نے کیا۔ علاوہ ازیں پاکستان میں جاپانی سفیر واڈا میتسوہیرو نے کہا ہے کہ میں حکومتِ جاپان پاکستانی عوام کی مدد کے لیے تیار ہے۔ مشکل کی اس گھڑی میں ہم متاثرہ افراد کے ساتھ کھڑے ہیں۔
جاپانی سفیر کا کہنا تھا کہ بارش اور سیلاب سے قیمتی انسانی جانوں کا ضیاع ہوا، اس کے علاوہ اہم انفرا اسٹرکچر اور وسیع پیمانے پر نظام زندگی درہم برہم ہو چکا ہے۔ قدرتی آفت سے لاکھوں لوگ بے گھر ہوگئے۔ انہوں نے کہا کہ فلڈ ریسپانس پلان 2022 کے ایک حصے کے طور پر ہم اجتماعی اور مربوط کارروائیوں کے ذریعے اپنی امداد میں توسیع کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کی ایجنسیوں کے ساتھ مل کر صحت، خوراک،غذا، پانی ،صفائی ستھرائی اور پناہ گاہوں سمیت دیگر ہنگامی ضروریات کے لیے مدد فراہم کی جائے گی۔
آرمی چیف امدادی کاموں کا جائزہ لینے بلوچستان کے سیلاب زدہ علاقوں میں پہنچ گئے
کوئٹہ: (ویب ڈیسک) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ امدادی کاموں کا جائزہ لینے بلوچستان کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں پہنچ گئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سپہ سالار جنرل قمر جاوید باجوہ نے بلوچستان کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کرکے امدادی کاموں کا جائزہ لیا ہے۔
آئی ایس پی آر نے جاری بیان میں کہا ہے کہ آرمی چیف نے ضلع جعفر آباد کے علاقے اوستہ محمد بھی پہنچے اور متاثرین سیلاب اور امدادی سرگرمیوں میں مصروف ٹروپس سے ملاقات کریں گے۔
خیال رہے کہ بلوچستان میں سیلاب کے باعث اب تک 260 افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں، مرنے والوں میں 125 مرد، 56 خواتین اور 76 بچے شامل ہیں۔